اتوار:21 اکتوبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]افغانستان ميں حملوں اور انتظامی رکاوٹوں کے باوجود پولنگ جاری[/pullquote]

افغانستان ميں بروز اتوار پولنگ کا عمل دوسرے دن بھی جاری ہے۔ انتخابات کے پہلے دن تکنيکی اور انتظامی مسائل کے سبب چند پولنگ اسٹيشن بند رہے تھے، جس کے سبب رائے دہی کے ليے ووٹرز کو ايک اور دن کی مہلت دی گئی۔ افغان طالبان کی دھمکيوں اور کابل ميں حملوں کے باوجود ہفتے بيس اکتوبر کو تين ملين افغان شہريوں نے ووٹ ڈالے۔ اليکشن کميشن نے بتايا ہے کہ ملک کے مختلف حصوں ميں اتوار کے دن کُل 401 پولنگ اسٹيشنوں پر رائے دہی جاری ہے۔ يہ اسٹيشنز مقامی وقت کے مطابق شام پانچ بجے تک کھلے رہيں گے۔ دريں اثناء ملک بھر ميں اليکشن کے موقع پر تشدد کے مختلف واقعات ميں 170 افراد ہلاک يا زخمی بھی ہوئے۔

[pullquote]تائیوان میں ٹرین حادثہ، 22 افراد ہلاک سو سے زائد زخمی[/pullquote]

تائیوان کی شمال مشرقی کاؤنٹی ییلان میں ٹرین الٹنے کے ایک حادثے میں 22 ہلاکتیں ہوئی ہیں جبکہ تائیوان ریلوے کی انتظامیہ نے ایک سو سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ اتوار کے روز پیش آنے والے اس ٹرین حادثے میں تائیوان کی ہائی اسپیڈ پیوما ایکسپریس کی پانچ بوگیاں پٹری سے اتر گئی تھیں۔ جائے وقوعہ سے موصول ہونے والی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والی بوگیاں ریلوے ٹریک کے قریب بکھری ہوئی ہیں۔

[pullquote]صدر ٹرمپ کا جوہری ہتھیاروں کے معاہدے سے دستبرداری کا فیصلہ ’تباہ کن‘ ہے، جرمنی[/pullquote]

جرمن وفاقی دفتر خارجہ میں وزیر کے عہدے پر فائز نیلز آنِن نے امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے یک طرفہ طور پر امریکا اور سابق سوویت اتحاد کے درمیان سن 1987 میں طے کیے گئے جوہری ہتھیاروں کے معاہدے سے دستبرداری کے فیصلے کو ’تباہ کن‘ قرار دیا ہے۔ آنن نے سماجی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک پیغام میں لکھا ہے کہ جرمنی جوہری ہتھیاروں کی تیاری پر پابندی کے لیے کام کرتا رہے گا۔ جرمن وزیر کے مطابق روس کو بھی اس معاہدے کی پاسداری کرنی چاہیے جبکہ یورپ کو درمیانی رینج کے میزائل کی تیاری کو روکنا ہوگا۔

[pullquote]برطانوی حکومت کا بریگزٹ کے لیے عبوری مدت میں توسیع پر غور[/pullquote]

برطانوی وزیر برائے بریگزٹ ڈومنیک راب کا کہنا ہے کہ آئندہ برس مارچ میں یورپی یونین سے اخراج کے بعد ’عبوری مدت میں توسیع‘ کے معاملے پرغور کیا جاسکتا ہے۔ اتوار کے روز ’بی بی سی‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ بریگزٹ کے بعد برطانیہ اور یورپی یونین کے مستقبل کے تعلقات کے حوالے سے جاری مذاکرات میں کسی نتیجے پر پہنچنے کے لیے لندن حکومت عبوری مدت یا ٹرانزیشن پیریڈ میں چند ماہ کی توسیع کرسکتی ہے۔ راب کے مطابق اگلے ماہ نومبر تک حتمی سمجھوتہ طے ہو جانا چاہیے تاکہ برطانوی پارلیمان سے وقت پر قانون سازی کروائی جا سکے۔

[pullquote]امریکا جوہری معاہدے سے دستبرداری کے نتائج پر غور کرے، جرمنی[/pullquote]

جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے امریکا کی طرف سے روس کے ساتھ جوہری معاہدے سے دستبردار ہونے کے اعلان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن حکومت کو یورپ اور مستقبل میں جوہری اسلحے کے عدم پھیلاؤ کے لیے کی جانے والی کوششوں کی خاطر اپنے فیصلے کے نتائج پر غور کرنا چاہیے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز سن انیس سو ستاسی میں سابق سوویت یونین کے ساتھ ہوئے ایک جوہری معاہدے کو خیر باد کہنے کا اعلان کیا تھا۔ جرمن وزیر خارجہ کے مطابق اس معاہدے نے تیس سال سے یورپ کی سلامتی کے ڈھانچے میں اہم ستون کا کردار ادا کیا ہے۔

[pullquote]ننگرہار میں دھماکہ، گيارہ شہری ہلاک[/pullquote]

افغانستان کے مشرقی صوبہ ننگرہار میں سڑک کنارے ہونے والے ايک دھماکے میں گيارہ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ایک خاتون اور چھ بچے بھی شامل ہیں۔ صوبائی حکومت کے ترجمان نے بتایا ہے کہ متاثرہ افراد ایک ویگن میں موجود تھے، جس کے نيچے يہ دھماکہ ہوا۔ افغانستان میں آج اتوار کے روز پارلیمانی الیکشن کے دوسرے دن پولنگ جاری ہے۔

[pullquote]جوہری معاہدے سے امریکا کی دستبرداری خطرناک ہے، روسی نائب وزیر خارجہ[/pullquote]

روس کے نائب وزیر خارجہ سیرگئی ریابکوف نے امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے امریکا اور روس کے درمیان جوہری ہتھیاروں کے معاہدے سے دستبرداری کی خواہش کو ایک ’خطرناک قدم‘ قرار دیا ہے۔ امریکی صدر نے ہفتے کے روز کہا تھا کہ روس اس معاہدے کی کئی برسوں سے خلاف ورزی کر رہا ہے۔ ٹرمپ کے مطابق یہ معاہدہ امریکا کے ليے نئے ہتھیار بنانے میں رکاوٹ ثابت ہوتا ہے۔ ان کے بقول اگر چین اور روس ہتھیاروں کی پیداوار روکنے پر آمادہ نہیں ہوتے تو امریکا بھی جلد ہی نئے ہتھیار تیار کرنا شروع کرے گا۔

[pullquote]کشمیر میں فائرنگ سے تين مشتبہ باغی اور تين شہری ہلاک[/pullquote]

بھارتی زیر انتظام کشمیر میں آج اتوار کے روز سکیورٹی فورسز اور باغیوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں تین مشتبہ عسکریت پسند ہلاک ہوگئے ہیں۔ مقامی افراد اور حکام نے بتایا ہے کہ فائرنگ کے دوران جائے وقوعہ پر دھماکے سے تین شہری بھی ہلاک ہوئے۔ بھارتی فوج کے مطابق کلغام کے جنوبی گاؤں میں باغیوں کے چھپنے کی اطلاعات کی بنیاد پر علاقے کو گھیرے میں لیا گیا تھا، جس کے بعد کئی گھنٹوں تک جاری فائرنگ کے تبادلے میں تین مشتبہ عسکریت پسند ہلاک جبکہ دو فوجی زخمی ہوئے ہیں۔

[pullquote]غزہ: سرحدی گزر گاہ کھول دی گئی[/pullquote]

اسرائیل کی جانب سے غزہ کی سرحدی گزر گاہوں کو مقامی افراد اور سامان کی آمد و رفت کے لیے آج بروز اتوار ایک مرتبہ کھول ديا گيا ہے۔ اسرائیلی وزیر دفاع اویوگڈور لیبرمان نے بتایا ہے کہ یہ فیصلہ غزہ میں پرتشدد کارروائیوں میں کمی کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ چار روز قبل سرحد بند کرنے کا فیصلہ فلسطینی علاقے سے ایک راکٹ حملے کے بعد کیا گیا تھا۔ اس کے رد عمل ميں اسرائيل نے غزہ پٹی میں حماس کے بیس ٹھکانوں کو نشانہ بھی بنایا تھا۔ دوسری طرف حماس نے راکٹ حملوں کی تردید کرتے ہوئے مزید تفتیش کا اعلان کیا۔

[pullquote]نائجيريا ميں فرقہ وارانہ تشدد میں پچپن افراد ہلاک[/pullquote]

نائجیریا کی شمالی ریاست کادونا میں گزشتہ چند روز سے جاری فرقہ وارانہ جھڑپوں میں پچپن افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ مقامی پولیس کمیشنر احمد عبد الرحمان کے مطابق یہ جھڑپیں کاسووان مغانی نامی علاقے کی دو مقامی برادريوں کے درمیان ہوئيں۔ ان پرتشدد جھڑپوں ميں ملوث ہونے کے شبے پر بائيس افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ حالات پر قابو پانے کے لیے ریاست کی جانب سے علاقے میں جمعرات کے دن سے کرفیو نافذ ہے۔

[pullquote]اسرائیلی بستی کی مسماری محدود وقت کے لیے مؤخر کی جا رہی ہے، نیتن یاہو[/pullquote]

اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ وہ مغربی کنارے کی ایک فلسطینی بستی کی مسماری کو محدود وقت کے لیے مؤخر کر رہے ہیں تاکہ اس حوالے سے وہاں آباد لوگوں سے کسی معاہدے تک پہنچا جا سکے۔ بین الاقوامی فوجداری عدالت نے گزشتہ ہفتے اسرائیل کو متنبہ کیا تھا کہ خان الاحمر کی بدو آبادی کو زبردستی وہاں سے بے دخل کیے جانے کے عمل کو جنگی جرم شمار کیا جائے گا۔ اسرائیل کی طرف سے قبل ازیں کہا گیا تھا کہ خان الاحمر میں واقع گھروں کو یکم اکتوبر کے بعد کسی بھی وقت مسمار کر دیا جائے گا۔

[pullquote]جمال خاشقجی کی ہلاکت ’انتہائی پریشان کن‘ ہے، یورپی یونین[/pullquote]

سعودی حکومت کے ناقد صحافی جمال خاشقجی کی ہلاکت کے حوالے سے آج بروز اتوار یورپی یونین نے رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ خاشقجی کی ہلاکت ’انتہائی پریشان کن‘ ہے اور اس کی غیر جانبدار اور قابل اعتبار تفتیش کی ضرورت ہے۔ یورپی یونین کے بیان کے مطابق تفتیشی کارروائی میں ہلاکت کی واضح تفصیلات کے ساتھ ساتھ اس کارروائی میں ملوث افراد کو جوابدہ ٹھہرایا جانا چاہیے۔ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے سعودی نامہ نگار جمال خاشقجی دو اکتوبر کو استنبول میں سعودی قونصل خانے جانے کے بعد سے لاپتہ تھے۔ ترک اور سعودی مشترکہ تحقیقات کے بعد سعودی عرب نے تسلیم کر لیا تھا کہ خاشقجی استنبول میں سعودی قونصل خانے میں ہی مارے گئے تھے۔

[pullquote]اردن کے ساتھ سرحدی زمین کی لیز میں توسیع کے لیے مذاکرات کریں گے، نیتن یاہو[/pullquote]

اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اُن کا ملک اردن کی حکومت کے ساتھ سن انیس چورانوے میں ہوئے ایک امن معاہدے کے تحت سرحدی زمین کی پچیس سالہ اسرائیلی لیز میں توسیع کے لیے مذاکرات کرے گا۔ ایک بیان میں نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ اردن اس لیز کو ختم کرنا چاہتا ہے اس لیے اسرائیل اس میں ممکنہ توسیع کے لیے بات چیت کا خواہشمند ہے۔ امن معاہدے کے ضمیمے کے تحت اسرائیل نے اردن کے ساتھ اپنی جنوبی سرحد پر ایک ہزار ایکڑ زرعی زمین لیز پر لے رکھی ہے۔

[pullquote]نیوزی لینڈ بھی سعودی عرب کے سرمایہ کاری اجلاس میں شرکت نہیں کرے گا[/pullquote]

نیوزی لینڈ کی حکومت نے سعودی صحافی جمال خاشقجی کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے سعودی سرمایہ کاری اجلاس میں شرکت سے انکار کر دیا ہے۔ ریاض حکومت کی جانب سے ملک میں عالمی سرمایہ کاروں کی توجہ مرکوز کرانے کے سلسلے میں ’ڈاوس ان ڈزرٹ‘ کے عنوان سے آئندہ منگل ايک اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ تاہم نیوزی لینڈ کے وزیر برائے تجارت ڈیوڈ پارکر کے ایک بیان کے مطابق نیوزی لینڈ کی اس اجلاس میں کوئی نمائندگی نہیں ہو گی۔

[pullquote]فلپائن میں نو کاشت کار ہلاک[/pullquote]

فلپائنی دارالحکومت سے تقریباﹰ پانچ سو کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ساگے سٹی میں نامعلو افراد نے گنے کی کاشت کرنے والے نو مزدوروں کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں دو نوعمر افراد بھی شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق متاثرہ افراد ہفتے کے روز ایک گنے کے ايک نجی کھیت میں قائم خیموں میں آرام کر رہے تھے، جب ایک مسلح گروہ نے خیمے پر فائرنگ کی۔ مقامی پولیس ڈائریکٹر نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ تین متاثرہ افراد کی نعشوں کو جلا دیا گیا ہے، جن میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔ دوسری جانب ساگے سٹی کے ناظم کی جانب سے مشتبہ افراد کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر تقریباﹰ پانچ ہزار یورو کے انعام کا اعلان کیا گیا۔ فلپائن میں زرعی اصلاحات کے نتیجے میں آج کل کئی جان لیوا حملے ديکھے جا رہے ہيں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے