زرداری، عمران ایک سکے کے دورخ، دونوں بھائی بھائی ہیں، نوازشریف

سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان اور پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف زرداری کو ایک سکے کے دورخ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دونوں مل کر عوام کو دھوکا دے رہے ہیں۔

پنجاب کے علاقے سانگلہ ہل میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جلسے سے خطاب میں اپنے موقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ ووٹ کو عزت دینے کا مطلب اپنے آپ کو عزت دینا ہے۔

انھوں نے کہا کہ سانگلہ میں خواتین کے کالج بن رہے ہیں اور اب یہاں یونیورسٹیاں بھی بنیں گی جبکہ انتخابات کے بعد سانگلہ سے موٹروے گزرے گی اور سوئی گیس بھی پہنچا دی جائے گی۔

نواز شریف نے سیاسی مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ زرداری اور عمران ایک سکے کے دورخ ہیں اور دونوں بھائی بھائی ہیں، یہ عوام کو مل کر دھوکا دے رہے ہیں اور روایتی سیاست کرنے والے لوگ ہیں۔

انھوں نے پی ٹی آئی کے حوالے سے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں عمران خان کے لوگوں نے تیر کے نشان پر ووٹ دیے، نیا پاکستان بنانے والے تو پرانے پاکستان کی طرف جارہے ہیں، پی ٹی آئی کے اراکین نے لائن بنا کر پی پی پی کے سلیم مانڈوی والا کو ووٹ دیا۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے ملک کو وہ ترقی دی ہے جو نہ پی ٹی آئی دے سکتی اور نہ پی پی پی وہ ترقی دے سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سانگلہ ہل کے عوام کو سلام ہے کہ آپ نے نواز شریف کے بیانے کو تسلیم کیا اور یہ بتا کر حوصلہ دیا ہے کہ نواز شریف کو نکالنے کا جو فیصلہ آیا ہے اس کو سانگلہ ہل کے عوام نے قبول نہیں کیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ سانگلہ کے عوام نے بھی اپنا فیصلہ سنا دیا اور میرا بیانیہ قبول کیا جس پر ان کا شکر گزار ہوں جبکہ ایک مرتبہ پھر شعر کا سہارا لیتے ہوئے کہا کہ خونِ دل دے کے نکھاریں گے رُخِ برگِ گلاب۔۔ ہم نے گلشن کے تحفظ کی قسم کھائی ہے۔

سابق وزیراعظم نے ایک مرتبہ پھر عوام سے سپریم کورٹ کے فیصلے کے حوالے سے کہا کہ یہ کیس کک بیک، این ایل سی، رینٹل پاور، حج کرپشن یا کوئی 6 ارب کرپشن اسکینڈل کا کیس نہیں بلکہ نواز شریف نے بیٹے سے تنخواہ نہیں لی۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ احتساب صرف نوازشریف کا نہیں بلکہ سب کا ہونا چاہیے۔

[pullquote]ووٹ کے تقدس کا بیانیہ گھر گھر پہنچ گیا، مریم نواز[/pullquote]

نواز شریف کی صاحبزادی نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوازشریف کے ووٹ کے تقدس کا بیانیہ گھرگھرتک پہنچ گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو اس الزام پرنکالا گیا کہ جس کا درخواست گزار نے ذکر ہی نہیں کیا تھا۔

پی ٹی آئی اور پی پی پی پر تنقید کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ شیر کے خوف سے عمران خان اور زرداری ہاتھ ملانے پرمجبور ہوگئے ہیں، عمران خان اور آصف زرداری اندر سے ملے ہوئے ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان کا ووٹ زرداری اور زرداری کا ووٹ عمران خان کو جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ الیکشن سے پہلے جب مخالفین ووٹ مانگنے آئیں توعمران، زرداری بھائی، بھائی کانعرہ لگانا۔

ان کا کہنا تھا کہ مہروں اور کٹھ پتلیوں نے عوام کے لیے فیصلہ کرنا آسان بنا دیا ہے اس لیے نواز شریف ہارے نہیں بلکہ ان کی جیت ہوئی ہے۔

کسی کا نام لیے بغیر ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ کے الیکشن میں کروڑوں عوام کی توہین ہوئی ہے اور یہاں عوام کی توہین کا نہیں بلکہ شخصیات کی توہین کا نوٹس لیا جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ کے الیکشن میں لگنے والے تماشے کو سب نے دیکھا لیکن لوگوں کے جذبے کو سلام پیش کرتی ہوں۔

[pullquote]عمران خان سازشوں سے وزیراعظم نہیں بن سکتے، حمزہ[/pullquote]

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ عمران خان کبھی دھاندلی کے پیچھے تو کبھی کنٹینر کے پیچھے چھپتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان سازشوں سے وزیراعظم نہیں بن سکتے۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ نوازشریف نے کبھی اپنے کارکنان کا ساتھ نہیں چھوڑا اور کارکنان نے بھی ہمیشہ ساتھ دیا جس کے لیے سلام کرنے کا دل کرتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ سانگلہ ہل والوں کی محبت کا کوئی نعم البدل نہیں ان کی محبت کو ترازو میں نہیں تولا جاسکتا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے