اسلام آباد: 11 سالہ بچی کا ریپ کے بعد قتل، ملزمان گرفتار

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے پوش علاقے سیکٹر ایف الیون سے ملحقہ کچی آبادی میں دو افراد نے گیارہ سالہ بچی کو جنسی تشدد کا نشانہ بنا کر اسے قتل کردیا۔

پولیس کے مطابق مقتولہ لڑکی کے والد محمد عابد جو محنت مزدوری کرتے ہیں اور انھوں نے مقامی پولیس کو اطلاع دی کہ اس کی 11 سالہ بیٹی ثمرین گذشہ دس گھنٹوں سے لاپتہ ہے۔

پولیس نے اس لڑکی کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرنے کے بعد جب اس کی تلاش شروع کی تو لڑکی کی لاش ایک جھونپٹری سے ملی جسے گلا دبا کر قتل کردیا گیا تھا۔

نامہ نگار کے مطابق تھانہ گولڑہ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب 11 سالہ ثمرین اپنے گھر کے باہر کھیل رہی تھی کہ ملزمان جن میں عثمان اور حیدر شامل ہیں، نے اس کمسن بچی کو بھلا پھسلا کر اپنے ساتھ ایک کچے مکان میں لے گئے۔

تھانہ گولڑہ پولیس کے مطابق ملزمان نے پہلے اس لڑکی کو نشہ آور چیز کھلائی اور اس کے بعد اسے جنسی تشدد کا نشانہ بنایا۔

سب ڈویژنل پولیس افسر صدر سرکل غلام باقر نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد کے مطابق ملزمان نے مذکورہ لڑکی کو جنسی تشدد کا نشانہ بنایا اور جب اسے ہوش آیا تو اس نے شور مچایا جس پر ملزمان نے اس کا گلہ دبا کر اسے قتل کردیا۔

پولیس افسر کے مطابق ملزمان کی گرفتاری اہل محلہ کے بیانات اور جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد کی روشنی میں ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان جائے حادثہ سے فرار ہوگئے تھے تاہم ملزمان کے زیر استعمال موبائل فون کی لوکیشن سے ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

ڈی ایس پی کا کہنا تھا کہ گرفتار ہونے والے ملزمان بھی روزانہ کی اجرت پر کام کرتے ہیں اور وہ بھی اسی علاقے میں رہائش پذیر ہیں جہاں پر مقتولہ اور اس کے گھر والے رہتے ہیں۔

اُنھوں نے کہا کہ ابتدائی طبی رپورٹ کے مقتولہ لڑکی کے ساتھ جنسی تشدد ہوا ہے تاہم حتمی رپورٹ کا انتظار ہے۔

پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرکے تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔

مقامی پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف صرف قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ملزمان کو جمعے کے روز متعلقہ عدالت میں پیش کرکے جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کی استدعا کی جائے گی۔

دوسری طرف اس واقعہ کے خلاف علاقے کے مکینوں نے شدید احتجاج کیا ہے اور اُنھوں نے متعدد شاہراہوں کو بھی بلاک کر دیا۔

اس صورت حال میں اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کے افسران نے مظاہرین کے ساتھ مذاکرات کیے ہیں لیکن اطلاعات کے مطابق ابھی تک یہ مذاکرات کامیاب نہیں ہوئے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے