[pullquote]خاتون اول میلانیا ٹرمپ کا پہلا دورہ افریقہ[/pullquote]
امریکی خاتونِ اول میلانیا ٹرمپ افریقہ کے اپنے پہلے دورے پر گھانا پہنچ گئی ہیں۔ گھانا کے دارالحکومت اکرا میں میلانیا کی آمد پر ان کا ریڈکارپٹ استقبال کیا گیا۔ میلانیا نے اکرا میں گھانا کی خاتون اول ریبیکا اکوفو اددو اور اسکول کے طلبہ کے ایک گروپ سے ملاقات کی۔ امریکی خاتونِ اول کے دفتر کے بیان کے مطابق یہ دورہ ’سفارتی اور انسانی بنیادوں پر ہمدردی‘ پر مبنی ہو گا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ خاتونِ اول یہ دورہ ’بچوں کی دیکھ بھال‘ سے متعلق جاری اپنی مہم #BeBest کے سلسلے میں کر رہی ہیں۔
[pullquote]افغانستان میں انتخابی ریلی پر خودکش حملہ، 13 افراد ہلاک[/pullquote]
مشرقی افغان صوبے ننگرہار میں ایک انتخابی ریلی میں ہونے والے خودکش حملے میں کم از کم تیرہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ پارلیمانی انتخابات کے لیے انتخابی مہم کا باقاعدہ آغاز جمعے کو ہوا تھا۔ ننگرہار صوبے کے گورنر کے ترجمان عطااللہ خوگیانی نے بتایا کہ کاما ضلع میں ایک خودکش بمبار نے انتخابی امیدوار عبدالناصر محمد کے انتخابی اجتماع میں داخل ہو کر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ اس واقعے میں دیگر تیس سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
[pullquote]کاتالونیا کے صدر ’شدت پسندوں‘ کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں، ہسپانوی وزیراعظم[/pullquote]
ہسپانوی وزیراعظم پیدرو سانچیز نے الزام عائد کیا ہے کہ ملک کے نیم خودمختار علاقے کاتالونیا کے علیحدگی پسند رہنما کوئم تورا شدت پسندوں کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔ سانچیز کا یہ بیان کاتالونیا میں گزشتہ روز ہونے والی پرتشدد جھڑپوں کے بعد سامنے آیا۔ پیر کو آزادی سے متعلق ایک متنازعہ ریفرنڈم کا ایک برس مکمل ہونے پر بارسلونا میں علیحدگی پسندوں اور پولیس کے درمیان زبردست جھڑپیں ہوئیں۔ بتایا گیا ہے کہ علیحدگی پسند مظاہرین نے مقامی پارلیمان کی عمارت تک میں داخلے کی کوشش کی۔
[pullquote]برطانیہ یورپی گھر سے چابی کے ساتھ نہیں جا سکتا، یورپی عہدیدار[/pullquote]
یورپی کمیشن کے نائب سربراہ فرانز ٹِمرمانز نے کہا ہے کہ برطانیہ یورپی یونین کے گھر سے جاتے ہوئے چابی ساتھ نہیں لے جا سکتا ہے۔ ایک ایسے موقع پر جب بریگزٹ مذاکرات اپنے آخری مراحل میں ہیں، ٹِمرمانز نے کہا کہ یورپی یونین پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ بریگزٹ کی وجہ سے یونین کو پہنچنے والے نقصان کو زیادہ سے زیادہ محدود بنایا جا سکے۔ یورپی پارلیمان سے اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ اگر کوئی یہ کہے کہ وہ گھر سے جانا چاہتا ہے، مگر گھر کی چابی ساتھ لے جانا چاہتا ہے، تاکہ جس وقت چاہے واپس آ جائے یا گھر سے جو چاہے لے لے، تو اسے معلوم ہونا چاہیے کہ ایسا نہیں ہو سکتا۔ واضح رہے کہ برطانیہ کو اگلے برس مارچ تک یورپی یونین سے نکلنا ہے، تاہم اب تک برطانیہ اور یورپی یونین کے درمیان کوئی ڈیل طے نہیں ہو پائی ہے۔
[pullquote]الیکٹرانک کتابوں پر سیلز ٹیکس میں کمی، یورپی وزراء متفق[/pullquote]
یورپی یونین کے وزرائے خزانہ نے ای بکس اور ڈیجیٹل پبلیکیشنز پر سیلز ٹیکس میں کمی پر اتفاق کیا ہے۔ اس طرح کاغذ پر چھپنے والی کتابوں اور جریدوں کی نسبت الیکٹرانک کتب اور جریدوں پر محصولات میں کمی لائی جائے گی۔ لکسمبرگ میں اس اجلاس کے بعد آسٹریا کے وزیرخزانہ ہارٹ وِگ لیوگر نے اس وزارتی فیصلے کا اعلان کیا۔ اس سلسلے میں یورپی کمیشن نے ایک منصوبہ دو برس قبل پیش کیا تھا، جس میں تجویز دی گئی تھی کہ ڈیجیٹل کتابوں پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس کو کم سے کم کیا جائے۔ یورپی وزرائے خزانہ کے اس اتفاق رائے میں کہا گیا ہے کہ ان کتابوں اور جریدوں پر سیلز ٹیکس کم بلکہ ختم تک کیا جا سکتا ہے۔
[pullquote]اپنی آزادنہ حیثیت اور اعتبار پر سمجھوتا نہیں کرتے، آئی اے ای اے[/pullquote]
بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی آئی اے ای اے نے کہا ہے کہ وہ اپنی آزادنہ حیثیت اور اعتبار پر کوئی سمجھوتا نہیں کرتی۔ اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کی جانب سے ایران پر عائد کیے جانے والے نئے الزامات کے تناظر میں اس عالمی ادارے نے کہا کہ خفیہ معلومات چہرے دیکھ کر حاصل نہیں کی جاتی۔ آئی اے ای اے کے سربراہ یوکیا امانو کی جانب سے جاری کردہ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ عالمی ادارہ ضرورت پڑنے پر اپنے معائنہ کار مخصوص علاقوں اور تنصیبات پر بھیجتا ہے اور دستیاب معلومات کا تحفظ کیا جاتا ہے۔ نیتن یاہو نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں الزام عائد کیا تھا کہ ایران دنیا کی نگاہوں سے چھپ کر جوہری ہتھیاروں کی تیاری میں مصروف ہے۔
[pullquote]نوبل انعام برائے طبعیات لیزر پر تحقیق کرنے والے سائنس دانوں کے نام[/pullquote]
لیزر کے شعبے میں غیرمعمولی پیش رفت پر نوبل انعام برائے طبعیات تین سائنس دانوں کو مشترکہ طور پر دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ آرتھر آشکِن، گیرارڈ مورو اور ڈونا سٹریکلینڈ کو یہ انعام مشترکہ طور پر دینے کے اعلان میں رائل سویڈش اکیڈمی آف سائنسس نے کہا کہ ان کی ایجادات نے لیزر فزکس میں انقلابی کردار ادا کیا۔ نوبل کمیٹی کی جانب سے اعلان میں کہا گیا ہے کہ یہ تحقیق صنعتی اور طبی شعبوں میں تحقیق اور معلومات کے نئے در وا کرے گی۔
[pullquote]ترکی میں بڑے پیمانے پر چھاپے اور گرفتاریاں[/pullquote]
ترک میڈیا کے مطابق غیرقانونی طور پر بیرون ملک رقوم منتقل کرنے کے الزام میں بڑے پیمانے پر چھاپے مارے گئے ہیں۔ منی لانڈرنگ کے الزامات کے تحت چار سو سترہ مشتبہ افراد کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے۔ حکام کے مطابق ان افراد نے دو اعشاریہ پانچ ارب لیرا کی رقوم امریکا منتقل کی تھیں۔ ترک کرنسی لیرا کو اس وقت اپنی قدر میں کمی کے بحران کا سامنا ہے۔ رواں برس ترک لیرا کی امریکی ڈالر کے مقابلے میں قدر چالیس فیصد کم ہوئی ہے۔ ترک صدر ایردوآن الزام لگاتے ہیں کہ امریکا نے ترک معیشت پر حملہ کر رکھا ہے۔
[pullquote]ایران نے بیلسٹک میزائل حملے کی بابت رابطہ کاری کی تھی، شام[/pullquote]
شامی وزیرخارجہ ولیدالمعلم نے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے شامی علاقے میں کیا جانے والا میزائل حملہ ’جائز‘ ہے، کیوں کہ اس کے لیے تہران حکومت نے شام سے بات چیت کی تھی۔ ولیدالمعلم نے لبنانی ٹی وی چینل المعیادین سے بات چیت میں کہا کہ یہ ایرانی حملہ شامی حکومت کے ساتھ مکمل رابطہ کاری کے بعد کیا گیا۔ یہ بات اہم ہے کہ گزشتہ ماہ ایران میں ایک پریڈ میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے تناظر میں گزشتہ روز ایران نے شامی علاقے ابوکمال میں داعش کے عسکریت پسندوں کو میزائلوں سے نشانہ بنایا تھا۔
[pullquote]سعودی خاتون کو موسیقار سے شادی نہ کرنے کا حکم[/pullquote]
سعودی خاتون عدالت میں موسیقار سے شادی کرنے کا قانونی اختیار حاصل کرنے کی جنگ ہار گئیں۔فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق سعودی عدالت نے خاتون کی موسیقار سے شادی کرنے کی استدعا پر حکم جاری کیا کہ موسیقار سے شادی مذہبی طور پر ناجائز ہے۔سعودی عرب میں خواتین کو شادی، گھومنے پھرنے سمیت کئی دیگر کاموں میں اپنے اہل خانہ کی اجازت درکار ہوتی ہے۔ریاست کے کچھ حصوں میں موسیقاروں کو نچلے درجے کا سمجھا جاتا ہے۔بینک میں ملازمت کرنے والے 38 سالہ موسیقار نے 2 سال قبل خاتون کے اہل خانہ سے شادی کی خواہش کی تھی۔تاہم لڑکی کے اہلخانہ نے لڑکے کی موسیقی کے شوق کو مد نظر رکھتے ہوئے اس شادی سے اعتراض کیا تھا۔لڑکی جس کا نام ظاہر نہیں کیا گیا نے ہی موسیقار سے شادی کے لیے عدالت میں درخواست دائر کی۔ذیلی عدالت نے اس معاملے میں لڑکی کے اہلخانہ کے موقف کی تائید کی اور کہا تھا کہ یہ شادی نہیں ہوسکتی۔
[pullquote]جرمنی اپنے ہاں پیشہ ور تارکین وطن کی آمد کا خواہش مند[/pullquote]
مستقبل میں پیشہ ور افراد کو جرمنی میں ملازمتیں تلاش کرنے کے لیے چھ ماہ کے ویزے جاری کیے جائیں گے۔ اس طرح جرمن حکومت ملک میں اعلیٰ تعلیم یافتہ اور پیشہ ور کارکنوں کی کمی پوری کرنا چاہتی ہے۔ تاہم ملازمت کا یہ ویزہ حاصل کرنے کے لیے درخواست دہندگان کو اپنی تعلیمی اسناد کے ساتھ ساتھ جرمن زبان پر مناسب دسترس کا لازمی سرٹیفیکیٹ بھی پیش کرنا ہو گا۔ برلن حکومت کی طرف سے مستقبل میں سیاسی پناہ اور ملازمت کی تلاش میں جرمنی آنے والے مہاجرین کے کوٹے کو الگ الگ رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا ہے۔
[pullquote]جرمن وزیرصحت کی امریکی قومی سلامتی مشیر سے اچانک ملاقات[/pullquote]
جرمن وزیرصحت ژینس شپاہن نے پیر کو وائٹ ہاؤس میں قومی سلامتی کے امریکی مشیر جان بولٹن سے ’حیاتیاتی دہشت گردی‘ کے موضوع پر بات چیت کی۔ یہ ملاقات طے نہیں تھی، تاہم دہشت گردی کے لیے حیاتیاتی ہتھیاروں کے استعمال کے خدشات کے موضوع پر دونوں رہنماؤں نے تفصیلی بات چیت کی۔ شپاہن نے اس ملاقات کے بعد کہا کہ دونوں ممالک نے ایسی کسی بحرانی صورت حال میں زیادہ تیز رفتار ردعمل کے لیے مزید مشترکہ لائحہ عمل پر اتفاق کیاہے۔ واضح رہے کہ رواں برس جون میں جرمن شہر کولون میں تیونس کے ایک باشندے کو حراست میں لیا گیا تھا۔ یہ ملزم زہریلے حیاتیاتی مادے کی تیاری میں مصروف تھا اور دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ سے بھی رابطے میں تھا۔
[pullquote]انڈونیشیا میں زلزلے کے کئی روز بعد ایک شخص زندہ بچا لیا گیا[/pullquote]
انڈونیشی جزیرے سلاویسی میں جمعے کو آنے والے زلزلے کے بعد پیر کی شب ایک شخص کو ایک عمارت کے ملبے کے نیچے سے زندہ نکال لیا گیا ہے۔ ریسکیو ورکروں کے مطابق بچایا جانے والا شخص اچھی حالت میں تھا، تاہم اسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔ حکام نے اس زلزلے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 844 بتائی ہے۔ ان میں سے زیادہ تر ہلاکتیں اس جزیرے کے شہر پالو میں ہوئیں، اس علاقے میں زمین زلزلے کے نتیجے میں دلدل میں تبدیل ہو گئی اور شہر کا ایک بڑا حصہ زمین میں دھنس گیا۔
[pullquote]یورو مخالف اطالوی بیان پر یورو کرنسی کو دھچکا[/pullquote]
اٹلی کے عوامیت پسند اتحادی حکومت کے ایک اعلیٰ عہدیدار کی جانب سے یورو کرنسی کی مخالفت پر مبنی بیان پر مالیاتی منڈیوں میں یورو کو دھچکا پہنچا۔ نائب وزیراعظم اور وزیرداخلہ ماتیو سالوینی کے مشیر کلاؤڈیو بورگی نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ اٹلی یورو کرنسی کے بغیر زیادہ بہتر مالیاتی حیثیت کا حامل ہو سکتا ہے۔ انہوں نے ایک ریڈیو انٹرویو میں کہا کہ ان کے خیال میں یورو کی بجائے اپنی کرنسی رائج ہونے پر اٹلی اپنے زیادہ تر مسائل کو باآسانی حل کر سکتا ہے۔
[pullquote]فلسطینی مہاجرین کے لیے عالمی ادارے نے غزہ سے اپنا عملہ نکالنا شروع کر دیا[/pullquote]
اقوام متحدہ کا ادارہ برائے فلسطینی مہاجرین UNRWA سلامتی کے خدشات کے پیش نظر اپنے غیرمقامی عملے کو غزہ سے نکال رہا ہے۔ پیر کے روز اس تنظیم کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام احتیاطی ہے اور اس کی وجہ کسی ناخوش گوار واقعے کا تدارک ہے۔ حالیہ کچھ عرصے میں غزہ میں اس عالمی ادارے کے ملازمین میں غصے کی ایک لہر دیکھی گئی ہے۔ بتایا گیا ہےکہ مالیاتی مسائل اور کٹوتیوں کی بنا پر اس تنظیم کے ملازمین کی جانب سے کئی ہڑتالیں اور احتجاج بھی ہو چکے ہیں۔ واضح رہے کہ امریکا اس عالمی ادارے کے لیے اپنی امداد روکنے کا اعلان کر چکا ہے۔
[pullquote]ترکی میں فتح اللہ گولن کے بھائی کو سزا[/pullquote]
ترکی کی ایک عدالت نے جلاوطن ترک رہنما فتح اللہ گولن کے بھائی قطب الدین گولن کو پیر کے روز ساڑھے دس برس قید کی سزا سنا دی ہے۔ ازمیر کی ایک عدالت میں انہیں ’ایک مسلح دہشت گرد تنظیم کی رکنیت‘ کے الزام کا سامنا تھا۔ قطب الدین گولن اکتوبر 2016 سے پولیس کی حراست میں تھے اور خود پر عائد ان الزامات کو مسترد کرتے ہیں۔ فتح اللہ گولن کی جانب سے بھی قطب الدین گولن کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ انقرہ حکومت نے جولائی 2016ء کی ناکام فوجی بغاوت کا الزام فتح اللہ گولن پر عائد کرتے ہوئے ملک میں اس تحریک سے وابستہ افراد کے خلاف سخت کریک ڈاؤن شروع کر رکھا ہے۔