ہفتہ : 13 جنوری 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ایران نے حوثی باغیوں کو مسلح کر کے عالمی پابندیوں کی خلاف وزری کی، اقوام متحدہ[/pullquote]

اقوام متحدہ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ یمن کے حوثی باغیوں کو ہر طرح کے ہتھیاروں کی فراہمی پر عائد بین الاقوامی پابندی کے برخلاف ایران نے حوثیوں کو ہتھیار فراہم کیے۔ ماہرین کے مطابق ایران نے بلاواسطہ یا بالواسطہ طور پر حوثی باغیوں کو اسلحہ فراہم کر کے عالمی پابندیوں کی خلاف ورزی کی ہے۔ جمعے کے روز ایسوسی ایٹڈ پریس نے اقوام متحدہ کی اس رپورٹ کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس میں یمن کی تباہ حال صورت حال کی عکاسی کی گئی ہے، جب کہ یمنی تنازعے کے تمام فریقوں کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بھی تفصیلی تذکرہ کیا گیا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق تین سالہ خانہ جنگی کے بعد یمن مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے۔

[pullquote]شمالی اور جنوبی کوریا کے درمیان ثقافتی طائفے پر بات چیت[/pullquote]

سیول حکومت کے مطابق پیونگ یانگ حکومت اگلے ہفتے جنوبی کوریا کے ساتھ سرمائی اولمپکس میں اپنے ثقافتی طائفے کی شرکت کے موضوع پر بات چیت کرنا چاہتی ہے۔ جنوبی کوریا کی وزارت برائے اتحاد کا کہنا ہے کہ اگلے ماہ ہونے والے سرمائی اولمپکس میں شمالی کوریا اپنا ایک ثقافتی طائفہ بھیجنے کا منصوبہ رکھتا ہے۔ اس سے قبل شمالی کوریا نے تصدیق کی تھی کہ وہ جنوبی کوریا میں ہونے والے سرمائی اولمپکس میں شرکت کے لیے اپنی ٹیم بھیجے گا۔ سیول حکومت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اپنے ایتھلیٹوں کی شرکت کو حتمی شکل دینے سے قبل پیونگ یانگ حکومت چاہتی ہے کہ وہ جنوبی کوریا کے ساتھ لاجسٹکس پر بات کرے اور اپنے ثقافتی طائفے کی شمولیت کا معاملہ حل کرے۔

[pullquote]افریقن نیشنل کانگرنس پر اعتماد بحال کریں گے، سیرل رامافوسا[/pullquote]

جنوبی افریقہ کی حکمران جماعت افریقین نیشنل کانگریس (ANC) کے نئے صدر سیرل رامافوسا نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ان کی جماعت اپنا عوامی اعتماد بحال کرے گی۔ اس جماعت سے تعلق رکھنے والے جنوبی افریقی صدر جیکب زوما کئی طرح کے اسکینڈلز میں گھرے ہوئے ہیں اور اسی تناظر میں اس جماعت کی عوامی مقبولیت ماضی کے مقابلے میں کہیں کم ہوئی ہے۔ اے این سی کے نئے سربراہ سیرل رامافوسا نے اپنی جماعت کی ایک سو چھٹے یوم تاسیس کے حوالے سے منعقدہ ایک ریلی سے خطاب میں کہا کہ اس جماعت میں موجود دراڑوں اور کمزوریوں کے خاتمے کا وقت آ چکا ہے۔

[pullquote]افغانستان: جرمن سفارت خانہ کنٹینر میں کھول دیا جائے گا[/pullquote]

جرمن حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ رواں برس موسم گرما میں افغانستان کے لیے جرمن سفارت خانہ کابل میں کنٹینرز میں کھول دیا جائے گا۔ ایمبیسی کھولنے کی رپورٹ معتبر جرمن جریدے ڈیئر اشپیگل نے شائع کی ہے۔ میگزین کی رپورٹ کے مطابق نئے جرمن سفارت خانے کی عمارت تعمیر کرنے کے لیے کم از کم چار برس کا عرصہ درکار ہے اور اس باعث کنٹینرز میں سفارتی سرگرمیاں شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ آج کل افغان دارالحکومت میں متعین جرمن سفیر والٹر ہاسمان امریکی سفارت خانے میں دفتری سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ جرمن وزارت خارجہ نے ڈیئر اشپیگل کی رپورٹ پر کوئی تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔

[pullquote]مذاکرات کا جھانسہ دے کر افغان طالبان کی فائرنگ، ایک ہلاک[/pullquote]

افغان طالبان نے امریکی اور افغان اہلکاروں پر مشتمل ایک ٹیم کو مذاکرات کرنے کی دعوت دے کر بلایا اور پھر اُن پر فائرنگ کر دی۔ اس میٹنگ میں حکومت کی حمایتی افغان ملیشیا کا سربراہ بھی مارا گیا۔ مذاکراتی ٹیم میں شامل ایک امریکی اور اُس کا مترجم زخمی بتائے گئے ہیں۔ مشرقی افغان صوبے ننگرہار کی محمدی وادی میں مذاکراتی ٹیم پر کی گئی اس فائرنگ کی ذمہ داری طالبان نے قبول کرنے کا اعلان کیا ہے۔ امریکی نیوی کے کیپٹن ٹام گریس بیک نے بتایا ہے کہ مذاکراتی ٹیم پر فائرنگ کے بعد کی جانے والی فضائی کارروائی میں دس مزاحمت کاروں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔

[pullquote]جوہری ڈیل میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی، ایران[/pullquote]

ایران کا کہنا ہے کہ سن 2015ء میں عالمی طاقتوں کے ساتھ طے پانے والے جوہری معاہدے میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا تھا کہ اگر یورپی اتحادی ممالک نے اس معاہدے میں پائے جانے والے ’بھیانک سقم‘ ختم نہ کیے، تو امریکا اس ڈیل سے نکل جائے گا۔ ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے اِرنا پر وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران اس ڈیل میں کسی بھی طرح کی کوئی تبدیلی قبول نہیں کرے گا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس ڈیل میں طے کردہ وعدوں سے زیادہ ایرانی حکومت کوئی اضافی اقدامات نہیں کرے گی۔

[pullquote]اماراتی جنگی طیارے نے قطری فضائی حدود کی خلاف ورزی کی ہے، قطر[/pullquote]

خلیجی ریاست قطر کی حکومت نے الزام عائد کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے ایک جنگی طیارے نے اُس کی ملکی فضائی حدود کی دوسری مرتبہ خلاف ورزی کی ہے۔ قطر نے اس خلاف ورزی پر اقوام متحدہ کو شکایتی مراسلہ روانہ کیا ہے۔ قطر کے مطابق فضائی حدود کی خلاف ورزی تین جنوری کو کی گئی تھی۔ اس خلاف ورزی کی تمام متعلقہ تفصیلات کا جائزہ لینے کے بعد اقوام متحدہ کو مطلع کیا گیا ہے۔ اس سے قبل گزشتہ برس اکیس دسمبر کو بھی متحدہ عرب امارات کے جنگی طیارے کی خلاف ورزی کی اطلاع عالمی ادارے کو دی گئی تھی۔

[pullquote]مغربی بھارتی ساحل پر کشتی کی غرقابی، اسکول کی دو طالبات ہلاک[/pullquote]

بھارتی حکام کے مطابق مغربی ساحلی علاقے میں ایک کشتی کے غرق ہونے کے حادثے میں اسکول کی دو طالبات ڈوب گئی ہیں۔ کم از کم چھ کے لاپتہ ہونے کا بتایا گیا ہے۔ ڈوبنے والی کشتی پر چالیس نوجوان طلبہ سوار تھے۔ یہ کشتی بھارتی ریاست مہاراشٹر کے ساحلی شہر امبید نگر کے ڈاہانُو علاقے کی حدود میں حادثے کا شکار ہوئی۔ اس کشتی پر مقامی اسکول کے بچے پکنک منانے کے لیے سوار تھے۔ کشتی پر سوار طلبہ و طالبات کی عمریں چودہ سے سترہ برس کے درمیان بتائی گئی ہیں۔ ریسکیو ٹیم نے دونوں ڈوبنے والے بچیوں کی نعشیں تلاش کر لی ہیں۔

[pullquote]بھارتی ہیلی کاپٹر لاپتا[/pullquote]

بھارتی آئل کمپنی پوّن ہنس کا ایک ہیلی کاپٹر لاپتا ہو گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس ہیلی کاپٹر پر دو پائلٹ اور آئل کمپنی کے پانچ اہلکار سوار تھے۔ ممبئی سے اڑنے والے اس ہیلی کاپٹر کو بحیرہء عرب میں تلاش کیا جا رہا ہے۔ بھارتی بحریہ کے ایک ترجمان نے بتایا ہے کہ اس ہیلی کاپٹر کی تلاش کے لیے ایک طیارے اور متعدد بحری جہازوں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق ہیلی کاپٹر کا اپنی پرواز سے کچھ ہی دیر بعد کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔

[pullquote]غریب خاندانوں کی مالی امداد بڑھائی جائے گی، تیونسی حکومت[/pullquote]

شمالی افریقی مسلمان ملک تیونس کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ غریب خاندانوں کی مالی امداد میں اضافہ کیا جائے گا۔ اس حوالے سے حکومتی ذرائع نے مالی امداد کی تفصیل بیان نہیں کی ہے۔ تیونس میں گزشتہ پیر سے شروع ہونے والے مظاہروں کے بعد حکومت نے امداد میں اضافے کا عندیہ دیا ہے۔ دوسری جانب تیونس کی اپوزیشن اور سماجی کارکنان نے کل اتوار چودہ جنوری کو ملک گیر سطح پر ہڑتال کرنے کا اپیل جاری کی ہے۔ چودہ جنوری تیونس میں سابق ڈکٹیٹر زین العابدین بن علی کے زوال کی ساتویں برسی ہے۔ احتجاجی مظاہروں کا تازہ سلسلہ تیونسی حکومت کے نئے سالانہ بجٹ میں ٹیکس کی شرح میں اضافے پر شروع ہوا ہے۔

[pullquote]فلسطینی مچھیرے کو مصری فوج نے گولی مار کر ہلاک کر دیا[/pullquote]

غزہ پٹی سے تعلق رکھنے والے ایک مچھیرے کو مصری فوج نے گولی مار کر ہلاک کر دیا ہے۔ فلسطینی حکام نے اس ہلاکت کی تصدیق کی ہے، تاہم فی الحال یہ معلوم نہیں کہ یہ واقعہ کن حالات میں پیش آیا۔ بتایا گیا ہے کہ 33 سالہ عبداللہ زایدان نامی مچھیرے کا تعلق شامی مہاجر بستی سے تھا اور اسے مصری فورسز نے بحری سرحد کے قریب گولی مار کر ہلاک کیا۔ بتایا گیا ہے کہ اس مچھیرے کو سینے میں گولی لگی اور زخمی حالت میں ہسپتال پہنچایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔

[pullquote]چیک جمہوریہ کے صدارتی الیکشن: موجودہ روس نواز صدر کو سبقت حاصل[/pullquote]

چیک جمہوریہ میں ہونے والے صدارتی الیکشن کے ابتدائی نتائج کے مطابق روس نواز موجودہ صدر میلو زیمان کو برتری حاصل ہے۔ اُن کے قریب ترین حریف ژیری ڈراہوس ہیں۔ زیمن کو اکتالیس فیصد سے زائد ووٹ ملے ہیں جب کہ ژیری ڈراہوس کو پچیس فیصد سے زائد ووٹ حاصل ہوئے ہیں۔ زیمین برتری کے باوجود مطلوبہ ووٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں، اس باعث انہیں دوسرے مرحلے کی ووٹنگ کا سامنا ہو گا۔ دوسرے مرحلے کے لیے صدارتی الیکشن چھبیس اور ستائیس جنوری کو ہوں گے۔

[pullquote]ہیمبرگ حملے کا محرک مذہبی تھا، فلسطینی مہاجر کا اعتراف جرم[/pullquote]

جرمنی میں ایک فلسطینی شخص نے چاقو سے حملہ کر کے ایک جرمن شہری کو ہلاک اور چھ کو زخمی کرنے کے جرائم کا اعتراف کر لیا ہے۔ اس حملے نے جرمنی میں مذہبی شدت پسندانہ دہشت گردی بڑھنے کے خدشات میں اضافہ کیا۔ چھبیس سالہ فلسطینی مہاجر احمد الحا نے یہ حملے گزشتہ برس جرمنی کے شہر ہیمبرگ میں کیے تھے۔ ملزم کے وکیل کرسٹوف برکارڈ نے ایک ہائی سکیورٹی عدالت میں جج صاحبان کو بتایا کہ الحا نے اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ان سنگین جرائم کی ذمہ داری قبول کرتا ہے۔

[pullquote]پوپ فرانسِس کے دورے سے قبل چلی میں تین گرجا گھروں پر حملے[/pullquote]
چلی کے حکام کے مطابق پوپ فرانسِس کے دورے سے قبل ملک میں تین گرجاگھروں پر فائر بم پھینکے گئے۔ بتایا گیا ہےکہ دارالحکومت سین تیاگو میں گزشتہ شب ان چرچوں پر اسپرے کے ذریعے ’نامناسب جملے‘ بھی تحریر کیے گئے۔ پورپ فرانسِس پیر کے روز چلی پہنچ رہے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان پیٹرول بموں کی زد میں آ کر ایک چرچ کا دروازہ جل کر خاکستر ہو گیا۔ ان واقعات کے تناظر میں فی الحال کوئی شخص گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔

[pullquote]ہلاک کیے گئے دس روہنگیا جنگجو نہیں تھے، روہنگیا گروپ[/pullquote]

ایک روہنگیا عسکری گروہ نے میانمار حکومت کے ان دعووں کو رد کر دیا ہے، جن میں کہا گیا تھا کہ سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں ہلاک کیے گئے دس روہنگیا باشندے جنگجو تھے۔ میانمار کی فوج کی جانب سے چند روز قبل اعتراف کیا گیا تھا کہ گزشتہ برس دو ستمبر کو سکیورٹی فورسز نے زیرحراست دس روہنگیا باشندوں کو ہلاک کر دیا تھا۔ اراکان روہنگیا سیلویشن آرمی نامی عسکری تنظیم کے مطابق ہلاک کیے گئے روہنگیا باشندے نہتے اور عام شہری تھی۔ ان افراد کی ایک اجتماعی قبر چند روز قبل منظرعام پر آئی تھی، تاہم میانمار کی فوج کا کہنا تھا کہ ہلاک کیے گئے یہ افراد ’بنگالی دہشت گرد‘ تھے۔

[pullquote]مسلم شدت پسندوں کے پروپیگنڈا کے انسداد کی کوششوں میں فیس بک بھی شامل[/pullquote]

فیس بک نے رواں ہفتے یورپیئن پولیس ایجنیسیوں کے درمیان ہونے والی اس بات چیت میں حصہ لیا، جس میں انٹرنیٹ پر جہادیوں اور شدت پسندوں کی جانب سے پروپیگنڈا کی روک تھام پر بات چیت ہوئی۔ فیس بک کا ایک نمائندہ وفد ڈچ شہر دی ہیگ میں ہونے والی اس بات چیت میں شامل ہوا۔ بتایا گیا ہے کہ انسٹاگرام کا ایک وفد بھی اس بات چیت کا حصہ بنا ہے۔ یورپی پولیس ایجنسیاں گزشتہ دو برسوں سے فیس بک کے ساتھ مل کے آن لائن شدت پسندانہ مواد کے انسداد کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ اس بات چیت میں ایسے مواد کو فوری طور پر انٹرنیٹ سے ہٹانے کے لیے عملی اقدامات پر توجہ مرکوز کی گئی۔

[pullquote]شام میں روسی فضائی اڈے پر حملہ کرنے والے گروپ کا خاتمہ کر دیا گیا، ماسکو[/pullquote]

ماسکو حکومت کا کہنا ہے کہ شام میں ایک روسی فضائی اڈے پر حملے کرنے والے عسکری گروہ کا خاتمہ کر دیا گیا ہے۔ روسی وزارت دفاع کے مطابق اس گروہ سے وابستہ عسکریت پسندوں کو ڈرون کی مدد سے تلاش کیا گیا اور بھاری توپ خانے سے اس وقت نشانہ بنایا گیا، جو وہ ایک منی بس میں سوار ہو رہے تھے۔ روسی بیان میں کہا گیا ہے کہ ادلب صوبے میں عسکریت پسندوں کی ایک تنصیب کو تباہ کر دیا گیا۔ واضح رہے کہ حمیمیم کے عسکری فوجی اڈے پر عسکریت پسندوں کے ایک حملے میں دو روسی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔ اسی علاقے میں باغیوں نے روسی فورسز پر ڈرون حملہ بھی کیا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے