وفاقی وزیر احسن اقبال نے وزیراعظم نواز شریف کی سربراہی میں مسلم لیگ (ن) کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان پاکستان کے نوجوانوں کے مستقبل سے کھیل رہے ہیں، ان کے نجانے کتنےتھرڈ امپائر ہیں،لیکن ہمارا تھرڈ امپائر صرف عوام ہیں، انہیں ڈر ہے کہ اگر مسلم لیگ (ن) 2018 تک کامیاب ہو گئی تو انہیں 2013 سے زیادہ عبرتناک شکست ہو گی۔ ہم ملک میں شفافیت پر یقین رکھتے ہیں انتقامی کاروائیوں پر یقین نہیں رکھتے۔
مسلم لیگ (ن) کے منعقدہ اعلیٰ سطی اجلاس میں این اے 122 اور این اے 154 میں انتخابی دھاندلی سے متعلق امور پر بھی خصوصی گفتگو کی گئی۔
اجلاس میں الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کے بجائے دونوں حلقوں پر دوبارہ ضمنی انتخابات میں بھر پور حصہ لینے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں سعد رفیق اور سردار ایاز صادق کو انتخابی میدان میں جانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات پرویزرشید نے کہا کہ تحریک انصاف فرار کا راستہ اختیار نہیں کرسکتی ، حیلے بہانے کوئی قبول نہیں کرے گا ،آپ کسی بھی حلقے میں ن لیگ سے کوئی انتخاب نہیں جیت سکتے،جب بھی ڈبے کھلتے ہیں تو شیر ہی نکلتا ہے، آپ نے تو آمریتوں سے تحفے میں نشستیں حاصل کی ہیں ، انتخابات سے بھاگتے ہیں، آپ عوام کا سامنا نہیں کرسکتے ، صرف سازش کرسکتے ہیں، انارکی پھیلا سکتے ہیں،ضرب عضـب میں دست و بازو بننے کے بجائے آپ نے دھرنا سیاست شروع کردی،عمران خان اور جہانگیر ترین کو انتخابات سے بھاگنے نہیں دیں گے۔