بدھ : 25 جولائی 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]لاؤس میں ڈیم ٹوٹنے کے نتیجے میں کم از کم انیس افراد ہلاک، سینکڑوں لاپتہ[/pullquote]

جنوب مشرقی ایشیائی ملک لاؤس میں ایک ڈیم ٹوٹ جانے کے نتیجے میں ایمرجنسی حکام کے مطابق کم از کم انیس افراد ہلاک ہو گئے۔ سینکڑوں دیگر لاپتہ ہیں۔ یہ ڈیم لاؤس کے اتاپیُو صوبے میں زیر تعمیر تھا۔ چھ دیہات پوری طرح زیرآب ہیں۔ ڈیم کا پانی تیرہ سو مکانات میں بھرا ہوا ہے۔ سات ہزار کے قریب باشندے بے گھر بھی ہو گئے۔ آخری خبریں آنے تک تقریباً تین ہزار افراد کو محفوظ علاقوں میں منتقل کیا جا سکا تھا۔ بہت سے مقامی باشندے اپنے پانی میں ڈوبے گھروں کی چھتوں پر امداد کے منتظر ہیں۔ جنوبی کوریا نے لاؤس کے لیے ایک خصوصی امدادی ٹیم روانہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

[pullquote]ینکر اور ٹرمپ کی ملاقات آج واشنگٹن میں[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج بدھ کو یورپی کمیشن کے صدر ژاں کلود ینکر سے ملاقات کر رہے ہیں۔ خبر رساں اداروں کے مطابق اس دوران دونوں بڑی اقتصادی قوتوں کے مابین جاری تجارتی تنازعے پر بات چیت کی جائے گی۔ ٹرمپ نے گزشتہ روز کہا تھا کہ ان کے سخت موقف اور یورپی گاڑیوں پر اضافی محصولات کی دھمکی کی وجہ سے ہی یورپی رہنما سودے بازی پر مجبور ہوئے ہیں۔ ینکر کے اس دورے کو امریکا اور یورپی یونین کے درمیان تجارتی جنگ سے بچنے کی آخری کوشش بھی قرار دیا جا رہا ہے۔ امریکا اور یورپی یونین ایک دوسرے کی برآمدی مصنوعات پر اضافی محصولات عائد کر چکے ہیں۔

[pullquote]برکس کا سہ روزہ سربراہی اجلاس آج شروع ہو گا[/pullquote]

پانچ ابھرتی ہوئی معیشتوں کے حامل ممالک کی تنظیم ’برکس‘ کا ایک سربراہی اجلاس آج بدھ کو جنوبی افریقی شہر جوہانس برگ میں شروع ہو رہا ہے۔ اس اجلاس میں رکن ملکوں کے رہنما امریکی تجارتی اقدامات پر خصوصی توجہ مرکوز کریں گے۔ اس تنظیم میں برازیل، روس، بھارت، چین اور جنوبی افریقہ شامل ہیں۔ جو رہنما جوہانس برگ پہنچ رہے ہیں، ان میں روسی صدر ولادیمیر پوٹن، بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور چینی صدر شی جن پنگ لازمی طور پر شامل ہوں گے۔ اس تین روزہ سمٹ کے موقع پر شریک لیڈروں کی آپس میں اور میزبان صدر سیرل رامافوسا کے ساتھ ملاقاتیں بھی ہوں گی۔

[pullquote]شام میں خود کش حملوں میں 100 افراد ہلاک[/pullquote]

سیریئن آبزرویٹری برائے انسانی حقوق کے مطابق شامی شہر السویدا میں تین خود کش حملوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر ایک سو چھپن تک پہنچ گئی ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں تقریبا ستر عام شہری شامل ہیں جبکہ باقی کا تعلق حکومتی فورسز اور داعش سے ہے۔ شام کی سرکاری نیوز ایجنسی سانا کے مطابق ان حملوں میں درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جبکہ کئی زخمیوں کی حالت نازک ہے۔ اس کے علاوہ سلامتی کے اہلکاروں نے دو خود کش بمباروں کو بم حملے کرنے سے پہلے ہی گولی مار دی تھی۔ السویدا کا شہر شامی دستوں کے کنٹرول میں ہے۔

[pullquote]ٹورونٹو حملے میں داعش کے ملوث ہونے کی شواہد نہیں ملے، پولیس[/pullquote]

کینیڈا کی پولیس کے مطابق ٹورونٹو میں ہونے والے حملے میں داعش کے ملوث ہونے سے متعلق شواہد نہیں ملے ہیں۔ پولیس کے مطابق داعش نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی، تاہم اس دہشت گرد تنظیم کے دعوے کے حق میں شواہد نہیں ملے۔ اتوار کے روز ٹورونٹو میں فائرنگ کے ایک واقعے میں دو افراد ہلاک جب کہ تیرہ زخمی ہو گئے تھے۔ پولیس کا تاہم کہنا ہے کہ اس حملے کے درپردہ حقائق کی تفتیش میں تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھا جا رہا ہے۔

[pullquote]ایردوآن جرمنی کو یورو کپ 2024 کی میزبانی سے دور کرنا چاہتے ہیں، جرمن سیاستدان[/pullquote]

جرمن سیاست دانوں نے الزام عائد کیا ہے کہ ترک صدر رجب طیب ایردوآن فٹ بال کھلاڑی میسوت اوزاِل معاملے کو استعمال کر کے جرمنی کو یورو کپ 2024 کی میزبانی سے دور کرنا چاہتے ہیں۔ اتوار کے روز 29 سالہ فٹ بال کھلاڑی اوزاِل نے جرمنی کی قومی فٹ بال ٹیم سے یہ کہہ کر علیحدگی اختیار کر لی تھی کہ ترک نسل ہونے کی وجہ سے انہیں قومی ٹیم میں ’نسل پرستی‘ اور ’نفرت‘ کا سامنا ہے۔ ایردوآن نے اوزاِل کے اس موقف کی حمایت کی تھی، تاہم جرمن رہنماؤں کے مطابق ترک صدر کی کوشش ہے کہ یورو کپ 2024 کے فائنلز کے لیے جرمنی کی میزبانی کی پر سوالات کھڑے کیے جائیں۔

[pullquote]بحیرہ جنوبی چین پر سخت موقف اپنایا جائے گا، ملائیشیا کے وزیر خارجہ[/pullquote]

ملائیشیا کے وزیر خارجہ سیف الدین عبداللہ نے کہا ہے کہ اُن کا ملک بحیرہ جنوبی چین کے تنازعے پر سخت موقف اختیار کرے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان سمندری حدود میں چین کی توسیع پسندی اور جارحانہ پالیسی کے تناظر میں کوالالمپور اپنے موقف پر ڈٹا رہے گا۔ قبل ازیں وزیر اعظم مہاتیر محمد نے بھی چین سے مطالبہ کیا کہ وہ بحیرہ جنوبی چین سے اپنے تمام جنگی بحری جہازوں کو واپس بلائے۔ سیف الدین عبداللہ کے مطابق وزیر اعظم مہاتیر محمد نے واضح کیا ہے کہ وہ متنازعہ سمندری معاملات پر سنجیدہ اور مضبوط موقف پر قائم رہنے کو ترجیح دیں گے۔ چین بحیرہ جنوبی چین پر اپنی ملکیت کا دعویٰ کرتا ہے۔ اس وجہ سے چین کا کئی ممالک کے ساتھ تنازعہ پایا جاتا ہے۔

[pullquote]جلاوطن کاتالان لیڈر بیلجیم واپس چلے جائیں گے[/pullquote]

ہسپانوی علاقے کاتالونیا کے علیحدگی پسند جلاوطن لیڈر کارلیس پوج ڈیمونٹ رواں ہفتے کے اختتام پر جرمنی کو چھوڑ دیں گے۔ انہوں نے آج ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ وہ واپس بیلجیم چلے جائیں گے۔ حال ہی میں ایک جرمن عدالت نے پوج ڈیمونٹ پر ملک بدری کی کارروائی ختم کر دینے کا فیصلہ سنایا تھا۔ اس فیصلے کے بعد اسپین کی عدالت نے کاتالان لیڈر کی حوالگی کی کارروائی بھی ختم کر دی تھی۔ انہوں نے پریس کانفرنس میں واضح کیا کہ وہ بیلجیم میں مزید قیام کرتے ہوئے کاتالونیا کونسل کی مزید سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔

[pullquote]امریکی اسرائیل فلسطینی امن پلان ابتداء ہی میں مردہ ہو چکا ہے، فلسطینی سفیر[/pullquote]

اقوام متحدہ میں فلسطینی مندوب ریاض منصور نے کہا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کا مجوزہ اسرائیل فلسطینی امن پلان اپنی ابتدا ہی میں دم توڑ چکا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکا اُس معیار کا حامل نہیں کہ وہ اکلوتا امن پلان کا نگران ہو۔ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے اسرائیل فلسطینی امن پلان کو حتمی شکل دینے میں امریکی صدر کے داماد جیرڈ کشنر اور خصوصی مندوب جیسن گرین بلاٹ مصروف ہیں۔ ان دونوں امریکی اہلکاروں کی جانب سے کہا گیا ہے کہ یہ پلان فلسطینی صدر محمود عباس کی رضامندی یا اس کے بغیر بھی جلد عام کر دیا جائے گا۔

[pullquote]یونان کی جنگلاتی آگ، ہلاکتیں اسی کے قریب[/pullquote]

یونانی فائر بریگیڈ نے بتایا ہے کہ دارالحکومت ایتھنز کے نواح میں لگی جنگلاتی آگ سے ہونے والی ہلاکتیں 79 ہو گئی ہیں۔ ان ہلاکتوں کے علاوہ 187 افراد زخمی ہیں۔ زخمیوں میں دو درجن کے قریب بچے شامل ہیں۔ رواں برس کی جنگلاتی آگ نے سن 2007 میں لگی آگ سے ہونے والی ستر ہلاکتوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ دوسری جانب یونانی وزیراعظم الیکسِس سپراس نے اس بھاری جانی نقصان پر تین روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے۔ بوسنیا ہیرزیگووینا کا دورہ مختصر کرتے ہوئے منگل چوبیس جولائی کو ایتھنز پہنچ کر انہوں نے ہر متاثرہ شخص کی مدد کے عزم کا اظہار کیا۔ جنگلاتی آگ دارالحکومت ایتھنز کے نواحی علاقے میں پیر کے روز سے لگی ہوئی ہے۔

[pullquote]ایرانی مرکزی بینک کا سربراہ تبدیل[/pullquote]

ایرانی حکومت نے بدھ پچیس جولائی کو مرکزی بینک کے سربراہ ولی اللہ سیف کو تبدیل کر دیا ہے۔ وہ سن 2013 میں صدر حسن روحانی کی حکومت کے قیام کے بعد سے مرکزی بینک کے سربراہ چلے آ رہے تھے۔ اُن کی جگہ پر عبدالناصر ہیماتی کو نیا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔ قبل ازیں ہیماتی ایران کے قومی انشورنس کے محکمے کے سربراہ تھے۔ ان کو چین کے لیے ایرانی سفیر بھی بنانے کی خبریں تھیں کہ اچانک انہیں مرکزی بینک کا سربراہ مقرر کر دیا گیا ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ رواں برس مئی میں امریکا نے جن ایرانی شخصیات پر پابندیاں عائد کی ہیں، اُن میں ولی اللہ سیف بھی شامل ہیں۔

[pullquote]نیپال میں دو فرانسیسی شہریوں کی گرفتاری[/pullquote]

نیپالی پولیس نے ایسے دو فرانسیسی شہریوں کو حراست میں لیا ہے، جن پر بچوں کے جنسی استحصال کا الزام ہے۔ ان دونوں افراد کو پولیس نے کھٹمنڈو کے انٹرنیشنل ہوائی اڈے کے قریب سے اُس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ نیپال چھوڑنے کی کوشش میں تھے۔ پولیس کے مطابق ان فرانسیسیوں کو معلوم ہو گیا تھا کہ اُن کے خلاف پولیس کو شکایت کر دی گئی ہے اور وہ کسی بھی وقت گرفتار ہو سکتے ہیں اور اس بنا پر وہ نیپال سے نکلنا چاہتے تھے۔ پولیس کے مطابق یہ بچوں کو مختلف اشیا سے بہلا کر ان کا جنسی استحصال کرتے تھے۔

[pullquote]بھارت: مہاراشٹر میں مرہٹوں کا احتجاجی مظاہرہ[/pullquote]

مغربی بھارتی ریاست مہاراشٹر میں مرہٹا ذات کے ہزاروں افراد سرکاری نوکریوں میں مخصوص کوٹے کے حق میں مظاہرے میں شریک ہیں۔ مرہٹا برادری کے مظاہروں کا سلسلہ پیر سے شروع ہے۔ اب تک ان پرتشدد مظاہروں ایک پولیس افسر ہلاک اور ایک مرہٹے کارکن نے زہر پی کر اور دوسرے نے ایک پُل سے کود اپنے آپ کو ہلاک کیا۔ مظاہرے کو کنٹرول کرنے کے لیے تیس ہزار پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کی گئی ہے۔ آج بدھ کے روز ممبئی کے نواحی علاقے تھانے میں مرہٹہ مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ بھی کیا۔ ان مظاہروں کی وجہ سے ممبئی میں تعلیمی اداروں کی بندش دیکھی گئی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے