[pullquote]شام کے لیے روسی میزائل: علاقائی خطرات بڑھ جائیں گے، نیتن یاہو[/pullquote]
اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ روس کی طرف سے جنگ زدہ ملک شام کی حکومت کو دفاعی میزائل نظام مہیا کرنے سے علاقے میں خطرات اور زیادہ ہو جائیں گے۔ اسرائیلی حکومت کے قریبی ذرائع کے مطابق یہ بات نیتن یاہو نے پیر کے روز روسی صدر پوٹن کے ساتھ ٹیلی فون پر ہونے والی گفتکو میں کہی۔ اس سے قبل روسی وزیر دفاع سیرگئی شوئیگُو نے پیر ہی کے روز یہ اعلان کیا تھا کہ روس اسد حکومت کو ایس 300 طرز کے دفاعی میزائل نظام فراہم کرے گی۔ شوئیگُو کے بقول یہ جدید ترین ڈیفنس میزائل سسٹم دو ہفتوں کے اندر اندر شام پہنچا دیے جائیں گے۔
[pullquote]بریگزٹ مذاکرات میں جمود: برطانیہ ثابت قدم رہے گا، ڈومینیک راب[/pullquote]
برطانیہ اور یورپی یونین کے مابین بریگزٹ سے متعلق مذاکراتی عمل کے جمود کا شکار ہو جانے کے بعد برطانوی وزیر ڈومینیک راب نے کہا ہے کہ لندن حکومت اس معاملے میں ثابت قدم رہے گی۔ برطانیہ کے اگلے برس مارچ کے آخر تک یورپی یونین سے طے شدہ اخراج کے سلسلے میں وزیر اعظم ٹریزا مے کے تجویز کردہ ایک منصوبے کو گزشتہ ہفتے یورپی رہنماؤں نے مسترد کر دیا تھا۔ اس بارے میں برطانوی کابینہ کے ایک اجلاس کے بعد بریگزٹ امور کے وزیر راب نے پیر کے روز کہا کہ لندن حکومت تاحال اپنی بریگزٹ تجاویز پر قائم ہے۔
[pullquote]فرانسیسی جنگی طیاروں کی خریداری: معاہدے پر قائم رہیں گے، بھارت[/pullquote]
بھارتی وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے کہا ہے کہ نئی دہلی حکومت فرانس کے ساتھ جنگی طیاروں کی خریداری کے دوطرفہ معاہدے پر قائم رہے گی۔ اس معاہدے کے حوالے سے وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت کو ایک اسکینڈل کا سامنا ہے اور اس پر کئی حلقوں کی طرف سے شدید تنقید کی جا رہی ہے۔ اسی دوران اپوزیشن کانگریس پارٹی نے پیر کے روز یہ مطالبہ بھی کر دیا کہ اس معاہدے میں بے ضابطگیوں کی باقاعدہ چھان بین کرائی جائے۔ رافیل طرز کے چھتیس فرانسیسی جنگی طیارے خریدنے کا قریب نو بلین ڈالر مالیت کا معاہدہ دو ہزار سولہ میں طے پایا تھا۔
[pullquote]پاکستان میں پولیو سے بچاؤ کی ملک گیر مہم کا آغاز[/pullquote]
پاکستان میں پانچ برس سے کم عمر کے قریب انتالیس ملین بچوں کو پولیو سے بچانے کے لیے ایک ملک گیر مہم آج پیر سے شروع ہو گئی۔ اس دوران ڈھائی لاکھ سے زائد پبلک ہیلتھ ورکزر کی کوشش ہو گی کہ چار کروڑ کے قریب کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلا کر انہیں اپاہج کر دینے والی اس بیماری سے بچا لیا جائے۔ پاکستان اور افغانستان کا شمار دنیا کے ان چند گنے چنے ممالک میں ہوتا ہے، جہاں پولیو کے بیماری ابھی تک موجود ہے۔ پاکستان کی اینٹی پولیو مہم کے سربراہ صفدر رانا کے مطابق ملک سے پولیو کے خاتمے کے منزل آج اتنی قریب ہے، جتنی پہلے کبھی نہیں تھی۔
[pullquote]امسالہ متبادل نوبل انعام کا اعلان کر دیا گیا[/pullquote]
امسالہ متبادل نوبل انعام انسانی حقوق، انسداد بدعنوانی اور تحفظ ماحول کے لیے کام کرنے والے کارکنوں کو دیا گیا ہے۔ جن کارکنوں کو اس ایوارڈ سے نوازا گیا ہے، ان میں انسانی حقوق کے لیے سرگرم تین سعودی وکلاء بھی شامل ہیں۔ انسداد بدعنوانی کے لیے کام کرنے والے دو کارکنوں کا تعلق کولمبیا اور گوئٹے مالا سے ہے جبکہ تحفظ ماحول کے لیے سرگرم دو کارکن آسٹریلیا اور برکینا فاسو سے ہیں۔ یہ انعام سن انیس سو اسی سے ہر سال دیا جاتا ہے۔ اس انعام کے ساتھ ان شخصیات اور تنظیموں کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے، جو دنیا کو مسائل کا حل فراہم کرتے ہیں۔
[pullquote]روس اور ناروے کے مابین بھی سفارتی کشیدگی[/pullquote]
روسی وزارت خارجہ نے پیر کے روز ناروے کے ماسکو متعینہ سفیر کو دفتر خارجہ میں طلب کر لیا۔ اس طلبی کا مقصد اس روسی شہری کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کرنا تھا، جسے ناروے کے حکام نے حال ہی میں اوسلو کے ہوائی اڈے سے گرفتار کر لیا تھا۔ گرفتاری کی وجہ اس پر روسی جاسوس ہونے کا شبہ بنی۔ اس کے برعکس روسی وزارت خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس روسی شہری کے خلاف اس کے مبینہ طور پر روسی جاسوس ہونے کا دعویٰ ناقابل فہم ہے اور ناروے اسے فوری طور پر رہا کرے۔
[pullquote]ہانگ کانگ میں آزادی کی حامی سیاسی جماعت پر پابندی[/pullquote]
ہانگ کانگ نیشنل پارٹی پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ برطانيہ کی جانب سے سن 1997 ميں ہانگ کانگ کا انتظام واپس چين کے حوالے کيے جانے کے بعد سے يہ پہلا موقع ہے کہ کسی سياسی جماعت پر اس طرح پابندی عائد کی گئی ہے۔ یہ پارٹی ہانگ کانگ کی چین سے آزادی کی حامی ہے۔ اس سیاسی جماعت کے کارکنوں کی تعداد صرف درجنوں میں ہے اور اس پر يہ پابندی سوسائٹيز آرڈيننس کے تحت لگائی گئی ہے۔ ایک سرکاری بیان کے مطابق اس جماعت کی سرگرمیاں قومی سلامتی کے ليے خطرہ ہیں۔
[pullquote]روسی اپوزیشن رہنما الیکسی ناوالنی دوبارہ گرفتار[/pullquote]
روسی اپوزیشن رہنما الیکسی ناوالنی کو ان کی رہائی کے فوراﹰ بعد دوبارہ گرفتار کر لیا گیا۔ اس طرح رواں برس جولائی کے بعد سے صدر پوٹن کے اس ناقد کو تیسری مرتبہ گرفتار کیا گیا ہے۔ ناوالنی کو ایک غیرقانونی احتجاجی مظاہرہ کرنے کی وجہ سے تیس دن تک ماسکو کی جیل میں رکھا گیا تھا۔ ناوالنی کے مطابق انہیں سیاسی بنیادوں پر انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
[pullquote]بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں پانچ مشتبہ جنگجو اور ایک فوجی ہلاک[/pullquote]
بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں ایک فوجی اور پانچ مشتبہ جنگجو ہلاک ہو گئے ہیں۔ بھارتی فوج کے ترجمان کرنل راجیش کالیا کے مطابق دو طرفہ فائرنگ کا آغاز اتوار کے روز اس وقت ہوا، جب عسکریت پسندوں کے ایک گروپ نے مبینہ طور پر پاکستان کی طرف سے بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں داخلے کی کوشش کی۔ نیوز ایجنسی اے پی کے مطابق اس بھارتی دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق ممکن نہیں۔ کرنل کالیا کے مطابق فائرنگ کا تبادلہ آخری خبریں آنے تک وقفے وقفے سے جاری تھا۔
[pullquote]روس شام کو ایس 300 دفاعی میزائل نظام فراہم کرے گا[/pullquote]
روس نے شام کو ایس 300 طرز کے دفاعی میزائل نظام فراہم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ روسی وزیر دفاع سیرگئی شوئیگو نے کہا ہے کہ یہ جدید ترین دفاعی میزائل سسٹم دو ہفتوں کے اندر اندر شام پہنچا دیے جائیں گے۔ یہ پیش رفت ایک ایسے وقت پر ہوئی ہے، جب چند روز پہلے ہی روس نے اپنے ایک فوجی طیارے کی تباہی کا الزام براہ راست اسرائیل پر عائد کیا تھا۔ روس کے مطابق وہ ان طیاروں کے سیٹلائٹ اور ریڈار سگنل بھی بند کرنا شروع کر دے گا، جو بحیرہ روم سے شامی سرزمین پر بمباری کرتے ہیں۔
[pullquote]اہواز میں فوجی پریڈ پر حملہ: امریکا اور اسرائیل سے بدلہ لیں گے، ایران[/pullquote]
ایرانی پاسداران انقلاب کے نائب سربراہ نے امریکا اور اسرائیل کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ تہران کی طرف سے ’تباہ کن‘ ردعمل کی امید رکھیں۔ اہواز میں ہلاک شدگان کی نماز جنازہ سے پہلے حسین سلامی نے کہا کہ یہ دونوں ممالک اہواز حملے میں ملوث ہیں۔ پاسداران انقلاب کے نائب سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ یہ حملہ ان عسکریت پسندوں نے کیا، جنہیں خلیجی ممالک اور اسرائیل نے تربیت فراہم کی تھی۔ اس حملے میں پچیس افراد ہلاک ہوئے تھے، جن میں پاسداران انقلاب نامی دستوں کے بارہ اہلکار بھی شامل تھے۔
[pullquote]یورپی یونین اور برطانیہ کے مابین ادائیگیوں کا مسئلہ شدت اختیار کر گیا[/pullquote]
یورپی کمیشن برطانیہ کو دو اعشاریہ سات بلین یورو کی ادائیگی کے لیے ایک قانونی نوٹس بھیجے گا۔ ایک بیان کے مطابق برطانیہ کو کسٹمز ڈیوٹی سے متعلقہ یہ رقوم دو ماہ کے اندر اندر یورپی یونین کو ادا کرنا ہوں گی۔ ایسا نہ کرنے کی صورت میں یہ کیس یورپی یونین کی اعلیٰ ترین عدالت میں بھیج دیا جائے گا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اس طرح بریگزٹ مذاکرات اور یورپی یونین کے برطانیہ کے ساتھ کسٹمز تعلقات مزید پیچیدہ ہو جائیں گے۔
[pullquote]اہواز میں فوجی پریڈ پر حملہ: ’بڑا نیٹ ورک پکڑنے‘ کا ایرانی دعویٰ[/pullquote]
ایران میں انٹیلی جنس کے وزیر کے مطابق اہواز میں فوجی پریڈ پر حملے میں ملوث ہونے کی بنیاد پر ایک بڑے مشتبہ نیٹ ورک کو پکڑ لیا گیا ہے۔ ہفتے کے روز اس فوجی پریڈ کے دوران پچیس افراد مارے گئے تھے۔ محمود علوی کا میزان نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اس حملے سے منسلک تمام دہشت گردوں کی شناخت کر لی جائے گی۔ دریں اثناء آج ایران بھر میں یوم سوگ منایا جا رہا ہے جبکہ صوبہ خوزستان کے تمام تعلیمی ادارے، عوامی دفاتر اور بینک بند رکھے جائیں گے۔
[pullquote]ناروے میں روس کا مبینہ جاسوس گرفتار[/pullquote]
ناروے کی پولیس نے روس کے ایک مشتبہ جاسوس کو اوسلو ایئر پورٹ سے گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ کارروائی ملزم کی طرف سے پارلیمان میں ہونے والے ایک سیمینار میں شرکت کے بعد کی گئی۔ اکاون سالہ مشتبہ جاسوس کو ناروے کی خفیہ ایجنسی کی مدد سے گرفتار کیا گیا ہے۔ سیمینار میں سائبر سکیورٹی کے حوالے سے بات چیت کی جا رہی تھی۔ ابھی تک روس نے اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔
[pullquote]سوئٹزرلینڈ: سینٹ گالن میں بھی مکمل برقعے پر پابندی[/pullquote]
سوئٹزرلینڈ کی وفاقی ریاست سینٹ گالن میں ہونے والے ایک عوامی ریفرنڈم کے بعد مکمل برقعہ پہننے پر پابندی کی منظوری دے دی گئی ہے۔ سینٹ گالن اس یورپی ملک کا ایسا دوسرا کینٹن ہے، جس نے اس پابندی کی منظوری دی ہے۔ اس ریفرنڈم میں شریک پینسٹھ فیصد سے زائد افراد نے اس پابندی کے حق میں ووٹ دیا۔ اتوار کے روز اس ریفرنڈم میں ووٹ دینے کے اہل شہریوں کی شرکت کا تناسب صرف چھتیس فیصد رہا۔ اس کے برعکس سوئٹزرلینڈ کے تین دیگر وفاقی علاقوں میں بھی حالیہ برسوں میں ایسے ہی عوامی ریفرنڈم منعقد کرائے جا چکے ہیں لیکن وہاں شہریوں نے عوامی مقامات پر مکمل برقعے کے استعمال پر پابندی کی تجویز مسترد کر دی تھی۔