اتوار 18 جنوری 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ایرانی ہوائی جہاز تباہ، چھياسٹھ افراد ہلاک[/pullquote]

ايران ميں ايک مسافر طيارہ گرنے کے نتيجے ميں چھياسٹھ افراد ہلاک ہو گئے۔ سپريم ليڈر آيت اللہ خامنہ ای اور صدر حسن روحانی نے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کيا ہے۔ صدر روحانی کے مطابق انہوں نے واقعے کی تفتيش اور مستقبل ميں ايسے حادثات سے بچنے کے ليے اقدامات کے احکامات جاری کر ديے ہيں۔ ایرانی مسافر بردار طیارہ ملک کے وسطی حصے میں گر کر تباہ ہوا۔ آسمان ایئر لائن کے اس طیارے پر چھیاسٹھ افراد سوار تھے۔ پرواز تہران سے یاسوج جا رہی تھی۔

[pullquote]حوثی ملیشیا کو ایرانی میزائل کی ترسیل، سکیورٹی کونسل مذمت کرے، مغربی اقوام[/pullquote]

امریکا، برطانیہ اور فرانس نے سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یمن کے حوثی ملیشیا کو ایران کی جانب سے بیلسٹک میزائل کی فراہمی کی مذمت کرے۔ اس سلسلے میں ان ممالک نے ایک مسودہٴ قرارداد مرتب کیا ہے اور یہ اگلے دنوں میں سکیورٹی کونسل میں جمع کرائی جائے گی۔ امکان ہے کہ اقوام متحدہ کی جانب سے یمن پر عائد پابندیوں میں مزید ایک سال کی توسیع کے موقع پر سلامتی کونسل کے اراکین اس قرارداد کے مطالبے پر بھی غور کریں گے۔ نیوز ایجنسی روئٹرز کے مطابق مسودہٴ قرارداد برطانیہ نے تیار کیا ہے جبکہ اسے امریکا اور فرانس کی تائید حاصل ہے۔

[pullquote]میکسیکو کے صدارتی الیکشن، امیدواروں کا اعلان آج ہو گا[/pullquote]

جنوبی امریکی ملک میکسیکو میں اگلے صدارتی انتخابات رواں برس یکم جولائی کو ہوں گے۔ ان انتخابات کے لیے امیدواروں کا باقاعدہ اعلان آج کیا جا رہا ہے۔ رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق بائیں بازو کی سیاسی جماعت مورینا پارٹی کو سبقت حاصل ہے۔ دوسری جانب دائیں بازو کی قدامت پسند سیاسی جماعتوں کا اتحاد اڑتیس سالہ ریکارڈو انایا کو اپنا امیدوار بنائے گا۔ حکمران ریوولیوشنری پارٹی موجودہ وزیر خزانہ انتونیو میڈے کو امیدوار نامزد کرنا چاہتی ہے۔ بائیں بازو کی سیاسی جماعت مورینا پارٹی میکسیکو سٹی کے میئر اندرس مانویل لوپیز اوبراڈور کو اپنا صدارتی امیدوار بنانے کا فیصلہ کر چکی ہے۔

[pullquote]اسرائیل کے غزہ پٹی پر حملے، دو فلسطینی ہلاک[/pullquote]

اسرائیلی فوج نے اتوار کی صبح فلسطینی علاقے غزہ پٹی میں انتہا پسند تنظیم حماس کے اٹھارہ مختلف ٹھکانوں پر بمباری کی ہے۔ کم از کم دو فلسطینیوں کی ہلاکت اسرائیلی ٹینکوں کی گولہ باری کے دوران ہوئی۔ اسرائیلی فوج کے مطابق ان حملوں میں ہتھیار سازی کی فیکٹریوں کے ساتھ ساتھ عسکری تربیت کے مراکز کو خاص طور پر نشانہ بنایا گیا۔ ان حملوں میں چار فلسطینیوں کے زخمی ہونے کا بتایا گیا۔ یہ اسرائیلی کارروائی غزہ پٹی کی سرحد پر ہونے والے اُس بم دھماکے کے جواب میں تھی، جس میں چار اسرائیلی فوجی زخمی ہوئے اور اُن میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔

[pullquote]کینیڈا کے وزیراعظم بھارت کے دورے پر[/pullquote]

کینیڈین وزیراعظم جسٹِن ٹرُوڈو نے بھارت کا ایک ہفتے کا طویل دورہ شروع کر دیا ہے۔ نئی دہلی ذرائع کے مطابق بھارت اور کینیڈا کے وزرائے اعظموں کی ملاقاتوں میں سیاسی و اقتصادی روابط کو مزید مضبوط بنانے کو اہمیت حاصل رہے گی۔ اس دوران دونوں ممالک سرمایہ کاری، توانائی، دفاع اور سکیورٹی کے معاملات پر بھی توجہ مرکوز کریں گے۔ ٹروڈو اور اُن کے خاندان کے افراد نے اپنے دورے کی ابتداء آج اتوار کی صبح تاج محل کو دیکھنے سے کی۔ تاج محل کی یادگار نئی دہلی کے قریبی شہر آگرہ میں واقع ہے۔ ٹرُوڈو کل سترہ فروری کی شام بھارت پہنچے تھے۔

[pullquote]آسٹریلیا سے مہاجرین کا چھٹا گروپ امریکا کے لیے روانہ[/pullquote]

بحر الکاہل کی جزیرہ ریاست ناؤرُو سے پینتیس مہاجرین کا ایک اور دستہ امریکا میں آبادکاری کے لیے روانہ ہو گیا ہے۔ آج اتوار کو روانہ ہونے والے پانچویں گروپ میں افغانستان، پاکستان، میانمار اور بنگلہ دیش کے تارکین وطن کے علاوہ چار بچوں پر مشتمل ایک سری لنکن خاندان بھی شامل ہے۔ اس طرح آسٹریلیا سے امریکا میں آباد کیے جانے والے مہاجرین کی تعداد 187 ہو گئی ہے۔ آسٹریلیا میں پناہ کی خواہش رکھنے والے ان تارکین وطن کو کھلے سمندر میں پکڑ کر ناؤرُو اور پاپوا نیوگنی کے جزائر میں قائم امیگریشن مرکز میں مقید کر دیا جاتا تھا۔

[pullquote]تبتی ٹیمپل میں آتشزدگی[/pullquote]

تبتی بدھ مت کے انتہائی مقدس خیال کیے جانے والے جوکھانگ ٹیمپل میں کل ہفتے کی شام میں آگ لگ گئی۔ حکام کے مطابق اس آگ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے اور آگ پر جلد ہی قابو پا لیا گیا تھا۔ مقامی انتظامیہ نے آتشزدگی کی وجہ سے ٹیمپل کو پہنچنے والے نقصان کی تفصیلات بھی ابھی تک عام نہیں کی ہیں۔ یہ ٹیمپل لہاسا شہر کے وسط میں واقع ہے۔ مقامی اخبار تبت ڈیلی کے مطابق آگ پر جلد قابو پانے سے شہر میں افراتفری نہیں پھیلی۔ جوکھانگ ٹیمپل تیرہ سو سالہ قدیم ہے اور یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے میں بھی شامل ہے۔

[pullquote]سیاسی پناہ کا مشترکہ یورپی نظام ضروری ہے، میرکل[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے یورپی یونین کے رکن ممالک سے بلاک میں سیاسی پناہ کے مشترکہ ضوابط بنانے کے حوالے سے پیش رفت کا مطالبہ کیا ہے۔ اپنے ہفتہ وار ویڈیو پیغام میں میرکل نے یونین کے ارکان کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ یونین کی ایسی رکن ریاستوں کو، جو بلاک سے مالی تعاون کی امید رکھتی ہیں، مہاجرین اور تارکین وطن کے معاملے پر بھی یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ پناہ کے مشترکہ یورپی قوانین رواں برس جون تک تیار کر لیے جائیں گے۔

[pullquote]سرمائی اولمپکس: جرمنی کی میڈلز ٹیبل پر پہلی پوزیشن ختم[/pullquote]

جنوبی کوریائی شہر پیونگ چنگ میں 23 ویں سرمائی اولمپکس میں ناروے نے نو طلائی اور نو ہی چاندی کے تمغے جیت کر میڈلز ٹیبل پر پہلی پوزيشن حاصل کر لی ہے۔ جرمنی نے بھی نو طلائی تمغے جیتے ہیں لیکن اُس کے سلور میڈلز کی تعداد چار ہے اور اس باعث وہ دوسرے مقام پر ہے۔ پیونگ چانگ اولمپک گیمز کا آغاز نو فروری کو ہوا تھا۔

[pullquote]يمن: القاعدہ کے خلاف کارروائی ميں واضح پيش رفت[/pullquote]

يمن ميں سرکاری افواج کے ترجمان ہاشم الجبری نے بتايا ہے کہ ملک کے جنوب مشرقی صوبہ حضر موت کی ايک وادی ­ ميں القاعدہ کے خلاف گزشتہ روز شروع کيے جانے والے فوجی آپريشن ميں پيش رفت ہوئی ہے۔ اپنے بيان ميں انہوں نے کہا کہ وادی کے ستر فيصد حصے سے دہشت گردوں کا صفايا کر ديا گيا ہے۔ ترجمان کے مطابق اس دوران متعدد دہشت گردوں کو ہلاک بھی کر ديا گيا جبکہ سڑک کنارے نصب ايک بم پھٹنے سے دو فوجی ہلاک ہوئے۔ يمن ميں سرکاری فوج اور حوثی باغيوں کے درميان جاری جنگ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے القاعدہ کے جنگجو وہاں کافی سرگرم رہے ہيں۔

[pullquote]اسرائيلی وزير اعظم پر کرپشن کے تازہ الزامات[/pullquote]

اسرائيلی پوليس نے ايک کميونيکيشن کمپنی سے منسلک متعدد افراد کو حراست ميں لے ليا ہے۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق بد عنوانی کے اس نئے کيس کا تعلق بھی امکاناً وزير اعظم بينجمن نيتن ياہو سے ہے۔ ميڈيا پر نشر کردہ رپورٹوں کے مطابق پوليس کو شبہ ہے کہ ’بيزک‘ نامی اس گروپ کو رعائتيں دی گئی تھيں اور اس کے بدلے ميں کمپنی سے منسلک خبروں کے ادارے پر نيتن ياہو کے بارے ميں مثبت خبريں چلائی گئيں۔ اسرائيلی وزير اعظم کے خلاف کرپشن کے مختلف کيسز کی تحقيقات جاری ہيں جبکہ وہ تمام الزامات کو مسترد کرتے ہيں۔

[pullquote]انصاف کے شعبے ميں بہتری کی گنجائش ہے، آيت اللہ خامنہ ای[/pullquote]

ايران کے سپريم ليڈر آيت اللہ علی خامنہ ای نے پچھلے چند ہفتوں سے جاری تنقيد کے سلسلے کو تسليم کرتے ہوئے کہا ہے کہ انصاف کے شعبے ميں بہتری کی گنجائش ہے۔ ان کا بيان ان کی ويب سائٹ پر جاری کيا گيا۔ ان کے بقول ملک نے کئی شعبوں ميں ترقی کی ہے تاہم انصاف کی فراہمی کے معاملے ميں ان کا ملک پيچھے رہ گيا۔ خامنہ ای کے مطابق اس ناکامی کے ليے خدا اور ايرانی عوام سے معافی مانگی جانی چاہيے۔ ايرانی رہنما نے يہ بيان ايرانی انقلاب کے حوالے سے تبريز ميں رونما ہونے والے ايک اہم واقعے کے چاليس برس مکمل ہونے کے موقع پر ديا۔

[pullquote]ميونخ سکيورٹی کانفرنس اختتام پذير[/pullquote]

جرمن شہر ميونخ ميں جاری تين روزہ عالمی سکيورٹی کانفرنس آج بروز اتوار ختم ہو گئی ہے۔ کانفرنس کے چيئرمين جرمن سفارت کار وولف گانگ ايشنگر نے اس موقع پر کہا کہ وہ کانفرنس ميں ہونے والی پيش رفت سے زيادہ مطمئن نہيں۔ ان کے بقول گرچہ چند اچھی تجاويز بھی زير بحث آئيں، تاہم عالمی سطح پر امن کے قيام کے ليے حکومتيں کون سے عملی اقدامات اٹھائيں گی، اس بارے ميں زيادہ بات چيت نہيں ہوئی۔ اس کانفرنس ميں پاکستان کی نمائندگی آرمی چيف جنرل قمر جاويد باجوہ نے کی۔ ميونخ سکيورٹی کانفرنس ميں دنيا بھر کے پانچ سو سے زائد سياستدانوں اور تجزيہ کاروں نے شرکت کی۔ آخری روز قريب دو ہزار افراد نے عالمی سطح پر جاری مسلح تنازعات کے خلاف احتجاج بھی کيا۔

[pullquote]ایران کے خلاف اسرائیل قدم اٹھا سکتا ہے، نیتن یاہو[/pullquote]

اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے میونخ سکیورٹی کانفرنس میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ ضرورت پڑنے پر اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف يکطرفہ کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔ اپنے بيان ميں اسرائیلی وزیراعظم نے ایران کو دنیا کا سب سے بڑا خطرہ بھی قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل یہ قطعاً برداشت نہیں کرے گا کہ ایرانی حکومت کی دہشت گردانہ کارروائیوں کا اثر اسرائیل پر بھی مرتب ہو۔ کانفرنس میں تقریر کے دوران نیتن یاہو نے اُس ایرانی ڈرون کا ٹکڑا بھی دکھايا، جسے اُن کے بقول اُن کی فوج کے ایک ہیلی کاپٹر نے چند روز قبل مار گرایا تھا۔ ايرانی وزير خارجہ نے بعد ازاں اپنے رد عمل ميں نيتن ياہو کے اس عمل کو مضحکہ خير قرار ديا۔

[pullquote]سنکیانگ میں غربت ختم کرنے کا چینی منصوبہ[/pullquote]

چین کی حکومت نے شمال مغربی شورش زدہ صوبے سنکیانگ میں پائی جانے والی غربت میں کمی لانے کے ليے ایک جامع پلان کا اعلان کیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت صوبے کے بائیس اضلاع کی معاشی حالت کو بہتر بنایا جائے گا۔ اس منصوبے کی تکمیل تین برس میں ہو گی۔ بیجنگ حکومت کے مطابق معاشی اصلاحات سے کم از کم چار لاکھ افراد کے حالات تبدیل ہو جائیں گے۔ اس دوران ایک لاکھ افراد کو روزگار بھی مہیا کیا جائے گا۔ جن اضلاع کے معاشی حالات کو بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ان میں مسلم اکثریت والا تاریخی شہر کاشغر بھی شامل ہے۔ چینی صوبہ سنکیانگ کی سرحدیں وسطی ایشیا کے ساتھ جڑی ہوئی ہیں۔

[pullquote]پولینڈ کی حکومت نے ہولوکاسٹ پر وزیراعظم کے بیان کو درست قرار دے دیا[/pullquote]

پولش حکومت نے میونخ سکیورٹی کانفرنس میں شرکت کے دوران ہولوکاسٹ پر وزیراعظم ماتوئیش موراویئسکی کے بيان کا دفاع کیا ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا ہے کہ پولینڈ حکومت کی جانب سے ہولوکاسٹ سے متعلق دستوری ترمیم، اس سے انکار کے مساوی ہے۔ نیتن یاہو نے موراویئسکی کے بیان کو جارحانہ بھی قرار دیا۔ وارسا حکومت کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کا بیان ہولوکاسٹ سے انکار نہیں بلکہ اِس کی ذمہ داری کے تعین سے جڑا ہے۔ ایک نئے قانون کے تحت پولینڈ یا پولستانی عوام کو نازی اذیتی مراکز کا ذمہ دار ٹھہرانا فوجداری جرم قرار دے دیا گیا ہے۔

[pullquote]کرپشن الزامات، لٹویا کے مرکزی بینک کے سربراہ سے تفتیش[/pullquote]

لٹویا کی انسداد کرپشن کے قومی ادارے نے ملکی سینٹرل بینک کے سربراہ المارس ریمسیوکس (Ilmars Rimsevics) کو پوچھ گچھ کے لیے ہفتہ سترہ فروری کو طلب کیا۔ ریمسیوکس کو تفتیشی ادارے نے اپنے دفتر میں طلب کر کے خاصی دیر تک پوچھ گچھ کا سلسلہ جاری رکھا۔ لٹویا کے اعلیٰ بینکار سے انکوائری کے معاملے پر بینک آف لٹویا، یورپی مرکزی بینک اور اینٹی کرپشن ایجنسی کی جانب سے کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا گیا۔ اس پوچھ گچھ کے حوالے سے لٹوین وزیراعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ ملک کے مالی نظام کو کسی قسم کا خطرہ لاحق نہیں ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے