اتوار : 11 مارچ 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]شی جن پنگ تاحیات صدر بن گئے[/pullquote]

چین کی پارلیمان نے صدارت کی مدت کو ختم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ آج بروز اتوار چین کی نیشنل پیپلز کانگریس کے قريب تین ہزار ارکان نے دور صدارت کی مدت ختم کرنے سے متعلق ایک آئينی ترمیم کے حق میں ووٹ دیا۔ اس پیش رفت سے صدر شی جن پنگ تاحیات صدر منتخب کر لیے جائیں گے۔ اگر یہ آئینی ترمیم نہ کی جاتی تو چونسٹھ سالہ شی نے 2023 میں صدر کے عہدے سے سبکدوش ہو جانا تھا۔ سن انیس سو نوے سے چین میں صدر زيادہ سے زيادہ دو مدتوں کے لیے عہدے پر فائز رہ سکتا تھا۔ شی جن پنگ نے اقتدار سنبھالتے ہی اپنی طاقت میں اضافے کی خاطر اقدامات شروع کر دیے تھے۔

[pullquote]سولر انرجی کے لیے فرانس کی اضافی مالی امداد[/pullquote]

فرانسیسی صدر امانوئل ماکروں نے کہا ہے ان کا ملک بین الاقوامی ترقیاتی ایجنسی سولر انرجی کے لیے اضافی سات سو ملین ڈالر فراہم کرے گی۔ یوں اس منصوبے کے تحت سن 2022 تک فرانس کی طرف سے فراہم کردہ مالی امداد ایک بلین ڈالر تک پہنچ جائے گی۔ ماکروں نے نئی دہلی میں اتوار کے دن کہا کہ ماحولیاتی تحفظ کے لیے متبادل توانائی کے استعمال میں اضافہ کرنا ہو گا۔ ماکروں نے آج نئی دہلی میں بھارت اور فرانس کے مشترکہ تعاون سے منعقد ہونے والی اولین ’نیشنل سولر الائینس‘ سمٹ میں شرکت بھی کی۔

[pullquote]مشرقی غوطہ، شامی فوج کی کامیاب پیش قدمی جاری[/pullquote]

شامی فورسز مشرقی غوطہ میں باغیوں کے خلاف پیش قدمی کا سلسلہ کامیابی سے جاری رکھی ہوئی ہیں۔ گزشتہ روز ہی شامی فوج نے باغیوں کے زیر قبضہ اس علاقے کے بڑے شہر دوما کے ایک حصے پر کنٹرول حاصل کر لیا تھا۔ اس کارروائی میں حکومتی فورسز کو مقامی ملیشیا گروہوں اور روسی افواج کا تعاون بھی حاصل ہے۔ اٹھارہ فروری سے شروع ہونے والی اس عسکری کارروائی کے نتیجے میں ایک ہزار کے قریب شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔ اس لڑائی کی وجہ سے دمشق کے اس نواحی علاقے میں امدادی سامان کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا ہے۔

[pullquote]ژاں مارین لے پن پارٹی کے اعزازی صدر کے عہدے سے بھی فارغ[/pullquote]

فرانس کی انتہائی دائیں بازو کی سیاسی جماعت نیشنل فرنٹ نے بانی رہنما ژاں مارین لے پن کو اعزازی صدر کے عہدے سے بھی فارغ کر دیا ہے۔ یوں لے پن کا اس پارٹی سے آخری باضباطہ رشتہ بھی ختم ہو گیا ہے۔ اپنے متنازعہ اور انتہا پسندانہ بیانات کی وجہ سے انہیں سن 2015 میں پارٹی سے برطرف کر دیا گیا تھا۔ ناقدین کے مطابق لے پن کی بیٹی مارین لے پن یوں اپنے والد سے سیاسی لاتعلقی ظاہر کرتے ہوئے پارٹی ساکھ کو بہتر بنانا چاہتی ہیں۔

[pullquote]شمالی کوریا وعدے وفا کرے گا، صدر ٹرمپ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ شمالی کوریا اپنا میزائل پروگرام ترک کر دے گا۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ یہ کمیونسٹ ملک اپنے وعدوں کو پورا کرے گا۔ انہوں نے کہا ہے کہ وہ مئی میں شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کے ساتھ ایک سمٹ میں شریک ہوں۔ شمالی کوریا کی جانب سے اپنا جوہری اور میزائل پروگرام منجمد کرنے کے عندیے کے بعد ٹرمپ نے چینی اور جاپانی رہنماؤں سے ٹیلی فون پر گفتگو بھی کی۔ اس پیش رفت کو جزیرہ نما کوریا پر تناؤ میں کمی کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

[pullquote]شمالی عراق میں ترک فضائیہ کی بمباری[/pullquote]

ترک فضائیہ نے شمالی عراق میں کرد باغیوں کے خلاف تازہ کارروائی کی ہے۔ حکام نے اتوار کے دن بتایا کہ ویک اینڈ پر کردستان ورکرز پارٹی کے اٹھارہ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ ترک فورسز ملکی سرحد سے متصل شمالی عراق میں ان باغیوں کے خلاف باقاعدگی سے کارروائی کرتی رہتی ہے۔ الزام عائد کیا جاتا ہے کہ اس ممنوعہ جماعت کے جنگجو ترکی میں دہشت گردانہ حملوں میں ملوث ہوتے ہیں۔

[pullquote]جرمنی کی ایک اور مسجد پر آتش گیر مادہ پھینکنے سے آگ لگ گئی[/pullquote]

جرمن دارالحکومت برلن کی ایک مسجد پر آتش گیر مادہ پھینکنے سے آگ لگ گئی۔ پولیس کے مطابق آگ لگنے سے مسجد کو شدید نقصان پہنچا ہے لیکن کوئی بھی شخص زخمی نہیں ہوا۔ یہ مسجد برلن کے رائنکن ڈورف علاقے میں واقع ہے۔ پولیس نے یہ نہیں بتایا کہ مسجد پر آتش گیر مادہ پھینکنے والوں کا تعلق کس گروپ سے ہے۔ اس مناسبت سے تحقیقی عمل شروع ہے اور ابتدائی اندازوں کے مطابق اس حملے کے پس پردہ سیاسی محرکات ہو سکتے ہیں۔ متاثرہ مسجد ترک حکومت کی ایک مذہبی تنظیم کے زیر انتظام ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ حالیہ دو ایام کے دوران دیگر دو مقامات پر واقع مساجد پر بھی آتشگیر مادے پھینکے جا چکے ہیں۔

[pullquote]مشرقی غوطہ: دوما کا گھیر لیا گیا ہے، شامی فوج[/pullquote]

شامی فوج نے مشرقی غوطہ کے سب سے بڑے قصبے دوما پر قبضہ مکمل کرنے کے لیے اُسے چاروں طرف سے اپنے گھیرے میں لے لیا ہے۔ لبنان کی شیعہ عسکری تنظیم حزب اللہ کے میڈیا یونٹ نے بھی اس کی تصدیق کی ہے۔ اس پیش قدمی کے بعد مشرقی غوطہ کے علاقے میں مزاحمت کرنے والے مسلح باغی دو حصوں میں تقسیم ہو کر رہ گئے ہیں۔ شامی فوج کو روسی عسکری تعاون بھی حاصل ہے۔ دوسری جانب روسی فوج نے مشرقی غوطہ سے باون شہریوں کو بحفاظت نکالنے کا بتایا ہے۔ ان میں چھبیس بچے بھی شامل ہیں۔ مشرقی غوطہ پر قبضے کے لیے شامی اور روسی افواج کی بمباری جاری ہے، جس میں اب تک تقریبا گیارہ سو شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔

[pullquote]تجارتی جنگ عالمی اقصادیات کے لیے تباہ کن ہو گی، چین[/pullquote]

چین نے خبردار کیا ہے کہ امریکا کی طرف سے شروع کردہ تجارتی جنگ سے عالمی اقتصادیات کو نقصان ہو گا۔ چینی کامرس منسٹر زونگ شان کے مطابق یہ جنگ کسی کے مفاد میں نہیں بلکہ یہ عالمی معیشت کے لیے تباہ کن ثابت ہو گی۔ ٹرمپ کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے امریکا اور چین میں تھارتی تعلقات میں کشیدگی پیدا ہوئی ہے۔ دوسری طرف یورپی یونین سمیت متعدد اتحادی ممالک نے بھی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے اسٹیل اور ایلومينیم کی درآمد پر اضافی ٹیکسوں پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

[pullquote]کولمبیا میں کانگریس کے چناؤ کے لیے انتخابات[/pullquote]

کولمبیا میں نئی کانگریس کے چناؤ کی خاطر آج انتخابات منعقد کیے جا رہے ہیں۔ فارک باغیوں کے ساتھ امن ڈیل کے نتیجے میں گزشتہ نصف صدی میں پہلی مرتبہ امید کی جا رہی ہے کہ اس انتخابی عمل کے دوران کوئی تشدد رونما نہیں ہو گا۔ نومبر سن دو ہزار سولہ میں فارک باغیوں اور صدر سانتوس کے مابین امن ڈیل کے تحت سابقہ باغیوں پر مبنی سیاسی پارٹی کو کانگریس میں نمائندگی مل سکتی ہے۔ اس لاطینی امریکی ملک میں صدارتی انتخابات کا انعقاد مئی میں ہو گا۔

[pullquote]طالبان کا حملہ، افغانستان میں اٹھارہ سکیورٹی اہلکار ہلاک[/pullquote]

افغان حکام نے اتوار کے دن بتایا ہے کہ طالبان کے ایک حملے کے نتیجے میں اٹھارہ سکیورٹی اہلکار مارے گئے ہیں۔ صوبہ فراہ میں جمعے کی رات طالبان باغیوں نے گھات لگا کر حملے کیے تھے، جس کے بعد جھڑپوں کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا۔ صوبائی حکام نے بتایا ہے کہ پانچ گھنٹے تک جاری رہنے والے اس مقابلے کے نتیجے میں تقریبا چالیس طالبان باغی بھی مارے گئے۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ اس دوران طالبان کو کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

[pullquote]اسٹیو بینن نے نیشنل فرنٹ کی حمایت کر دی[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سابق قریبی ساتھی اسٹیو بینن نے فرانس کی انتہائی دائیں بازو کی سیاسی پارٹی ’نیشنل فرنٹ‘ کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ گزشتہ روز لیل میں اس پارٹی کی ایک کانفرنس میں شرکت کرنے والے بینن نے کہا کہ لوگ اگر انہیں نسل پرست اور غیر ملکیوں سے خوفزدہ ہونے والے قرار دیتے ہیں تو اسے ’باعث عزت‘ سمجھا جانا چاہیے۔ امریکی سیاست میں بینن انتہائی کٹر نظریات کے حامل قرار دیے جاتے ہیں، جنہوں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ’امریکا پہلے‘ کی مہم میں اہم کردار کیا تھا۔

[pullquote]تیونس میں خواتین کا اپنے حقوق کے لیے احتجاجی مظاہرہ[/pullquote]

شمالی افریقی مسلمان ملک تیونس کے دارالحکومت میں خواتین نے مساوی حقوق کے حق میں ایک بڑا مظاہرہ کیا ہے۔ خواتین اپنے حقوق کے لیے نعرے لگاتے ہوئے ملکی پارلیمنٹ تک گئیں۔ تیونسی خواتین دستور میں ایسی ترمیم چاہتی ہیں، جن کے تحت جائیداد میں انہیں مساوی حصہ حاصل ہو۔ اس مظاہرے کا انتظام کرنے والی خواتین کا موقف ہے کہ تیونسی معاشرہ اتنی ترقی کر چکا ہے کہ خواتین مساوی حقوق کے ساتھ بھی مضبوط مسلمان رہ سکتی ہیں۔ اس موقع پر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات تھے اور پولیس کے اضافی دستے بھی تعینات کیے گئے تھے۔

[pullquote]کیوبا میں انتخابات[/pullquote]

کیوبا میں آج نئی اسمبلی کے انتخاب کے لیے رائے شماری ہوئی۔ اس الیکشن کے نتیجے میں قائم ہونے والی اسمبلی ایک نیا صدر منتخب کرے گی۔ ان انتخابات کو اس لیے بھی اہم قرار دیا گیا ہے کہ گزشتہ ساٹھ برسوں کے دوران کاسترو خاندان کیوبا پر حکمران ہے اور یہ پہلے عام انتخابات ہیں۔ نئی اسمبلی موجودہ چھیاسی سالہ صدر راؤل کاسترو کے جانشین کا بھی انتخاب کرے گی۔ کیوبا کی وزارت خارجہ نے الیکشن کے موقع پر کہا ہے کہ منصبِ صدارت پر کاسترو کی جگہ جو بھی آئے گا، وہ انقلاب کے عمل کو آگے بڑھائے گا۔ اس بیان میں بھی کہا گیا کہ نیا صدر کاسترو خاندان سے نہیں ہو گا لیکن انقلاب کا بیٹا ہو گا۔

[pullquote]جاپان میں سن 2011 کے زلزلے کی ساتویں برسی منائی گئی[/pullquote]

گیارہ مارچ سن 2011 کو شمال مشرقی جاپانی علاقوں کو انتہائی زوردار زلزلے نے ہلا کر رکھ دیا تھا۔ اس زلزلے اور پھر سونامی کی لپیٹ میں آ کر اٹھارہ ہزار انسان ہلاک ہوئے تھے۔ ان ہلاک شدگان کو یاد کرنے کے لیے جاپان میں اتوار کو خصوصی سائرن بجائے گئے اور لوگوں نے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی۔ جاپانی دارالحکومت ٹوکیو میں منعقد کی جانے والی خصوصی تقریب میں ملکی وزیراعظم شینزو آبے بھی شریک تھے۔ اس زلزلے کی وجہ سے جاپانی جوہری مرکز دائیچی کو بھی شدید نقصان پہنچا تھا۔ گیارہ مارچ کے زلزلے سے بے گھر ہونے والے ستر ہزار افراد ابھی بھی اپنی نئی آبادکاری کے منتظر ہیں۔

[pullquote]امن ڈیل کے بعد کولمبیا کے پہلے پارلیمانی الیکشن[/pullquote]

جنوبی امریکی ملک کولمبیا میں عوام نے نئی اسمبلی کے انتخاب کے لیے ووٹنگ میں حصہ لیا۔ اس الیکشن میں دائیں بازو کی جماعتیں بڑی شدت سے شریک ہیں کیونکہ وہ بائیں بازو کے فارک باغیوں کے ساتھ طے پانے والی امن ڈیل کی مخالف ہیں۔ اس الیکشن کو امن ڈیل کی عوامی منظوری کا ریفرنڈم بھی قرار دیا گیا ہے۔ کولمبیا کے نوبل انعام یافتہ صدر خوان مانویل سانتوس نے کہا ہے کہ یہ پہلے انتخابات ہیں جس میں عوام امن کی فضا میں ووٹ ڈال رہے ہیں۔ فارک باغیوں کی سیاسی جماعت بھی انتخابی عمل میں شریک ہے۔ رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق یہ 280 رکنی ایوان میں دس نشستیں حاصل کر سکتی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے