بدھ : 10 اکتوبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]سنکیانگ شہر میں حلال اشیاء کے خلاف چینی حکام کا کریک ڈاؤن[/pullquote]

چینی حکام نے صوبہ سنکیانگ کے دارالحکومت میں حلال اشیاء کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق حلال اشیاء کے خلاف اس کریک ڈاؤن کو شدت پسندی کے خلاف مہم قرار دیا گیا ہے۔ صوبہ سنکیانگ میں مسلمان کثیر تعداد میں آباد ہیں اور انہیں چینی حکومت کی طرف سے مذہبی پابندیوں کا سامنا ہے۔ اقوام متحدہ کے اندازوں کے مطابق صوبہ سنکیانگ میں 10 لاکھ کے قریب ایغور اور دیگر مسلمانوں کو ان کی سیاسی تربیت کے نام پر غیر قانونی جبری حراست میں رکھا گیا ہے۔

[pullquote]بنگلہ دیش: اپوزیشن رہنما کو عمر قید کی سزا[/pullquote]

بنگلہ دیش کی ایک عدالت نے اپوزیشن رہنما کو عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ خود ساختہ جلاوطنی اختیار کیے ہوئے طارق رحمان بنگلہ دیش کی مرکزی اپوزیشن جماعت کے قائم مقام سربراہ ہیں۔ انہیں 2004ء میں موجود وزیر اعظم شیخ حسینہ پر ایک گرینیڈ حملے کے مقدمے میں یہ سزا سنائی گئی ہے۔ اس حملے میں شیخ حسینہ زخمی جبکہ بیس دیگر افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ طارق رحمان سابق وزیر اعظم خالدہ ضیاء کے بیٹے ہیں۔ اسی مقدمے میں 19 دیگر افراد کو سزائے موت سنائی گئی ہے۔ سزائے موت پانے والوں میں دو سابق وزراء بھی شامل ہیں۔

[pullquote]سعودی عرب نے استنبول میں اپنے قونصل خانے کی تلاشی کی اجازت دے دی[/pullquote]

سعودی عرب صحافی جمال خاشقجی کی گمشدگی کے تناظر میں ترک حکام کو استنبول میں قائم اپنے قونصل خانے کی تلاشی کی اجازت دینے پر تیار ہو گیا ہے۔ یہ بات ترک وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہی ہے۔ دوسری طرف ریاض حکومت کے ناقد جمال خاشقجی کی منگیتر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کا کھوج لگانے میں مدد کریں۔ خاشقجی دو اکتوبر کو استنبول میں واقع سعودی قونصلیٹ میں داخل ہونے کے بعد سے لاپتہ ہیں۔ ترک حکام نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ خاشقجی کو اس سفارت خانے میں قتل کر دیا گیا تھا تاہم ریاض حکومت اس کی تردید کرتی ہے۔

[pullquote]مائیکل امریکی ریاست فلوریڈا کے ساحلوں سے ٹکرانے کے قریب[/pullquote]

مائیکل نامی طاقتور سمندری طوفان کے امریکی ریاست فلوریڈا کے خلیجی ساحل سے آج ٹکرانے کی توقع ہے۔ اندازوں کے مطابق تب تک اس کی شدت کیٹگری چار تک پہنچ جائے گی اور اس کے نتیجے میں سمندر میں 13 فٹ تک بلند لہریں پیدا ہونے کا امکان ہے۔ گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران یہ اس علاقے کا شدید ترین سمندری طوفان ہے۔ منگل کی شب تک طوفان کے ساتھ چلنے والی ہواؤں کی رفتار 205 کلومیٹر فی گھنٹہ تک تھی۔ سمندری طوفانوں پر نظر رکھنے والے امریکی مرکز کے مطابق فلوریڈا کے پان ہینڈل علاقے کے ساحل سے ٹکرانے کے بعد یہ طوفان امریکا کے جنوب مشرقی علاقوں کی طرف بڑھ جائے گا۔

[pullquote]سعودی صحافی خاشقجی کی تلاش میں مدد کو تیار ہیں، مائیک پینس[/pullquote]

امریکی نائب صدر مائیک پینس نے کہا ہے کہ امریکا معروف سعودی صحافی جمال خاشقجی کی تلاش میں مدد دینے کو تیار ہے۔ مائیک پینس نے ایک ریڈیو پروگرام کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ان کے خیال میں امریکا اس سلسلے میں کوئی بھی مدد دینے کے لیے راضی ہے۔ ریاض حکومت کے ناقد سعودی صحافی جمال خاشقجی دو اکتوبر کو ترکی میں قائم سعودی قونصل خانے میں داخل ہونے کے بعد سے لاپتہ ہیں۔

[pullquote]افغانستان میں عام شہری ہلاکتیں ريکارڈ سطح پر، اقوام متحدہ[/pullquote]

افغانستان میں عام شہریوں کی ہلاکتوں کی تعداد بدستور ’انتہائی درجے‘ پر ہے۔ یہ بات اقوام متحدہ کی طرف سے جاری ہونے والی ایک رپورٹ میں کہی گئی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق 2014ء کے بعد رواں برس کے پہلے نو ماہ کے دوران سویلین ہلاکتوں کی سب سے زیادہ تعداد ریکارڈ کی گئی ہے۔ افغانستان میں اقوام متحدہ کے امدادی مشن کے مطابق رواں برس یکم جنوری سے لے کر 30 ستمبر تک کُل 5,252 سویلین ہلاک جبکہ 2,798 دیگر زخمی ہوئے۔ یہ تعداد گزشتہ برس اسی عرصے کے دوران سویلین ہلاکتوں کی نسبت 21 فیصد زائد ہے۔ رپورٹ کے مطابق 46 فیصد ہلاکتیں صرف خودکش حملوں میں ہوئیں۔

[pullquote]ترک ساحل کے قریب کشتی الٹنے سے نو مہاجرین ہلاک[/pullquote]

ترک ساحل کے قریب مہاجرین کی ایک کشتی الٹنے کے نتیجے میں کم از کم نو مہاجرین ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ مہاجرین غیر قانونی طور پر ترکی سے یونانی جزیرے تک پہنچنے کی کوشش میں تھے۔ ایک تُرک ٹیلی وژن کے مطابق ترکی کے صوبہ ازمیر کے قریبی سمندر میں ڈوبنے والی کشتی پر کُل 35 افراد سوار تھے۔ ایک خاتون کو بچا لیا گیا ہے جبکہ امدادی کارکن دیگر افراد کی تلاش میں ہیں۔

[pullquote]چین اور امریکا، تعلقات بہتر کریں، آسٹریلیا اور جاپان کا مطالبہ[/pullquote]

آسٹریلیا اور جاپان نے چین اور امریکا پر زور دیا ہے کہ وہ ایک ’نئی سرد جنگ‘ شروع کرنے کی بجائے اپنے تجارتی اور سیاسی معاملات پر اپنے تنازعات کو مروجہ اصولوں کے تحت حل کریں۔ یہ مطالبہ جاپان اور آسٹریلیا کے وزرائے دفاع کی سڈنی میں ہونے والی ایک ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا گیا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے حالیہ مہینوں کے دوران چین سے درآمد کی جانے والی اشیاء پر کئی بلین ڈالرز کے اضافی ٹیکس عائد کیے گئے ہیں جس کے جواب میں چین نے بھی ایسے ہی اقدامات کیے ہیں۔

[pullquote]رواں برس جرمنی آنے والے مہاجرین کی تعداد میں خاطر خواہ کمی[/pullquote]

رواں برس جرمنی میں آنے والے مہاجرین کی تعداد میں خاطر خواہ کمی کی توقع ہے۔ وفاقی جرمن وزیر داخلہ ہورسٹ زی ہوفر کے مطابق رواں برس جنوری سے اب تک ایک لاکھ کے قریب نئے مہاجرین اور تارکین وطن جرمنی پہنچے ہیں۔ عام طور پر نومبر اور دسمبر میں نئے آنے والے مہاجرین کی تعداد کم ہی رہتی ہے اسی باعث توقع یہی ہے کہ رواں برس جرمنی آنے والے مہاجرین کی تعداد دو لاکھ کے ہندسے سے کافی کم ہی رہے گی۔

[pullquote]بلغاریہ کی صحافی کے قتل کا مشتبہ ملزم جرمنی میں گرفتار[/pullquote]

بلغاریہ کی ایک خاتون صحافی وِکٹوریا مارینووا کے قتل کے تناظر میں ایک مشتبہ شخص کو جرمنی میں گرفتار کیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بلغاریہ کے شہری اس شخص کی عمر 20 سے 30 برس کے درمیان ہے اور وہ اتوار کے روز جرمنی کے لیے روانہ ہوا تھا۔ وِکٹوریا مارینووا کی لاش ہفتے کے روز ایک پارک سے ملی تھی جنہیں تشدد اور جنسی زیادتی کے بعد گلا گھونٹ کر قتل کر دیا گیا تھا۔ مارینووا بلغاریہ کی حکومت کی جانب سے یورپی یونین کے فنڈز کے غلط استعمال کے حوالے سے تحقیقاتی رپورٹ پر کام کر رہی تھیں۔

[pullquote]کینیا: بس حادثے میں 51 افراد ہلاک[/pullquote]

افریقی ملک کینیا کے مغربی حصے میں ایک بس حادثے کے نتیجے میں 50 کے قریب افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق 52 مسافروں کو لے کر یہ بس دارالحکومت نیروبی سے کاکا میگا جا رہی تھی۔ کیریچو نامی علاقے میں پیش آنے والے اس حادثے کے مقام پر موجود ایک ٹریفک پولیس کے ایک اہلکار نے قبل ازیں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 42 بتائی تھی۔ کینیا ریڈکراس کے مطابق یہ بس موڑ کاٹتے ہوئے کھائی میں جا گری۔

[pullquote]یورپی یونین میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج پر اتفاق رائے[/pullquote]

یورپی یونین کی رکن ریاستیں ضرر رساں کاربن ڈائی آکسائیڈ گیس کے اخراج میں کمی پر متفق ہو گئی ہیں۔ یورپی یونین کے موجودہ صدر ملک آسٹریا نے لکسمبرگ میں بتایا کہ 2020ء سے 2030ء کے دوران کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں نئی کاروں کے ذریعے 35 فیصد تک کمی لانے پر اتفاق ہوا ہے۔ یورپی پارلیمان 40 فیصد تک کمی لانے کا مطالبہ کر رہی تھی جبکہ جرمنی اس کمی کی حد 30 فیصد تک رکھنا چاہتا تھا۔ جرمن چانسلر انگیلا میرکل کا استدلال تھا کہ جرمن کاروں کی صنعت پر ضرورت سے زیادہ بوجھ نہ ڈالا جائے۔

[pullquote]بحرین میں ایک عمارت گرنے کے نتیجے میں چار افراد ہلاک[/pullquote]

خلیجی عرب ریاست بحرین میں ایک رہائشی عمارت گرنے کے نتیجے میں کم از کم چار افراد ہلاک جبکہ 20 دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔ بحرین کی وزارت داخلہ کے مطابق دارالحکومت منامہ کے علاقے سلمانیہ میں پیش آنے والے اس حادثے کے بعد وہاں سے تین لاشیں نکالی گئیں جبکہ ایک شخص ہسپتال میں جا کر ہلاک ہوا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے