پیر : 13 اگست اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ایردوآن کا شرح سود میں اضافہ نہ کرنے کا اعلان[/pullquote]

ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے ملکی کرنسی لیرا کی قدر میں انتہائی تیزی سے گراوٹ کے تدارک کے لیے شرح سود میں اضافے کو مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیرا کی قدر میں کمی ترکی کی اقتصادی حقیقت کی عکاس نہیں ہے۔ اتوار کے روز بحیرہء اسود کے کنارے اپنی جماعت کے ارکان سے ایک خطاب میں انہوں نے کہا کہ ترک کرنسی کی قدر میں کمی انقرہ حکومت کے خلاف ’سیاسی سازش‘ کا حصہ ہے۔ رواں برس کے آغاز سے اب تک لیرا کی قدر میں چالیس فیصد کمی ہو چکی ہے۔ ایک امریکی پادری کی رہائی کے امریکی مطالبے اور پھر ترکی کے خلاف پابندیوں کے اعلان کے بعد لیرا کی قدر میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔

[pullquote]ایران میں مالیاتی جرائم کے الزام میں 67 افراد گرفتار[/pullquote]

ایرانی حکام نے مالیاتی جرائم میں ملوث ہونے کے الزام میں 67 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ عدالتی ذرائع نے بھی ان گرفتاریوں کی تصدیق کر دی ہے۔ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے ہفتے کے روز کہا تھا کہ ملک میں ’تیز رفتار انصاف‘ کے لیے قانونی اقدامات کرنا چاہییں، تاکہ ایران کے خلاف جاری ’اقتصادی جنگ‘ سے نمٹا جا سکے۔ اسی تناظر میں ایران میں خصوصی اسلامی انقلابی عدالتیں قائم کی جا رہی ہیں، جن میں مالیاتی جرائم کے مقدمات کو تیزی سے نمٹایا جائے گا۔ ایران کے خلاف امریکی پابندیوں کے تناظر میں ایرانی کرنسی ریال کی قدر رواں برس اپریل سے اب تک نصف ہو چکی ہے۔ جوہری ڈیل سے نکلنے کے بعد امریکا نے ایران کے خلاف سخت پابندیوں کے نفاذ کا اعلان کیا ہے۔

[pullquote]انڈونیشیا: زلزلے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد چار سو سے متجاوز[/pullquote]

انڈونیشیا کے جزیرے لومبوک پر حالیہ زلزلے کے نتیجے میں ہلاک شدگان کی تعداد چار سو سے تجاوز کر گئی ہے۔ پیر کے روز مقامی حکام نے بتایا کہ تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے سے مزید لاشیں ملی ہیں۔ اگست کی پانچ تاریخ کو اس علاقے میں 6.9 کی شدت کے زلزلے کے نتیجے میں مکانات، مساجد اور کاروباری مراکز کو شدید نقصان پہنچا تھا۔ اس بڑے زلزلے کے بعد ایک ضمنی جھٹکے کے نتیجے میں بھی سترہ افراد مارے گئے تھے۔ متاثرہ علاقے میں ریکسیو ٹیمیں اب بھی اپنی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ اس زلزلے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 436 ہو چکی ہے، جب کہ مجموعی طور پر 13 سو افراد زخمی ہوئے ہیں۔

[pullquote]ایران کا مسئلہ داخلی ہے پابندیاں نہیں، خامنہ ای[/pullquote]

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے پیر کے روز کہا ہے کہ ملک کے اقتصادی مسائل کی وجہ ’داخلی‘ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی بدانتظامیوں کی وجہ سے ایران معاشی مسائل کا شکار ہے۔ خامنہ ای نے کہا کہ ایران کے معاشی مسائل امریکی پابندیوں کی وجہ سے نہیں ہیں۔ تہران میں اپنی ایک تقریر میں خامنہ ای کا کہنا تھا کہ ماہرین بتا رہے ہیں کہ مسائل کی وجہ خارجی نہیں داخلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومتی کارکردگی بہتر ہوئی تو پابندیوں کا کوئی خاص فرق ایرانی اقتصادیات پر نہیں پڑے گا۔

[pullquote]افغان الیکشن کمیشن کی عمارت کے باہر خودکش حملہ[/pullquote]

افغان دارالحکومت کابل میں الیکشن کمیشن کی عمارت کے باہر ایک خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔ یہ دھماکا اس وقت ہوا، جب اس عمارت کے باہر درجنوں افراد ایک مظاہرے میں مصروف تھے۔ بتایا گیا ہے کہ اس حملے کے نتیجے میں کم از کم ایک پولیس اہلکار ہلاک ہوا ہے۔ دھماکے کے وقت الیکشن کمیشن کی جانب سے ایک امیدوار کو ’غیرقانونی مسلح گروہوں‘ سے تعلق کے الزام کے تحت نااہل قرار دینے کے خلاف مقامی افراد مظاہرہ کر رہے تھے۔

[pullquote]میرکل روسی صدر پوٹن سے ملاقات کریں گی[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل روسی صدر ولادیمیر پوٹن سے ہفتے کے روز ملاقات کریں گی۔ بتایا گیا ہے کہ اس ملاقات میں توانائی کے علاوہ یوکرائن اور شامی تنازعات کے موضوعات پر بات چیت ہو گی۔ برلن حکومت کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ ملاقات برلن کے شمال میں میزے برگ قلعے میں ہو گی جب کہ دونوں رہنما اس ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب نہیں کریں گے۔ روس کے جرمنی سمیت دیگر مغربی ممالک کے ساتھ تعلقات یوکرائنی اور شامی تنازعات سمیت متعدد دیگر امور پر اختلافات کی وجہ سے کشیدگی کا شکار ہیں۔

[pullquote]یمنی تنازعے کے فریقوں کے درمیان ملاقات اگلے ماہ، اقوام متحدہ کے مندوب کا بیان[/pullquote]

اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب برائے یمن مارٹن گریفتھس نے کہا ہے کہ یمنی تنازعے کے فریق اگلے ماہ آپس میں مذاکرات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان مذکرات میں فریقین غیرمسلح ہونے اور ٹرانزیشنل حکومت کے قیام جیسے موضوعات پر بات چیت کریں گے۔ گریفتھس گزشتہ تین برس سے جاری اس مسلح تنازعے کے خاتمے کی کوششوں میں ہیں، جس میں اب تک دس ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور لاکھوں افراد کو خوراک کی قلت کا سامنا ہے۔ ادھر چند روز قبل یمن کے شمالی صوبے صعدہ میں ایک بس پر سعودی قیادت میں عرب عسکری اتحاد کے جنگی طیاروں کے ایک حملے میں درجنوں بچوں کی ہلاکت کے واقعے پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش نے گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

[pullquote]لبنان سے درجنوں شامی مہاجرین کی وطن واپسی[/pullquote]

درجنوں شامی مہاجرین پیر کے روز لبنان سے وطن واپس پہنچ رہے ہیں۔ لبنان کے جنرل سکیورٹی کے محکے کے ایک ترجمان کے مطابق ان شامی مہاجرین کو بسوں کے ذریعے شام واپس بھیجا جا رہا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ دس بسیں شامی مہاجرین کو لے کر لبنان کے سرحدی علاقے شیبعا پہنچیں، جہاں سے ان قریب دو سو مہاجرین کو شام میں ان کے دیہات پہنچایا جائے گا۔ مقامی حکام کے مطابق بعض شامی مہاجرین اپنی گاڑیوں پر بھی اپنے وطن واپس جا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ شام میں خانہ جنگی کے دوران قریب ڈیڑھ ملین شامی شہریوں نے لبنان میں پناہ لی تھی۔

[pullquote]تاجکستان میں ہیلی کاپٹر حادثہ، پانچ افراد ہلاک[/pullquote]

تاجکستان میں ایک ہیلی کاپٹر کریش کر گیا ہے۔ اس واقعے میں پامیر کے پہاڑی سلسلے کو سر کرنے کے لیے پہنچنے والے تین کوہ پیماؤں سمیت پانچ افرادہلاک ہو گئے ہیں۔ مقامی حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے تینوں کوہ پیماؤں کا تعلق روس سے تھا، جب کہ اس ہیلی کاپٹر کا عملہ دو تاجک شہریوں پر مشتمل تھا۔ بتایا گیا ہے کہ اس ہیلی کاپٹر میں سوار دیگر بارہ کوہ پیماؤں اور عملے کے ایک رکن کو ریسکیو کر لیا گیا ہے۔

[pullquote]شمالی اور جنوبی کوریا نئی سربراہی ملاقات پر متفق[/pullquote]

شمالی اور جنوبی کوریا نے اگلے ماہ پیونگ یانگ میں ایک سربراہی اجلاس منعقد کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔ پیر کے روز جنوبی کوریا کی وزارتِ اتحاد کی جانب سے بتایا گیا کہ دونوں کوریائی ریاستوں کے سربراہان نے اگلے ماہ پیونگ یانگ میں آپس میں ایک نئی ملاقات پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔ پیر ہی کے روز دونوں کوریائی ریاستوں کے درمیان ایک سرحدی علاقے میں اعلیٰ سطحی مذاکرات بھی ہوئے۔ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن اور جنوبی کوریا کے صدر مون جے ان نے اپریل میں بھی آپس میں ایک ملاقات کی تھی اور اتفاق کیا تھا کہ وہ موسم خزاں میں دوبارہ ملاقات کریں گے اور یہ ملاقات شمالی کوریا کے دارالحکومت پیونگ یانگ میں ہو گی۔

[pullquote]چین کے ساتھ اربوں ڈالر کے معاہدے منسوخ کر دیے جائیں گے، مہاتیر محمد[/pullquote]

ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد کے مطابق چین کے ساتھ سابقہ ملکی حکومت کے دور میں طے پانے والے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے منسوخ کر دیے جائیں گے۔ اپنے پہلے دورہ چین سے قبل ایسوسی ایٹڈ پریس کے ساتھ بات چیت میں 93 سالہ وزیر اعظم مہاتیر محمد نے کہا کہ وہ چین کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتے ہیں، تاہم بیجنگ حکومت کے ساتھ فقط ایسے معاہدے کیے جائیں گے، جو ملائیشیا کے مفاد میں ہوں گے۔ چین انفراسٹرکچر کے شعبے میں ملائیشیا میں بھاری سرمایہ کاری کر رہا ہے۔

[pullquote]چینی اخبار کا سنکیانگ کے مسلمانوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا دفاع[/pullquote]

چین میں حکمران جماعت کمیونسٹ پارٹی کے اخبار نے پیر کے روز سنکیانگ میں مسلمانوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کا دفاع کیا ہے۔ اپنے ایک اداریے میں گلوبل ٹائمز نامی اخبار نے لکھا کہ چینی حکومت کے اقدامات سنکیانگ کو چین کا شام یا چین کا لیبیا بننے سے روکنے کے لیے نہایت ضروری ہیں۔ اس چینی اخبار کے مطابق سنکیانگ میں سخت اصلاحات اس خطے کے استحکام، امن اور ترقی کے لیے لازمی ہیں۔ اس سے قبل اقوام متحدہ کی کمیٹی برائے عدم تفریق نے چینی صوبے سنکیانگ میں ایغور مسلمانوں سے برتے جانے والے رویے کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ اس کمیٹی کا کہنا تھا کہ ایغور باشندوں کے خلاف انتہائی بڑے پیمانے پر گرفتاریوں اور کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے۔

[pullquote]روسی وزیر خارجہ مجوزہ شامی کانفرنس سے قبل بات چیت میں مصروف[/pullquote]

روسی وزیر خارجہ سیرگئی لاوروف شام کے موضوع پر مجوزہ اجلاس سے قبل مختلف ممالک کے رہنماؤں سے بات چیت میں مصروف ہیں۔ شام کے موضوع پر اس کانفرنس میں چار ممالک روس، فرانس، ترکی اور جرمنی کے سربراہان شریک ہوں گے۔ روسی وزارت خارجہ کے مطابق اسی تناظر میں لاوروف پیر اور منگل کا دن ترکی میں گزاریں گے اور اپنے ترک ہم منصب کے ساتھ اس مجوزہ سربراہی اجلاس کی بابت تفصیلات طے کی جائیں گی۔ شام میں گزشتہ سات برس سے زائد عرصے سے جاری مسلح تنازعے کی وجہ سے کئی لاکھ افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جب کہ ملکی آبادی کا ایک بڑا حصہ بے گھر ہو چکا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے