ہفتہ : 19 مئی 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]جرمنی کے شہر زاربرُوکن شہر میں فائرنگ، دو ہلاک[/pullquote]

جرمن میڈیا نے بتایا ہےکہ جنوب مغربی شہر زاربرُوکن کے نواحی علاقے برے باخ فیشنگن میں ہونے والی فائرنگ میں دو افراد مارے گئے ہیں۔ پولیس نے فائرنگ کے واقعے میں ملوث ہونے کے شبے میں ایک شخص کو حراست میں لے لیا ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق مشتبہ شخص نے زاربروکن کے جنوب مشرقی علاقے میں بلا اشتعال فائرنگ شروع کر دی تھی اور اُس کی زد میں آ کر دو افراد مارے گئے۔ زاربرُوکن کے ایک مقامی ریڈیو کے مطابق کئی دوسرے لوگ زخمی بھی ہوئے ہیں۔ اس واقعے میں گرفتار ہونے والے شخص کی شہریت کے بارے میں کوئی معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔ پولیس ابھی ابتدائی تفتیش میں مصروف ہے۔

[pullquote]ایرانی جوہری ڈیل سے دستبرداری کے بعد نئی امریکی پلاننگ کا اعلان پیر کو ہو گا[/pullquote]

امریکا کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو پیر اکیس مئی کو ایران جوہری ڈیل سے علیحدگی کے بعد ٹرمپ انتظامیہ کی نئی حکمت عملی کا اعلان کریں گے۔ امریکی وزارت خارجہ کے شعبہ پالیسی کے سربراہ برائن ہُک کے مطابق پومپیو اس پالیسی میں نئے سفارتی روڈ میپ کا اعلان کرتے ہوئے امریکی حکومت کی متنازعہ ایرانی جوہری پروگرام سے متعلق بین الاقوامی ترجیحات کو بیان کریں گے۔ ہُک کے مطابق وزیر خارجہ نئے سکیورٹی فریم ورک کے خد وخال بھی واضح کریں گے۔ امریکی وزارت خارجہ کی خاتون ترجمان کے مطابق بھرپور کوشش کی جا رہی ہے کہ اتحادیوں کو ایک مرتبہ پھر ساتھ ملایا جائے اور کثیر الجہتی سوچ کو اپنایا جا سکے۔

[pullquote]مغربی افغان صوبے فراہ کے تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے[/pullquote]

افغانستان کے مغربی صوبے فراہ کی صوبائی حکومت کے اعلان کے مطابق بند کیے جانے والے تعلیمی اداروں کی تعداد 411 بتائی گئی ہے۔ اس میں 379 پرائمری اسکول ہیں جبکہ 32 ہائر سيکنڈری اسکول ہیں۔ ان کے علاوہ اساتذہ کی تربیت کا ایک مرکز بھی بند کر دیا گیا ہے۔ ان اسکولوں کی بندش سے ایک لاکھ چالیس ہزار طلبا متاثر ہوئے ہیں۔ تعلیمی اداروں کی بندش کا اعلان فراہ صوبے کے محکمہٴ تعلیم کی جانب سے کیا گیا۔ پندرہ مئی کو طالبان فائٹرز نے فراہ صوبے کے دارالحکومت پر مختلف اطراف سے چڑھائی کی تھی۔ اس حملے کو حکومتی فوج نے پسپا کر دیا تھا لیکن دو روز بعد عسکریت پسندوں نے ایک مرتبہ پھر حملہ کیا۔ ابھی تک دوسرے حملے کو پسپا کرنے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

[pullquote]عراق: پارلیمانی الیکشن میں مقتدیٰ الصدر کے انتخابی اتحاد کی جیت[/pullquote]

عراق کے سخت گیر موقف رکھنے والے نمایاں شیعہ عالم مقتدیٰ الصدر کے انتخابی اتحاد نے بارہ مئی کے الیکشن میں اب تک سب سے زیادہ نشستیں حاصل کی ہیں۔ ان کی تعداد چون ہے۔ عراقی الیکشن کمیشن کے مطابق دوسرے مقام پر الفتح نامی انتخابی اتحاد ہے اور اس کی قیادت ہادی الامیری کر رہے ہیں۔ الفتح بلاک کو اب تک سینتالیس نشستیں حاصل ہو چکی ہیں۔ وزیراعظم حیدر العبادی کا مختلف العقیدہ انتخابی اتحاد ’وکٹری الائنس‘ محض بیالیس سیٹیں حاصل کر سکا ہے۔ ایسے اندازے لگائے گئے تھے کہ العبادی نے جس طرح دہشت گرد تنظیموں کے خلاف جنگی مشن مکمل کرتے ہوئے کامیابیاں حاصل کی تھیں، وہ اُن کے لیے بھاری جیت کا سبب بن سکے گا لیکن ایسا نہیں ہوا۔

[pullquote]سعودی عرب میں حقوق نسواں کی سرگرم سات خواتین کارکن گرفتار[/pullquote]

سعودی حکام کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سات افراد کو غیرملکی اداروں کے ساتھ مشکوک رابطوں اور بیرون ملک دشمنوں کی مالی حمایت کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ حکومت کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں ملزمان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی لیکن حکومت کے حمایتی آن لائن اخبار سبق کے مطابق گرفتار ہونے والی ساتوں خواتین کارکن ہیں۔ خواتین کے حقوق کے لیے سرگرم جن سات سرکردہ خواتین کی گرفتاری پر انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں ایمنسٹی انٹرنیشنل اور ہیومن رائٹس واچ نے سعودی حکام سے ان خواتین کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ جن خواتین کو گرفتار کیا گیا ہے ان میں سرگرم کارکن ایمان النفجان اور لجین الحذول بھی شامل ہیں۔

[pullquote]کاتالونیا کے نئے صدر کی کابینہ میں مقید اور جلا وطن لیڈر بھی شامل[/pullquote]

ہسپانوی علاقے کاتالونیا کے نئے صدر قُواِم ٹورا نے اپنی نئی حکومت کی کابینہ کا اعلان کر دیا ہے۔ اس میں انہوں نے ایسے سابق وزراء بھی شامل کیے ہیں جنہیں میڈرڈ حکومت نے گزشتہ برس گرفتار کر کے جیل میں پابند کیا ہوا ہے۔ ان کے علاوہ دو ایسے لیڈروں کو بھی شامل کیا ہے جو اس وقت جلاوطنی کی زندگی بسر کر رہے ہیں۔ کاتالونیا کے صدر نے اپنی کابینہ کو ایک خصوصی فرمان کے تحت قائم کیا ہے لیکن میڈرڈ حکومت ٹورا حکومت کے قیام کو روکنے کی مجاز ہے۔ کاتالونیا میں اسپین کی مرکزی حکومت نے گزشتہ برس اکتوبر میں آزادی کے اعلان کے بعد ڈائرکٹ رُول کا نفاذ کر دیا تھا۔

[pullquote]طیارے کے حادثے میں سو سے زائد ہلاکتیں، کیوبا میں سوگ[/pullquote]

کیوبا میں سرکاری ایئرلائن کے ایک طیارے کے حادثے میں ایک سو سات افراد کی ہلاکت میں آج سوگ منایا جا رہا ہے۔ یہ طیارہ دارالحکومت ہوانا سے مشرقی شہر اولگین کے اڑا ہی تھا کہ گر کر تباہ ہو گیا۔ کیوبا کی کمیونسٹ پارٹی کے رہنما اور سابق صدر راؤل کاسترو نے اس موقع پر ملکی پرچم سرنگوں رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس واقعے کے بعد جہاز کے ملبے سے تین افراد کو زندہ نکالا گیا ہے۔ حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر کیوبا کے شہری تھے، جب کہ ارجنٹائن کے دو شہریوں سے سمیت پانچ غیرملکی حادثے کا شکار ہونے والے اس جہاز میں سوار تھے۔

[pullquote]امریکی اخراج کے باوجود یورپی یونین نے جوہری ڈیل کی بقا کی یقین دہائی کرائی، ایران[/pullquote]

ایرانی جوہری ایجنسی کے سربراہ علی اکبر صالحی نے کہا ہے کہ امریکی اخراج کے باوجود یورپی یونین نے وعدہ کیا ہے کہ وہ ایرانی جوہری ڈیل کا تحفظ یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایران کو امید ہے کہ ان وعدوں پر عمل بھی کیا جائے گا۔ صالحی نے تہران میں یورپی کمشنر برائے توانائی اور ماحولیات سے ملاقات کے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ امریکا کی جانب سے جوہری معاہدے سے اخراج سے یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ وہ ’قابل اعتبار ملک‘ نہیں ہے۔ واضح رہے کہ ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان 2015ء میں جوہری معاہدہ طے پایا تھا، جس کے تحت ایرانی جوہری سرگرمیوں کو محدود بنایا گیا تھا جس کے عوض اس پر عائد بین الاقوامی پابندیوں میں نرمی کی گئی تھی۔

[pullquote]ٹیکساس کے ایک ہائی اسکول میں فائرنگ، دس افراد ہلاک‌[/pullquote]

امریکی ریاست ٹیکساس کے ایک اسکول میں فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم دس افراد ہلاک جب کہ دیگر دس زخمی ہو گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ایک نوجوان نے ٹیکساس کے علاقے سینٹا فے میں جمعے کے روز ایک اسکول میں داخل ہو کر فائرنگ شروع کر دی۔ اس نوجوان نے جس پستول اور شاٹ گن کا استعمال کیا، وہ اس کے والد نے قانونی طور پر خرید رکھے تھے۔ ٹیکساس کے گورنر نے اس واقعے کے بعد کہا ہے کہ ہتھیاروں پر قدغن عائد کرنے کی بجائے ہتھیاروں کے حصول کے لیے ذہنی صحت سے متعلق جانچ پڑتال پر زور دیا جانا چاہیے۔ واضح رہے کہ امریکا میں اسکولوں میں اس انداز کے خون ریز واقعات تواتر سے رونما ہوتے رہتے ہیں۔

[pullquote]افغان کرکٹ اسٹیڈیم پر حملہ، کم از کم آٹھ افراد ہلاک[/pullquote]

جمعے کے روز ایک افغان کرکٹ اسٹیڈیم پر ہوئے دہشت گردانہ حملے میں کم از کم آٹھ افراد ہلاک جب کہ دیگر 45 زخمی ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ مشرقی افغان شہر جلال آباد میں یہ حملہ مقامی وقت کے مطابق رات گیارہ بجے اس وقت کیا گیا، جب یہاں رمضان کپ کے سلسلے میں ایک میچ جاری تھا اور اسٹیڈیم تماشائیوں سے بھرا ہوا تھا۔ حکام کے مطابق اس حملے میں سلسلہ وار دھماکے ہوئے۔ فی الحال کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے، تاہم طالبان کا کہنا ہے کہ وہ اس حملے میں ملوث نہیں ہیں۔ گزشتہ برس سمتبر میں دارالحکومت کابل میں ایک کرکٹ میچ کے دوران ہونے والے حملے میں تین افراد ہلاک جب کہ پانچ زخمی ہوئے تھے اور اُس حملے کی ذمہ داری اسلامک اسٹیٹ نے قبول کی تھی۔

[pullquote]اسلامی تعاون تنظیم کے اجلاس میں غزہ ميں ہلاکتوں کی مذمت[/pullquote]

ترک شہر استنبول میں اسلامی تعاون تنظیم کے ایک غیرمعمولی اجلاس میں غزہ میں اسرائیلی فائرنگ کے نتیجے میں درجنوں فلسطینی ہلاکتوں پر گہری تشویش ظاہر کی گئی ہے۔ جمعے کے روز منعقدہ اس اجلاس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ فلسطینیوں کے تحفظ کے لیے غزہ میں بین الاقوامی امن فورس تعینات کی جائے اور ان ہلاکتوں کی بین الاقوامی تحقیقات کی جائیں۔ واضح رہے کہ پیر کے روز سے غزہ اور اسرائیل کی سرحد پر جاری مظاہروں کے نتیجے میں اب تک 62 فلسطینی ہلاک جب کہ دو ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ فلسطینی شہری امریکی سفارت خانے کی تل ابیب سے یروشلم منتقلی کے خلاف مظاہرے کر رہے ہیں۔

[pullquote]نئے جوہری ہتھیار اگلے برسوں میں فوج کو ملنا شروع ہو جائیں گے، پوٹن[/pullquote]

روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے کہا ہے کہ روسی فوج کو آئندہ برسوں میں نئے جوہری ہتھیاروں کی ترسیل شروع ہو جائے گی۔ جمعے کے روز سوچی شہر میں پوٹن نے کہا کہ نیا اوانگارڈ ہائپرسونک نظام اور سارمات نامی بین البراعظمی میزائل بھی سن 2020 تک فوج کے حوالے کر دیے جائیں گے۔ پوٹن نے مارچ میں ایک منصوبے کا اعلان کیا تھا، جس کے تحت روس جوہری ہتھیاروں اور میزائلوں کو جدید خطوط پر استوار کر رہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ نئے میزائل کسی بھی ریڈار کے ذریعے پکڑے نہیں جا سکیں گے۔

[pullquote]کشمیر میں ہائیڈرو الیکٹرک پلانٹ کا بھارتی منصوبہ پاکستان کااحتجاج[/pullquote]

بھارتی وزیراعظم نیرندر مودی آج ہفتے کے روز متنازعہ علاقے کشمیر میں ہائیڈرو الیکٹرک پاور پلانٹ کا افتتاح کر رہے ہیں۔ پاکستان نے اس پلانٹ پر اعتراض کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے دریائی پانی کے بہاؤ میں رخنہ پیدا ہو گا۔ بھارت نے کشن گنگا ہائیڈرو پاور اسٹیشن پر کام کا آغاز سن 2009 میں شروع کیا تھا اور اسے تیز رفتاری سے مکمل کیا گیا ہے۔ پاکستان کا موقف ہے کہ یہ منصوبہ عالمی بینک کی ثالثی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان طے پانے والے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔

[pullquote]کانگو میں ایبولا کے تین نئے کیسز[/pullquote]

کانگو کے وزیر صحت کا کہنا ہے کہ ملک کے ایک بڑے شہر میں ایبولا کے تین نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ جمعے کے روز جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ بانڈاکا نامی شہر میں 21 ممکنہ کیسز بھی دریافت ہو چکے ہیں جب کہ پانچ مریضوں پر شک ہے کہ وہ ایبولا وائرس کا شکار بنے ہیں۔ کانگو میں اب تک 17 افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے جمعے کے روز تاہم فیصلہ کیا کہ اس سلسلے میں فی الحال عالمی طبی ایمرجنسی نافذ کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

[pullquote]یمن سمندری طوفان کی زد میں[/pullquote]

اقوام متحدہ نے خلیج عدن میں یمن کی جانب بڑھتے ہوئے سمندری طوفان ’ساگر‘ کے حوالے سے انتباہ جاری کیا ہے۔ یمن میں سمندری طوفان کا یہ غیرمعمولی واقعہ ہے۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ اس سمندری طوفان کی وجہ سے یمن کی جنوبی ساحلی پٹی میں شدید بارشیں اور سیلاب متوقع ہيں۔ یمنی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ طوفان کی وجہ سے جمعے کے روز ایک معمر خاتون اپنے گھر میں آگ لگنے کے سبب ہلاک ہو گئی۔ بتایا گیا ہے کہ ایک عمارت کو اس وقت خالی کرا لیا گیا، جب اس کی ایک بالکونی گر گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس سمندری طوفان کی وجہ سے متعدد علاقے زیرآب ہیں اور خانہ جنگی کی وجہ سے پہلے سے تباہ حال انفراسٹکرچر کو مزید نقصان پہنچا ہے۔

[pullquote]کن فلمی میلے کی اختتامی تقریب آج شام[/pullquote]

71واں کن فلمی میلے آج ہفتے کی شام اختتام پذیر ہو رہا ہے۔ اس میلے کی اختتامی تقریب میں بہترین فلم سمیت دیگر شعبوں میں ایوارڈز بھی تقیسم کیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں آسکر انعام یافتہ اداکارہ کیٹ بلاشیٹ کی صدارت میں نو رکنی جیوری 21 فلموں میں سے ایک فلم کو ایوارڈ کے لیے منتخب کرے گی۔ فرانسیسی شہر کن میں اس میلے میں ہر سال ہزاروں افراد شرکت کرتے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے