منگل :24 جولائی 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]پوٹن اور ٹرمپ اپنے مفید رابطے جاری رکھیں گے، ماسکو[/pullquote]

روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے خارجہ پالیسی کے مشیر یوری اُوشاکوف کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ اُن کے روسی ہم منصب مفید رابطہ کاری جاری رکھنے پر متفق ہیں۔ یہ اتفاق رائے دونوں صدور کے درمیان گزشتہ ملاقات کے دوران طے پایا تھا۔ اس کا امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ روسی و امریکی صدور رواں برس کے اختتام سے پہلے ایک مرتبہ پھر ملاقات کر سکتے ہیں۔ ٹرمپ نے اشارہ دے رکھا ہے کہ وہ روسی صدر کو واشنگٹن آنے کی دعوت دیں گے۔ وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ ایسی کوئی ملاقات رواں برس موسم خزاں میں ممکن ہے۔

[pullquote]پانچ ملکی تنظیم برکس کا سربراہ اجلاس بدھ سے شروع ہو گا[/pullquote]

پانچ ابھرتے اقتصادیات کے حامل ممالک کی تنظیم ’برکس‘ کا سربراہ اجلاس بدھ پچیس جولائی سے جنوبی افریقی شہر جوہانس برگ میں شروع ہو گا۔ اس تنظیم کے رکن ملکوں میں برازیل، روس، انڈیا، چین اور جنوبی افریقہ شامل ہیں۔ جو رہنما جوہانس برگ پہنچ رہے ہیں ان میں روس کے صدر ولادیمیر پوٹن، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور چینی صدر شی جن پنگ کی شرکت یقینی ہے۔ اس تین روزہ سمٹ کے حاشیے میں شریک لیڈروں کی آپس میں اور میزبان صدر سیرل رامافوسا کے درمیان ملاقاتوں کا بھی بتایا گیا ہے۔ اس کانفرنس میں شرکت کے لیے چینی صدر اور بھارتی وزیراعظم مختلف افریقی ملکوں کے دورے پر بھی ہیں۔ جوہانس برگ میں ترکی اور روسی صدور کی ملاقات کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

[pullquote]ایتھنز کے قریب جنگلاتی آگ، ہلاک شدگان کی تعداد پچاس تک پہنچ گئی[/pullquote]

یونانی دارالحکومت ایتھنز کے نواح میں جنگلاتی آگ کے نتیجے میں ہلاک شدگان کی تعداد پچاس ہو گئی ہے۔ منگل کے روز حکام نے بتایا کہ رافینا کے علاقے سے مزید 26 لاشیں ملی ہیں۔ سرکاری ریڈیو اسٹیشن ای آر ٹی کا کہنا ہے کہ متعدد افراد کو انتہائی تشویش ناک حالت میں ہسپتال بھی منتقل کیا گیا ہے۔ بتایاگیا ہے کہ ماتی کے قصبے میں متعدد مکانات مکمل طور پر خاکستر ہو چکے ہیں۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق متاثرہ علاقوں سے قریب سات سو افراد کو ریسکیو بھی کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ شب ہواؤں میں کمی کے بعد طیاروں اور ہیلی کاپٹروں کی مدد سے آگ بجھانے کی سرگرمیوں میں تیزی لائی گئی اور اب زیادہ تر علاقے میں آگ پر قابو پایا جا چکا ہے۔

[pullquote]نئی آسٹریلوی پالیسی کے بعد چھ سو اسمگلروں کو گرفتار کیا گیا[/pullquote]

آسٹریلوی حکومت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سن 2013ء میں تارکین وطن کو واپس ان کے آبائی ممالک بھیجنے کی پالیسی کے نفاذ کے بعد دنیا کے چھ مختلف ممالک میں مجموعی طور پر انسانوں کے چھ سو اسمگلروں کو گرفتار کیا گیا۔ آسٹریلیا کے وزیر برائے داخلی امور پیٹر ڈَٹن نے منگل کو بتایا کہ اس دوران ڈھائی ہزار افراد کو آسٹریلیا پہنچانے کی کوششوں کو ناکام بنایا گیا۔ انہوں نے تارکین وطن کو روکنے کی کارروائیوں میں مدد پر انڈونیشیا، سری لنکا اور ملائیشیا کی حکومتوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔ سن 2008 تا 2013 قریب 51 ہزار تارکین وطن غیرقانونی طریقوں سے آسٹریلیا پہنچے تھے، تاہم اس کے بعد آسٹریلوی حکومت کی جانب سے ایک سخت گیر پالیسی کے نفاذ کا اعلان کر دیا گیا تھا۔

[pullquote]’جرمن فٹ بال فیڈریشن نسل پرستی کے الزامات کو رد کرتی ہے‘[/pullquote]

جرمن فٹ بال فیڈریشن نے میسوت اوزِل کی جانب سے نسل پرستی کے الزامات کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ فیڈریشن کسی نسل پرستانہ سرگرمی میں ملوث نہیں۔ اس سے قبل جرمن فٹ بال کھلاڑی میسوت اوزِل نے قومی فٹ بال فیڈریشن پر ’نسل پرستی‘ کا الزام عائد کرتے ہوئے قومی ٹیم سے علیحدگی کا اعلان کر دیا تھا۔ اوزِل کا کہنا تھا کہ فٹ بال فیڈریشن نے انہیں ترک نژاد ہونے کی وجہ سے پروموشنل مہم سمیت متعدد امور میں جان بوجھ کر پیچھے رکھا تھا۔ جرمن فٹ بال فیڈریشن کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس تنظیم کے نمائندے، ملازمین، رکن کلب اور لاکھوں رضاکار ہر طرح کی نسل پرستی کو مسترد کرتے ہیں۔

[pullquote]مودی کی جانب سے روانڈا کے لیے دو سو گائیوں کا تحفہ[/pullquote]

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے افریقی ملک روانڈا کے لیے دو سو گائیوں کا تحفہ دیا ہے۔ انہوں نے اس تحفے کا اعلان روانڈا کے دارالحکومت کیگالی میں اپنے دورے کے دوران منگل چوبیس جولائی کو کیا۔ تحفہ کی جانے والی گائیوں کی دیکھ بھال کیگالی کے نواح میں قائم ماڈل گاؤں رویرُو کے غریب لوگ کریں گے۔ مودی روانڈا کا دورہ مکمل کر کے یوگنڈا کے دارالحکومت کمپالا پہنچ گئے ہیں۔ بھارت میں مودی کے ایسے تحفوں کو ’کیٹل ڈپلومیسی‘ کا نام دیا گیا ہے۔ وہ افریقی ممالک کے دورے کے دوران جنوبی افریقہ بھی جائیں گے اور وہاں وہ پانچ ملکی اقتصادی تنظیم برکس کے اجلاس میں شریک ہوں گے۔

[pullquote]بندرگارہی علاقے میں لڑائی جاری، یمن قحط کے دھانے پر[/pullquote]

یمن میں انسانی ہم دردی کی بنیاد پر امدادی سرگرمیوں میں مصروف تنظیموں کا کہنا ہے کہ رواں برس یمن میں غربت و افلاس کی سطح میں 25 فیصد اضافہ ہو چکا ہے۔ امدادی تنظیموں کے مطابق بندرگاہی علاقے الحدیدہ میں جاری لڑائی کی وجہ سے امدادی سامان کی ترسیل کا عمل بری طرح متاثر ہوا ہے اور لاکھوں افراد بھوک کا شکار ہیں۔ نارویجین ریفیوجی کونسل نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ یمن میں 8.4 ملین افراد بھوک کی وجہ سے ہلاک ہو سکتے ہیں۔ اس امدادی تنظیم کے مطابق عالمی ادارہ خوراک کو یمن میں قحط سے بچنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کی ضرورت ہے۔

[pullquote]شامی اور روسی طیاروں کی اسلامک اسٹیٹ کے ٹھکانوں پر بمباری[/pullquote]

شامی تنازعے پر نگاہ رکھنے والی تنظیم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کا کہنا ہے کہ جنوب شام میں اردن اور اسرائیلی زیرقبضہ گولان کے پہاڑی سلسلے سے ملحقہ علاقوں میں شامی اور روسی طیاروں نے ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے جنگجوؤں کو نشانہ بنایا۔ آبزرویٹری کے مطابق درعا صوبے میں پیر کی شب جہادیوں کے زیرقبضہ ایک علاقے میں روسی فضائی حملے میں چار عام شہری ہلاک ہو گئے۔ اس تنظیم کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے میں جنوبی شام میں جاری فضائی حملوں میں ہلاک ہونے والے عام شہریوں کی تعداد 41 ہو چکی ہے۔ باغیوں کی جانب سے علاقہ خالی کر دینے کے بعد شامی اور روسی طیارے اسلامک اسٹیٹ کے جہادیوں کو نشانہ بنانے میں مصروف ہیں۔

[pullquote]روس نے ایرانی فورسز کو گولان سے دور رکھنے کی پیش کش کی ہے، اسرائیل[/pullquote]

ایک اسرائیلی عہدیدار نے کہا ہے کہ روس نے ایرانی فورسز ک، گولان کے پہاڑی سلسلے سے دور رکھنے کی پیش کش کی ہے، تاہم اسرائیل کا اصرار ہے کہ ایرانی فوجی دستے شام سے مکمل طور پر نکل جائیں۔ منگل کے روز سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق اس موضوع پر روسی وزیرخارجہ سیرگئی لاوروف نے اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو سے پیر کے روز تفصیلی بات چیت کی۔ یروشلم میں اس ملاقات میں روس نے تجویز دی کہ وہ ایرانی فورسز کو گولان کے پہاڑی سلسلے سے ایک سو کلومیٹر دور رکھے گا، تاہم اسرائیل کا موقف ہے کہ یہ تجویز قابل عمل نہیں ہے۔

[pullquote]ایران کی سائبر حملوں کی صلاحیت خطرے کا باعث ہے، جرمن خفیہ ادارہ[/pullquote]

جرمنی کی داخلی سلامتی سے متعلق خفیہ ادارے بی ایف وی نے اپنی ایک سالانہ رپورٹ میں کہا ہے کہ ایران سائبر حملوں کی صلاحیت میں اضافہ کر رہا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق اس ایرانی صلاحیت کی وجہ سے جرمن کمپنیوں اور تحقیقی اداروں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ منگل کے روز یہ رپورٹ جرمن وزیرداخلہ ہورسٹ زیہوفر اور بی ایف وی کی جانب سے جاری کی گئی۔ اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سن 2014 سے ایسے سائبر حملوں میں مسلسل اضافہ دیکھا گیا ہے، جن کا منبع ایران تھا۔

[pullquote]کابل میں راکٹ حملے، کم از کم تین زخمی[/pullquote]

افغان دارالحکومت میں منگل کے روز متعدد راکٹ حملوں میں کم از کم تین افراد زخمی ہوئے ہیں۔ مقامی پولیس کے مطابق کابل کے پولیس ڈسٹرکٹ کے رہائشی علاقے پر ایک راکٹ داغا گی‍‍ا، جس میں تین عام شہری زخمی ہوئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کچھ دیر بعد اسی علاقے کو ایک اور راکٹ کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ فی الحال کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ تاہم یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب ایک خودکش بمبار نے دو روز قبل کابل کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر خود کو دھماکے سے اڑا دیا تھا۔ اس واقعے میں 23 افراد ہلاک ہوئے تھے، جب کہ حملے کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ نے قبول کی تھی۔

[pullquote]مشتعل افراد کے ہاتھوں تشدد کے واقعات روکنے کے لیے بھارت میں ممکنہ قانون سازی[/pullquote]

بھارتی حکومت مشتعل ہجوم کے ہاتھوں تشدد کے واقعات کے خاتمے کے لیے ضرورت پڑنے پر قوانین بنا سکتی ہے۔ منگل کے روز بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ حکومت اس معاملے کو ’انتہائی سنجیدگی‘ سے لے رہی ہے اور اگر ضرورت پڑی تو اس کے انسداد کے لیے سخت قوانین بنائے جائیں گے۔ واضح رہے کہ حالیہ چند ماہ میں بھارت میں متعدد مقامات پر مشتعل ہجوم نے تشدد کر کے متعدد افراد کو ہلاک کیا ہے۔ بھارت میں پیش آنے والے متعدد حالیہ واقعات میں انتہاپسند ہندو مشتعل جتھوں نے گائے کی اسمگلنگ یا دیگر مذہبی معاملات کی بنا پر لوگوں کو تشدد کر کے ہلاک کیا۔

[pullquote]شمالی کوریا نے راکٹ ٹیسٹ سائٹ کا انہدام شروع کر دیا[/pullquote]

شمالی کوریا نے اپنے میزائل تجربات کی ایک سائٹ کا انہدام شروع کر دیا ہے۔ ماہرین کے مطابق تازہ سیٹلائٹ تصاویر بتاتی ہیں کہ بین البراعظمی بیلسٹک میزائلوں کے تجربات کے لیے استعمال ہونے والی اس اہم تنصیب کو رفتہ رفتہ ناکارہ بنایا جا رہا ہے۔ اگر ان خبروں کی تصدیق ہوتی ہے، تو جون میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریائی رہنما کم جونگ ان کی ایک غیرمعمولی ملاقات کے بعد ہونے والی یہ ایک بڑی پیش رفت ہو گی۔ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا تھا کہ شمالی کوریا کے ساتھ مذاکراتی عمل تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے اس سلسلے ان میڈیا رپورٹوں کو رد کر دیا تھا، جن میں کہا جا رہا تھا کہ شمالی کوریا کے حوالے سے کوئی تیز رفتار پیش رفت نہ ہونے پر صدر ٹرمپ برہم ہیں۔

[pullquote]متحدہ عرب امارات قطری شہریوں کے حقوق کا خیال رکھے، عالمی عدالت[/pullquote]

بین الاقوامی عدالت انصاف نے متحدہ عرب امارات کو حکم دیا ہے کہ وہ قطری شہریوں کے حقوق کا خیال رکھے۔ اپنے ایک عبوری مگر نافذالعمل حکم میں عالمی عدالت نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کو ہر حال میں ان خاندانوں کو آپس میں ملنے دینا چاہیے، جن خاندانوں میں سے کچھ قطری ہیں اور جن کے ارکان اس وقت الگ الگ ہیں۔ اس حکم نامے میں اماراتی حکومت کو یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ ان قطری طلبہ کو بھی تعلیم مکمل کرنے کا موقع دے، جن کی تعلیم قطر کے ساتھ تنازعے کی وجہ سے رک گئی ہے۔ گزشتہ برس جون میں متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور متعدد دیگر خلیجی ممالک نے قطر کے ساتھ اپنے تمام تر سفارتی، تجارتی اور سفری رابطے منقطع کر دیے تھے۔

[pullquote]امریکا نے تیل کی برآمدات روکنے کی کوشش کی تو بھرپور جواب دیں گے، ایران[/pullquote]

ایرانی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ اگر امریکا نے ایرانی تیل کی برآمدات کو روکنے کی کوشش کی، تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے کہا کہ اگر امریکا اس سلسلے میں سنجیدہ اقدامات کرتا ہے، تو اسے ایران کی جانب سے برابر کا جواب ملے گا۔ امریکا ایران کے ساتھ طے پانے والے جوہری معاہدے سے نکل چکا ہے اور اب ایران کے خلاف پابندیاں بحال کرنے جا رہا ہے، جس میں ایرانی تیل کی برآمدات کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔

[pullquote]جاپان میں ’غیرعمومی‘ گرمی کی لہر، 65 افراد ہلاک[/pullquote]

جاپان میں گرمی کی ’غیرعمومی’ لہر کے نتیجے میں ایک ہفتے میں کم از کم 65 افراد ہلاک ہو گئے۔ حکام نے اس ریکارڈ گرمی کو ’قدرتی آفت‘ قرار دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران جاپان بھر میں قریب 65 افراد اس گرمی کی وجہ سے ہلاک ہوئے جب کہ مجموعی طور پر ساڑھے بائیسں ہزار سے زائد افراد کو ہسپتالوں میں داخل کرنا پڑا۔ جاپان کے فائر اینڈ ڈیزاسٹر مینیجمنٹ ادارے کے مطابق سن 2008 کے بعد سے ایک ہفتے میں جاپان کو اس انداز سے گرمی کی لہر اور اس کے نتیجے میں جانی نقصان کا اس طرح کبھی سامنا نہیں کرنا پڑا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ جولائی کے آغاز سے اب تک گرمی کی وجہ سے ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 80 ہو چکی ہے۔

[pullquote]وائٹ ہیلمٹ رضاکار انخلا کے منتظر[/pullquote]

شام میں امدادی تنظیم وائٹ ہیلمٹ کے متعدد رضاکاروں کی جانب سے فوری ریسکیو کارروائی کی اپیل کی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ 98 وائٹ ہیلمٹ رضاکار اپنے اہل خانہ کے ہم راہ شام کے جنوب میں دو مقامات پر جمع ہیں اور اپنے انخلا کے منتظر ہیں۔ شام کے جنوبی حصوں میں باغیوں کی پسپائی کے بعد رفتہ رفتہ سرکاری فورسز پیش قدمی کر رہی ہیں۔ گزشتہ روز بھی سینکڑوں افراد کو اسرائیلی فوج نے غیرمعمولی ریسکیو کارروائی کر کے اردن پہنچایا تھا۔ شام میں خانہ جنگی کے دوران باغیوں کے زیرقبضہ علاقوں میں فضائی حملوں، شیلنگ اور بم دھماکوں کے بعد امدادی کارروائیوں کے لیے سن 2013ء میں وائٹ ہیلمٹ نامی تنظیم قائم کی گئی تھی اور اسے مغربی ممالک کا تعاون حاصل رہا ہے۔

[pullquote]ویتنام میں دس سیاسی مظاہرین کو جیل بھیج دیا گیا[/pullquote]

ویتنام کی ایک عدالت نے دس مظاہرین کو ٹریفک کے نظام میں خلل ڈالنے کے جرم میں جیل بھیج دیا ہے۔ نئے قوانین کے مطابق خصوصی اقتصادی زونز میں اس انداز کے مظاہروں پر سزائیں رکھی گئی ہیں۔ ان افراد پر الزام تھا کہ انہوں نے جون میں ضلع ٹوئی پھنگ میں احتجاج کر کے کئی شاہ راہیں بند کر دیں، جس سے کئی گھنٹوں تک سینکڑوں افراد کو تکلیف کا سامنا کرنا پڑا۔ مقامی میڈیا کے مطابق ان افراد کو دو سال سے ساڑھے تین سال تک قید کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔ ملک میں خصوصی اقتصادی زونز میں مظاہروں پر پابندی کے نئے قوانین کے خلاف ویتنام میں دس اور گیارہ جون کو بڑے مظاہرے ہوئے تھے۔ مقامی افراد کو قومی اسمبلی کے اس قانونی بل پر اعتراضات تھے، جس کے تحت متعدد غیرملکی کمپنیوں کو 99 برس کی لیز پر ملک میں تین اقتصادی زونز میں کام کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے