جمعہ : 09 مارچ 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]پاپوا نیو گِنی میں زلزلے کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 100 سے تجاوز کر گئی[/pullquote]

پاپوا نیو گِنی میں گزشتہ ماہ آنے والے طاقتور زلزلے کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 100 سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ ہزاروں دیگر افراد زخمی ہیں۔ اس ملک کے وزیر اعظم پیٹر او نِیل کے مطابق خطے کو اس تباہ کُن زلزلے کے اثرات سے نکلنے میں برسوں لگ سکتے ہیں۔ بحرالکاہل میں واقع اس چھوٹی سی جزیزہ ریاست میں 26 فروری کو 7.5 کی شدت سے آنے والے زلزلے سے بڑے پیمانے پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جبکہ بجلی اور سڑکوں کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا تھا۔

[pullquote]ٹرمپ اور کِم کی متوقع ملاقات ’امید کی کرن ہے‘، میرکل[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے شمالی کوریائی رہنما کِم جونگ اُن اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ممکنہ ملاقات کو ’امید کی ایک کرن‘ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پیش رفت سے معلوم ہوتا ہے کہ پیونگ یانگ پر عالمی پابندیاں اور متفقہ موقف کارگر ثابت ہوا ہے۔ میرکل کے بقول جزیرہ نما کوریا میں تناؤ میں کمی زبردست ہے۔ شمالی کوریا کے اتحادی ملک چین نے بھی اس نئی صورت حال پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ کِم جونگ اُن سے ملاقات کے لیے تیار ہیں۔

[pullquote]کابل میں حملہ، نو افراد ہلاک[/pullquote]

افغان دارالحکومت کابل کے ایک شیعہ اکثریتی علاقے میں ہوئے ایک خود کش حملے کے نتیجے میں نو افراد مارے گئے ہیں۔ پولیس نے بتایا ہے کہ اس کارروائی کی ذمہ داری ‘اسلامک اسٹیٹ‘ نے قبول کر لی ہے۔ گزشتہ پندرہ دنوں کے دوران کابل میں ہونے والا یہ تیسرا خونریز حملہ تھا۔ ادھر افغان صوبے تخار میں جمعے کے دن ہی طالبان کی ایک حملے کے نتیجے میں سترہ سکیورٹی اہلکار مارے گئے۔ سن 2014 میں نیٹو فوجی مشن کے خاتمے کے بعد سے طالبان اور دیگر انتہا پسندی گروہ اپنے حملوں میں تیزی لے آئیں ہیں۔

[pullquote]فلپائن میں ڈاکے کی کوشش، چار افراد مارے گئے[/pullquote]

فلپائن میں ایک پولیس مقابلے کے نتیجے میں چار افراد مارے گئے ہیں۔ حکام نے بتایا ہے کہ یہ کارروائی اس وقت ہوئی، جب مبینہ طور پر پانچ ڈاکو صوبہ زامبالیس میں قرضہ فراہم کرنے والی ایک کپمنی کو لوٹنے کی کوشش میں تھے۔ پولیس نے بتایا ہے کہ ایک مشتبہ ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب بھی ہو گیا۔ بتایا گیا ہے کہ مفرور کی تلاش جاری ہے۔

[pullquote]شامی فورسز کی مشرقی غوطہ میں کارروائیاں جاری، امدادی سامان کی ترسیل میں مشکلات[/pullquote]

شامی حکومتی فورسز کی طرف سے محاصرے میں آئے ہوئے شامی علاقے مشرقی غوطہ میں فضائی اور زمینی کارروائیاں جاری ہیں۔ اطلاعات کے مطابق شامی فورسز باغیوں کے زیر قبضہ اس علاقے کے بڑے حصے کا کنٹرول حاصل کر چکی ہیں۔ تاہم اس جنگی آپریشن کے سبب وہاں محصور عام شہریوں تک امدادی اشیاء کی ترسیل میں مشکلات ہیں۔ شامی دارالحکومت دمشق کے قریب واقع باغیوں کے اس آخری گڑھ میں گزشتہ تین ہفتوں سے جاری شامی فورسز کے حملوں کے سبب اب تک 930 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

[pullquote]عفرین کے مرکز تک کسی بھی وقت پہنچ سکتے ہیں، ترک صدر[/pullquote]

ترکی کے صدر رجب طیب ایردوآن نے کہا ہے کہ شمالی شام کے شہر عفرین کے وسطی علاقے تک اُن کی فوج کسی بھی وقت پہنچ سکتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ عفرین کے بعد مَنبِج کی باری ہے اور دریائے فرات کے مشرقی حصے کو دہشت گردوں سے صاف کر دیں گے۔ ایردوآن کا یہ بیان ترک فوج کی پیش قدمی کے تناظر میں ہے۔ ترک فوج نے ابھی ایک روز قبل عفرین کی جانب بڑھتے ہوئے ایک اور قصبے جِندائریس پر بھی قبضہ کر لیا ہے۔ جِندائریس کو اسٹریٹیجک نوعیت کا مقام تصور کیا جاتا ہے۔ عفرین کے عسکری آپریشن کے دوران اب تک بیالیس ترک فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔

[pullquote]ماریشس کی خاتون صدر مالی اسکینڈل کی زد میں[/pullquote]

بحرہند کی جزیرہ ریاست ماریشس کے وزیراعظم پراوِند جگ ناتھ نے کہا ہے کہ ملک کی خاتون صدر امینہ غُریب بارہ مارچ کے یوم آزادی کی تقریبات مکمل ہونے کے بعد مستعفی ہو جائیں گی۔ اُن کے منصب کو خیرباد کہنے کی حتمی تاریخ کا تعین نہیں ہوا ہے۔ ماریشس کی خاتون صدر کو مبینہ مالی اسکینڈل کا سامنا ہے۔ اس اسکینڈل کے مطابق ایک غیر سرکاری تنظیم نے صدر امینہ کو ایک بینک کارڈ فراہم کیا تھا، جسے وہ استعمال کرتی رہی ہیں۔ ماریشس کی تاریخ کی پہلی خاتون صدر نے یہ منصب سن 2015 میں سنبھالا تھا۔ براعظم افریقہ کے کسی بھی ملک میں امینہ غُریب واحد خاتون صدر ہیں۔

[pullquote]فلپائنی صدر کو ذہنی علاج کی ضرورت ہے، رعد الحسین[/pullquote]

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کمیشنر زید رعد الحیسن نے کہا ہے کہ فلپائنی صدر روڈریگو ڈوٹیرٹے کو ذہنی علاج کی ضرورت ہے۔ منشیات کے خلاف جنگ کے حوالے سے اقوام متحدہ کی بعض تنقیدی رپورٹوں پر صدر ڈوٹیرٹے نے کڑی تنقید کی ہے۔ منیلا حکومت کی جانب سے عالمی ادارے کے بعض اہلکاروں کے خلاف کیے جانے والے اقدامات کے تناظر میں زید رعد الحسین کا کہنا تھا کہ ایسی باتوں سے کوئی بھی یہ اندازہ لگا سکتا ہے کہ فلپائن کے صدر کو نفسیاتی علاج کی ضرورت ہے۔ خیال رہے کہ زید رعد الحسین اور اقوام متحدہ کے بعض دیگر اہلکاروں نے ڈوٹیرٹے کی منشیات کے خلاف متنازعہ جنگ پر گہری نگاہ رکھی ہوئی ہے۔

[pullquote]روہنگیا مسلمانوں پر مبینہ مظالم کی چھان بین بین الاقوامی فوجداری عدالت کرے، رعد الحسین[/pullquote]

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کمشنر زید رعد الحسین نے کہا ہے کہ میانمار کی فوج کی طرف سے روہنگیا مسلمانوں پر کیے جانے والے مبینہ مظالم کی چھان بین کے لیے بین الاقوامی فوجدری عدالت سے رجوع کرنا ضروری ہے۔ الحسین نے میانمار پر زور دیا ہے کہ وہ آزاد معائنہ کاروں کو راکھین ریاست میں تحقیقات کرنے کی اجازت دے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے شکوک ہیں کہ راکھین میں روہنگیا مسلمانوں کے خلاف کارروائی کے دوران ’نسل کشی‘ کے واقعات بھی رونما ہوئے۔ اسی تشدد کی وجہ سے چھ لاکھ سے زائد روہنگیا مہاجرین بنگلہ دیش فرار ہونے پر مجبور ہو چکے ہیں۔

[pullquote]افغانستان میں تازہ تشدد، سترہ سکیورٹی اہلکار ہلاک[/pullquote]

افغان صوبے تخار میں طالبان کی ایک حملے کے نتیجے میں سترہ سکیورٹی اہلکار مارے گئے ہیں۔ صوبائی حکام کے مطابق جنگجوؤں نے اس صوبے میں متعدد چیک پوائنٹس پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں سکیورٹی اہلکاروں اور طالبان کے مابین جھڑپیں بھی ہوئیں۔ اس دوران نو فوجی اور نو پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے۔ سن دو ہزار چودہ میں نیٹو فوجی مشن کے خاتمے کے بعد سے طالبان افغان سکیورٹی اہلکاروں پر اپنے حملوں میں تیزی لے آئیں ہیں۔

[pullquote]مشرقی غوطہ میں بمباری پھر شروع، امدادی کاموں میں خلل کا خدشہ[/pullquote]

شامی علاقے مشرقی غوطہ میں آج شروع ہونے والی تازہ بمباری کی وجہ سے امدادی کاموں میں خلل پڑنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ شامی فورسز اپنے اتحادی ملک روس کے تعاون سے گزشتہ تین ہفتوں سے باغیوں کے زیر قبضہ اس علاقے میں کارروائی کر رہی ہیں۔ تازہ اطلاعات کے مطابق اس کارروائی کے نتیجے میں 940 شہری ہلاک جبکہ چار لاکھ سے زائد پھنس کر رہ گئے ہیں۔ بین الاقوامی امدادی ادارے ریڈ کراس نے کہا ہے کہ لڑائی کا سلسلہ روکا جائے تاکہ محصورین کو مدد فراہم کی جا سکے۔

[pullquote]پاکستان میں دہشت گردی کرنے والوں کی اطلاع پر امریکی انعام[/pullquote]

امریکا نے تحریک طالبان پاکستان، جماعت الاحرار اور لشکر اسلامی کے رہنماؤں کی اطلاع دینے والوں کو لاکھوں ڈالر کے انعامات دینے کا اعلان کیا ہے۔ امریکی دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانی طالبان کے سربراہ مولوی فضل اللہ کی اطلاع دینے والے کو پانچ ملین ڈالر جبکہ طالبان کی حامی تنظیم ’جماعت الاحرار‘ کے سربراہ عبدل ولی اور لشکر اسلامی کے سربراہ منگل باغ کے بارے میں اطلاع دینے والے کو تین تین ملین ڈالر دیے جائیں گے۔ یہ بیان پاکستان کی سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کے دورہ واشنگٹن کے موقع پر سامنے آیا۔ امریکی دفتر خارجہ نے اس بیان میں یہ بھی کہا ہے کہ اس انعامی رقم کا اعلان اس لیے کیا جا رہا ہے کہ یہ تینوں دہشت گرد رہنما پاکستان کے ساتھ ساتھ امریکی سربراہی میں قائم اس اتحاد کے لیے بھی خطرہ ہیں، جو افغانستان میں تعینات ہے۔

[pullquote]بھارتی سپریم کورٹ نے سہل مرگی کی اجازت دے دی[/pullquote]

بھارتی کی سپریم کورٹ نے سہل مرگی کی اجازت دیتے ہوئے کہا ہے کہ انسانوں کو عظمت کے ساتھ مرنے کا حق حاصل ہونا چاہیے۔ غیر فعال سہل مرگی یا آسان موت سے متعلق اس عدالتی فیصلے کو تاریخی قرار دیا جا رہا ہے۔ اس فیصلے کے مطابق انسان وصیت کر سکتے ہیں کہ اگر وہ ایسے کومہ میں چلے جائیں، جس کا علاج ممکن نہیں تو انہیں مصنوعی طریقے سے زندہ رکھنے کی کوشش نہ کی جائے۔ تاہم آسان موت صرف ایسے شدید علیل افراد کے لیے ہو گی، جن کی صحت مندی کی امید ختم ہو چکی ہو۔

[pullquote]برطانیہ میں سابق روسی جاسوس اور ان کی بیٹی پر حملہ، اکیس افراد متاثر ہوئے[/pullquote]

برطانوی پولیس نے بتایا ہے کہ سابق روسی ڈبل ایجنٹ سیرگئی سکرپل اور ان کی بیٹی پر کیے گئے کیمکل حملے کے بعد تقریباﹰ اکیس افراد کو طبی مدد فراہم کی جا چکی ہے۔ لندن حکام اس کوشش میں ہیں کہ وہ گزشتہ ہفتے سلاسبری میں ہوئے اس حملے کے ذمہ داران کا پتا چلا سکیں۔ 66 سالہ روسی ڈبل ایجنٹ سیرگئی سکرِپل اور ان کی تینستیس سالہ بیٹی اس حملے کے بعد شدید بیمار ہیں، جن کا علاج کیا جا رہا ہے۔ برطانوی پولیس نے کہا ہے کہ سابق روسی جاسوس اور اس کی بیٹی کو اعصاب متاثر کرنے والے کیمیکل مواد سے نشانہ بنایا گیا۔

[pullquote]ٹرمپ اور کم کی متوقع ملاقات، چین کا اظہار اطمینان[/pullquote]

چین نے شمالی کوریا اور امریکا کی طرف سے تناؤ کے خاتمے کے لیے مثبت ردعمل پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اور کم جونگ کی ملاقات ایک انتہائی مثبت قدم ہو گا۔ قبل ازیں امریکی صدر نے کہا تھا کہ وہ شمالی کوریائی رہنما کِم جونگ اُن سے ملاقات کے لیے تیار ہیں۔ یہ پیشرفت ایک ایسے موقع پر ہوئی ہے، جب پیونگ یانگ نے اپنے میزائل اور جوہری پروگرام کو ترک کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔پیر کے روز ہی جنوبی کوریا کا ایک وفد پیونگ یانگ میں کم جونگ اُن سے ملا تھا، جس دوران دونوں کوریائی ریاستوں کے مابین تعلقات کی بہتری کے لیے گفتگو کی گئی تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے