دہلی کی جامع مسجد کے شاہی امام احمد بخاری کے صاحبزادے شعبان بخاری نے غازی آباد کی ایک ہندولڑکی سے شادی کرنے کا فیصلہ کیاہے ،
دونوں کا ایک عرصے سے تعلق تھا۔ اس سے پہلے شاہی امام اس شادی کے خلاف تھے لیکن لڑکی کی طرف سے اسلام کی پیروی کرنے پر اتفاق ہونے کے بعدراضی ہوگئے ہیں اور لڑکی قرآن مجید کی تلاوت کررہی ہے ۔لڑکی کا نام سامنے نہیں آسکاتاہم شادی کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں جو 13نومبر کو طے پائی ہے اور دعوت ولیمہ 15نومبر کوہوگی ،
اس ضمن میں ماہی پالپور میں ایک فارم ہاوس بک ہوچکاہے ۔یہاں یہ امر بھی قابل ذکرہے کہ شاہی امام احمد بخاری اپنے صاحبزادے شعبان کو گزشتہ سال نومبر میں جامع مسجد میں ہونیوالی ایک تقریب میں اپنا جانشین مقررکرچکے ہیں ۔
شعبان بخاری کی شادی کی خبر سامنے آنے کے بعدبھارت کے مسلمان حلقوں میں ایک نئی بحث شروع ہوگئی ہے کہ بھار ت میں ہندووں نے مسلمانوں کا جینا دوبھر کررکھاہے لیکن شاہی امام کا خاندان ایک ہندولڑکی کو اپنی بہو بنانے پر تلا ہے تو دوسری طرف دفاع کرنےوالے لوگوں کا خیال ہے کہ لڑکی اگر ہندومذہب چھوڑ کر اسلام کی پیروی کرناچاہتی ہے تو اسے بہو بنانے میں کوئی مضائقہ نہیں۔