منگل : 27 مارچ 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]سفارتکاروں کی بیدخلی کے لیے امریکا نے اتحادی ممالک پر دباؤ دیا، روسی وزیر خارجہ[/pullquote]

روسی وزیر خارجہ سیرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ امریکا نے اتحادی ممالک پر دباؤ دیا ہے کہ وہ روسی سفارتکاروں کو بیدخل کر دیں۔ انہوں نے اسے واشنگٹن حکومت کا ایک ’حربہ‘ قرار دیتے ہوئے مزید کہا کہ اس تناظر میں ردعمل ظاہر کیا جائے گا۔ برطانیہ میں سابق روسی جاسوس اور ان کی بیٹی پر کیمیکل حملے کے بعد امریکا نے ساٹھ روسی سفارتکاروں کو بیدخل کرنے کے علاوہ سیئیٹل میں روسی قونصلیٹ بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسی تنازعے کے باعث جرمنی سمیت متعدد یورپی ممالک نے بھی روسی سفارتکاروں کو بیدخل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

[pullquote]جنوبی کوریا کے صدر کا دورہ متحدہ عرب امارات[/pullquote]

جنوبی کوریا کے صدر مون جے ان نے متحدہ عرب امارات کے دورے کے دوران اس خلیجی ملک میں تعینات کوریائی فوجیوں سے ملاقات کی ہے۔ مشرق وسطیٰ کے اپنے اس اولین دورے کے دوران انہوں نے کہا کہ جزیرہ نما کوریا پر مکمل امن کے قیام کے نتیجے میں تجارت کو مزید فروغ ملے گا۔ جنوبی کوریائی دستے متحدہ عرب امارات کی افواج کی تربیت کے لیے وہاں موجود ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ مون اس دورے کے دوران دونوں ممالک کے باہمی تعلقات میں مزید بہتری کی کوشش بھی کریں گے۔

[pullquote]فرانس میں یہودی خاتون کا قتل، ’وجہ سامیت دشمنی‘[/pullquote]

فرانسیسی پولیس نے ایک یہودی خاتون کو قتل کرنے کے شبے میں دو افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ حکام نے آج بروز منگل بتایا کہ پچاسی سالہ میریئے نو کے قتل کا محرک سامیت دشمنی تھا۔ دوسری عالمی جنگ کے دوران پیرس میں یہودیوں کی نسل کشی یا ہولوکاسٹ کے دوران زندہ بچ جانے والی میریئے نو کو گزشتہ ہفتے ان کے اپارٹمنٹ میں خنجروں کا وار کر کے قتل کر دیا گیا تھا اور بعد ازاں ان کی لاش کو آگ لگا دی گئی تھی۔ فرانس میں یہودی کمیونٹی نے ملک گیر مظاہروں کا اعلان کرتے ہوئے پیرس حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس مقدمے کی تفتیش میں ’مکمل شفافیت‘ اختیار کی جائے۔

[pullquote]افغان مہاجرین کا ایک اور گروپ جرمنی بدر[/pullquote]

جرمنی سے ملک بدر کیے جانے والے دس افغان باشندے واپس اپنے ملک پہنچ گئے ہیں۔ حکام کے مطابق آج بروز منگل کی علی الصبح ان افراد کو لائپزگ ہالے ایئر پورٹ سے خصوصی پرواز کے ذریعے افغان دارالحکومت کابل کے لیے روانہ کیا گیا تھا۔ جرمنی میں ایسے افغان مہاجرین اور تارکین وطن افراد کا یہ گیارہواں گروپ تھا، جسے جرمنی سے ملک بدر کر کے واپس افغانستان بھیجا گیا ہے۔ انسانی حقوق کے سرکردہ کارکنان افغان تارکین وطن کو واپس افغانستان روانہ کرنے کے خلاف ہیں کیونکہ اس شورش زدہ ملک میں حالیہ عرصے کے دوران پرتشدد کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے۔

[pullquote]اپوزیشن سے مصالحت نہیں ہو گی، کمبوڈیا کے صدر[/pullquote]

کمبوڈیا کے صدر ہن سین نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعت نیشنل ریسکیو پارٹی سے مصالحتی مذاکرات نہیں کیے جائیں گے۔ ملک کی اس واحد اپوزیشن پارٹی کو سپریم کورٹ کے ایک فیصلے کے نتیجے میں گزشتہ برس نومبر میں تحلیل کر دیا گیا تھا۔ آج بروز منگل دارالحکومت میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ہن سین نے کہا کہ اس حوالے سے عالمی دباؤ کو بھی نظر انداز کر دیا جائے گا۔ اس اپوزیشن پارٹی کے دو رہنماؤں پر غداری کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے۔

[pullquote]روس میں آتشزدگی، ہلاک ہونے والوں میں اکتالیس بچے بھی شامل[/pullquote]

روسی شہر کیمیروو میں اتوار کے دن ایک شاپنگ مال میں آتشزدگی کی وجہ سے مارے جانے والوں میں اکتالیس بچے بھی شامل ہیں۔ روسی نیوز ایجنسی انٹرفیکس نے منگل کے دن بتایا کہ ہے کہ ہلاک شدگان کی فہرست جلد ہی ان کے گھر والوں کو فراہم کر دی جائے گی۔ اس حادثے کے نتیجے میں مجموعی طور پر چونسٹھ افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔ ادھر روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے سائبیریا کے اس شہر کے دورے کے دوران کہا ہے کہ اس حادثے کی وجہ ’مجرمانہ غفلت‘ بنی۔ انہوں نے کیمیروو میں واقع ونٹر چیری کمپلیکس کے باہر پھول رکھے اور ایک خصوصی یادگاری تقریب میں بھی شرکت کی۔

[pullquote]یورپی یونین سے تعلقات بہتر ہو جائیں گے، ایردوآن[/pullquote]

ترک صدر رجب طیب ایردوآن کے ساتھ ملاقات کے بعد یورپی کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹسک نے کہا ہے کہ ترکی میں قانون کا بول بالا ہونے سے متعلق یورپی یونین کو تحفظات ہیں۔ دوسری طرف ایردوآن نے بلغاریہ کے شہر ورونا میں یورپی رہنماؤں کے ساتھ ملاقات کے بعد کہا کہ وہ پرامید ہیں کہ یورپی یونین اور ترکی کے مابین باہمی تعلقات ایک مرتبہ پھر بہتر ہو جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یورپی یونین میں ترکی کی شمولیت کے لیے مذاکراتی عمل بحال کر دیا جائے۔ سن دو ہزار سولہ سے یہ عمل تعطل کا شکار ہے۔ ترکی سن 1963 سے یورپی یونین کا رکن بننے کا امیدوار ہے۔

[pullquote]سفارتکاروں کی بیدخلی پر امریکا کو مناسب جواب دیا جائے گا، روس[/pullquote]

ماسکو حکومت نے کہا ہے کہ امریکا کی طرف سے روسی سفارتکاروں کو بیدخل کرنے کا ’مناسب جواب‘ دیا جائے گا۔ برطانیہ میں سابق روسی جاسوس اور ان کی بیٹی پر کیمیکل حملے کے بعد امریکا نے ساٹھ روسی سفارتکاروں کو بیدخل کرنے کے علاوہ سیئیٹل میں روسی قونصلیٹ بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مغربی ممالک سابق ڈبل ایجنٹ سیرگئی سکرپل اور ان کی بیٹی ژولیا پر ہوئے کیمیکل حملے کا الزام روس پر عائد کرتے ہیں جبکہ ماسکو ان الزامات کو مسترد کرتا ہے۔ اسی تنازعے کے باعث جرمنی سمیت متعدد یورپی ممالک نے بھی روسی سفارتکاروں کو بیدخل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

[pullquote]کم جونگ ان کے دورے کے بارے میں علم نہیں، چینی وزارت خارجہ[/pullquote]

چینی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ حکومت کو ’علم نہیں‘ کہ شمالی کوریائی رہنما کم جونگ اُن چین کا دورہ کر رہے ہیں۔ یہ بیان منگل کو ایک ایسے وقت میں دیا گیا، جب ایسی خبریں گرم ہیں کہ کِم ایک خصوصی ٹرین کے ذریعے اچانک چین پہنچ چکے ہیں۔ اگر کم نے چین کا دورہ کیا تو بطور شمالی کوریائی رہنما ان کا چین کا یہ پہلا دورہ ہو گا۔ چین کو اس کمیونسٹ ملک کا ایک انتہائی قریبی اتحادی قرار دیا جاتا ہے۔

[pullquote]یمنی حوثی باغیوں کی میزائل ٹیکنالوجی نہیں دی، ایرانی ریولوشنری گارڈز[/pullquote]

ایران کے ریولوشنری گارڈز نے کہا ہے کہ تہران حکومت نے یمنی حوثی باغیوں کو بیلسٹک میزائل ٹیکنالوجی فراہم نہیں کیے ہیں۔ یہ بیان ایک ایسے وقت پر دیا گیا ہے، جب حوثی باغیوں نے سعودی عرب پر راکٹ داغے ہیں۔ تسنیم نیوز ایجنسی نے بریگیڈیئر جنرل یداللہ جوانی کے حوالے سے بتایا ہے کہ یمن کی مکمل ناکہ بندی ہے اور وہاں اسلحہ پہنچانے کا کوئی راستہ نہیں کھلا۔ انہوں نے کہا کہ یمن میزائل سمیت دیگر دفاعی سامان کی پیدوار کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یمنی خانہ جنگی کے تین برس مکمل ہونے کے موقع پر ایران نواز حوثی باغیوں نے سعودی عرب میں سات میزائل حملے کیے تھے، جن کے نتیجے میں ریاض میں ایک شخص ہلاک جبکہ دو زخمی بھی ہوئے تھے۔

[pullquote]دو ریاستی حل کی حمایت کرتے رہیں گے، جرمن وزیر خارجہ[/pullquote]

جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے اسرائیلی فلسطینی تنازعے کے خاتمے کی خاطر دو ریاستی حل پر زور دیا ہے۔ مشرق وسطیٰ کے دورے کے دوران انہوں نے اسرائیلی وزیرا عظم بینجمن نیتن یاہو کے علاوہ فلسطینی صدر محمود عباس سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ برلن حکومت دو ریاستی حل کی حمایت کرتی رہے گی۔ اس موقع پر انہوں نے فلسطینی قیادت سے کہا کہ امریکا کے بغیر اس خطے میں قیام امن کی کوششیں مشکل ہو جائیں گی، اس لیے انہیں امن مذاکرات میں امریکا کی شمولیت کو بحال کرنے پر غور کرنا چاہیے۔ ماس نے اسرائیل کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اختلافات کے باوجود جرمنی اسرائیل کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

[pullquote]غوطہ کے علاقے دوما میں روسی بمباری دوبارہ سے شروع ہو سکتی ہے[/pullquote]

شام اور روس نے غوطہ میں فضائی حملے دوبارہ سے شروع کرنے کی دھمکی دی ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق روسی حکام نے دوما میں موجود جیش الاسلام نامی تنظیم کو ہتھیار ڈالنے یا حملوں کے لیے تیار رہنے کا کہا ہے۔ اس سلسلے میں روس نے اس تنظیم کو چند دنوں کی مہلت دی ہے۔ جیش الاسلام اور روس کے مابین مذاکرات گزشتہ روز ہی اختتام پذیر ہوئے ہیں۔ دوسری جانب سیریئن آبزرویٹری نے کہا ہے کہ شامی دستوں نے دوما کے اطراف گشت شروع کر دی ہے۔ دوما غوطہ میں باغیوں کے زیر اثر آخری علاقہ ہے۔

[pullquote]آسانج ’ حقیر کیڑا‘ ہے، برطانوی وزیر[/pullquote]

ایک برطانوی وزیر نے وکی لیکس کے بانی جولیان آسانج کو ایک ’کم بخت حقیر کیڑے‘ سے تعبیر کیا ہے۔ وزیر ایلن ڈنکن کے مطابق افسوس کی بات ہے کہ آسانج روسی جاسوس سیرگئی سکرپل پر زہریلی گیس کے حملے کے تناظر میں برطانیہ کے خلاف بیان بازی کر رہے ہیں۔ ان کے بقول وقت آ گیا ہے کہ یہ ’حقیر کیڑا‘ لندن میں ایکواڈور کے سفارت خانے سے باہر آ کر اپنے خلاف مقدمات کا سامنا کرے۔ آسانج 2012ء سے اس سفارت خانے میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔ آسانج نے برطانیہ کی جانب سے سکرپل پر حملے کی ذمہ داری روس پر عائد کرنے پر سوالات اٹھائے ہیں۔

[pullquote]اٹلی میں بچوں کو شدت پسندی کی جانب راغب کرنے والا شخص گرفتار[/pullquote]

اٹلی میں بچوں کو دہشت گردی کی ترغیب دینے والے ایک مسلم شہری کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اطالوی پولیس نے بتایا کہ یہ گرفتاری جنوب مشرقی اطالوی شہر فوجّجا میں عمل میں آئی ہے۔ مزید یہ کہ اس مصری نژاد اطالوی شہری پر اسلامک اسٹیٹ سے رابطوں اور دہشت گردانہ مواد کی تشہیر کا بھی الزام ہے۔ پولیس نے بتایا کہ یہ شخص تارکین وطن بچوں پر زور بھی ڈالتا تھا کہ وہ اس کے مرکز میں آکر مذہبی تعلیم حاصل کریں۔ حکام نے اس مرکز کوبھی بند کر دیا ہے۔

[pullquote]مصری صدارتی انتخابات: دوسرے روز ووٹنگ کے عمل میں سست روی[/pullquote]

مصر کے صدارتی انتخابات کے دوسرے روز رائے شماری کا عمل سست روی سے جاری ہے۔ حکام نے بتایا کہ پیر کو انتخابی عمل کے پہلے روز تقریباً ساٹھ ملین اہل ووٹرز میں سے تیرہ فیصد کے لگ بھگ افراد نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ انتظامیہ کو امید ہے کہ بدھ کو ووٹنگ کے عمل میں تیزی آئے گی۔ مصری صدارتی انتخابات میں موجودہ سربراہ مملکت عبد الفتاح السیسی کے مد مقابل صرف ایک امیدوار ہے۔ اس وجہ سے ان انتخابات میں السیسی کی فتح یقینی ہے۔ نتائج کا اعلان دو اپریل کو متوقع ہے۔

[pullquote]ترکی اور یورپی یونین کے تعلقات میں تناؤ میں بدستور برقرار ہے، بن علی یلدرم[/pullquote]

بلغاریہ میں اجلاس کے باوجود ترکی اور یورپی یونین کے تعلقات میں تناؤ بدستور برقرار ہے۔ ترک وزیر اعظم بن علی یلدرم کے مطابق انہیں اس اجلاس سے کوئی ایسا اشارہ نہیں ملا کہ مستقبل میں یورپی یونین ترکی کے ساتھ منصفانہ برتاؤ کرے گی۔ اس موقع پر انہوں نے بھی صدر رجب طیب ایردوآن کی طرح یورپی یونین کی مکمل رکنیت کی وکالت کی۔ یورپی کمیشن کے سربراہ ژاں کلود ینکر، یورپی کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹسک اور بلغاریہ کے وزیر اعظم بوئیکو بوریسوف نے پیر کے روز ترک صدر سے ملاقات کی تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے