10 جولائی 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]افغانستان میں قیام امن کے موضوع پر او آئی سی کا اجلاس[/pullquote]

افغانستان میں قیام امن کے موضوع پر اسلامی ممالک کی تنظیم ’او آئی سی‘ کے ایماء پر ایک اجلاس ہو رہا ہے۔ او آئی سی کے مطابق کابل میں ہونے والے اس اجلاس میں مذہبی مبلغین بھی شرکت کر رہے ہیں۔ اس دوران اس امر پر غور کیا جا رہا ہے کہ افغانستان میں امن کا قیام کس طرح ممکن ہے۔ کل اس دو روزہ اجلاس کا آخری دن ہے۔ طالبان نے اس اجتماع پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے کہ اس اجلاس میں امریکیوں کے حق میں فیصلہ کیا جائے گا۔ او آئی سی ستاون رکنی تنظیم ہے، جس کا مرکزی دفتر جدہ میں قائم ہے۔

[pullquote]سعودی عرب: جازان پر حوثیوں کا میزائل حملہ[/pullquote]

سعودی عرب نے یمن کے حوثی باغیوں کے ایک میزائل کو تباہ کرنے کا دعوی کیا ہے۔ سعودی فضائیہ کے مطابق حوثیوں نے جازان نامی علاقے پر میزائل داغا تھا۔ تاہم اس بیان میں جانی و مالی نقصان کی کوئی تفصیلات بیان نہیں کی گئی ہیں۔ دوسری جانب حوثیوں کے المسیرہ ٹی وی بتایا تھا کہ بدر اول نامی میزائل نے جازاں کو نشانہ بنایا، جہاں سعودی کمپنی آرامکو ایک آئل ریفائنری کی تیاری میں مصروف ہے۔ حوثی گزشتہ مہینوں کے دوران سعودی عرب پر متعدد مرتبہ میزائل حملے کر چکے ہیں۔

[pullquote]تھائی لینڈ میں سولہ دنوں سے غار میں پھنسی فٹ بال ٹیم اور کوچ کو بچا لیا گیا[/pullquote]

تھائی لینڈ میں دو ہفتوں سے زائد عرصے سے ایک زیر زمین غار میں پھنسی نوجوان فٹ بالروں کی ایک ٹیم کے تمام ارکان اور ان کے کوچ کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔ ملک کے شمال میں اس غار میں پھنسے نوجوانوں میں سے خصوصی غوطہ خوروں نے کل پیر کے روز بھی مزید چار افراد کو زندہ نکال لیا تھا۔ باقی ماندہ چار کھلاڑیوں اور ٹیم کے کوچ کو آج منگل کے دن بچا لیا گیا۔ امدادی کارروائیوں میں تھائی فوج کے اہلکاروں نے مرکزی کردار ادا کیا۔ کُل تیرہ میں سے چار افراد کو چند روز قبل ہی ریسکیو کر لیا گیا تھا۔

[pullquote]چین عرب ممالک کو قرضے دے گا[/pullquote]

چین مشرق وسطی کی عرب ریاستوں کو بڑے پیمانے پر قرضے دے گا۔ چینی صدر شی جن پنگ کے مطابق اقتصادی شعبے میں ترقی، سلامتی و تحفظ سے جڑے متعدد مسائل کا ایک بہترین حل ہے۔ یہ بات انہوں نے اکیس عرب ممالک کے نمائندوں سے بیجنگ میں ملاقات کے دوران کہی۔ بتایا گیا ہے کہ اس مقصد کے لیے بیس ارب ڈالر سے زائد کی مالی امداد دی جائے گی۔ یہ رقم تنازعات کے شکار اس خطے کے اقتصادی و صنعتی شعبوں کی تعمیر نو پر خرچ کی جائے گی۔ شی جن پنگ کے بقول اس قرضے کا تعلق جوہری اور قابل تجدید توانائی کے میدان میں تعاون بڑھانے سے بھی ہے۔

[pullquote]جلال آباد میں خود کش حملہ ، کم از کم بارہ ہلاک[/pullquote]

افغانستان میں آج منگل کو ایک خود کش حملے میں کم از کم بارہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ حکام نے بتایا کہ یہ واقعہ مشرقی شہر جلال آباد میں پیش آیا اور خود کش بمبار کا ہدف وہاں سے گزرنے والا ایک فوجی قافلہ تھا۔ بتایا گیا ہے کہ دھماکے سے قریب میں واقع ایک پٹرول پمپ میں آگ بھڑک اٹھی۔ ہلاک شدگان میں عام شہری بھی شامل ہیں۔ اسلامک اسٹیٹ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔

[pullquote]تارکین وطن غیر قانونی طور پر امریکا نہ آئیں، صدر ٹرمپ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ تارکین وطن غیر قانونی طور پر امریکا نہ آئیں۔ ٹرمپ نے یہ بات ایک ایسے وقت پر کہی جب امریکی عدالتوں کی طرف سے ٹرمپ انتظامیہ کی تارکین وطن کو حراست میں رکھنے کی پالیسی کے خلاف ایک سے زائد فیصلے سنائے جا چکے ہیں۔ کل پیر کے روز بھی ایک وفاقی عدالت کے جج نے غیر قانونی تارکین وطن کے طور پر امریکا آنے والے بچوں کو طویل مدت کے لیے حراستی مراکز میں رکھنے کی حکومتی پالیسی مسترد کر دی تھی۔ اس حوالے سے ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کے روز وائٹ ہاؤس میں صحافیوں کو بتایا کہ اس مسئلے کا حل ممکنہ تارکین وطن کو یہ بتانا ہے کہ انہیں غیر قانونی کے بجائے قانونی طور پر امریکا آنے کی کوشش کرنا چاہیے۔

[pullquote]ایران جرمنی سے اپنے سینکڑوں ملین یورو کی تہران منتقلی کا خواہش مند[/pullquote]

ایران چاہتا ہے کہ جرمنی کے مرکزی بینک میں جمع اس کی تین سو ملین یورو کی رقوم اسے ادا کر دی جائیں، جنہیں ایران بعد ازاں تہران منتقل کرنا چاہتا ہے۔ اس کی وجہ یہ خدشات ہیں کہ امریکا کی طرف سے لگائی گئی پابندیوں کے باعث جرمنی میں یہ رقوم منجمد کی جا سکتی ہیں۔ اپنے ان ارادوں کے ساتھ ایران نے جرمن حکومت کو بظاہر مشکل میں ڈال دیا ہے۔ جرمنی چاہتا ہے کہ ایران کے ساتھ عالمی طاقتوں کی طے کردہ جوہری ڈیل پر عمل درآمد ہوتا رہے، لیکن ایرانی رقوم کی تہران کو واپسی کی صورت میں جرمنی کو امریکا اور اسرائیل کی طرف سے شدید تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔ برلن میں امریکی سفیر رچرڈ گرینل کا مطالبہ ہے کہ جرمنی کا بنڈس بینک ایران کو یہ رقوم واپس نہ کرے۔

[pullquote][pullquote]پوٹن سے ملاقات نیٹو سمٹ سے آسان تر ہو سکتی ہے، امریکی صدر[/pullquote][/pullquote]

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیٹو کے رکن امریکی اتحادی ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ اپنی آئندہ سمٹ کے بارے میں کہا ہے کہ ان کی روسی صدر پوٹن سے ملاقات ممکنہ طور پر زیادہ آسان ہو گی۔ ٹرمپ نے یہ بات اس تناظر میں کہی کہ نیٹو سمٹ میں انہیں پوٹن سے ملاقات کے مقابلے میں بظاہر کہیں زیادہ سیاسی مشکلات کا سامنا کرنا ہو گا۔ امریکی صدر کل بدھ کے روز برسلز میں نیٹو کی ایک سمٹ میں حصہ لیں گے، جس کے بعد جمعے کے روز وہ برطانیہ کے دورے پر لندن پہنچیں گے۔ اس کے بعد اگلے پیر کے روز کے لیے ٹرمپ کی فن لینڈ کے دارالحکومت ہیلسنکی میں روسی ہم منصب ولادیمیر پوٹن کے ساتھ ایک ملاقات طے ہے۔

[pullquote]حلف برداری کے بعد ترک صدر ایردوآن کا پہلا غیر ملکی دورہ[/pullquote]

ترکی میں نئے صدارتی جمہوری نظام کے تحت اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد صدر رجب طیب ایردوآن آج منگل کے روز اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر آذربائیجان روانہ ہو گئے۔ ایردوآن اس دورے کے دوران قبرص کے منقسم جزیرے کے شمالی حصے میں قائم ترک قبرصی جمہوریہ کا دورہ بھی کریں گے۔ قبرص کا زیادہ تر یونانی نسل کی آبادی والا جنوبی حصہ جمہوریہ قبرص کہلاتا ہے، جو یورپی یونین کا رکن ملک ہے۔

[pullquote]جرمنی میں ترک نژاد قوم پرستوں کے روکر گینگ پر ملک گیر پابندی[/pullquote]

وفاقی جرمن وزیر داخلہ ہورسٹ زیہوفر نے ملک میں قوم پسند ترک نژاد شہریوں اور ترک باشندوں کے روکر گینگ ’عثمانن گَیرمانیہ‘ پر ملک گیر پابندی لگا دی ہے۔ برلن میں وزارت داخلہ کی طرف سے بتایا گیا کہ اس تنظیم کی وجہ سے ملک میں امن عامہ کو شدید خطرہ تھا۔ اس سلسلے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے منگل کی صبح جرمنی کے چار صوبوں میں مختلف مقامات پر چھاپے بھی مارے۔ اس روکر گروپ کے نام کا مطلب ہے: ’جرمنی کے عثمانی‘۔ جرمن حکام کے مطابق اس تنظیم کے ارکان بلیک میلنگ، منشیات کے کاروبار اور جبراﹰ کرائی جانے والی جسم فروشی میں ملوث ہونے کے علاوہ ترکی میں قوم پسندانہ سیاسی رابطوں کے حامل بھی تھے۔

[pullquote]لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابوں کے باعث سوا سو سے زائد جاپانی ہلاک[/pullquote]

جاپان میں ریکارڈ حد تک زیادہ بارشوں کے بعد سیلابوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات کے نتیجے میں اب تک ہلاک ہونے والوں کی تعداد کم از کم بھی ایک سو چھبیس ہو گئی ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق مارچ دو ہزار گیارہ میں آنے والے تباہ کن زلزلے اور سونامی کے بعد سے جاپان میں یہ سیلاب سب سے ہلاکت خیز قدرتی آفت ثابت ہوئے ہیں۔ بہت سے قصبوں اور شہروں میں امدادی کارکن لاپتہ افراد کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں۔ زیادہ تر متاثرہ علاقوں میں کئی دن تک جاری رہنے والی شدید بارشیں اگرچہ تھم چکی ہیں تاہم محکمہ موسمیات نے لینڈ سلائیڈنگ کے مزید واقعات سے خبردار کیا ہے۔ مجموعی طور پر قریب گیارہ ہزار شہریوں نے گزشتہ رات ہنگامی رہائش گاہوں میں بسر کی۔

[pullquote]تھائی لینڈ میں ابھی تک پانچ افراد غار میں پھنسے ہیں[/pullquote]

تھائی لینڈ میں کئی نوجوانوں کے ایک غار میں پھنس کر رہ جانے کے ڈرامائی واقعے میں دو ہفتے گزر جانے کے بعد اب اس معاملے کے خوش کُن خاتمے کی امیدیں کم ہوتی جا رہی ہیں۔ ملک کے شمال میں اس زیر زمین غار میں پھنسے نوجوانوں میں سے خصوصی غوطہ خوروں نے کل پیر کے روز مزید چار افراد کو وہاں سے زندہ نکال لیا تھا۔ یوں وہاں پھنس جانے والی فٹ بال ٹیم کے ارکان میں سے اب تک کُل آٹھ کھلاڑیوں کو بچایا جا چکا ہے۔ چار نوجوان کھلاڑی اور ان کی دیکھ بھال کرنے والا ایک سپورٹس اہلکار ابھی تک اس غار میں پھنسے ہوئے ہیں۔ انہیں اس غار میں پھنسے سولہ دن ہو گئے ہیں۔ امدادی کارروائیاں آج منگل کے روز بھی جاری ہیں۔

[pullquote]ایتھوپیا اور اریٹریا کے مابین بیس سال بعد عنقریب براہ راست مسافر پروازیں[/pullquote]

ہمسایہ افریقی ممالک ایتھوپیا اور اریٹریا کے مابین بیس سالہ جنگی تنازعے کے بعد براہ راست مسافر پروازوں کا سلسلہ ایک ہفتے بعد شروع ہو جائے گا۔ یہ بات ایتھوپین ایئرلائنز کی طرف سے منگل کے روز جاری کردہ ایک بیان میں بتائی گئی۔ ابتدا میں ان دونوں ممالک کے مابین روزانہ ایک مسافر پرواز شروع کی جائے گی۔ بعد میں یومیہ فضائی رابطوں کی تعداد بڑھا دی جائے گی۔ دونوں ممالک نے ابھی حال ہی میں ایک معاہدے کے ذریعے اپنی باہمی جنگ کے خاتمے کا اعلان کیا تھا۔

[pullquote]ترک صدر ایردوآن کی حلف برداری، نئی ملکی کابینہ پہلے سے چھوٹی[/pullquote]

ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے پیر کی شام بطور سربراہ مملکت اپنی حلف برداری کے محض چند گھنٹے بعد اپنی نئی کابینہ کا اعلان کر دیا۔ نئی ملکی کابینہ اپنے سولہ ارکان کے ساتھ کافی چھوٹی ہے۔ گزشتہ کابینہ میں وزراء کی تعداد چھبیس تھی۔ صدر ایردوآن نے متعدد وزارتیں اپنی قریبی معتمد رہنماؤں اور رشتے داروں کو دی ہیں۔ وزیر خارجہ کا عہدہ دوبارہ مولود چاوُش اولو کو دیا گیا ہے۔ وزیر خزانہ بیرات البیراک کا بنایا گیا ہے، جو ایردوآن کے داماد ہیں۔ ترکی میں نئے صدارتی نظام حکومت کے تحت چونسٹھ سالہ ایردوآن کو بے تحاشا اختیارات مل گئے ہیں اور وہ پارلیمان کی منظوری کے بغیر بھی وزراء نام‍زد کر سکتے ہیں۔

[pullquote]بورس جانسن بھی مستعفی: جیریمی ہنٹ نئے برطانوی وزیر خارجہ ہوں گے[/pullquote]

برطانیہ کے بریگزٹ امور کے وزیر ڈیوڈ ڈیوس کے استعفے کے بعد وزیر اعظم ٹریزا مے کی بریگزٹ پالیسی سے اختلافات کی وجہ سے وزیر خارجہ بورس جانسن بھی اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں۔ جانسن کے جانشین طویل عرصے سے وزیر صحت کے فرائض انجام دینے والے جیریمی ہنٹ ہوں گے۔ ہنٹ کو ٹریزا مے کا قریبی معتمد سمجھا جاتا ہے۔ دو ہزار سولہ میں ہونے والے بریگزٹ ریفرنڈم میں انہوں نے برطانیہ کے یورپی یونین میں شامل رہنے کی حمایت کی تھی۔ ڈیوڈ ڈیوس کے جانشین کے طور پر بریگزٹ امور کے نئے وزیر ڈومینیک راب ہوں گے، جو اب تک وزارت تعمیرات کے اسٹیٹ سیکرٹری تھے۔ ڈومینیک راب برطانیہ کے یورپی یونین سے اخراج کے کٹر حامی تصور کیے جاتے ہیں۔

[pullquote]امریکی سپریم کورٹ کے نئے جج بریٹ کَیوینَوہ ہوں گے[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملکی سپریم کورٹ کے جج کے خالی ہونے والے ایک عہدے کے لیے اپنے منتخب کردہ امیدوار کے نام کا اعلان کر دیا ہے۔ اگر سینیٹ نے توثیق کر دی تو قدامت پسند فیڈرل جج بریٹ کَیوینَوہ اعتدال پسند انتھونی کینیڈی کے جانشین ہوں گے۔ انتھونی کینیڈی نے بڑھاپے اور صحت سے متعلقہ وجوہات کی بنا پر اپنی ذمے داریوں سے دستبرداری کا اعلان کر دیا تھا۔ تریپن سالہ بریٹ کَیوینَوہ کی تقرری کے ساتھ صدر ٹرمپ چاہتے ہیں کہ کئی عشروں بعد سپریم کورٹ کے ججوں میں دائیں بازو کے قدامت پسندوں کی دوبارہ اکثریت ہو جائے۔ امریکی سپریم کورٹ کے ججوں کی کل تعداد نو ہے، جو تاحیات اپنے عہدوں پر فائز رہتے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے