کراچی کے علاقے بہادرآباد میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اے ٹی ایم فراڈ کے شبہے میں ایک اور چینی شہری کو گرفتار کرلیا جبکہ ملزم کے 3 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ایسٹ سمیع اللہ سومرو کے مطابق صبح سویرے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ایک کال موصول ہوئی تھی، جس میں ٹیپو سلطان روڈ کےقریب شبیر آباد کے علاقے میں سمٹ بینک اور مسلم کمرشل بینک کے اے ٹی ایم میں اسکیمنگ کرنے والے ایک چینی باشندے کے بارے میں آگاہ کیا گیا تھا۔
اس کال کے موصول ہونے پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چینی شہری شو ژو پنگ کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضے سے ساڑھے 6 لاکھ روپے، چینی کرنسی، اے ٹی ایم اسکیمنگ ڈیوائسز، آئی ڈی کارڈ، پاسپورٹ اور موبائل فون برآمد کرلیے، تاہم ملزم کے تین ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے کا عمل جاری ہے تاکہ اس معاملے کی مزید تحقیقات کی جاسکیں۔
واضح رہے کہ 10 جنوری کو کراچی کے علاقے صدر میں زینب مارکیٹ کے قریب اے ٹی ایم اسکیمنگ کے ذریعے صارفین کی تفصیلات بینک سے چوری کرنے والے دو چینی باشندوں کو حراست میں لیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ ملک میں اے ٹی ایم اسکیمنگ فراڈ کی خبریں اس وقت منظر عام پر آئی تھیں جب حبیب بینک نے اپنے 559 صارفین سے ایک کروڑ سے زائد رقم چوری ہونے کی تصدیق کی تھی۔
بینک کی جانب سے کہا گیا تھا کہ انڈونیشیا، چین اور دیگر ممالک کو کی گئی ٹرانزیکشن پکڑی گئی تھیں۔
ایف آئی اے نے اپنی سفارشات میں کہا تھا کہ بینک اے ٹی ایم کے لیے پرانی ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہیں اور اے ٹی ایم بوتھ میں دہائیوں پرانے طرز کا سیکیورٹی نظام قائم ہیں جو اس طرح کے گینگ کے لیے آسان ہدف بن جاتے ہیں۔