منگل: 23 اکتوبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]سعودی عرب میں اقتصادی کانفرنس شروع[/pullquote]

سرمایہ کاری کے موضوع پر سعودی عرب میں ایک بین الاقوامی اجلاس شروع ہو گیا ہے۔ سرکاری ٹیلی وژن کے مطابق تیل، گیس اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں اولین معاہدے طے پا چکے ہیں۔ ریاض میں ہونے والی اس تین روزہ کانفرنس کا ایک بڑا مقصد سعودی معیشت کا محض تیل کی دولت پر انحصار کم کرنا ہے۔ سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے سبب کئی اہم بین الاقوامی کمپنیوں اور حکومتی وفود نے اس اجلاس میں شرکت سے معذرت کر لی ہے۔ ان میں جرمن کمپنی زیمنز کے سربراہ جو کیزر بھی شامل ہیں۔

[pullquote]فلسطینی انتظامیہ اور حماس قیدیوں پر بہیمانہ تشدد کرتے ہیں، ہیومن رائٹس واچ[/pullquote]

فلسطینی انتظامیہ اور حماس کے زیر انتظام جیلوں میں قیدیوں کو منظم انداز میں تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ ہیومن رائٹس واچ کی ایک رپورٹ میں ناقدین اور دیگر افراد کو غیر قانونی طور پر حراست میں لینے کے واقعات کی نشاندہی کی گئی ہے۔ مزید یہ کہ مقید افراد کو دھمکیاں دی جاتی ہیں، انہیں مارا پیٹا جاتا ہے اور تکلیف دہ انداز میں باندھا جاتا ہے۔ ہیومن رائٹس واچ نے یہ رپورٹ 147 افراد سے بات چیت کے بعد تیار کی ہے۔ فلسطینی انتظامیہ اور حماس نے ان الزامات کو مسترد کیا ہے۔

[pullquote]لیبیا سے اٹلی پہنچنے والوں کی تعداد میں کمی[/pullquote]

رواں برس کے دوران لیبیا سے اٹلی جانے والوں کے مقابلے میں اپنے آبائی ممالک واپس لوٹنے والے مہاجرین کی تعداد زیادہ رہی۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (آئی ایم او) کے مطابق اکتوبر کے وسط تک بتیس ممالک سے تعلق رکھنے والے تیرہ ہزار سے زائد پناہ کے متلاشی واپس گئے۔ آئی ایم او اپنی مرضی سے واپس جانے والوں کے سفری اخراجات برداشت کرتی ہے اور انہیں کچھ رقم بھی مہیا کرتی ہے۔ اسی عرصے کے دوران لیبیا سے بحیرہ روم کے ذریعے بارہ ہزار پانچ سو مہاجرین اٹلی پہنچنے۔

[pullquote]خاشقجی کو سعودی حکام نے پیشگی منصوبے کے تحت قتل کیا، ترک صدر[/pullquote]

ترک صدر رجب طیب ایردوآن کے مطابق جمال خاشقجی کے قتل کی منصوبہ بندی استنبول میں سعودی قونصل خانے کے حکام اور سعودی عرب سے آنے والی ایک ٹیم نے کئی روز پہلے سے کر رکھی تھی۔ اپنی جماعت اے کے پی کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے ایردوآن نے مزید کہا کہ اس امر کے بہت واضح شواہد موجود ہیں کہ خاشقجی کی ہلاکت قتل عمد کا واقعہ تھا اور سعودی حکمرانوں کے ناقد اس صحافی کو بڑی ’بربریت‘ سے قتل کیا گیا۔ ایردوآن کے مطابق خاشقجی کے قتل کے سلسلے میں سعودی عرب میں جن 18 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، ان کے کوائف انہی ملزمان سے ملتے ہیں، جن کی شناخت ترک خفیہ ادارے کر چکے ہیں۔

[pullquote]فرانس میں اسلامی برقعے پر پابندی انسانی حقوق کے منافی ہے، یُو این رائٹس پینل[/pullquote]

اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کمیٹی نے کہا ہے کہ فرانس میں پورے جسم کے اسلامی برقعہ پہننے پر عائد پابندی انسانی حقوق کے منافی ہے۔ کمیٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ فرانس اس حوالے سے اپنا موقف واضح کرنے میں ناکام رہا ہے۔ اس تناظر میں فرانسیسی حکومت سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اس پابندی کے فیصلے پر نظرثانی کرے۔ یہ بیان انسانی حقوق کمیٹی نے اپنے آزاد ماہرین کی مرتب کردہ رپورٹ کی روشنی میں جاری کیا ہے۔

[pullquote]امریکا جوہری ہتھیار سازی کے لیے تیار ہے، امریکی صدر[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا اپنی جوہری ہتھیار سازی کی صلاحیت میں اضافے کے لیے تیار ہے۔ ٹرمپ کے مطابق امریکی جوہری ہتھیاروں کے ذخیرے میں اضافہ بہت سال قبل ہو جانا چاہیے تھا لیکن ایسا نہیں کیا گیا۔ امریکی صدر کے مطابق دوسروں کو پوری آگہی سے قبل ہی امریکا کے جوہری ہتھیار تیار ہو جائیں گے۔ یہ بیان دینے سے قبل وہ یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ سرد جنگ کے دوران طے پانے والے جوہری ہتھیار سازی کے سمجھوتے سے وہ علیحدگی اختیار کرنے والے ہیں۔ انٹرمیڈییٹ رینج نیوکلیئر فورسز ٹریٹی (INF) پر سابق امریکی صدر رونالڈ ریگن اور سابق سوویت رہنما میخائل گورباچوف نے دستخط کیے تھے۔

[pullquote]کوریائی ریاستوں نے سرحدی قصبے کو بارودی سرنگوں سے پاک کر دیا[/pullquote]

اقوام متحدہ کی کمان کے ہمراہ جنوبی اور شمالی کوریا کے فوجیوں نے سرحدی قصبے پان مُن جَوم کو ہر قسم کی بارودی سرنگوں سے پاک کر دیا ہے۔ اس کام کی تکمیل کا تصدیقی بیان جنوبی کوریائی وزارت دفاع کی جانب سے جاری کیا گیا۔ اس بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ اب اگلے تین برسوں کے دوران اس سرحدی مقام سے تمام ہتھیاروں اور وہاں متعین حفاظتی دستوں کو پیچھے ہٹا دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ دونوں کوریائی ممالک کے درمیان 250 کلومیٹر کے مشترکہ سرحدی علاقے کو اسلحے سے صاف علاقہ قرار دینے کے لیے مشاورت بھی جاری ہے۔ پان مُن جَوم سے بارودی سرنگوں کے ہٹانے کو جزیرہ نما کوریا پر امن کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا گیا ہے۔

[pullquote]عراق: موصل کے قریبی قصبے بم دھماکا، نصف درجن ہلاک[/pullquote]

عراق کے دوسرے بڑے شہر موصل کے جنوبی نواحی قصبے میں ہونے والے بم دھماکے کی زد میں آ کر کم از کم چھ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ زخمیوں کی تعداد چالیس بتائی گئی ہے۔ مرنے والوں میں دو فوجی بھی شامل ہیں۔ یہ بم دھماکا عراقی صوبے نینوا کے بڑے قصبے القریہ کی ایک مارکیٹ میں ہوا۔ القریہ کا قصبہ موصل کے قریب واقع ہے۔ کسی گروپ نے اس بم دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ سن 2014 کے بعد موصل اور القریہ پر جہادی تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ قابض ہو گئی تھی۔

[pullquote]جہادیوں کی بھرتی پر بیلجین شہری کی شہریت ختم کر دی گئی[/pullquote]

بیلجیم کی ایک عدالت نے اپنے ملک کے ایک شہری کی شہریت اس بنیاد پر ختم کر دی ہے کہ وہ جہادیوں کی بھرتی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے تھا۔ عدالت کے مطابق فواد بالقاسم ایک جہادی تنظیم ’شریعت برائے بلیجیم‘ کے تحت جہادیوں کو شام روانہ کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے تھا۔ بالقاسم مراکشی نژاد ہے۔ اس شخص کو بیلجیم کی ایک عدالت سن 2015 میں بارہ برس کی سزائے قید سنا چکی ہے۔ بالقاسم کے وکیل نے شہریت منسوخ کرنے کے عدالتی فیصلے کی مذمت کی ہے۔

[pullquote]افغانستان میں چیک جمہوریہ کے فوجی کی ہلاکت[/pullquote]

چیک جمہوریہ کی وزارت دفاع نے تصدیق کی ہے کہ اُس کا ایک فوجی مغربی افغان صوبے ہرات میں کیے گئے ایک داخلی حملے میں مارا گیا ہے۔ اسی بیان میں یہ بھی بتایا گیا کہ دو زخمی فوجیوں کو بگرام کے فوجی ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے اور انہیں شدید نوعیت کے زخم نہیں آئے ہیں۔ قبل ازیں کابل سے نیٹو مشن نے بھی بتایا تھا کہ اُس کا ایک فوجی افغان سکیورٹی فورسز کے ایک اہلکار کی فائرنگ سے ہلاک ہوا ہے۔ یہ واقعہ صوبے ہرات کے ضلع شنداد میں رونما ہوا اور افغان سکیورٹی اہلکار کو جوابی فائرنگ میں ہلاک کر دیا گیا تھا۔

[pullquote]خاشقجی کی ہلاکت کی جامع تفتیش مکمل کی جائے گی، سعودی وزیر خارجہ[/pullquote]

سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر نے کہا ہے کہ ترک شہر استنبول میں سعودی قونصل خانے میں صحافی جمال خاشقجی کی ہلاکت کی جامع تفتیش ہر صورت میں مکمل کی جائے گی۔ انہوں نے یہ بات اپنے انڈونیشیا کے دورے کے دوران جکارتہ میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ تفتیشی عمل مکمل کرنے کے لیے ایک خصوصی ٹیم ترکی روانہ کر دی گئی ہے۔ الجبیر کے مطابق اس ہلاکت میں ملوث ہونے کے شبے میں تمام افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔ خاشقجی دو اکتوبر کو سعودی قونصل خانے گئے تھے اور پھر باہر نہیں آئے تھے۔ سعودی عرب قونصل خانے میں اُن کی ہلاکت کی تصدیق کر چکا ہے۔

[pullquote]ناروے میں نیٹو کی جنگی مشقیں[/pullquote]

دوسری عالمی جنگ کے بعد مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کی سب سے بڑی جنگی مشقوں کا آغاز جمعرات پچیس اکتوبر سے ہو گا۔ ان جنگی مشقوں میں نیٹو کے انتیس رکن ممالک سے پچاس ہزار فوجی شرکت کریں گے۔ ڈھائی سو جنگی طیارے اور ساٹھ جنگی بحری جہاز بھی ان مشقوں میں حصہ لیں گے۔ ان جنگی مشقوں کا نام ٹرائیڈنٹ جنکچر اٹھارہ ہے اور یہ سات نومبر تک جاری رہیں گی۔ ان مشقوں کی جگہ ناروے کی روس کے ساتھ سرحد سے خاصے فاصلے پر واقع ہے۔ نیٹو کی مشترکہ فوجی کمانڈ کے سربراہ امریکی نیوی ایڈمرل جیمز فوگو نے کسی ملک کا نام لیے بغیر کہا کہ جنگی مشقوں سے یہ واضح کرنا ہے کہ دفاعی اتحاد کسی بھی حملے کی صورت میں دفاعی صلاحیتوں کا حامل ہے۔

[pullquote]طاقتور طوفان وِلا جنوب مغربی میکسیکو کے قریب پہنچتا ہوا[/pullquote]

طاقتور سمندری طوفان وِلا منگل تئیس اکتوبر کی سہ پہر جنوب مغربی میکسیکو کے ساحلی علاقے سے ٹکرانے والا ہے۔ کیٹیگری چار کے اس طوفان کے ساتھ زور دار سمندری لہریں، تیز رفتار طوفانی جھکڑ اور شدید بارشیں بھی ہیں۔ سمندری طوفان کے جھکڑوں کی رفتار 220 کلومیٹر فی گھنٹہ بتائی گئی ہے۔ اس طوفان کی زد پر نایارِٹ اور سینالوآ ریاستوں کے انیس اضلاع ہیں اور وہاں اسکول عارضی طور پر بند کیے جا چکے ہیں۔ ساحلی علاقے مازاٹلان کے پانچ لاکھ افراد کو چوکنا رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ نشیبی علاقوں سے تقریباً آٹھ ہزار افراد کو کیمپوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ چند روز قبل میکسیکو میں بارہ افراد سمندری طوفان ویسنٹ کی لپیٹ میں آ کر ہلاک ہو گئے تھے۔

[pullquote]خاشقجی کے قتل کی تفصیلات ترک صدر بتائیں گے[/pullquote]

ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے کہا ہے کہ وہ سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل سے متعلق تمام دستیاب تفصیلات منگل 23 اکتوبر کو عام کر دیں گے۔ ایردوآن کے مطابق وہ یہ تفصیلات اپنی سیاسی پارٹی کے ارکان سے خطاب کے دوران بتائیں گے۔ ایردوآن کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ ایسا کرنے کا ارادہ اس لیے رکھتے ہیں کہ جمال خاشقجی کی ہلاکت سے متعلق سبھی انصاف چاہتے ہیں اور سچ سامنے آنا ضروری ہے۔ ترک شہر استنبول میں سعودی قونصل خانے اور سعودی قونصل جنرل کی رہائش گاہ پر ترک تفتیشی اہلکار تلاش کا عمل مکمل کر چکے ہیں۔ ترک حکام کو یقین ہے کہ دو اکتوبر کو قونصل خانے میں سعودی صحافی کو قتل کر دیا گیا تھا۔

[pullquote]چین میں دنیا کے سب سے بڑے سمندری پُل کا افتتاح[/pullquote]

چین کی مرکزی سرزمین کو خصوصی اختیارات کے حامل چینی علاقے ہانگ کانگ کے ساتھ ایک پُل کے راستے جوڑ دیا گیا ہے۔ یہ دنیا میں سمندر پر بنایا گیا سب سے طویل پُل ہے۔ اس کے افتتاح کی تقریب میں چینی صدر شی جن پنگ بھی شریک ہوئے۔ ہانگ کانگ کو چینی شہر ژوہائی سے اس پُل کے ساتھ مِلایا گیا ہے۔ اس پل کی لمبائی پچپن کلومیٹر ہے۔ بیس بلین امریکی ڈالر کی لاگت سے تعمیر ہونے والے اس پل کو تقریباً دس برسوں میں مکمل کیا گیا۔ بحری جہازوں کے گزرنے کے لیے اس پُل کو ایک دریائی ڈیلٹا کے قریب زیر سمندر سرنگ سے بھی منسلک کیا گیا۔ پل کی تکمیل سے چین سے ہانگ کانگ کا سفر صرف تیس منٹ کا رہ گیا ہے۔

[pullquote]تائیوان میں زلزلہ[/pullquote]

تائیوان کا ساحلی علاقہ ہوالین زلزلے کے شدید جھٹکوں سے لرز اٹھا۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت چھ ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کے جھٹکوں نے تائیوان کے دارالحکومت تائی پے کی بلند عمارتوں کو بھی ہلا کر رکھ دیا۔ ان جھٹکوں کے بعد تائی پے اور ہوالین کے علاوہ دیگر علاقوں میں بھی خوف و ہراس پھیل گیا۔ زلزلہ زمین سے اکتیس کلومیٹر کی گہرائی میں آیا۔ کسی جانی یا مالی نقصان کی فوری طور پر کوئی اطلاعات نہیں ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے