سلمان خان کی ضمانت اور جیل جانے پر بھارتی اداکارہ کی خوشی

بولی وڈ دبنگ ہیرو سلمان خان کے جیل جانے سے جہاں پورے ہندوستان سمیت دنیا بھر میں ان کے مداح افسردہ دکھائی دیے، وہیں ان کے ملک کی ہی ایک اداکارہ خوش بھی دکھائی دیں۔

اگرچہ سلمان خان کے جیل جانے پر خوش دکھائی دینے والی اداکارہ غیر معروف ہیں، تاہم وہ کسی نہ کسی طرح سلمان خان کے ساتھ اسکرین پر نظر آچکی ہیں۔

ماضی میں سلمان خان کے ساتھ متنازع ریئلٹی ٹی وی شو ’بگ باس‘ کے ساتویں سیزن میں کانٹیسٹر کے طور پر اسکرین پر نظر آنے والی اداکارہ صوفیہ حیات ان کے جیل جانے پر خوش دکھائی دیں۔

صوفیہ حیات نے انسٹاگرام پر سلمان خان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لمبی چوڑی پوسٹ میں اپنا تمام غصہ نکالتے ہوئے ’بجرنگی بھائی جان‘ کو بولی وڈ کا طاقتور ترین شخص بھی قرار دیا۔

صوفیہ حیات نے سلمان خان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے اس کے اوپر بڑے الفاظ میں قصور وار کا لفظ بھی لکھا۔

صوفیہ حیات کا اپنی پوسٹ میں کہنا تھا کہ وہ جانتی ہیں کہ سلمان خان کے خلاف باتیں کرنے سے کئی لوگ ڈرتے ہیں، کیوں کہ وہ بولی وڈ کے ایک طاقتور ترین شخص ہیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ سلمان خان سے نہیں ڈرتیں اور انہیں فخر ہے کہ وہ ان کے خلاف بات کر رہی ہیں۔

بگ باس کی سابق کانٹیسٹر نے لکھا کہ وہ اس بات پر بہت خوش ہوئیں کہ سلمان خان کو جیل بھیج دیا گیا۔

ساتھ ہی انہوں نے جانوروں کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے لکھا کہ زمین کی بہتری کے لیے ان کا ہونا ضروری ہے۔

انہوں نے اپنی لمبی چوڑی پوسٹ میں مغربی ممالک اور بھارت میں قانون کی بالادستی کا بھی موازنہ کرتے ہوئے لکھا کہ ہندوستان میں طاقتور اور پیسے والے لوگ قانون کو خریدتے ہیں۔

صوفیہ حیات نے اپنی پوسٹ میں بگ باس کانٹیسٹر ڈولی بندرا اور ارمان کوہلی کے کیس کا بھی ذکر کیا اور الزام عائد کیا کہ ارمان کوہلی چوں کہ پیسے اور طاقتور خاندان سے تھا اس لیے وہ ڈولی بندرا کے خلاف کیس جیت گیا۔

واضح رہے کہ صوفیہ حیات 2013 میں بگ باس 7 میں شامل ہوئی تھیں، جس کے بعد وہ مختلف بھارتی ٹی وی ڈراموں اور فلموں میں بھی نظر آئیں۔

صوفیہ حیات 2017 میں ریلیز ہونے والی بولڈ بولی وڈ فلم اکثر 2 میں بھی نظر آئیں، وہ شوبز میگزین ایف ایچ ایم کی دنیا کی خوبرو ترین خواتین کی فہرست میں جگہ بنانے سمیت متعدد میگزین کی فہرست میں شامل ہوچکی ہیں۔

اگرچہ صوفیہ حیات کے ساتھ بھی کئی اسکینڈل اور تنازعات جڑے ہوئے ہیں، تاہم اس کے باوجود وہ خبروں میں کم ہی رہتی ہیں۔

صوفیہ حیات نے 2013 میں بگ باس 7 میں ان کے ساتھ شرکت کرنے والے اداکار ارمان کوہلی کے خلاف تشدد اور دھمکانے کا مقدمہ بھی درج کیا تھا، جس کے بعد ارمان کوہلی کے والد فلم پروڈیوسر راج کمار کوہلی نے بھی صوفیہ حیات کے خلاف مقدمہ درج کروایا تھا۔

صوفیہ حیات اور ارمان کوہلی کے تنازعات کے دوران ہی یہ خبریں بھی سامنے آئی تھیں کہ ارمان کوہلی نے بگ باس 7 میں شرکت کرنے والی کانٹیسٹر ڈولی بندرا سمیت دیگر خواتین کے ساتھ بھی نازیبا رویہ اختیار کیا، جس کے بعد ان سب نے ایک دوسرے کے خلاف پولیس میں شکایات درج کروائیں تھیں۔

بگ باس کے ساتویں سیزن کی میزبانی بھی سلمان خان نے کی تھی، دبنگ ہیرو نے گزشتہ برس اسی شو کے گیارہویں سیزن کی بھی میزبانی کی۔

[pullquote]سلمان خان جیل سے رہائی کے بعد ممبئی روانہ[/pullquote]

جودھپور: کالے ہرن کے شکار کے کیس میں سزا یافتہ بالی وڈ اسٹار سلمان خان ضمانت کے بعد جیل سے رہا ہوچکے ہیں جہاں سے وہ خصوصی چارٹرڈ طیارے کے ذریعے ممبئی روانہ ہوگئے۔

سلمان خان کو 2 روز عدالت کی جانب سے 5 سال قید اور 10 ہزار جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی جس کے فوری بعد ان کے وکلاء نے سزا پر ضمانت کے لیے درخواست دائر کی تھی۔

عدالتی فیصلے کے بعد دبنگ خان کو سینٹرل جیل منتقل کیا گیا تھا جہاں انہوں نے 2 راتیں گزاریں لیکن اب عدالت نے ان کی درخواست ضمانت منظور کرلی ہے۔

عدالت نے سلمان خان کی درخواست ضمانت پر 25، 25 ہزار کے 2 مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔

عدالت نے سلمان خان کو بغیر اجازت ملک چھوڑنے پر پابندی عائد کردی ہے اور انہیں 7 مئی کو پیش ہونے کا بھی حکم دیا ہے۔

سلمان خان کو عدالتی فیصلے کے بعد جودھ پور کی سینٹرل جیل سے رہا کردیا گیا ہے جہاں سے انہیں سخت سیکورٹی حصار میں ایئرپورٹ لے جایا گیا جس کے بعد کچھ ہی دیر میں انہوں نے خصوصی چارٹرڈ طیارے کے ذریعے ممبئ کے لیے اڑان بھرلی ہے۔

فیصلے کے وقت دبنگ خان کے مداحوں کی بڑی تعداد عدالت کے باہر موجود تھی جنہوں نے رہائی کے فیصلے پر خوب جشن منایا جب کہ ان کے مداحوں کی بڑی تعداد جیل کے باہر ان کے استقبال کے لیے موجود تھی۔

جودھ پور کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت کے جج روندا کمار جوشی نے آج سلمان خان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ سنانا تھا لیکن اس سے قبل جج کا تبادلہ کردیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہےکہ راجستھان ہائیکورٹ نےجج روندرا کمار جوشی سمیت 87 ڈسٹرکٹ ججز کے تبادلے کردیئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کالے ہرن کے شکار کے کیس میں سلمان خان کو سزا سنانے والے جج دیو کمار کھتری کا بھی تبادلہ کردیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہےکہ ججز کے تبادلے معمول کی کارروائی ہے اور ہر سال 15 سے 30 اپریل کے دوران راجستھان ہائیکورٹ کی جانب سے تبادلے کیے جاتے ہیں۔

واضح رہےکہ جودھ پور کی عدالت نے کالے ہرن کے شکار کے 20 سال پرانے کیس میں سلمان خان کو 5 سال قید اور 10 ہزار روپےجرمانے کی سزا سنائی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے