عاطف اسلم نے بھارتی گانے کی تشہیر کرنے سے انکار کردیا

متعدد بولی وڈ فلموں میں اپنی آواز کا جادو جگانے والی پاکستان کے معروف گلوکار عاطف اسلم نے بھارتی فلم میں شامل اپنے گانے کی تشہیر کرنے سے انکار کردیا۔

عاطف اسلم نے آنے والی بولی وڈ فلم ’داس دیو‘ کے پروڈیوسر سنجیو کمار کی جانب سے بار بار درخواستیں کیے جانے کے باوجود فلم کے گانے ’سہمی ہے دھڑکن تو کیا ہوا‘ کی تشہیر کرنے سے انکار کیا۔

واضح رہے کہ ’سہمی ہے دھڑکن تو کیا ہوا‘ گانا گزشتہ ماہ 21 فروری کو ریلیز کیا گیا تھا، جسے اب تک 17 لاکھ 90 ہزار سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔

عاطف اسلم کی آواز میں یہ گانا ’داس دیو‘ فلم کا حصہ ہے، اور مبینہ طور پر پاکستانی گلوکار نے بھارتی فلم کی ٹیم سے اس گانے کی تشہیر کرنے کا وعدہ بھی کیا تھا، تاہم اب انہوں نے ایسا کرنے سے انکار کردیا۔

عاطف اسلم کی جانب سے اپنی ہی گانے کی تشہیر نہ کرنے کی ایک وجہ حال ہی میں بھارت کے مرکزی وزیر اور سابق گلوکار بابل سپریو کی جانب سے پاکستانی فنکاروں پر پابندی عائد کیے جانے کے مطالبے کو سمجھا جا رہا ہے۔

تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ عاطف اسلم نے اپنی ہی گانے کی تشہیر سے کیوں انکار کیا۔

ممبئی مرر کے مطابق ’داس دیو‘ کے پروڈیوسر سنجیو کمار نے دعویٰ کیا کہ بار بار درخواستیں کرنے کے باوجود عاطف اسلم نے ان کی فلم کے گانے کی تشہیر نہیں کی۔

فلم پروڈیوسر کے مطابق انہیں سمجھ نہیں آ رہا کہ عاطف اسلم نے ایسا کیوں کیا۔

سنجیو کمار نے تسلیم کیا کہ عاطف اسلم کے سوشل میڈیا پر 2 کروڑ فالوؤرز ہیں اور ان کی جانب سے ’سہمی ہے دھڑکن‘ کی تشہیر سے فلم کی ٹیم کو فائدہ پہنچتا، تاہم گلوکار نے ایسا کرنے سے انکار کردیا۔

دوسری جانب انڈین ایکسپریس نے اسی خبر کے حوالے سے بتایا کہ سنجیو کمار نے حال ہی میں بھارت کے وزیر بابل سپریو کی بیان بازی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایسے بیانات عام لوگوں پر اثر انداز ہوتے ہیں۔

فلم پروڈیوسر کے مطابق بابل سپریو کی جانب سے پاکستانی فنکاروں پر بھارت میں پابندی عائد کیے جانے کے مطالبے سے انہیں نقصان ہوا اور عاطف اسلم نے گانے کی تشہیر کرنے سے انکار کردیا۔

واضح رہے کہ ’داس دیو‘ فلم کی ہدایات سدھیر مشرا نے دی ہیں، جب کہ اس میں ادیتیہ راؤ حیدری، ریچا چڈا، راہول بھٹ اور سورب شکلا سمیت دیگر اداکاروں نے جوہر دکھائے ہیں۔

فلم کی کہانی اسی نام سے لکھے گئے ہندی ناول سے لی گئی ہے، فلم کو رواں ماہ 23 مارچ کو ریلیز کیا جائے گا۔

عاطف اسلم نے اسی فلم میں شامل اپنے گانے کی تشہیر کرنے سے انکار ایک ایسے وقت میں کیا جب 2 ہفتے قبل ہی بھارتی وزیر بابل سپریو نے یہ مطالبہ کیا تھا کہ بھارت میں پاکستانی گلوکاروں و اداکاروں پر پابندی عائد کی جائے۔

بابل سپریو نے یہ مطالبہ اس وقت کیا تھا، جب یہ خبر سامنے آئی تھی کہ سلمان خان نے بولی وڈ کامیڈی فلم ’ویلکم ٹو نیو یارک‘ سے بھارتی گلوکار ایریجیت سنگھ کا گانا نکلوا کر اس میں پاکستانی گلوکار راحت فتح علی کی آواز میں گانا شامل کروایا۔

اگرچہ بعد ازاں ’ویلکم ٹو نیو یارک‘ سے بھارتی گلوکار کی آواز میں شامل گانے کو نکالنے والی بھارتی میڈیا کی خبر کو جھوٹا قرار دیا، تاہم بابل سپریو نے بار بار پاکستانی گلوکاروں و فنکاروں پر پابندی کے مطالبات کیے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے