[pullquote]اسرائیل مڈل ایسٹ میں کہیں بھی مار کرنے والے میزائل تیار کر رہا ہے، وزیر[/pullquote]
اسرائیل ایک ایسا نیا میزائل سسٹم تیار کر رہا ہے، جو مشرق وسطیٰ میں کہیں بھی مار کر سکتا ہے۔ اسرائیلی وزارت دفاع کے مطابق جدید ترین ٹیکنالوجی کا حامل یہ میزائل اپنے ہدف کو ٹھیک ٹھیک نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہو گا۔ بتایا گیا ہے کہ یہ میزائل اپنی تیاری کے آخری مراحل میں ہیں اور آئندہ چند برس تک فوج کو مہیا کر دیے جائیں گے۔ اسرائیل مشرق وسطیٰ کی سب سے طاقتور فوج رکھتا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اسرائیل اس خطے کی واحد ایٹمی طاقت ہے۔
[pullquote]مصر میں پانچ مشتبہ جہادی ہلاک[/pullquote]
مصر کی پولیس نے پیر کے روز کم از کم پانچ مشتبہ جہادیوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ ہلاکتیں مصر کے جنوبی پہاڑی علاقے میں قائم ایک خفیہ ٹھکانے کے خلاف کی جانے والی کارروائی میں ہوئیں۔ مصری سکیورٹی اہلکاروں نے فروری سے ’سینائی دو ہزار اٹھارہ‘ کے نام سے ایک فوجی آپریشن شروع کر رکھا ہے، جس میں ابھی تک دو سو پچاس مشتبہ جہادی اور پینتیس سرکاری فوجی مارے جا چکے ہیں۔
[pullquote]روس نے طالبان کے ساتھ کثیر الملکی امن مذاکرات ملتوی کرنے کی تصدیق کر دی[/pullquote]
روس نے طالبان کے ساتھ کثیر الملکی امن مذاکرات ملتوی کرنے کی تصدیق کر دی ہے۔ روسی حکام کے مطابق ایسا افغان صدر اشرف غنی کی درخواست پر کیا گیا ہے۔ روس نے ان مذاکرات کے لیے بارہ ممالک کو مدعو کر رکھا تھا۔ ابھی ایک ہفتہ قبل ہی افغان طالبان نے چار ستمبر کو ہونے والے ان مذاکرات میں شرکت کرنے کی حامی بھری تھی۔ ان مذاکرات میں امریکا اور افغان حکومت کو بھی شامل ہونے کی دعوت دی گئی تھی لیکن ان دونوں ملکوں نے اسے مسترد کر دیا تھا۔ روسی حکام کے مطابق مذاکرات کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
[pullquote]یمن کے حوالے سے اقوام متحدہ کی رپورٹیں غیر شفاف ہیں، سعودی عسکری اتحاد[/pullquote]
سعودی عسکری اتحاد نے الزام عائد کیا ہے کہ یمن میں فضائی حملوں سے متعلق اقوام متحدہ کی رپورٹیں ’غیرشفاف‘ ہیں۔ اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق حال ہی میں سعودی عسکری اتحاد کی ایک فضائی کارروائی میں کم از کم چھبیس بچے مارے گئے تھے۔ سعودی عسکری اتحاد کے مطابق وہ ایسی بعض رپورٹوں پر حیران ہیں، جو ’یکطرفہ‘ اور حوثی باغیوں کی کہانیوں پر مبنی ہیں۔ یمن کی جنگ میں اب تک پچاس ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
[pullquote]روسی اپوزیشن لیڈر کو تیس دن کی قید[/pullquote]
ایک روسی عدالت کی طرف سے اپوزیشن لیڈر الیکسی ناوالنی کو تیس دن قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔ انہیں یہ سزا عوامی احتجاج کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر سنائی گئی ہے۔ ناوالنی کو ہفتے کے روز ان کے گھر کے باہر سے گرفتار کر لیا گیا تھا۔ ناوالنی نے حکومتی اجازت کے بغیر اٹھائیس جنوری کو صدر پوٹن کے خلاف ایک احتجاجی ریلی نکالی تھی۔
[pullquote]فیس بُک نے میانمار کی فوج کے سربراہ پر پابندی عائد کر دی[/pullquote]
ماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بُک کی انتظامیہ نے میانمار کی فوج کے سربراہ جنرل من آنگ ہلینگ اور دوسری اعلیٰ فوجی قیادت پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اِن اعلیٰ فوجی افسران پر پابندی اقوام متحدہ کے خصوصی ماہرین کی روہنگیا بحران پر مرتب کی گئی رپورٹ کے بعد لگائی گئی ہے۔ کہا جاتا ہے کہ فیس بک میانمار میں خبروں کے حصول اور معلومات کے تبادلے کا مرکزی ذریعہ ہے۔ میانمار کی حکومت بھی بسا اوقات عوامی اعلانات کے لیے فیس بُک کا استعمال کرتی ہے۔ فیس بک کے میانمار میں تقریباﹰ اٹھارہ ملین صارفین ہیں۔
[pullquote]خلیج فارس پر مکمل کنٹرول ہے، ایرانی جنرل[/pullquote]
ایران کی ایلیٹ فورس پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈر جنرل علی رضا کا کہنا ہے کہ خلیج فارس اور آبنائے ہُرمز پر اُن کی بحری فوج کو مکمل غلبہ حاصل ہے اور یہ ایک حقیقت ہے کہ امریکی بحریہ کا اس علاقے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے مزید واضح کیا کہ وہ خلیج فارس کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ دوسری جانب امریکی حکومت اسی سمندری علاقے میں اپنا بحری بیڑہ رکھتی ہے تا کہ مال بردار بحری جہازوں کی نقل و حمل میں کسی قسم کا خلل پیدا نہ ہو۔
[pullquote]عالمی تجارتی مکالمت کا انعقاد پیرس میں ہو گا[/pullquote]
فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں نے عالمی تجارتی مکالمت اپنے ملکی دارالحکومت پیرس میں رواں برس گیارہ نومبر کو منعقد کرانے کا اعلان کیا ہے۔ اس بین الاقوامی مذاکراتی اجلاس میں امریکا، یورپ، چین اور جاپان کو مدعو کیا جائے گا۔ ماکروں نے اس اجلاس کے طلب کرنے کا اعلان اپنے ملکی سفیروں کی میٹنگ میں کیا۔ سفیروں کی میٹنگ میں فرانسیسی صدر نے کہا کہ اس وقت عالمی تجارتی ضوابط کا احترام نہیں کیا جا رہا اور اس وقت یک رُخے نظام کے علاوہ تجارتی جنگ کی فضا پیدا ہے۔ ماکروں نے اس اجلاس کے لیے کئی ملکوں کے سربراہوں کو مدعو کیا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شرکت پر آمادگی ظاہر کی ہے۔
[pullquote]ترک کرنسی لیرا کی قدر میں عدم استحکام جاری[/pullquote]
آج پیر کو عالمی مالی منڈیوں میں ترک کرنسی لیرا کی قدر تقریباً پانچ فیصد مزید کم ہوئی ہے۔ رواں برس کے دوران لیرا کی قدر امریکی ڈالر کے مقابلے میں چالیس فیصد کم ہو چکی ہے۔ اس دوران ترک وزیر خزانہ بیرات البیراق نے فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں اپنے فرانسیسی ہم منصب سے ملاقات کی ہے۔ البیراق نے واضح کیا ہے کہ اُن کا ملک جلد ہی کرنسی کے بحران پر قابو پا لے گا۔ ترک حکومت کا یہ بھی کہنا ہے کہ اُسے امریکا کی جانب سے اقتصادی جنگ کا سامنا ہے۔ ایسے اندازے لگائے جا رہے ہیں کہ ترک صدر رجب طیب ایردوآن کی ملکی مالیاتی پالیسی پر گرفت مسلسل کمزور ہوتی جا رہی ہے۔
[pullquote]عالمی عدالتِ انصاف میں امریکی پابندیوں کے خلاف ایرانی اپیل کی سماعت[/pullquote]
آج پیر کو ایرانی حکومت عالمی عدالتِ انصاف میں امریکی پابندیوں کے خلاف دائر اپیل کی سماعت میں اپنے دلائل پیش کرے گی۔ تہران حکومت کا موقف ہے کہ واشنگٹن کو ایسی پابندیوں کے نفاذ کا اختیار نہیں ہے اور ایران کو پہنچنے والے نقصان کا ازالہ تاوان کی صورت میں کیا جائے۔ ایرانی حکومت کے مطابق وہ سن 2015 کی جوہری ڈیل کا احترام کر رہی ہے۔ منگل اٹھائیس اگست کو امریکی وکلاء اپنی حکومت کا دفاع کرتے ہوئے عالمی عدالت کے دائرہٴ اختیار کو چیلنج کر سکتے ہیں۔ ایران نے یہ درخواست جولائی میں دائر کی تھی جب ٹرمپ انتظامیہ نے اگست سے تہران پر پابندیوں کی بحالی کا اعلان کیا تھا۔
[pullquote]روہنگیا کے خلاف میانمار فوج نے جرائم کا ارتکاب کیا ہے، اقوام متحدہ تفتیشی کمیشن[/pullquote]
اقوام متحدہ کے مطابق میانمار کی فوج نے روہنگیا آبادی کے خلاف بین الاقوامی قانون کی نظر میں جنگی جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔ اس عالمی ادارے کے تفتیشی مشن نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ راکھین ریاست میں فوج نے ہزاروں روہنگیا مسلمانوں کو علاقہ چھوڑنے پرمجبور کیا اور یہ اقدامات جنگی جرائم اور نسل کشی کے زمرے میں آتے ہیں۔ اس آزاد کمیشن کے مطابق میانمار کی فوج کے پاس خواتین اور بچوں کے استحصال اوردیہات جلانے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔ اس رپورٹ میں سلامتی کونسل سے میانمار کی اعلیٰ فوجی قیادت پر مقدمہ چلانے کی سفارش کی ہے۔
[pullquote]جرمنی میں پینشن کی موجودہ شرح مستحکم رکھنے کی حکومتی کوششیں[/pullquote]
جرمن چانسلر انگیلا میرکل کی قدامت پسند جماعت ملک میں پینشن کی شرح کو مستحکم رکھنے کے لیے حکومت میں شامل سوشل ڈیموکریٹک پارٹی (ایس پی ڈی) کے ساتھ بعض معاملات پر بحث جاری رکھے ہوئے ہے۔ ایس پی ڈی کا موقف ہے کہ پینشن کی موجودہ شرح کو ہر حال میں سن 2025 تک برقرار رکھا جائے۔ یہ شرح کسی بھی جرمن شہری کی اوسط آمدنی کا 48 فیصد ہے۔ ایس پی ڈی سے تعلق رکھنے والے وزیر خزانہ اسی شرح پر پینشن کو 2040 تک برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔ چانسلر میرکل اس معاملے پر ماہرین کا کمیشن چاہتی ہیں اور انہوں نے ایس پی ڈی سے کہا ہے کہ وہ بےیقینی مت پھیلائے۔
[pullquote]جاپانی سیاح کو شمالی کوریا سے بیدخل کرنے کا فیصلہ[/pullquote]
شمالی کوریا میں قانون شکنی کرنے والے جاپانی سیاح کو بیدخل کر دیا جائے گا۔ شمالی کوریا کی سرکاری نیوز ایجنسی کیوڈو کے مطابق متعلقہ حکام نے پوچھ گچھ کرنے کے بعد سیاح کی جانب سے کی جانے والی قانون شکنی کو ختم کرتے ہوئے اُسے انسانی بنیادوں پر بیدخل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جاپانی سیاح کو شمالی کوریائی حکام نے اُس وقت حراست میں لیا تھا جب وہ ایک فوجی علاقے کی عکاسی میں مصروف تھا۔ یہ نہیں بتایا گیا کہ جاپانی سیاح کو شمالی کوریا سے نکال دیا گیا ہے یا نہیں۔ جاپانی میڈیا نے بھی سیاح کی بیدخلی کو ابھی تک رپورٹ نہیں کیا ہے۔
[pullquote]اسلامک اسٹیٹ کے لیڈر کو ہلاک کر دیا گیا ہے، کابل حکام[/pullquote]
افغان سکیورٹی حکام نے دہشت گرد گروپ ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے لیڈر ابو سعد ارہابی کو ایک فضائی حملے میں ہلاک کرنے کا دعوی کیا ہے۔ افغانستان میں متعین امریکی فوج کے ترجمان نے بتایا ہے کہ ابو سعد ارہابی ہفتہ پچیس اگست کی رات کو کی گئی ایک امریکی فضائی کارروائی میں مارا گیا۔ افغانستان کے خفیہ ادارے’ این ڈی ایس‘ کے مطابق اس فضائی حملے میں اسلامک اسٹیٹ کے دیگر دس جنگجو بھی ہلاک ہوئے۔ اسی دوران افغان سکیورٹی فورسز نے اس گروپ کے دو ٹھکانوں پر دھاوا بول کر گولہ بارود کے ایک بڑے ذخیرے کو تباہ کر دیا ہے۔ اسلامک اسٹیٹ افغانستان کے مشرقی صوبوں میں متحرک ہے۔
[pullquote]افغان صوبہ تخار میں روسی اور تاجک جنگی طیاروں کی بمباری[/pullquote]
افغان صوبے تخار کے صوبائی حکام کے مطابق تاجک جنگی طیاروں نے صوبے کے درقد نامی علاقے میں بمباری کی ہے۔ روس نے اس بمباری میں شریک ہونے کی تردید کی ہے۔ تخار پولیس کے ترجمان خلیل عصر نے بتایا کہ یہ فضائی کارروائی طالبان کے ساتھ ایک جھڑپ میں دو تاجک فوجی اہلکاروں کے ہلاکت کے بعد شروع کی گئی۔ ان کے بقول اس واقعے میں آٹھ طالبان جنگجو ہلاک جبکہ چھ زخمی ہوئے تھے۔ طالبان کی جانب سے بھی اس جھڑپ اور بمباری کی تصدیق کی گئی ہے۔ درقد کا علاقہ افغانستان اور تاجکستان کی سرحد پر واقع ہے۔
[pullquote]میانمار: روئٹرز کے صحافی کا مقدمہ، فیصلہ مؤخر[/pullquote]
میانمار کی ایک عدالت انٹرنیشنل نیوز ایجنسی روئٹرز کے دو مقید صحافیوں کے مقدمے کا فیصلہ تین ستمبر کو سنائے گی۔ عدالتی حکام کے مطابق اس مقدمے کی سماعت کرنے والے جج کی علالت کی وجہ سے فیصلہ مؤخر کیا گیا ہے۔ پہلے یہ فیصلہ آج ستائیس اگست کو سنایا جانا تھا۔ ان دونوں صحافیوں کو ریاستی خفیہ ضابطوں کے منافی رپورٹنگ کے الزامات کا سامنا ہے۔ اس مقدمے کی سماعت گزشتہ آٹھ ماہ سے جاری ہے۔ روئٹرز نے فیصلہ نہ سنائے جانے پر گہری مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ میانمار کی حکومت نے فیصلہ کے ملتوی کیے جانے پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔
[pullquote]ہانگ کانگ میں جمہوریت نواز سیاسی جماعت کے کارکنوں کی گرفتاریاں[/pullquote]
چینی حکام نے ہانگ کانگ کی جمہوریت نواز سیاسی جماعت ڈیموسیسٹو کے بعض کارکنوں کو حراست میں لے لیا ہے۔ پارٹی کے مطابق ممکنہ طور پر کارکنوں سے رواں برس مارچ اور اگست میں کیے جانے والے مظاہروں کے بارے میں پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ اس مناسبت سے مزید تفصیلات ایک پریس کانفرنس میں جاری کی جائیں گی۔ بتایا گیا ہے کہ ان افراد کو چین سے ہانگ کانگ کی جانب سفر کرنے کے دوران گرفتار کیا گیا ہے۔ ڈیموسیسٹو بیجنگ حکومت کی ناقد ہے۔ اِس کی بنیاد سن 2016 میں ہانگ کانگ کی مشہور ’اَمبریلا (چھتری) موومنٹ‘ کے لیڈران نے رکھی تھی۔
[pullquote]فلوریڈا میں فائرنگ کے واقعے میں دو ہلاک[/pullquote]
امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر جیکسن وِل میں بلا اشتعال فائرنگ کے ایک واقعے میں کم از کم دو افراد ہلاک اور نو دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔ شہر کے شیرف کے مطابق فائرنگ چوبیس سالہ ڈیوڈ کاٹس نے ہینڈگَن سے کی تھی۔ بالٹی مور کے رہائشی کاٹس نے بعد میں خود کو بھی گولی مار کر ہلاک کر لیا۔ وہ ایک ویڈیو گیم ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے جیکسن وِل پہنچا تھا۔ ای اے اسپورٹس ویب سائٹ کے مطابق وہ سن 2017 کا چیمپئن شپ ونر تھا۔ امریکی خفیہ ادارے ایف بی آئی کے ایجنٹوں نے حملہ آور کے فلیٹ پر چھاپہ بھی مار کر تلاشی بھی لی۔
[pullquote]تبت میں علیحدگی پسندی کی کوششوں میں شدت کا خطرہ[/pullquote]
چین کی حکمران سیاسی جماعت کمیونسٹ پارٹی کے سینیئر رہنما وانگ یانگ کا کہنا ہے کہ تبت میں علیحدگی پسند عناصر اپنی کوششوں میں شدت پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ ریاستی میڈیا کے مطابق وانگ یانگ نے تبت میں سخت حکومتی کنٹرول کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مقامی کارکنوں اور انتظامی اہلکاروں کو خبردار کیا کہ وہ کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت چوکس رہیں۔ وانگ یانگ نے تبت کے چین نواز مذہبی بدھ مت رہنماؤں کو بھی تلقین کی کہ وہ علیحدگی پسندی کا عزم و حوصلے سے مقابلہ کریں۔ وانگ یانگ چینی کمیونسٹ پارٹی کے چوتھے اہم ترین لیڈر ہیں۔