جمعہ : 19 اکتوبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]مہاجرین کے مسئلے پر میکسیکو کے ساتھ سرحد بند کر سکتے ہیں، امریکی صدر[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ٹویٹ پیغام کے ذریعے میکسیکو کو متنبہ کیا ہے کہ ایک بڑی تعداد میں مہاجرین کے امریکی سرحد کی جانب بڑھنے کے تناظر میں وہ میکسیکو کے ساتھ ملکی سرحد بند کرنے کے علاوہ اپنی فوج کو سرحدی نگرانی کے لیے تعینات کر سکتے ہیں۔ عدم استحکام کے ملک ہونڈراس کے ہزاروں باشندوں کی وسطی امریکا کے مختلف ممالک کے راستے امریکا تک پہنچنے کی ذمہ داری ٹرمپ نے ڈیموکریٹس پر عائد کی ہے۔ امریکی صدر کے مطابق ان مہاجرین میں متعدد افراد مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہو سکتے ہیں۔ دوسری جانب میکسیکو نے مہاجرین کے مسئلے پر ٹرمپ کے حالیہ بیان کو امریکا کی داخلی سیاست کا معاملہ قرار دیا ہے۔

[pullquote]روس اور ازبکستان کے درمیان ستائیس بلین امریکی ڈالر سے زائد کے معاہدے[/pullquote]

روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے جمعہ انیس اکتوبر کو وسطی ایشیائی ریاست ازبکستان کے دورے کے موقع پر اپنے ازبک ہم منصب شوکت میرضیاوئیف سے ملاقات کی۔ اس دورے کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان ستائیس بلین امریکی ڈالر سے زائد کے مختلف سمجھوتوں کو حتمی شکل دی گئی۔ ازبک وزارت اقتصادیات نے بھی سمجھوتے طے پانے کی تصدیق کی ہے۔ اپنے ہم منصب کے ساتھ ملاقات کے بعد پوٹن نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کو ہر ممکن طریقے سے مستحکم کرنے کی کوششیں کی جائیں گے۔ روسی صدر کا سن 2016 میں اُس وقت کے ازبک صدر اسلام کریموف کی وفات کے بعد یہ پہلا ازبکستانی دورہ ہے۔

[pullquote]خاشقجی کی تلاش، ترکی نے امریکا کو ٹیپ دینے کی تردید کر دی[/pullquote]

ترک حکومت نے ایسی خبروں کی تردید کی ہے کہ امریکی حکام کو کسی قسم کی ایسی کوئی آڈیو ریکارڈنگ فراہم کی گئی ہے، جن کا تعلق جمال خاشقجی کے لاپتہ ہونے سے ہے۔ دریں اثنا ترک تفتیش کاروں نے دو اکتوبر سے لاپتہ جمال خاشقجی کے حوالے سے اپنا تفتیشی عمل مزید وسیع کرتے ہوئے نواحی جنگلاتی علاقے میں بھی تلاش شروع کر دی ہے۔ ایک ترک ٹی وی کے مطابق ایک مشتبہ موٹر کار دو اکتوبر کو استنبول کے نواحی بلغراد فاریسٹ میں جاتی دیکھی گئی تھی۔ مبصرین سعودی صحافی جمال خاشقجی کے لاپتہ ہونے کو ٹرمپ انتظامیہ کی پسندیدہ سعودی شخصیت شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے ایک سنگین بحران قرار دے رہے ہیں۔

[pullquote]’ريپ کا جنگی ہتھيار کے طور پر استعمال بند ہونا چاہيے‘[/pullquote]

رواں سال نوبل امن انعام کے حقدار قرار پانے والے ڈاکٹر ڈينس مُک ويگے نے مسلح تنازعات ميں جنسی زيادتی و ديگر جنسی جرائم کی روک تھام کا مطالبہ کيا ہے۔ کانگو سے تعلق رکھنے والے اس ڈاکٹر نے يہ بات تھامسن روئٹرز فاؤنڈيشن کو ديے اپنے ايک انٹرويو ميں کہی، اٹھارہ اکتوبر کو جاری کيا گيا۔ مُک ويگے کے مطابق اس مسئلے سے سب سے زيادہ متاثرہ ملکوں ميں جنگوں ميں جنسی جرائم کے ارتکاب کرنے والوں کے ليے اب بھی استثنٰی کا ايک باقاعدہ نظام موجود ہے۔ ڈينس مُک ويگے کو اس سال نوبل امن انعام کا مشترکہ حقدار قرار ديا گيا تھا۔ ان کے انعام میں شریک عراقی ايزدی کمیونٹی کی انسانی حقوق کی سرگرم کارکن ناديہ مراد تھیں۔

[pullquote]روس ، سوئٹزرلینڈ میں جاسوسی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے، سوئس خفیہ ادارہ[/pullquote]

سوئس خفیہ ادارے کا کہنا ہے کہ روس کی سوئٹزرلینڈ میں جاسوسی کی سرگرمیاں بہت بڑھ گئی ہیں۔ سوئس خفیہ ادارے این ڈی بی انٹیلیجنس سروس کے سربراہ ژاں فلپے گاؤڈن کا کہنا ہے کہ اس تناظر میں روسی سرگرمیوں کی تفصیلات میڈیا پر جاری نہیں کی جا سکتی لیکن یہ بات واضح ہے کہ روس کی ایسی سرگرمیاں ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہو چکی ہیں۔ گاؤڈن نے یہ بات ایک نیوز کانفرنس کے دوران کہی۔ انہوں نے یہ بھی نہیں بتایا کہ کتنے روسی جاسوس سوئٹزرلینڈ میں سرگرم ہیں لیکن یہ کہا کہ ان کی تعداد اب بہت زیادہ ہے۔ انہوں نے حساس معلومات کے وسیع مواد کو رپورٹرز کے سامنے بیان کرنے سے گریز کیا۔

[pullquote]ترکی شامی تنازعے پر چہار فریقی کانفرنس کا اہتمام کرے گا[/pullquote]

ترک صدر رجب طیب ایردوآن شامی تنازعے پر ستائیس اکتوبر کو ایک چہار فریقی کانفرنس کی میزبانی کریں گے۔ اس کانفرنس میں روسی صدر ولادیمیر پوٹن اور جرمن چانسلر انگیلا میرکل کے علاوہ فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں بھی شرکت کریں گے۔ ترک صدر کے ترجمان کے مطابق اس کانفرنس میں شامی تنازعے کے دیرپا حل پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ ترک صدر اس طرح کی ایک بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد رواں برس ستمبر میں چاہتے تھے اور بعض وجوہات کی بنا پر اُسے مؤخر کر دیا گیا تھا۔

[pullquote]بھارت: مندر میں خواتین کے داخلے کا تنازعہ سیاسی صورت اختیار کرتا ہوا[/pullquote]

بھارت کی حکمران سیاسی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے جنرل سیکرٹری کے سرندرن نے کہا ہے کہ کیرالا میں مندر میں خواتین کے داخلے پر کھڑا ہونے والا تنازعہ شدید ہو سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ اگر ریاستی حکومت خواتین کو مندر میں داخل ہونے کی اجازت دیتی ہے تو اس صورت میں مقامی ہندو مظاہرین قانون اپنے ہاتھ میں لے سکتے ہیں۔ کیرالا کی ریاستی حکومت نے بھارتی سپریم کورٹ کے حکم پر لارڈ آیاپا مندر میں خواتین کے داخل ہونے کی مذہبی پابندی بدھ سترہ اکتوبر کو ختم کر دی ہے۔ انتہا پسند ہندوؤں نے اس فیصلے کے خلاف اپنا احتجاجی سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔

[pullquote]دہشت گردی کے حوالے سے رہنما اصولوں پر جنوب مشرقی ایشیا متفق[/pullquote]

دس جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کے وزرائے دفاع کی سنگاپور میں منعقدہ میٹنگ میں دہشت گردی، خفیہ معلومات کے تبادلے اور فوجی ہوائی جہازوں کے آمنے سامنے آ جانے کی صورت حال پر رہنما اصولوں پر اتفاق کر لیا گیا۔ ان رہنما اصولوں کی روشنی میں تیار کردہ مشترکہ بیان پر کانفرنس میں شریک وزرائے دفاع نے دستخط بھی کر دیے ہیں۔ گزشتہ برس آسیان تنظیم کے رکن ملکوں نے سمندر میں بھی کسی ممکنہ تصادم کے حوالے سے ضوابط پر اتفاق کیا تھا۔ اسی اجلاس کے حاشیے میں امریکی اور چینی وزرائے دفاع جیمز میٹس اور وی فینگے کی ملاقات بھی ہوئی۔

[pullquote]ملائیشیا: سابق نائب وزیراعظم پر پپینتالیس الزامات کی فرد جرم عائد[/pullquote]

ملائیشیا کے استغاثہ نے سابق نائب وزیراعظم احمد زاہد حمیدی پر منی لانڈرنگ، رشوت وصول کرنے اور قومی خزانے میں خردبرد کرنے سمیت پینتالیس الزامات کی فرد جرم عائد کی گئی ہے۔ اُنہیں اختیارات کے ناجائر استعمال کے الزام کا بھی سامنا ہے۔ مشرق بعید کی اس ملک میں مہاتیر محمد کے منصب وزارت عظمیٰ سنبھالنے کے بعد انسداد کرپشن کے سلسلے میں تفتیشی دائرہ پھیلا دیا گیا ہے۔ اس قبل سابق وزیراعظم نجیب رزاق کو بھی بدعنوانی کے الزامات کے تحت تفتیشی عمل کا سامنا ہے۔

[pullquote]یقین ہوتا جا رہا ہے کہ خاشقجی ہلاک ہو چکے ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملکی دارالحکومت واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب ایسا یقین ہوتا جا رہا ہے کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی زندہ نہیں ہیں اور اس کی ذمہ داری سعودی عرب پر عائد ہوئی تو اُسے سنگین نتائج کا سامنا ہو گا۔ انہوں نے اس صورت حال کو افسوس ناک قرار دیا۔ اس سوال کے جواب میں کہ صحافی کے قتل کر دیے جانے کے حوالے سے سعودی حکومت کو کس طرح کے امریکی اقدامات کا سامنا ہو سکتا ہے ٹرمپ نے کہا کہ یہ شدید ردعمل ہو گا۔ امریکی صدر کے بیان سے قبل وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے میڈیا کو بتایا کہ مکمل تفتیش کے لیے ابھی مزید چند دن درکار ہیں۔

[pullquote]جمال خاشقجی کے لاپتہ ہونے کی تفتیش اقوام متحدہ کرے، بین الاقوامی تنظیموں کا مطالبہ[/pullquote]

کئی بین الاقوامی تنظیموں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرش سے اپیل کی ہے کہ استنبول کے سعودی قونصل خانے میں لاپتہ ہونے والے سعودی صحافی جمال خاشقجی کے حوالے سے تفتیش اس عالمی ادارے کی نگرانی میں کی جائے۔ خاشقجی کے ممکنہ طور پر ماورائے عدالت قتل کی اس طرح تفتیش کا مطالبہ کرنے والی تنظیموں میں ہیومن رائٹس واچ، رپورٹرز ودآؤٹ بارڈرز، ایمنسٹی انٹرنیشنل اور صحافیوں کے تحفظ کی کمیٹی نامی عالمی تنظیم شامل ہیں۔ ان تنظیموں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے درخواست کی ہے کہ وہ اس افسوس ناک واقعے کی شفاف تفتیش شروع کرنے کے لیے اقدامات کریں۔ جمال خاشقجی دو اکتوبر کو سعودی قونصل خانے میں گئے تھے اور تب سے لاپتہ ہیں۔

[pullquote]افغان عوام ووٹ ڈالنے سے گریز کریں، طالبان کی پھر دھمکی[/pullquote]

افغانستان میں متحرک شدت پسند عسکری تنظیم طالبان نے افغان شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ بیس اکتوبر کے الیکشن میں ووٹ ڈالنے سے گریز کریں۔ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ انتخابی عمل کو منجمد کرنے کے لیے ہر چھوٹی بڑی سڑک بند کر دینے کی کوشش کی جائے گی۔ ان پارلیمانی انتخابات کی مخالفت کرتے ہوئے طالبان نے ملکی عوام سے کہا کہ وہ اس عمل کا پوری طرح بائیکاٹ کریں۔ طالبان اس الیکشن سے قبل اب تک کم از کم دس امیدواروں کو اپنے حملوں میں ہلاک کر چکے ہیں۔

[pullquote]ایشیا یورپ میٹنگ کا آغاز[/pullquote]

پچاس سے زائد ممالک کے نمائندے بارہویں ایشیا یورپ میٹنگ یا آسم (ASEM) میں شریک ہیں۔ بیلجیم کے دارالحکومت برسلز میں منعقدہ اس میٹنگ کے پہلے دن شرکاء نے تجارت اور سلامتی کے معاملات پر مشورے کیے۔ مندوبین نے اس میٹنگ میں بین الاقوامی تجارتی آرڈر کی حمایت کی۔ اسی انٹرنیشنل آرڈر کی حیثیت پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سوال اٹھا چکے ہیں۔ ایک اعلیٰ یورپی سفارتی اہلکار کے مطابق یہ گروپ مشترکہ اقدامات کرتا ہے تو ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن اور ماحولیاتی مقاصد کے حصول میں مثبت پیشرفت ممکن ہے۔ آسم اجلاس میں اٹھائیس یورپی اور تئیس ایشیائی ملکوں کے نمائندے شریک ہیں۔ جمعہ انیس اکتوبر اس میٹنگ کا دوسرا اور آخری دن ہے۔ اس میٹنگ میں روس، چین اور جاپان کے وزرائے اعظم بھی شریک ہیں۔

[pullquote]پوپ کو شمالی کوریائی دورے کی دعوت موصول ہو گئی[/pullquote]

جنوبی کوریائی صدر مُون جَے اِن نے ویٹیکن سٹی میں پوپ فرانسس کے ساتھ ملاقات میں انہیں شمالی کوریا کی جانب سے دورے کی دعوت دی۔ کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا نے اس دعوت پر مثبت غور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ پوپ کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ پاپائے روم جزیرہ نما کوریا پر دیرپا امن کی کوششوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ پوپ فرانسس نے جنوبی کوریائی صدر سے کہا کہ وہ ہمت ہارے بغیر امن و سلامتی کے حصول کی کاوش جاری رکھیں۔ اگر پوپ فرانسس آئندہ شمالی کوریا کا دورہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں، تو یہ کسی بھی پوپ کا اس ملک کا پہلا دورہ ہو گا۔

[pullquote]چینی معیشت میں سست روی کے آثار[/pullquote]

رواں برس کی تیسری سہ ماہی میں چینی معیشت میں سست روی کے آثار محسوس کیے گئے۔ اس عرصے میں مجموعی اقتصادی پیداوار کا حجم 6.5 فیصد رہا۔ سن 2009 کے بعد یہ کسی بھی سال کی تیسری سہ ماہی میں کم ترین مجموعی اقتصادی پیداوار تھی۔ سن 2018 کے ابتدائی نو مہینوں میں اقتصادی ترقی کی شرح 6.9 رہی، جو حکومت کے اعلان کردہ انڈکس سے کچھ زیادہ تھی۔ چین کے قومی شماریاتی بیورو کے ترجمان نے ان اقتصادی اعداد و شمار کو مستحکم قرار دیتے ہوئے ملکی ترقی کو متوازن قرار دیا۔ چین کو گزشتہ چند مہینوں سے اپنی امریکا برآمد کی جانے والی مصنوعات پر وہاں اضافی درآمدی محصولات کا سامنا بھی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے