اتوار:30 ستمبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]پاکستانی ہيلی کاپٹر بھارتی فضائی حدود ميں داخل ہو گیا، بھارتی دعویٰ[/pullquote]

پاکستان کا ايک ہيلی کاپٹر بھارتی فضائی حدود ميں داخل ہو گيا، جس پر بھارتی فوجيوں نے اس پر فائرنگ کی۔ بھارتی حکام کے مطابق يہ واقعہ بھارت کے زیر انتظام جموں و کشمير کے پونچھ سيکٹر ميں اتوار تيس ستمبر کو دوپہر کے وقت پيش آيا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ يہ ہيلی کاپٹر لائن آف کنٹرول سے ڈھائی سو ميٹر اندر تک بھارتی حدود ميں داخل ہو گيا تھا اور وہاں تقريباً پانچ منٹ تک فضا میں رہا۔ فائرنگ کے بعد یہ ہيلی کاپٹر واپس پاکستان کے زیر انتظام علاقے میں چلا گیا۔ حکام کے بقول امکان ہے کہ يہ ایک سويلين ہيلی کاپٹر تھا۔ بھارت کے دفاعی ذرائع نے اسے ’اشتعال انگيزی‘ قرار ديا ہے۔ پاکستان کی جانب سے تاحال اس بارے میں سرکاری طور پر کچھ نہیں کہا گیا۔

[pullquote]انڈونیشیا کے متاثرین کے ساتھ ہیں، پوپ فرانسس[/pullquote]

پاپائے روم نے انڈونیشیا ميں زلزلوں اور سونامی کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کے لیے خصوصی دعا کی ہے۔ اتوار کے دن پوپ فرانسس نے کہا کہ ان کی دعائیں قدرتی آفات کی وجہ سے متاثر ہونے والے افراد کے ساتھ ہیں۔ حکام نے کہا ہے کہ جمعے کے دن ہونے والی اس تباہی کی وجہ سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 832 ہو چکی ہے جبکہ دس ہزار لوگ بے گھر ہو چکے ہیں۔ امدادی کاموں کا سلسلہ اب بھی جاری ہے تاہم سولاویسی جزیرے کے دور دراز علاقوں میں امدادی اور ریسکیو سرگرميوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ حکام نے ہلاکتوں میں مزيد اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ دریں اثناء ہلاک شدگان کی اجتماعی تدفین کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔

[pullquote]مقدونیہ کے نئے نام کے بارے میں ریفرنڈم[/pullquote]

مقدونیہ میں آج بروز اتوار ملک کے نئے نام کے حوالے سے ریفرنڈم کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ عوام اگر ملک کے نئے نام شمالی مقدونیہ پر متفق ہو جاتے ہیں تو اس یورپی ملک کے مغربی دفاعی اتحاد میں شمولیت کی راہ ہموار ہو جائے گی۔ سن انیس سو نوے میں مقدونیہ نے سابق یوگوسلاویہ سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے آزادی کا اعلان کیا تھا تاہم اس ملک کے نام پر یونان اور مقدونیہ میں ایک تنازعہ کھڑا ہو گیا تھا۔ اسی وجہ سے مقدونیہ کے نیٹو اور یورپی یونین میں شمولیت ایک مسئلہ بن گئی تھی۔

[pullquote]تجارتی نظام ميں اصلاحات ميں تاخير، بڑی معيشتوں کے مابین کشيدگی کا سبب[/pullquote]

عالمی تجارتی نظام ميں اصلاحات ميں تاخير کئی اہم معیشتوں کے مابين کشيدگی کا سبب بن رہی ہے۔ عالمی مالياتی فنڈ، عالمی بينک اور عالمی ادارہ تجارت کی جانب سے اتوار تيس ستمبر کو جاری کردہ ایک رپورٹ ميں خبردار کيا گيا کہ گزشتہ دو دہائيوں کے دوران تجارتی قوانين ميں تراميم نہ ہونے کے سبب عالمی سطح پر غربت ميں کمی ممکن نہ ہو سکی۔ اس رپورٹ کے مطابق زرعی اور خدمات کے شعبوں میں اصلاحات کی اشد ضرورت ہے۔ يہ بھی کہا گيا ہے کہ اس صورتحال سے غريب ممالک سب سے زيادہ متاثر ہو رہے ہيں۔ ان تینوں عالمی اداروں نے اصلاحات پر زور ديا ہے۔ آئی ايم ايف نے یہ تنبيہ بھی کی کہ تجارتی جنگيں عالمی معیشت کے ليے بڑا خطرہ ہيں۔

[pullquote]جاپان طاقت ور سمندری طوفان کی زد ميں[/pullquote]

جاپان ميں طاقت ور سمندری طوفان ’ٹرامی‘ کی وجہ سے کم از کم ايک ہزار پروازيں منسوخ ہو چکی ہيں جبکہ نظام زندگی بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔ قريبی جزائر پر تباہی مچانے کے بعد يہ طوفان اتوار کے روز جاپانی ساحلوں تک پہنچا، جہاں طوفانی ہواؤں کا سلسلہ پير تک جاری رہے گا۔ جاپان ميں اس سمندری طوفان کی وجہ سے ٹرين سروس معطل جبکہ پانچ لاکھ گھروں کو بجلی کی ترسيل بھی منقطع ہو گئی ہے۔ اب تک کئی جزائر پر 75 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہيں۔ حکام نے ڈيڑھ ملين افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل ہو جانے کی ہدايت کی تھی۔

[pullquote]ايران میں زہريلی شراب پينے سے ستائيس افراد ہلاک[/pullquote]

ايران ميں زہريلی شراب پينے سے کم از کم ستائيس افراد ہلاک ہو گئے ہيں۔ ملکی ايمرجنسی سروسز کے مطابق زہريلی شراب پينے کی وجہ سے ہلاکتوں کا يہ یرانی تاريخ کے بد ترین واقعات ميں سے ايک واقعہ ہے۔ اس محکمے کے ترجمان مجتبیٰ خالدی کے بقول پانچ مختلف صوبوں ميں ابھی تک 176 افراد مختلف ہسپتالوں ميں زير علاج ہيں۔ بتایا گیا ہے کہ زہريلی شراب پینے سے بیمار ہو جانے والوں کی مجموعی تعداد تين سو سے زائد ہے۔ ايران ميں شراب نوشی جرم ہے تاہم خفيہ طور پر شراب فروشی کا کاروبار بھی کیا جاتا ہے۔

[pullquote]شام میں روسی مداخلت کے تین برس، حملوں میں اٹھارہ ہزار افراد ہلاک ہوئے[/pullquote]

شام میں گزشتہ تین برسوں سے جاری روسی فضائی حملوں کے نتیجے میں ہلاک شدگان کی تعداد اٹھارہ ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے اتوار کے دن بتایا ہے کہ ان میں سے نصف ہلاک شدگان شہری تھے۔ روس تیس ستمبر سن انیس سو پندرہ کو شامی جنگ کا براہ راست حصہ بنا تھا۔ اس تنازعے میں روسی مداخلت کی وجہ سے شامی صدر بشار الاسد کی حامی فوج کو بہت زیادہ مدد ملی اور اس نے کئی علاقوں کو باغیوں اور جنگجوؤں سے بازیاب کرایا۔ شامی خانہ جنگی ميں گزشتہ سات برسوں کے دوران تین لاکھ سے زائد افراد مارے جا چکے ہیں۔

[pullquote]کردستان میں پارلیمانی الیکشن کا انعقاد[/pullquote]

عراقی خود مختار علاقے کردستان میں آج بروز اتوار پارلیمانی انتخابات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس ریجن میں گزشتہ برس آزادی سے متعلق ریفرنڈم کے بعد سے اقتصادی مسائل شدید ہیں۔ بغداد حکومت نے اس ریفرنڈم پر شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ کردستان کی ایک سو گیارہ رکنی پارلیمان کے لیے 673 امیدوار میدان میں ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق اہل ووٹرز کی تعداد 3.1 ملین ہے، جو کردستان کے تینوں صوبوں سے اپنے امیدواروں کا انتخاب کریں گے۔

[pullquote]ٹیسلا اور مُسک ہرجانہ ادا کرنے پر رضا مند[/pullquote]

کار ساز ادارے ٹیسلا اور اس کے سی ای او ایلون مُسک بیس ملین امریکی ڈالر کا ہرجانہ ادا کرنے پر رضا مند ہو گئے ہیں۔ مُسک کی طرف سے گمراہ کن ٹوئیٹر پیغامات کی وجہ سے شروع ہونے والے اس تنازعے کے خاتمے کے لیے مُسک نے تسلیم کر لیا ہے کہ وہ تین برس کے لیے ٹیسلا بورڈ کی چیئرمین شپ سے بھی علیحدہ ہو رہے ہیں۔ تاہم وہ اس الیکٹرک کار ساز ادارے کے سی ای او کے عہدے پر برقرار رہیں گے۔ اس ڈیل کی حتمی منظوری کی خاطر عدالت کی طرف سے منظوری ملنا ابھی باقی ہے۔

[pullquote]روسی گراں پری بھی ہیملٹن کے نام[/pullquote]

فارمولا ون کے برطانوی ڈرائیور لوئیس ہیملٹن نے روسی گراں پری کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔ اتوار کے دن سوچی کے سرکٹ پر ہوئی اس ریس میں کامیابی کے ساتھ ہی مرسیڈیز ٹیم کے ڈرائیور نے پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پہلی پوزیشن مستحکم کر لی ہے۔ رشین گراں پری میں دوسرے نمبر پر مرسیڈیز ٹیم کے ہی ڈرائیور والٹیری بوٹاس رہے جبکہ جرمن ڈرائیور سباستیاں فیٹل تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی ہیملٹن کو پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن پر موجود فیٹل پر پچاس پوائنٹس کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔

[pullquote]جرمنی، حملہ آور افغان مہاجر نفیساتی مرکز بھیج دیا گیا[/pullquote]

جرمنی میں چاقو سے حملہ کر کے تین افراد کو زخمی کرنے والے ایک افغان مہاجر کو نفسیاتی مرکز میں داخل کرایا جائے گا۔ جنوب مغربی شہر راوینزبُرگ کے جج نے حکم سناتے ہوئے کہا کہ اکیس سالہ پناہ کا متلاشی افغان باشندہ شدید نفسیاتی مسائل کا شکار ہے، اس لیے اسے نفسیاتی مدد کی ضرورت ہے۔ جمعے کے دن اس مہاجر نے چاقو کی مدد سے حملہ کر کے تین افراد کو زخمی کر دیا تھا، جن میں سے ایک زخمی کی حالت نازک ہے۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے وقوعے سے ہی گرفتار کر لیا تھا۔

[pullquote]ہیمبرگ میں نسل پرستی کے خلاف پریڈ[/pullquote]

جرمن شہر ہیمبرگ میں ہفتے کے دن نسل پرستی کے خلاف ہوئی ایک پریڈ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ پولیس نے بتایا ہے کہ اس پریڈ کا اہتمام ساڑھے چار سو سے زائد اداروں اور تجارتی تنظیموں نے مل کر کیا۔ اس موقع پر شرکا نے پناہ کے متلاشی افراد کو تحفظ فراہم کرنے کے علاوہ مہاجرت کے محفوظ راستوں کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ منتظمین کا کہنا تھا کہ ڈی پورٹشن کو روکا جائے اور دائیں بازو کی انتہا پسندی کے خاتمے کی خاطر مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ پولیس کے مطابق اس پریڈ میں بیس ہزار افراد نے شرکت کی جبکہ منتظمین کا کہنا ہے کہ شرکا کی تعداد 35 ہزار کے قریب تھی۔

[pullquote]بصرہ میں امریکی مشن کی بندش پر بغداد حکومت کا افسوس[/pullquote]

عراقی وزارت خارجہ نے بصرہ میں امریکی قونصل خانے کی بندش کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ اس جنوبی شہر میں کئی ہفتوں سے جاری مظاہروں کے بعد واشنگٹن حکومت نے اپنے مشن کو عارضی طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے الزام عائد کیا ہے کہ ایران نواز ملیشیا گروہ بصرہ میں امریکی قونصل خانے پر ’بالواسطہ حملے‘ میں ملوث ہیں۔ تاہم ایران ان الزامات کو مسترد کرتا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے