جمعرات : 04 اکتوبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]روسی صدر کل سے بھارت کے دو روزہ دورے پر[/pullquote]

روس کے صدر ولادیمیر پوٹن جمعرات چار اکتوبر سے بھارت کا دو روزہ دورہ شروع کریں گے۔ توقع ہے کہ صدر پوٹن کے نئی دہلی میں قیام کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان ایک دفاعی معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے۔ معاہدہ طے ہونے کی صورت میں روس بھارت کو پانچ بلین امریکی ڈالر کی مالیت کا ایئر ڈیفنس نظام ایس فور ہنڈرڈ فروخت کرے گا۔ روسی نیوز ایجنسی تاس کے مطابق کم از کم بیس معاہدوں کو پوٹن کے دورے کے دوران حتمی شکل دی جائے گی۔ بھارتی وزارت خارجہ کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی روسی صدر کے ساتھ ملاقات میں دفاعی تعاون پر نظرثانی کے علاوہ علاقائی اور عالمی امور پر توجہ مرکوز کریں گے۔

[pullquote]شمالی کوریا کا دورہ مفید ہو سکتا ہے، پومپیو[/pullquote]

امریکا کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ اُن کا شمالی کوریائی دورہ فائدہ مند ہو سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس دورے میں امریکی صدر اور شمالی کوریائی لیڈر کی ایک اور ملاقات کی جانب پیش رفت کا امکان موجود ہے۔ امریکی وزیر خارجہ اتوار سات اکتوبر کو شمالی کوریائی دارالحکومت پیونگ یونگ پہنچ رہے ہیں۔ واشنگٹن میں ملکی وزارت خارجہ کی عمارت میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے واضح کیا کہ یہ دورہ بھی رواں برس جون میں امریکی و شمالی کوریائی رہنماؤں کی سمٹ کے تسلسل کا حصہ ہے۔ اپنے دورے سے قبل پومپیو نے شمالی کوریا کی جانب سے پابندیاں ہٹائے جانے کے مطالبات پر کوئی تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔

[pullquote]یوکرائن کا ہنگری کے سفارت کار کو بیدخل کرنے کا اعلان[/pullquote]

یوکرائنی حکومت نے اپنے ملک میں تعینات ہنگری کے ایک قونصلر کو اگلے بہتر گھنٹوں میں ملک چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔ یہ سفارت کار مغربی یوکرائن میں ہنگری کی سرحد کے قریب واقع شہر بیئر ہوو (Berehove) میں تعینات ہے۔ یوکرائنی وزارت خارجہ کے مطابق بیدخل کیے جانا والا قونصلر اپنے مرتبے کے مطابق فرائض انجام دینے کے بجائے نامناسب سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا ہے۔ اس بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ کییف حکومت توقع کرتی ہے کہ ہنگری کی جانب سے مستقبل میں کوئی غیردوستانہ اقدام نہیں کیا جائے گا۔ بیئر ہوو کو یوکرائن میں آباد ہنگری نسل کے افراد کا مرکز تصور کیا جاتا ہے۔

[pullquote]چین امریکی سیاست اور پالیسیوں میں مداخلت کر رہا ہے، امریکی نائب صدر[/pullquote]

امریکا کے نائب صدر مائیک پینس نے چین پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کو دباؤ میں لانے کی کوششوں میں ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ چین امریکا میں ایک مختلف صدر کا متمنی ہے اور یہ افسوسناک ہے کہ بیجنگ وسط مدتی امریکی انتخابات میں مداخلت کی کوششوں میں ہے۔ پینس نے مزید کہا کہ چین یہ نہیں چاہتا کہ ٹرمپ یا اُن کے ساتھی ان انتخابات میں کامیابی حاصل کر سکیں۔ امریکی نائب صدر کے مطابق چین اس وقت امریکی صنعت اور ریاستوں کو ہدف بنا کر انتخابی عمل میں مداخلت کا ارتکاب کر رہا ہے۔ پینس نے یہ کلمات ایک تھنک ٹینک ہڈسن انسٹیٹیوٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہے۔

[pullquote]سامیت دشمنی کا انسداد جرمنی کی اہم ذمہ داری ہے، میرکل[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے آج جمعرات کو اپنے اسرائیلی دورے کے دوران ہولوکوسٹ کی یادگار پر حاضری دی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ جرمنی کی یہ بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ دوسری عالمی جنگ کے المیے کو یاد رکھنے کے علاوہ سامیت دشمنی کی مخالفت جاری رکھے گا۔ چانسلر نے ’یاد واشیم‘ یادگار پر رکھی مہمانوں کی کتاب میں بھی اپنے تاثرات کا اندراج کیا۔ چانسلر میرکل بدھ کی شام ایک روزہ دورے پر اسرائیل پہنچی تھیں۔

[pullquote]سات ترک فوجیوں کی ہلاکت[/pullquote]

ترک حکومت کے ایک اعلیٰ اہلکار نے تصدیق کی ہے کہ جنوب مشرقی ترکی میں سڑک کنارے نصب بارودی مواد پھٹنے سے کم از کم سات فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔ صدر رجب طیب ایردوآن کی حکمران سیاسی جماعت کے نائب چیئرمین نعمان کرُتلمُس کے مطابق یہ حادثہ بتمان صوبے میں پیش آیا۔ ان کے مطابق تباہ ہونے والی بکتر بند گاڑی ایک فوجی آپریشن میں حصہ لینے کے لیے روانہ تھی۔ اس واقعے کے بعد ترک فوج نے جوابی کارروائی کے لیے ایک بڑے فوجی مشن کا آغاز کر دیا ہے۔

[pullquote]امریکی پابندیوں کا بھرپور جواب دیا جائے گا، خامنہ ای[/pullquote]

ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ نئی امریکی پابندیوں کا سخت ترین جواب دیا جائے گا۔ خامنہ ای نے یہ بھی کہا کہ ٹرمپ کی یہ خام خیالی ہے کہ امریکی پابندیوں سے اسلامی جمہوریہ زوال پذیر ہو گی۔ آیت اللہ علی خامنہ ای نے ان خیالات کا اظہار بسیج شہر میں پاسدارانِ انقلاب کی رضاکار فورس کے ہزاروں اراکان سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر انہوں نے یہ بھی کہا کہ ذرائع ابلاغ پر غیر ملکی دشمنوں کا کنٹرول کیمیکل ہتھیاروں کے استعمال سے زیادہ خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ اس تقریب میں ایرانی فوج پاسداران انقلاب کے سربراہ جنرل محمد علی جعفری اور ذیلی شاخ قدس فورس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی بھی موجود تھے۔

[pullquote]امریکی و جرمن وزرائے خارجہ کی ملاقات[/pullquote]

جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں اپنے امریکی ہم منصب مائیک پومپیو سے ملاقات کی ہے۔ اس میٹنگ میں بحر اوقیانوس کے آرپار کے معاملات کو فوقیت حاصل رہی۔ اسی ملاقات میں شام میں روس اور ایران کی اثراندازی کو بھی زیر بحث لایا گیا۔ ماس نے اس ملاقات سے قبل ایک ٹوئیٹ میں کہا تھا کہ یورپ کے باہر امریکا ہی جرمنی کا سب سے قریبی پارٹنر ہے۔ جرمن وزیر خارجہ آج جمعرات کو امریکا کے قومی سلامتی کے مشیر جون بولٹن سے بھی ملاقات کریں گے۔ دونوں وزرائے خارجہ کی ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ایرانی جوہری ڈیل اور ایران پر امریکی اقتصادی پابندیوں کے معاملے پر برلن اور واشنگٹن کے تعلقات میں کھچاؤ پایا جاتا ہے۔

[pullquote]جمال خشوگی قونصل خانے سے باہر جا کر لاپتہ ہوئے، سعودی موقف[/pullquote]

ترک شہر استنبول میں سعوی عرب کے قونصل خانے کا اصرار ہے کہ واشنگٹن پوسٹ کے کالم نگار جمال خشوگی عمارت سے رخصت ہونے کے بعد لاپتہ ہوئے۔ دوسری جانب ترک حکام کا کہنا ہے کہ خشوگی ابھی تک قونصل خانے کی عمارت کے اندر ہی موجود ہیں۔ سعودی قونصل خانے کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ وہ ترک حکام کے ساتھ اس معاملے پر مکمل تعاون جاری رکھے ہوئے ہے۔ جمال خشوگی سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی پالیسیوں کے ناقد ہیں۔ سفارتی حلقوں کے مطابق صحافی کے لاپتہ ہونے کے معاملے پر ترکی اور سعودی عرب کے تعلقات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔

[pullquote]جنوبی کوریا کا اعلیٰ سطحی وفد شمالی کوریا میں[/pullquote]

جنوبی کوریا کا ایک اعلیٰ سطحی وفد سن 2007 کے سربراہ اجلاس کی گیارہویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کے لیے شمالی کوریا پہنچ گیا ہے۔ اس موقع پر جنوبی کوریائی وفد مزید امن بات چیت کے امکانات کے پہلووں کا جائزہ بھی لے گا۔ اتحاد کے امور کے جنوبی کوریائی وزیر چَو میونگ گیون (Cho Myoung-gyon) اس وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔ شمالی کوریا روانہ ہونے سے قبل سیئول میں انہوں نے کہا کہ وہ مصالحت، تعاون اور امن کے پہلووں پر توجہ مرکوز کریں گے۔ سن 2007 میں جنوبی کوریائی صدر نے موجودہ شمالی کوریائی لیڈر کِم جونگ اُن کے والد کِم جونگ اِل سے ملاقات کی تھی۔

[pullquote]امریکی وزیر خارجہ چین کا دورہ کریں گے[/pullquote]

امریکا کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو آئندہ پیر کو چین کے دورے پر بیجنگ پہنچیں گے۔ اس دورے کی تصدیق کرتے ہوئے چینی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ اس دوران دو طرفہ تعلقات اور بین الاقوامی امور پر گفتگو کی جائے گی۔ پومپیو اس دورے کے دوران چینی وزیر خارجہ وانگ یی کے علاوہ دیگر حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی میٹنگ میں چین پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ اُن کے حریف ڈیموکریٹس کی حمایت کر کے وسط مدتی امریکی انتخابات میں مداخلت کر رہا ہے۔

[pullquote]جرمن چانسلر کی اسرائیلی وزیراعظم سے ملاقات[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل اسرائیل کے وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو سے آج جمعرات کو ملاقات کریں گی۔ جرمن حکام کے مطابق میرکل اور نیتن یاہو کی ملاقات میں توجہ اقتصادی اور ٹیکنیکل تعاون پر مرکوز رکھی جائے گی۔ جرمن چانسلر کے ساتھ اُن کی کابینہ کے چند وزراء بھی اسرائیلی دورے پر ہیں۔ یہ بین الحکومتی مذاکرات ہیں اور آج جمعرات کو مختلف جرمن وزراء اپنے اسرائیلی ہم منصبوں کے ساتھ علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کریں گے۔ اس ایک روزہ دورے کے دوران جرمن چانسلر کسی فلسطینی لیڈر سے ملاقات نہیں کریں گی۔ انگیلا میرکل کا دورہ ایسے وقت ہو رہا ہے جب اسرائیلی وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ایران کے معاملے پر یورپی پالیسیوں پر تنقید کی تھی۔

[pullquote]جاپان کو ایک اور سمندری طوفان کا سامنا[/pullquote]

جاپان کے جنوبی حصے کو رواں موسم کے ایک اور طاقتور سمندری طوفان کونگ رے کا سامنا ہے۔ اس طوفان کی وجہ سے جمعرات کی صبح تک دو سو سے زائد پروازوں کو منسوخ کیا جا چکا تھا۔ جاپانی محکمہ موسمیات کے مطابق کونگ رے نامی طوفان کے ہمراہ تیز رفتار جھکڑ اور زوردار لہریں ساحلی علاقوں سے ٹکرائیں گی۔ اس طوفان کی زد پر اوکیناوا سمیت 150 کلومیٹر کی ساحلی پٹی ہے۔ طوفان کے دوران 200 ملی لٹرز تک بارش ہونے کا یقینی امکان ہے۔ کونگ رے رواں موسم کا پچیسواں سمندری طوفان ہے جو جاپانی سرزمین سے ٹکرائے گا۔ گزشتہ ویک اینڈ پر سمندری طوفان ٹرامی جاپانی علاقے اوکیناوا سے ٹکرایا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے