منگل : 17 جولائی 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]جنوبی کوریا کا فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، پانچ ہلاکتیں[/pullquote]

جنوبی کوریا کا ایک فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں کم از کم پانچ افراد ہلاک اور ایک شدید زخمی ہو گیا۔ یہ حادثہ اس میرین کور بیس پر پیش آیا، جہاں جنوبی کوریا اور امریکا کے دستے سالانہ فوجی مشقیں کرتے ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس ہیلی کاپٹر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی۔ زخمی فوجی اہلکار کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ اس واقعے کی وجوہات کے تعین کے لیے چھان بین شروع کر دی گئی ہے۔

[pullquote]اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا فلسطینی دم توڑ گیا[/pullquote]

غزہ پٹی کی سرحد کے قریب اسرائیلی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والا ایک اور فلسطینی دم توڑ گیا ہے۔ غزہ میں وزارت صحت کے مطابق چند روز پہلے زخمی ہونے والا یہ تئیس سالہ فلسطینی یروشلم کے سینٹ جوزف ہسپتال میں زیر علاج تھا۔ تیس مارچ کے بعد سے شروع ہونے والے احتجاجی مظاہروں اور ان کے شرکاء کے خلاف اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے اب تک ایک سو چوالیس فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔ اسرائیل اپنی سرحدوں کی حفاظت کے لیے براہ راست کی جانے والی فائرنگ کو جائز قرار دیتا ہے جبکہ انسانی حقوق کی تنظیمیں اس کی شدید مخالف ہیں۔

[pullquote]ایران میں داعش کے چار مشتبہ ارکان گرفتار[/pullquote]

ایران نے ملک کے جنوب مغرب میں داعش کے چار مشتبہ ارکان کی گرفتاری کا اعلان کیا ہے۔ ایرانی انٹیلیجنس کے نگران وزیر محمود علوی کے مطابق مشتبہ ملزمان دہشت گردانہ حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ علوی کے مطابق پکڑے جانے والے گروہ کے سربراہ کا ایک بھائی شام میں داعش کے لیے لڑتے ہوئے ہلاک ہو چکا ہے۔ گزشتہ برس داعش نے ایرانی پارلیمان اور ایرانی انقلاب کے بانی خمینی کے مقبرے پر حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں کم از کم اٹھارہ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

[pullquote]نکاراگوا میں پرتشدد کارروائیاں فوراﹰ بند کی جائیں، اقوام متحدہ[/pullquote]

اقوام متحدہ نے نکاراگوا میں پرتشدد کارروائیاں فوری طور پر بند کیے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی طرف سے یہ تشدد ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے ملکی صدر پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قومی سطح پر سیاسی مکالمت بہت ضروری ہے۔ گزشتہ ویک اینڈ پر صدر ڈینیئل اورٹیگا کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے کم از کم بارہ افراد مارے گئے تھے۔ نکاراگوا میں حکومت مخالف مظاہروں کا آغاز رواں برس اپریل میں ہوا تھا۔ تب سے اب تک تقریباﹰ تین سو افراد مارے جا چکے ہیں۔

[pullquote]افغانستان میں داعش کا خودکش حملہ، کم از کم 20 افراد ہلاک[/pullquote]

افغان حکام کے مطابق شمالی افغانستان میں داعش کے ایک خود کش حملے میں کم از کم بیس افراد مارے گئے ہیں۔ سرِ پُل کے صوبائی پولیس سربراہ عبدالقیوم نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں طالبان کا ایک کمانڈر بھی شامل ہے۔ یہ دھماکا ایک نماز جنازہ کے دوران کیا گیا۔ افغان حکام کے مطابق اس علاقے میں گزشتہ چند روز سے طالبان اور داعش کے عسکریت پسندوں کے مابین لڑائی جاری ہے، جس کے نتیجے میں اب تک اطراف کے سو جنگجو ہلاک ہو چکے ہیں۔ ان اعداد و شمار کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔

[pullquote]نئی امریکی پابندیوں کے خلاف ایران عالمی عدالت انصاف میں[/pullquote]

تہران حکومت نے واشنگٹن کی طرف سے عالمی جوہری ڈیل سے دستبرداری پر امریکا کے خلاف باقاعدہ شکایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ امریکی اقدامات بین الاقوامی قوانین اور عالمی سفارت کاری کے خلاف ہیں۔ اس سلسلے میں ایران نے امریکا کے خلاف بین الاقوامی عدالت انصاف میں ایک شکایت بھی درج کرا دی ہے۔ اس سال مئی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران اور عالمی طاقتوں کے مابین سن دو ہزار پندرہ میں طے پانی والی ایک تاریخی ڈیل سے واشنگٹن کے الگ ہونے کا اعلان کر دیا تھا۔ اس کے نتیجے میں امریکا کی طرف سے ایران پر عائد پابندیاں بحال کی جا رہی ہیں۔

[pullquote]باراک اوباما کی نیلسن منڈیلا کی اعزاز میں تقریر[/pullquote]

سابق امریکی صدر باراک اوباما آج منگل کے روز جنوبی افریقہ میں نیلسن منڈیلا کے اعزاز میں تقریر کریں گے۔ کل بدھ کے روز نیلس منڈیلا کی ایک سوویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق منصب صدارت چھوڑنے کے بعد سے باراک اوباما کی یہ اہم ترین تقریر ہو گی۔ جوہانسبرگ میں منعقد ہونے والی اس تقریب میں جنوبی افریقی صدر کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کے سابق جنرل سکریٹری کوفی عنان بھی شرکت کریں گے۔ سن دو ہزار تیرہ میں وفات پانے والے منڈیلا کا شمار بیسویں صدی کے بڑے رہنماوں میں ہوتا ہے۔

[pullquote]افغان پالیسی میں تبدیلی، امریکا طالبان سے براہ راست مذاکرات پر تیار[/pullquote]

امریکا بظاہر افغانستان میں اپنی حکمت عملی تبدیل کرنے پر تیار ہو گیا ہے۔ واشنگٹن حکام کے مطابق وہ افغان طالبان کے ساتھ براہ راست مذاکرات کے لیے تیار ہيں تاکہ کابل حکومت اور طالبان کے مابین بات چیت کی حوصلہ افزائی ہو سکے۔ طالبان ایک عرصے سے امریکی حکام سے براہ راست مذاکرات کا مطالبہ کر رہے تھے۔ قبل ازیں امریکی موقف يہ رہا ہے کہ وہ صرف کابل حکومت سے براہ راست مذاکرات کرنے کی صورت میں ہی افغان طالبان سے مذاکرات کریں گے۔ دریں اثناء طالبان نے کہا ہے کہ ان سے ابھی تک کسی امریکی رہنما نے اس حوالے سے رابطہ نہیں کیا۔

[pullquote]امریکا میں ايک مشتبہ روسی ایجنٹ خاتون گرفتار[/pullquote]

امریکا میں ایک انتیس سالہ روسی خاتون کو جاسوسی کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ مشتبہ خاتون ایجنٹ پر امریکی سیاستدانوں پر اثرانداز ہونے کے لیے مختلف سیاستدانوں اور تنظیموں سے رابطے رکھنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ سب کچھ روس کے مفاد میں کیا گیا۔ امریکی اداروں کی مطابق خاتون ماسکو کے ایک اعلیٰ عہدیدار کی ہدایات پر عمل پیرا تھی۔ روسی خاتوں سن دو ہزار سولہ میں اسٹڈی ویزے پر امریکا پہنچی تھی۔

[pullquote]انڈونیشیا: ایشین گیمز سے قبل 11 مشتبہ ملزمان ہلاک[/pullquote]

انڈونیشیا کی پولیس کے مطابق مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف کریک ڈاؤن میں کم از کم گیارہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ آئندہ ماہ دارالحکومت جکارتہ میں ایشین گیمز سے پہلے حکومت اس شہر کو جرائم پیشہ افراد سے پاک بنانا چاہتی ہے۔ جکارتہ پولیس کے ترجمان کے مطابق دو جولائی سے جاری اس آپریشن میں ابھی تک دو ہزار افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ باون افراد گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے ہیں۔ انسانی حقوق کی تنظیموں نے سکیورٹی اداروں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح مسائل حل نہیں ہوں گے۔

[pullquote]ٹرمپ اور پوٹن کی ملاقات، امریکی سیاستدانوں کی شدید تنقید[/pullquote]

امریکا کے سرکردہ سیاستدانوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے روسی ہم منصب ولادیمیر پوٹن کے مابین ملاقات کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ امریکی صدر کی اپنی پارٹی نے بھی پوٹن کے ساتھ دوستانہ رویہ اختیار کرنے پر احتجاج کیا۔ ری پبلکن رہنما جان مک کین کے مطابق ’حالیہ تاریخ میں یہ کسی بھی امریکی صدر کا سب سے شرمناک رویہ‘ تھا۔ گزشتہ روز روسی صدر نے امریکی انتخابات میں مداخلت کے الزام کو مسترد کیا تھا جبکہ ٹرمپ نے پوٹن کو ’انتہائی مضبوط اور طاقتور‘ رہنما قرار دیا تھا۔

[pullquote]امریکی صدر کی طرف سے تمام تر تنقید مسترد[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پوٹن کے ساتھ ملاقات میں نرمی اختیار کرنے کے حوالے سے تمام تر تنقید کو مسترد کر دیا ہے۔ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ دنیا کی دو بڑی ایٹمی طاقتوں کا کام صرف ماضی سے ہی نمٹنا نہیں ہے۔ ٹرمپ کے مطابق وہ مستقبل بہتر بنانا چاہتے ہیں۔ دوسری جانب جرمن وزارت خارجہ نے ان دونوں رہنماؤں کی ملاقات کا خیرمقدم کرتے ہوئے ایسے اقدامات جاری رکھنے کی اپیل کی ہے۔

[pullquote]عراق میں دوسرے ہفتے بھی احتجاجی مظاہرے جاری[/pullquote]

تیل کی دولت سے مالا مال عراقی شہر بصرہ میں پرتشدد احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ وسیع تر ہو گیا ہے۔ بصرہ میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں کم از کم سات افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے تھے۔ میڈیا اطلاعات کے مطابق اب یہ مظاہرے دوسرے ہفتے میں داخل ہوتے ہوئے دیالہ صوبے اور جنوبی شہر ناصریہ تک پہنچ گئے ہیں۔ مظاہرین حکومت سے بجلی اور ملازمتوں جيسی بنیادی سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ پولیس سینکڑوں مظاہرین کو گرفتار بھی کر چکی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے