بدھ : 11 جولائی 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]فائٹر جیٹ ٹیکنالوجی: برطانیہ اپنی لیڈرشپ کے تسلسل کا خواہش مند[/pullquote]

برطانوی فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل اسٹیفن ہِیلیئر نے کہا ہے کہ برطانیہ کی خواہش ہے کہ جدید جنگی طیارے بنانے کی ٹیکنالوجی میں وہ آئندہ بھی بین الاقوامی سطح پر اپنی قائدانہ حیثیت کا حامل رہے۔ ایئر چیف مارشل ہِیلیئر نے یہ بات بدھ کے روز لندن میں ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ برطانوی ایئر فورس کے سربراہ نے یہ بات ایسے وقت پر کہی ہے، جب گزشتہ مہینے ہی جرمنی اور فرانس کی حکومتوں نے ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ اس معاہدے کے تحت مل کر مستقبل کے جدید ترین جنگی جیٹ تیار کیے جائیں گے، جو دونوں ممالک کی فضائی افواج استعمال کریں گی۔

[pullquote]ہم جنس پرستی کے خلاف قانون سے متعلق فیصلہ سپریم کورٹ کرے، بھارتی حکومت[/pullquote]

بھارتی حکومت نے اس امر کا تعین کرنے کا اختیار ملکی سپریم کورٹ پر چھوڑ دینے کا فیصلہ کیا ہے کہ آیا ہم جنس پرستی کے خلاف ایک پرانا ملکی قانون غیر آئینی ہے۔ بھارت میں یہ قانون برطانوی نوآبادیاتی دور سے نافذ چلا آ رہا ہے۔ ملکی سپریم کورٹ پہلے ہی چند ایسی آئینی درخواستوں کی سماعت کر رہی ہے، جن میں اسی عدالت کے چند ایسے گزشتہ فیصلوں کے نئے سرے سے جائزے کی اپیل کی گئی ہے، جن میں اس قانون کا آئین سے ہم آہنگ قرار دیا گیا تھا۔ مروجہ قانون کے تحت ہم جنس پرستی کے مرتکب کسی بھی شہری کو جرمانے کے علاوہ دس سال تک قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔

[pullquote]جلال آباد میں محکمہ تعلیم کی عمارت پر حملے میں ہلاکتوں کی تعداد دس[/pullquote]

افغانستان کے مشرقی شہر جلال آباد میں آج بدھ کے روز محکمہ تعلیم کی ایک عمارت پر کیے گئے حملے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر دس ہو گئی ہے۔ شروع میں مرنے والوں کی تعداد صرف تین بتائی گئی تھی۔ اس حملے میں دس دیگر افراد زخمی بھی ہوئے۔ صوبائی گورنر کے دفتر کی طرف سے بتایا گیا کہ اس عمارت پر مسلح عسکریت پسندوں کا حملہ ختم ہو گیا ہے۔ مزید کوئی تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔

[pullquote]چینی درآمدی مصنوعات پر اضافی محصولات، امریکا نے نئی فہرست جاری کر دی[/pullquote]

امریکا نے چینی درآمدی مصنوعات پر اضافی محصولات عائد کرنے کے فیصلے سے متاثرہ اشیاء کی ایک نئی فہرست جاری کر دی ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ کے عائد کردہ ان نئے درآمدی ٹیکسوں کی مجموعی مالیت قریب دو سو ارب ڈالر بنتی ہے۔ واشنگٹن میں ایک اعلیٰ حکومتی اہلکار نے بتایا کہ منتخب چینی مصنوعات پر ان نئے محصولات کا نفاذ ممکنہ طور پر ستمبر سے ہو جائے گا۔ صدر ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ امریکا اور چین کی تجارتی جنگ میں واشنگٹن کی طرف سے چینی درآمدات پر سالانہ مزید قریب پانچ سو ارب ڈالر کی امپورٹ ڈیوٹی عائد کی جا سکتی ہے۔ گزشتہ جمعے کے روز بھی کئی چینی مصنوعات پر پچیس فیصد کی شرح سے ایسے ہی نئے امریکی ٹیکس عائد کر دیے گئے تھے، جن کی مالیت چونتیس ارب ڈالر بنتی تھی۔ بعد ازاں چین نے بھی جواباﹰ ایسے ہی تجارتی اقدامات کا اعلان کر دیا تھا۔

[pullquote]جرمن چانسلر نے ٹرمپ کی تنقید مسترد کر دی[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے توانائی کے شعبے میں روس کے ساتھ تعاون پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تنقید کو مسترد کر دیا ہے۔ برسلز میں مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے سربراہی اجلاس کے موقع پر میرکل نے کہا کہ انہوں نے خود وہ حالات دیکھے ہیں، جب جرمنی کے ایک حصے پر سابقہ سوویت یونین کا قبضہ تھا۔ ان کے بقول جرمن اتحاد کے بعد ہی وفاقی جمہوریہ آزادی سے اپنے فیصلے کرنے کے قابل ہوئی تھی۔ ٹرمپ نے کہا تھا کہ جرمنی نے توانائی کے ترسیل کے حوالے سے خود کو روس کا ایک ’یرغمالی‘ بنا رکھا ہے۔

[pullquote]اسرائیلی سرحد کے قریب ایک ڈرون میزائل سے تباہ کر دیا گیا[/pullquote]

اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس نے شام کے ساتھ ملکی سرحد کے قریب بغیر پائلٹ کے پرواز کرنے والے ایک ڈرون کو پیٹریئٹ میزائل سے تباہ کر دیا۔ کوئی تفصیلات بتائے بغیر صرف یہ کہا گیا کہ اس میزائل سے یہ ڈرون آج بدھ کے روز دوران پرواز ہی تباہ ہو گیا۔ ملکی میڈیا کے مطابق یہ ڈرون اسرائیلی حدود میں داخل ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا۔ یہ واضح نہیں کہ اس ڈرون کو اس کے مشن پر کس نے بھیجا تھا۔ قبل ازیں شامی سرحد کے قریب گولان کی مقبوضہ پہاڑیوں کے علاقے میں اسرائیلی فوج کی طرف سے بجائے گئے خطرے کے سائرن بھی سنائی دیے۔

[pullquote]برطانیہ کے پاس بریگزٹ کے لیے وقت کم پڑتا جا رہا ہے، فرانس کی تنبیہ[/pullquote]

فرانس نے برطانیہ کو تنبیہ کی ہے کہ اس کے پاس بریگزٹ کے لیے وقت خطرناک حد تک کم پڑتا جا رہا ہے۔ یہ بات فرانسیسی وزیر خزانہ برُونو لے میئر نے آج بدھ کے روز کہی۔ انہوں نے کہا کہ لندن حکومت کو اب اس کام میں م‍زید تاخیر نہیں کرنا چاہیے کہ وہ بریگزٹ کے بعد کے دور میں برطانیہ کے یورپی یونین کے ساتھ تعلقات کی تفصیلات کو حتمی شکل دے دے۔ برطانیہ میں وزیر اعظم ٹریزا مے کی بریگزٹ پالیسی کے خلاف حال ہی میں متعدد ملکی وزراء مستعفی ہو چکے ہیں۔ برطانوی عوام نے دو ہزار سولہ میں بریگزٹ کے حق میں فیصلہ دیا تھا اور مارچ دو ہزار انیس کے آخر تک برطانیہ کو یہ عمل مکمل کرنا ہے۔

[pullquote]جرمن دہشت گرد گروپ این ایس یو کے حملے، مرکزی ملزمہ کے لیے عمر قید[/pullquote]

جرمنی میں انتہائی دائیں بازو کے دہشت گرد گروپ این ایس یو کے ارکان کے ہاتھوں قتل کے کئی واقعات سے متعلق مقدمے میں آج بدھ کو مرکزی ملزمہ کو عمر قید کی سزا سنا دی گئی۔ ملزمہ بیآٹے شَیپے کو میونخ کی ایک اعلیٰ صوبائی عدالت نے دس افراد کے قتل کی ذمے دار قرار دیتے ہوئے عمر قید کا حکم سنایا۔ شَیپے کے ساتھی چار مردوں کو شریک ملزمان کے طور پر مختلف مدت کی قید کی سزائیں سنائی گئیں۔ اس مقدمے کی کارروائی پانچ سال سے زائد عرصے تک جاری رہی۔ ’نیشنل سوشلسٹ انڈرگراؤنڈ‘ نامی اس نئے نازی گروپ نے دو بم حملے کرنے کے علاوہ ایک خاتون پولیس اہلکار اور دس ترک اور یونانی نژاد مردوں کو قتل بھی کیا تھا۔ گروپ کے دو مرکزی ارکان اُووے بوئن ہارٹ اور اُووے مُنڈلوس نے دو ہزار گیارہ میں اپنی شناخت ظاہر ہو جانے پر خود کشی کر لی تھی۔

[pullquote]ٹی وی گروپ سکائی کی خریداری کے لیے قریب پچیس ارب پاؤنڈ کی پیشکش[/pullquote]

رُوپرٹ مرڈوک گروپ کی کمپنی ٹوئنٹی فرسٹ سینچری فوکس نے انکشاف کیا ہے کہ اس نے پورے یورپ میں سکائی ٹی وی گروپ کی خریداری کے لیے اپنی مالیاتی پیشکش بڑھا کر قریب پچیس ارب پاؤنڈ کر دی ہے۔ یہ رقم تقریباﹰ تینتیس ارب ڈالر یا اٹھائیس ارب یورو کے برابر بنتی ہے۔ اس طرح ٹوئنٹی فرسٹ سینچری فوکس نے سکائی کی خریداری کے خواہش مند حریف امریکی ادارے کوم کاسٹ کی مالی پیشکش کو کافی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ان دونوں حریف اداروں کے مابین مقابلہ سکائی کے اکسٹھ فیصد ملکیتی حقوق کی خریداری سے متعلق ہے۔

[pullquote]دو روزہ نیٹو سمٹ: دفاعی بجٹ سے متعلق بحث مرکزی موضوع رہے گی[/pullquote]

بیلجیم کے دارالحکومت برسلز میں آج بدھ سے مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کا ایک سربراہی اجلاس شروع ہو رہا ہے، جو دو روز تک جاری رہے گا۔ امکان ہے کہ اس سمٹ میں اس تنظیم کے رکن ممالک کے دفاعی بجٹ سے متعلق متنازعہ بحث ہی مرکزی موضوع رہے گی۔ امریکی صدر ٹرمپ کی طرف سے جرمنی پر کئی بار یہ کہتے ہوئے تنقید کی جا چکی ہے کہ جرمنی نیٹو کے طے کردہ اہداف کے مطابق ابھی تک دو فیصد کی شرح سے دفاعی بجٹ کی منزل سے بہت دور ہے۔ ٹرمپ کے مطابق نیٹو کی رکن ریاستوں کے دفاع کے لیے سب سے زیادہ مالی وسائل امریکا خرچ کر رہا ہے جبکہ ہر ملک کو اپنے حصے کا مالی بوجھ خود اٹھانا چاہیے۔

[pullquote]فرانس بیلجیم کو ہرا کر فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچ گیا[/pullquote]

روس میں جاری فیفا ورلڈ کپ مقابلوں کے پہلے سیمی فائنل میں منگل کی رات فرانس بیلجیم کو ہرا کر اس ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گیا۔ سینٹ پیٹرزبرگ میں ہونے والے اس میچ میں فرانس نے صفر کے مقابلے میں ایک گول سے کامیابی حاصل کی۔ میچ کا واحد گول دوسرے ہاف میں سیموئل اُمتیتی نے کیا۔ آج بدھ کو ماسکو میں کھیلے جا رہے دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ کا مقابلہ کروشیا سے ہو گا۔ اس ورلڈ کپ کا فائنل آئندہ اتوار کو کھیلا جائے گا۔ مجموعی طور پر ایسا تیسری مرتبہ ہوا ہے کہ فرانسیسی ٹیم فٹ بال ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچی ہے۔

[pullquote]بھارت میں شدید بارشوں کے بعد لینڈ سلائیڈنگ، کم از کم نو افراد ہلاک[/pullquote]

بھارت کے شمال مشرقی حصے میں مون سون کی شدید بارشوں کے بعد لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات کے نتیجے میں کم از کم نو افراد ہلاک ہو گئے۔ ریاست منی پور کے ایک ضلع میں ایسے ہی ایک واقعے میں منگل اور بدھ کی درمیانی رات ایک گاؤں کے متعدد مکانات مٹی کے پھسلتے ہوئے تودوں کی زد میں آ گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک خاتون اور آٹھ بچے شامل ہیں۔

[pullquote]جرمنی سے نکالے جانے والے افغان شہری نے کابل میں خود کشی کر لی[/pullquote]

جرمنی سے ملک بدر کیے جانے والے ایک افغان مہاجر نے کابل میں خود کشی کر لی ہے۔ حکام نے بتایا ہے کہ تیئس سالہ اس نوجوان کا تعلق صوبہ بلخ سے تھا اور اس کی لاش ایک ہوٹل کے کمرے سے ملی ہے۔ اس بیان کے مطابق اس نوجوان نے خود کو پھانسی لگائی۔ گزشتہ ہفتے اسے اڑسٹھ دیگر افغان شہریوں کے ساتھ وطن واپس بھیجا گیا تھا۔ ملک بدری سے قبل وہ آٹھ سال تک جرمنی میں مقیم تھا۔ دوسری جانب جرمن وزیر داخلہ ہورسٹ زیہوفر نے کہا ہے کہ وہ جرمنی سے اتنی بڑی تعداد میں افغان باشندوں کو نکالے جانے پر مطمئن ہیں۔

[pullquote]پشاور میں اے این پی کی انتخابی ریلی پر بڑا خود کش حملہ، اکیس افراد ہلاک[/pullquote]

پشاور میں عوامی نیشنل پارٹی کی ایک انتخابی ریلی پر کیے گئے ایک بڑے خود کش حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد کم از کم بھی اکیس ہو گئی ہے۔ صوبے خیبر پختونخوا کے دارالحکومت میں منگل کو رات گئے کیے گئے اس بم حملے میں اے این پی کے ایک مقامی رہنما اور انتخابی امیدوار ہارون بلور بھی مارے گئے۔ اس حملے میں ساٹھ سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے، جن میں سے پینتیس ابھی تک پشاور کے مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ یہ حملہ پچیس جولائی کے عام انتخابات سے قبل پاکستان میں اب تک کی جانے والی سب سے بڑی دہشت گردانہ کارروائی ہے۔ اس کی ذمے داری پاکستانی طالبان نے قبول کر لی ہے۔ ہارون بلور کے والد بشیر بلور بھی اے این پی کے ایک مرکزی رہنما تھے، جو دو ہزار بارہ میں ایسے ہی ایک خود کش حملے میں مارے گئے تھے۔

[pullquote]نیٹو ممالک میں اختلافات ہیں لیکن دفاعی اتحاد مضبوط، اسٹولٹن برگ[/pullquote]

نیٹو کے رکن ممالک میں کئی امور پر اختلافات پائے جاتے ہیں لیکن یہ مغربی دفاعی اتحاد ایک مضبوط بلاک ہے۔ یہ بات نیٹو کے سیکرٹری جنرل ژینس اسٹولٹن برگ نے بدھ کے روز برسلز میں کہی۔ برسلز میں آج ہی سے نیٹو کی ایک دو روزہ سمٹ بھی شروع ہو رہی ہے۔ سمٹ کا مرکزی موضوع دفاعی بجٹ سے متعلق متنازعہ بحث ہی ہو گی۔ اسٹولٹن برگ کے اس بیان سے محض ایک گھنٹہ قبل امریکی صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ جرمنی نے خود کو روس سے توانائی کے ترسیل کے حوالے سے ’ایک یرغمالی‘ بنا رکھا ہے۔ ٹرمپ کی مراد وہ نیا پائپ لائن منصوبہ بھی تھا، جس کے ذریعے روسی گیس جرمنی پہنچائی جائے گی۔ ٹرمپ نیٹو کے لیے ناکافی جرمن ادائیگیوں پر بھی متعدد مرتبہ تنقید کر چکے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے