اتوار : 25 مارچ 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]افغانستان میں شیعہ مسجد میں خودکش حملہ، ایک شخص ہلاک[/pullquote]

افغانستان کے مغربی صوبے ہرات میں اتوار کے روز شیعہ مسلمانوں کی ایک مسجد میں ہونے والے خودکش بم دھماکے میں ایک شخص ہلاک جب کہ سات دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔ ایک حکومتی اہلکار نے بتایا کہ دو خودکش بمباروں نے اس مسجد میں داخل ہونے کی کوشش کی، جن میں سے ایک کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا، جب کہ دوسرا مسجد میں داخل ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق ہلاکتوں میں اضافہ کے خدشہ ہے۔ فی الحال کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے، تاہم حالیہ کچھ عرصے میں شدت پسند تنظیم اسلامک اسٹیٹ سے وابستہ جنگجو اس طرز کے حملوں میں ملوث رہے ہیں۔

[pullquote]یمن میں دوبارہ ہیضہ پھیل جانے کا خطرہ ہے، یونیسیف[/pullquote]

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال یونیسیف نے خبردار کیا ہے کہ یمن میں ہیضہ پھر سے وبائی شکل اختیار کر سکتا ہے۔ یونیسیف کے مطابق امدادی اداروں کو یمن میں متاثرہ شہریوں تک رسائی دی جائے۔ یونیسیف کے ڈائریکٹر برائے مشرق وسطیٰ و شمالی افریقہ گیرٹ کاپلیائرے کہا کہ یمن کے تمام حصوں میں امدادی سرگرمیوں کی اجازت دی جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سوچنا بے وقوفی ہو گی کہ ہیضے کی وبا یمن میں دوبارہ نہیں لوٹ سکتی۔

[pullquote]جرمن پولیس نے کاتالونیا کے سابق صدر کو گرفتار کر لیا[/pullquote]

جرمن پولیس نے اتوار کے روز ملک کے شمالی حصے سے ہسپانوی علاقے کاتالونیا کے سابق صدر کارلیس پوج ڈیمونٹ کو حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس نے بتایا گیا ہے کہ پوج ڈیمونٹ جرمن ہائی وے اے سیون پر سفر کر رہے تھے، جب انہیں فلینزبرگ کے قریب گیارہ بج کر انیس منٹ پر حراست میں لیا گیا۔ پولیس کی جانب سے اس بابت مزید اطلاعات نہیں دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ ہسپانوی پولیس نے پوج ڈیمونٹ کی گرفتاری کے لیے یورپی وارنٹ نکال رکھے ہیں۔

[pullquote]شمالی کوریا سے مذاکرات آسان نہیں، باراک اوباما[/pullquote]

سابق امریکی صدر باراک اوباما نے کہا ہے کہ شمالی کوریا جس انداز کی عالمی تنہائی کا شکار ہے، اس صورت حال میں اس سے مذاکرات آسان نہیں ہوں گے۔ انہوں نے اتوار کو ٹوکیو میں ایک غیرسرکاری تنظیم کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب کے دوران اپنے خطاب میں کہا کہ شمالی کوریا کو اس وقت کوئی منفعت دینا ممکن نہیں اور ایسی صورت حال میں اس کے ساتھ مذاکرات میں کوئی بڑی پیش رفت مشکل ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا کا جوہری پروگرام روکنے کی کوششیں آسان نہیں، تاہم چین، جنوبی کوریا اور جاپان سمیت عالمی برادری دباؤ ڈالے تو بہتر نتائج نکل سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام اقوام کو انفرادی کوششوں کی بجائے اس سلسلے میں مشترکہ اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔

[pullquote]حماس کے ٹھکانوں پر اسرائیل کی بمباری[/pullquote]

اسرائیلی طیاروں نے ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب غزہ پٹی میں حماس کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے اتوار کی صبح جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی لڑاکا طیاروں کی اس کارروائی میں حماس کے زیرانتظام غزہ پٹی کے جنوبی علاقے رفاہ میں ایک عسکری کمپاؤنڈ کو نشانہ بنایا گیا۔ یہ کارروائی ایک ایسے وقت میں کی گئی ہے جب چار فلسطینی آتش گیر مواد سے بھری بوتلوں کے ساتھ سرحدی باڑ عبور کر کے اسرائیل میں داخل ہوئے تھے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق یہ فلسطینی اسرائیلی عسکری آلات کو تباہ کرنا چاہتے تھے۔

[pullquote]سابقہ جاسوس پر کیمیائی حملہ، روس کےخلاف یورپی دباؤ میں اضافہ[/pullquote]

برطانيہ میں ایک سابق روسی جاسوس پر ہونے والے کیمیائی حملے کے رد عمل میں ماسکو حکومت کے خلاف نئے اقدامات کا اعلان کيا جانے والا ہے۔ برطانیہ نے الزام عائد کیا تھا کہ سابقہ روسی جاسوس سیرگئی سکریپل اور ان کی بیٹی پر ہونے والے کیمیائی حملے میں روس ملوث تھا۔ فرانسیسی صدر امانویل ماکروں نے یورپی یونین کی سربراہی کانفرنس میں کہا کہ روسی ساختہ زہریلے مادے کے ذریعے سکریپل پر حملہ یورپی سلامتی پر حملہ تھا۔ بتایا گیا ہے کہ اس تناظر میں روس میں تعینات یورپی یونین کے سفیر کو واپس بلایا جا سکتا ہے۔

[pullquote]مصر میں حسنی مبارک کے خلاف عدالتی فیصلہ کالعدم[/pullquote]

مصر کی ایک عدالت نے سن 2011ء میں حسنی مبارک اور ان کے دو قریبی رفقاء پر ٹیلی کمونیکیشن نظام کو بند کرنے پر جرمانے کی سزا ختم کر دی ہے۔ سابق صدر حسنی مبارک اور ان کے دو قریبی ساتھیوں پر الزام تھا کہ انہوں نے ملک میں ہونے والے مظاہروں کی روک تھام کے لیے انٹرنیٹ نظام بند کرايا تھا۔ اسی تناظر میں مصر کی اعلیٰ ترین انتظامی عدالت نے حسنی مبارک اور ان کے ساتھیوں پر پانچ سو چالیس ملین مصری پاؤنڈ جرمانہ عائد کیا تھا۔ اس سزا پر نظرثانی کی اپیل میں یہ سزا ختم کر دی گئی۔

[pullquote]ترکمانستان میں عام انتخابات، پولنگ جاری[/pullquote]

ترکمانستان میں عام انتخابات میں آج عوام اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔ ان انتخابات میں تین جماعتیں اور چند آزاد امیدوار شریک ہیں۔ انتخابات میں پارلیمان کی 125 نشستوں کے لیے 284 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہو گا۔تاہم ماہرین کے مطابق تمام ہی امیدوار ملکی صدر قرباگُلے بردیموخامیدوف کے قریبی ساتھی ہیں۔ ان انتخابات میں صدر کا ایک بیٹا بھی شریک ہے، جسے ماہرین ساٹھ سالہ بردیموخامیدوف کا جاں نشین بھی قرار دیتے ہیں۔

[pullquote]کروشیا میں انتہائی دائیں بازو کے ہزاروں افراد کا مظاہرہ[/pullquote]

کروشیا میں انتہائی دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے مظاہرہ کیا۔ یہ افراد ہم جنس پرستوں کی شادیوں کو جائز قرار دینے اور ٹرانسجیڈر افراد کو مساوی حقوق دینے کی مخالفت کر رہے تھے۔ مظاہرے میں شریک افراد قومی نغمے گا رہے تھے اور ملک کی سینٹر رائٹ حکومت کے خلاف نعرے بازی کر رہے تھے۔ گزشتہ ہفتے کروشیا کی حکومت نے کونسل آف یورپ کے سن 2011 کے اسنتنبول کنوینشن کی منظوری دی ہے، تاہم ابھی پارلیمان سے اس کی منظوری باقی ہے۔ اس کنوینشن کے مطابق کروشیا میں جنسی امتیاز کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔

[pullquote]طالبان کی معاونت کا الزام بے بنیاد ہے، روس[/pullquote]

روس نے افغانستان ميں طالبان کی حمايت کرنے اور انہيں اسلحہ و مالی امداد فراہم کرنے سے متعلق نيٹو کے ايک کمانڈر کے الزامات کو مسترد کيا ہے۔ ايسے الزامات امریکی جنرل جان نکلسن نے ايک انٹرويو ميں پچھلے ہفتے عائد کيے۔ افغان دارالحکومت کابل ميں روسی سفارت خانے کی جانب سے اتوار پچيس مارچ کے روز جاری کردہ ايک بيان ميں ايسے الزامات کو ’بے بنياد بیانات‘ قرار ديتے ہوئے مسترد کر ديا گيا ہے۔ امریکی جنرل نے الزام عائد کیا تھا کہ ممکنہ طور پر روس طالبان کو ہتھیار بھی فراہم کر رہا ہے۔ روس کا تاہم کہنا ہے کہ طالبان کے ساتھ روسی روابط انہیں امن بات چیت پر مائل کرنے تک محدود ہیں۔

[pullquote]ترک فوج کا عفرین پر ’مکمل قبضہ‘ قائم ہو چکا ہے[/pullquote]

ایک ترک جنرل نے کہا ہے کہ ترک فوج شامی علاقے عفرین پر مکمل طور پر قبضہ کر چکی ہے۔ ترک خبر رساں ادارے انادولو کے مطابق اب وہاں فوج عام شہریوں کو دوبارہ گھروں میں لوٹنے کے لیے مدد فراہم کر رہی ہے۔ واضح رہے کہ اس علاقے پر کرد ملیشیا YPG کا قبضہ تھا، جسے ترک حکومت دہشت گرد تنظیم قرار دیتی ہے۔ امریکا کی حمایت یافتہ اس تنظیم کے خلاف بیس جنوری کو ترکی نے اپنے عسکری آپریشن کا آغاز کیا تھا۔

[pullquote]اسرائیل میں مہاجرین کی ملک بدریوں کے خلاف بڑا مظاہرہ[/pullquote]

ہفتے کے روز اسرائیلی شہر تل ابیب میں ہزاروں افراد نے تارکین وطن کی جبری ملک بدریوں کے خلاف بڑا مظاہرہ کیا۔ وسطی تل ابیب میں مظاہرہ کرنے والوں کی تعداد بیس ہزار سے زائد بتائی گئی ہے۔اسرائیلی حکومت سوڈان اور اریٹریا سے تعلق رکھنے والے ان افراد کو ملک بدر کر رہی ہے، جو غیر قانونی طور پر اسرائیل میں داخل ہوئے۔ مظاہرین ان افراد کی ملک بدریوں کے حکومتی اقدامات کو مسترد کرتے ہوئے’ ان کا اور ہمارا خون ایک سا ہے‘ اور ’ہم سب انسان ہیں‘ جیسے نعرے لگا رہے تھے۔

[pullquote]سری لنکا میں مسلم مخالف فسادات کا الزام پولیس اور سیاست دانوں پر[/pullquote]

سری لنکا ميں مسلم مخالف فسادات کی تحقيقات جاری ہيں۔ ايک طرف حکومت سابق صدر کے حاميوں کو قصور وار قرار ديتی ہے تو دوسری جانب سابق صدر کا کہنا ہے کہ يہ پيش رفت سياسی نوعيت کی ہے، جس ميں انہيں نشانہ بنايا جا رہا ہے۔ خبر رساں ادارے روئٹرز نے اپنی ايک تحقيقاتی رپورٹ ميں عينی شاہدين، سرکاری اہلکاروں اور سی سی ٹی وی فوٹيج کا حوالہ ديتے ہوئے لکھا ہے کہ سری لنکا ميں مسلمانوں پر اسی ماہ ہونے والے پر تشدد حملوں ميں سابق صدر مہندرا راجا پاکسے کے حامی سياستدان اور پوليس اہلکار بھی شامل تھے۔ واضح رہے کہ سری لنکا کے وسطی شہر کينڈی ميں مسلمانوں کے سينکڑوں مکانات، مساجد اور دکانوں پر اسی مہينے منظم حملے کيے گئے تھے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے