پاکستان 48 مسلح ڈرونز چین سے خریدے گا

بیجنگ: پاکستان اپنی فوجی صلاحیتوں میں اضافہ کے لیے چین سے 48 مسلح ڈرونز خریدے گا۔

چینی سرکاری اخبار گلوبل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان چین سے 48 مسلح ڈرونز خریدے گا۔ ماہرین کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان ڈرونز کی خریداری کا یہ اب تک سب سے بڑا سودا ہے تاہم اس کی لاگت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

چینی کمپنی شینگ ڈو ائرکرافٹ انڈسٹریل کمپنی کے تیار کردہ ’ونگ لونگ 2 ڈرون‘ کو جاسوسی اور میزائل حملوں دونوں کاموں میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔ یہ ڈرون 480 کلوگرام بارود کے ساتھ 20 گھنٹے تک پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ نئے ڈرونز کے ذریعے پاکستانی فضائیہ کی صلاحیتوں میں بھرپور اضافہ ہوگا۔

رپورٹ کے مطابق مستقبل میں پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس کامرہ اور شینگ ڈو ائرکرافٹ انڈسٹریل کمپنی مشترکہ طور پر ان ڈرونز کی تیاری کا کام شروع کریں گی۔ چینی عسکری ماہر سونگ ژہونگ پنگ کا کہنا ہے کہ 48 مسلح ڈرونز کی فروخت چین کی جانب سے اپنی نوعیت کا اب تک کا سب سے بڑا سودا ہوگا۔

پاک چین ڈیل کی خبر ایسے وقت سامنے آئی ہے جب بھارت نے روس سے جدید ایس 400 دفاعی میزائل نظام خریدنے کا معاہدہ کیا ہے۔ گزشتہ ہفتے روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے دورہ بھارت کے درمیان یہ معاہدہ طے پایا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے