سندھ کے گورنر ہاؤس کا پارک عام عوام کے لیے کھول دیا گیا

کراچی: سندھ کے گورنر ہاؤس کے پارک کو عام عوام کے لیے کھول دیا گیا جس کے بعد شہری مقرر کردہ اوقات میں اس پارک کا دورہ کرسکیں گے۔

سندھ کے تاریخی گورنر ہاؤس میں پارک کو عام عوام کے لیے روزانہ صبح چار گھنٹے اور اتوار کی شام دو گھنٹے کھولا جائے گا جہاں شہری آکر وقت گزار سکیں گے۔

آج جب پارک کو عوام کے لیے کھولا گیا تو گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وہاں آنے والے شہریوں سے ملاقات کی جب کہ دورہ کرنے والے خواتین، بچوں اور بزرگوں نے سیلفیاں بھی بنائیں۔

گورنر ہاؤس انتظامیہ کی جانب سے پارک کا دورہ کرنے والے شہریوں کے لیے ضروری ہدایات بھی جاری کی ہیں جس کے مطابق شہری مقرر کردہ راستہ استعمال کریں اور دوران وزٹ کچرا نہ پھینکیں اور کچرا کوڑے دان میں ڈالیں۔

انتظامیہ کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ شہری غیرمتعلقہ چیزوں کا نہ چھوئیں، ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں سے تعاون کریں اور گورنر ہاؤس کی املاک کو نقصان پہنچانے سے گریز کریں۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل کا میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ عمارت قومی ورثہ ہے اس کا خیال رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے اور صوبے کی ترقی وخوشحالی کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس کے گیٹ نمبر 4 پر شکایتی سیل بنائیں گے اور ہفتے میں ایک دن وہ خود وہاں بیٹھ کر لوگوں کی شکایتیں بھی سنیں گے۔

یاد رہے کہ کہ قیام پاکستان کے بعد کراچی کو ملک کا دارالخلافہ قرار دیا اور موجودہ گورنر ہاؤس بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی رہائش گاہ بھی رہا۔

گورنر ہاؤس کی بنیاد 1843 میں سر چارلس نیپئر کی ذاتی رہائش گاہ کے طور پر رکھی گئی اور 1847 میں انہوں نے جب رہائشگاہ چھوڑی تو یہ عمارت حکومت ہند (برٹش گورنمنٹ) کے استعمال میں آئی اور یہاں 1936 تک کمشنر سندھ رہنے لگے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے