اتوار : 31 دسمبر 2017 ، سال کے آخری دن دنیا میں کیا ہوتا رہا

[pullquote]سن 2017 میں 81 رپورٹرز ہلاک ہوئے[/pullquote]
انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس کی سالانہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آج ختم ہونے والے سال کے دوران کُل 81 صحافی اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے ہلاک ہوئے۔ اس رپورٹ میں واضح کیا گیا کہ ان صحافیوں میں سے کئی نشانہ بنا کر ہلاک کیے گئے جب کہ چند ایک بم پھٹنے سے بھی اپنی جان گنوا بیٹھے۔ صحافیوں کی تنظیم سالانہ بنیاد پر دنیا بھر میں ہلاک ہونے والے جرنلسٹس کے حوالے سے ’کِل رپورٹ‘ کے نام سے ایک دستاویز جاری کرتی ہے۔ اس سالانہ رپورٹ کے مطابق مختلف پرتشدد واقعات میں زخمی ہونے والے صحافیوں کی تعداد 250 سے زائد ہے۔

[pullquote]مشرقی افغانستان میں خود کش حملہ، ایک درجن سے زائد ہلاک[/pullquote]
افغان صوبے ننگر ہار میں ایک جنازے پر کیے گئے خوکش حملے میں کم از کم پندرہ افراد مارے گئے ہیں۔ خودکش حملہ مشرقی افغان صوبے کے ضلع بہسُود میں کیا گیا۔ اس حملے میں دیگر چودہ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ افغان ضلع ہَسکہ مِینا کے انتظامی افسر کے جنازے کے لیے جمع افراد میں شریک ہو کر حملہ آور نے اپنی بارودی جیکٹ کو اڑایا۔ سکیورٹی حلقوں کا خیال ہے کہ یہ حملہ اسلامک اسٹیٹ یا طالبان میں سے کسی گروہ نے کیا ہے تاہم ابھی تک کسی عسکریت پسند گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

[pullquote]بھارت کے زیر کنٹرول کشمیر میں باغیوں کا حملہ، چار فوجی ہلاک[/pullquote]
بھارت کے زیرانتظام کشمیر میں حکام کے مطابق نیم فوجی دستوں کے ایک کیمپ پر باغیوں نے حملہ کیا ہے۔ اس حملے میں چار بھارتی فوجی اور تین حملہ آور مارے گئے ہیں۔ بھارت کے نیم فوجی دستوں کا کیمپ لیتھ پورا گاؤں کے قریب قائم کیا گیا ہے۔ لیتھ پورا کے فوجی کیمپ پر حملہ کرنے والے باغی فوجی وردیوں میں ملبوس تھے۔ انہوں نے کیمپ میں داخل ہو کر بےدریغ فائرنگ کرنے کے علاوہ ہینڈ گرینیڈز بھی پھینکے۔ اس حملے کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے پیراملٹری فوج کے ترجمان راجیش یادیو نے اپنے اہلکاروں کے مارے جانے کی تصدیق کی ہے۔

[pullquote]میڈرڈ حکومت 21 دسمبر کے انتخابی نتائج کو تسلیم کرے، پوج ڈیمونٹ[/pullquote]
ہسپانوی علاقے کاتالونیا کے سابق صدر کارلیس پوج ڈیمونٹ نے کہا ہے کہ اسپین کے وزیر اعظم ماریانو راخوئے اکیس دسمبر کے نتائج کو تسلیم کرتے ہوئے جائز حکومت کے ساتھ مذاکراتی عمل شروع کریں۔ پوج ڈیمونٹ کی جائز حکومت سے مراد اُن کی حکومت ہے، جسے وزیراعظم نے سابقہ اسمبلی تحلیل کرتے ہوئے ختم کر دیا تھا۔ راخوئے نے کاتالونیا کی نئی اسمبلی کا اجلاس سترہ جنوری کو طلب کرنے کا عندیہ دے رکھا ہے۔ پوج ڈیمونٹ کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے جا چکے ہیں اور وہ ایک اور یورپی ملک بیلجیم میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔

[pullquote]محصور زدہ مشرقی غوطہ پر حملے میں 29 شامی شہری ہلاک[/pullquote]
شام کے حالات پر نگاہ رکھنے والے مبصر گروپ سیرین آبزرویٹری برائے انسانی حقوق نے بتایا ہے کہ دارالحکومت دمشق کے نواحی علاقے مشرقی غوطہ پر گزشتہ دو ایام کے دوران کیے جانے والے حکومتی فوج کے حملوں میں کم از کم 29 افراد مارے گئے ہیں۔ ان میں نو بچے بھی شامل ہیں۔ مشرقی غوطہ کے ایک علاقے ہارستا میں کیے گئے شامی جنگی طیاروں کے فضائی حملے میں اٹھارہ افراد کی موت ہوئی ہے۔ اس محصور زدہ علاقے میں سے ایک ڈیل کے تحت دو روز قبل صرف انتیس شدید زخمیوں کو علاج کے لیے باہر لایا گیا تھا۔ مشرقی غوطہ کا شامی فوج نے سن 2013 سے محاصرہ کر رکھا ہے۔

[pullquote]مغربی ایران میں دو مظاہرین ہلاک[/pullquote]
ایران کی نیم سرکاری نیوز ایجنسی مہر کے مطابق مغربی ایران میں شبینہ مظاہرے میں دو افراد مارے گئے ہیں۔ ان مظاہرین کی ہلاکت ایرانی صوبے لُرستان کے شہر دورُود میں ہوئی۔ صوبائی گورنر کے سکیورٹی مشیر حبیب اللہ خجستہ پور کا کہنا ہے کہ یہ افراد ایک غیرقانونی اجتماع میں شریک تھے۔ ایرانی حکومت کا کہنا ہے کہ ان افراد کی ہلاکت پولیس کی گولیوں سے نہیں بلکہ غیرملکی ایجنٹوں کی گولیوں سے ہوئی ہے۔ سکیورٹی مشیر نے مظاہرین کی ہلاکت کے بارے ميں مزيد کوئی تفصیل فراہم نہیں کی۔ ایرانی شہر مشہد سے جمعرات اٹھائیس دسمبر سے مہنگائی کے خلاف اور معاشی مشکلات کے تناظر میں شروع ہونے والا مظاہروں کا سلسلہ کئی اور شہروں تک پھیل چکا ہے۔ ہفتہ تیس دسمبر کو ایرانی حکومت کی حمایت میں دارالحکومت تہران میں ایک ریلی بھی نکالی گئی تھی۔

[pullquote]کینیا میں حادثہ، 36 افراد ہلاک[/pullquote]
افریقی ملک کینیا میں ہونے والے ایک حادثے میں کم از کم 36 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ وسطی کینیا میں یہ حادثہ ایک ٹرک اور بس کے درمیان ہوا۔ پولیس کے مطابق تیز رفتار بس سامنے سے آتے ہوئے ٹرک سے اتنی شدت کے ساتھ ٹکرائی کہ اُس کی باڈی پوری طرح تباہ ہو کر رہ گئی۔ پولیس کے مطابق چند زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے اور اس باعث ہلاکتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ حادثہ کینیا کے علاقے رِفٹ ویلی کے ایک قصبے کے قریب اتوار کو علی الصبح ہوا۔ مقامی پولیس کے مطابق نعشیں بس کے تباہ شدہ ڈھانچے کو کاٹ کر نکالی گئیں۔ حادثے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

[pullquote]شمالی کوریائی جوہری پروگرام کو روکنا ضروری ہے، گابریل[/pullquote]
جرمنی کے وزیر خارجہ زیگمار گابریل کا کہنا ہے کہ اگر عالمی برادری شمالی کوریائی جوہری پروگرام کو روکنے میں ناکام رہتی ہے تو یہ ایک خطرناک صورت حال کا پیش خیمہ ہو سکتی ہے۔ گابریل نے جرمنی کے فنکے میڈیا گروپ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شمالی کوریا کے جوہری ہتھیار کے حصول کی کوششوں کو عالمی برادری صرف دیکھتی رہتی ہے تو یہ ایک انتہائی خطرناک بات ہو گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس صورتحال کا عسکری حل بھی نہیں اور اگر ایسا ہوتا ہے تو ناقابل بیان انسانی جانیں ضائع ہوں گی۔ گابریل کے مطابق امریکا، روس اور چین کو جوہری عدم پھیلاؤ کے لیے بھرپور عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔

[pullquote]جنوبی کوریا نے پاناما کا تیل ٹینکر روک لیا[/pullquote]
جنوبی کوریائی حکام نے پاناما کے ایک تیل ٹینکر کو مزید سفر کرنے سے روک دیا ہے۔ اس پر شبہ کیا گیا ہے کہ یہ غیرقانونی طور پر شمالی کوریا کو تیل فراہم کرنے کی کوشش میں تھا۔ اس تیل ٹینکر کو جنوبی کوریا کی ایک جنوبی بندرگاہ پر اب لنگر انداز کر دیا گیا ہے۔ سیئول حکام نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ پاناما کے تیل بردار ٹینکر نے دو ہفتے قبل شمالی کوریائی ٹینکر کو تیل منتقل کیا تھا۔ حکام نے تیل ٹینکر کے عملے سے پوچھ گچھ شروع کر رکھی ہے۔ دو روز قبل جنوبی کوریائی حکام نے ہانگ کانگ کے ایک تیل ٹینکر کو بھی شمالی کوریا کے ٹینکر پر خام تیل منتقل کرنے کے شبے میں روکا تھا۔

[pullquote]جرمنی جرم کرنے والے نابالغ مہاجرین کو ملک بدر کرے، ایف ڈی پی[/pullquote]
جرمنی کی لبرل سیاسی جماعت فری ڈیموکریٹک پارٹی کے لیڈر کرسٹیان لِنڈنر نے حکومت سے کہا ہے کہ وہ ایسے نابالغ مہاجرین کو ڈی پورٹ کرے جو جرائم میں ملوث ہیں۔ لِنڈنر کا یہ بیان ایک پندرہ سالہ جرمن لڑکی کو چاقو سے قتل کیے جانے کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔ اس لڑکی کو ایک پندرہ برس کے افغان ٹین ایجر نے چاقو سے زخمی کیا، جو سن 2016 میں جرمنی میں داخل ہوا تھا۔ لِنڈنر نے یہ بھی کہا کہ ایسے تنہا مہاجرت کرنے والے نابالغ تارکین وطن کو ملک بدر کرنا چاہیے جو تعلیمی اور تربیتی پروگرام کے خلاف مزاحمت کرتے ہیں۔

[pullquote]چین نے ہاتھی دانت کی مصنوعات پر پابندی عائد کر دی[/pullquote]
چینی حکومت نے ہاتھی دانت سے بنائی گئی مصنوعات کی تجارت پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ اس پابندی کے تحت چین کے اندر بھی کسی اسٹال یا دکان پر ایسی مصنوعات کی فروخت کو ممنوع قرار دے دیا گیا ہے۔ پابندی کا یہ اعلان چینی وزارت جنگلات کی جانب سے کیا گیا ہے۔ چینی نیوز ایجنسی شنہوا کے مطابق چینی حکومت پہلے ہی ہاتھی دانت سے تیار کی گئی اشیا کی خرید و فروخت اور بيرون ممالک ترسیل پر جزوی پابندی عائد کیے ہوئے تھی۔ نیوز ایجنسی نے یہ بھی بتایا کہ اس پابندی کے نتيجے ميں چین بھر میں 67 فیکٹریوں کو بند کردیا گیا ہے۔

بشکریہ ڈی ڈبلیو

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے