جمعہ : 26 اکتوبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]مقتول سعودی صحافی کے صاحبزادے کی امریکا روانگی[/pullquote]

مقتول سعودی صحافی جمال خاشقجی کے صاحبزادے سعودی عرب سے امریکا کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔ ریاض حکومت نے ان پر عائد سفری پابندی ختم کرتے ہوئے انہیں امریکا جانے کی اجازت حال ہی میں دی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان رابرٹ پالاڈینو نے کہا ہے کہ واشنگٹن اس فیصلے کا خیر مقدم کرتا ہے۔ خیال رہے کہ امریکی سیکرٹری خارجہ مائیک پومپیو نے سعودی عرب کے اپنے حالیہ دورے میں سعودی حکام کو واضح طور پر کہا تھا کہ امریکا صلاح خاشقجی کی واپسی چاہتا ہے۔

[pullquote]صدر ٹرمپ نے روسی صدر کو امریکا کے دورے کی دعوت دی ہے، جان بولٹن[/pullquote]

امریکا کے قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی صدر ولادی میر پوٹن کو واشنگٹن آنے کی دعوت دی ہے۔ جان بولٹن نے یہ بات سابق سوویت ریاست جارجیا کے دورے کے موقع پر آج ایک نیوز کانفرنس میں کہی۔ تاہم یہ واضح نہیں کہ آیا پوٹن نے بھی امریکا کی جانب سے اس دعوت کو قبول کیا ہے۔ ٹرمپ نے چند روز قبل کہا تھا کہ روس کے ساتھ اچھے تعلقات امریکا کے مفاد میں ہیں۔

[pullquote]پینٹا گون میکسیکو امریکا بارڈر پر فوجی بھیجے گا[/pullquote]

امریکی حکام کے مطابق ملک کے ہوم لینڈ سکیورٹی کے محکمے نے میکسیکو امریکا بارڈر پر آٹھ سو سے ایک ہزار تک فوجی بھیجنے کی درخواست کی ہے۔ ایک امریکی اہلکار نے خبر رساں ادارے اے پی کو بتایا ہے کہ سیکرٹری دفاع جم میٹس کو آئندہ ہفتے جمعرات تک اس حکم نامے پر دستخط کرنا ہوں گے۔ فی الحال مذکورہ حکم نامے کی حتمی تفصیلات طے نہیں کی گئی ہیں۔ یہ درخواست ایسے وقت میں موصول ہوئی ہے جب ہزاروں تارکین وطن میکسیکو کے راستے امریکا کی جانب گامزن ہیں۔

[pullquote]چین جاپان تعلقات تاریخی موڑ پر ہیں، جاپانی وزیر اعظم[/pullquote]

جاپانی وزیر اعظم شینزو آبے نے کہا ہے کہ چین اور جاپان کے دو طرفہ تعلقات’ تاریخی موڑ‘ پر آ چکے ہیں۔ یہ بات آبے نے آج بیجنگ میں ایک فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اُن کا کہنا تھا کہ آج سے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی نئی صبح نمو دار ہوئی ہے اور وہ چین کے ساتھ بنیادی ڈھانچے، صحت، اقتصادیات اور عسکری تعاون کے شعبوں میں تعاون کے نئے امکانات کی توقع کرتے ہیں۔

[pullquote]گوگل کے اڑتالیس ملازمین گزشتہ دو برسوں میں جنسی ہراسانی کے الزامات پر برطرف[/pullquote]

سرچ انجن گوگل کے سربراہ سندر پچائی نے کہا ہے کہ گزشتہ دو سالوں کے درمیان اس کمپنی نے اپنے اڑتالیس ملازمین کو جنسی ہراسانی کے الزامات کے سبب ملازمت سے برخاست کیا ہے۔ گوگل کے بقول برطرف ہونے والوں میں تیرہ سینئیر عہدے دار بھی شامل ہیں۔ پچائی کا یہ بیان امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کی جنسی ہراسانی کے حوالے سے ایک رپورٹ کے شائع ہونے کے بعد سامنے آیا ہے۔ گوگل کے سی ای او کے بقول کمپنی اپنے دفاتر کو امتیازی رویوں اور جنسی ہراسانی سے پاک بنانے کے معاملے میں بے حد سنجیدہ ہے۔

[pullquote]چین: خاتون کا چاقو سے کنڈر گارٹن کے بچوں پر حملہ، چودہ بچے زخمی[/pullquote]

چینی حکام نے بتایا ہے کہ ملک کے جنوب مغربی صوبے سیچوآن میں ایک خاتون نے چاقو سے حملہ کرتے ہوئے ایک کنڈر گارٹن کے چودہ بچوں کو زخمی کر دیا ہے۔ چونگ قنگ شہر میں پبلک سکیورٹی بیورو کے اہلکار نے بتایا کہ خاتون نے بچوں پر حملہ اس وقت کیا جب وہ صبح ورزش کی کلاس کے بعد واپس کمرہ جماعت میں آ رہے تھے۔ زخمی بچوں کو طبی امداد فراہم کر دی گئی ہے جبکہ حملہ آور خاتون سے پولیس کی تفتیش جاری ہے۔

[pullquote]سعودی عرب کو اسلحے کی فراہمی بند کرنے پر یورپ مشترکہ حکمت عملی اپنائے، جرمنی[/pullquote]

جرمن وزیر معاشیات پیٹر آلٹمائر نے آسٹریا کی اس تجویز کی حمایت کی ہے جس میں سعودی عرب کو اسلحے کی برآمد کے حوالے سے یورپ کو مشترکہ موقف اختیار کرنے کو کہا گیا ہے۔ ترکی میں اپنے دورے کے دوران جرمن نشریاتی ادارے ’ڈوئچ لنڈ فُنک‘ سے بات کرتے ہوئے آلٹمائر نے کہا کہ جرمنی اس وقت سعودی عرب کو ہتھیار فراہم نہ کرنے پر متفق ہے لیکن یہ اقدام اس وقت مؤثر ثابت ہو گا جب تمام یورپی ممالک ایک مشترکہ لائحہ عمل اختیار کریں۔ یاد رہے کہ برلن حکومت نے یہ اقدام سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے تناظر میں اٹھایا ہے۔

[pullquote]سرد جنگ کے خاتمے کے بعد سے نیٹو کی سب سے بڑی فوجی مشقیں[/pullquote]

نیٹو ممالک نے سرد جنگ کے خاتمے کے بعد ہونے والی سب سے بڑی جنگی مشقوں کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ مشقیں گزشتہ روز سے ناروے میں منعقد کی جا رہی ہیں ۔ رپورٹوں کے مطابق ان جنگی مشقوں میں اتحاد کے انتیس ممالک سے پچاس ہزار فوجی، دس ہزار گاڑیاں ، ڈھائی سو جنگی طیارے اور پینسٹھ بحری جہاز حصہ لے رہے ہیں۔ اتحادی ممالک کے علاوہ مشقوں میں فن لینڈ اور سویڈن بھی شامل ہیں۔ ان مشقوں کا مقصد جوابی کارروائی کے لیے فوری تیار اور مستعد مشترکہ ٹاسک فورس کی جانچ اور تربیت کرنا ہے۔

[pullquote]جنوبی کوریا جنگیں مشقیں کرے گا[/pullquote]

جنوبی کوریا آئندہ ہفتے دو فوجی مشقوں کا آغاز کر رہا ہے۔ اس لیے جنوبی کوریا نے امریکا کے ساتھ دسمبر میں اپنی طے شدہ فوجی مشقوں کو مؤخر کر دیا ہے۔ امریکی محکمہ دفاع کے مطابق اس کا مقصد دراصل شمالی کوریا اور امریکا کے درمیان جوہری اسلحے کی تخفیف سے متعلق اقدامات کو ہر ممکن طریقے سے جاری رکھنا ہے۔ آج سرحدی قصبے پانمونجوم میں دونوں کوریائی ریاستوں کے فوجی جنرل ملاقات بھی کر رہے ہیں۔

[pullquote]حزب اللہ پر نئی امریکی پابندیوں کے لیے مسودہ قانون تیار[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک مسودہ قانون پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت ایران کی حمایت یافتہ تنظیم حزب اللہ پر نئی پابندیاں عائد کی جائیں گی۔ اس قانونی مسودے کی رُو سے ایسے ممالک اداروں یا افراد پر بھی پابندیاں لگائی جائیں گی جو حزب اللہ کے ساتھ کاروبار کریں گے۔ صدر ٹرمپ نے عالمی طاقتوں کے ایران کے ساتھ ہوئے جوہری معاہدے سے نکلنے کے بعد تہران حکومت پر بھی نئی اقتصادی پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔ امریکا ایران پر دہشت گرد گروپوں کی حمایت کا الزام عائد کرتا ہے۔ ایران تاہم ان الزامات کو مسترد کرتا ہے۔

[pullquote]میرکل کا شاہ سلمان کو فون، خاشقجی کے قتل کی پُرزور مذمت[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے سعودی عرب کے شاہ سلمان سے ٹیلفون پر بات چیت میں سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ میرکل نے سعودی حکومت سے واقعے کی فوری، شفاف اور قابل یقین وضاحت کا بھی مطالبہ کیا۔ جرمن چانسلر نے مزید کہا کہ قتل کے تمام ذمہ داران کو قرار واقعی سزا دی جانی چاہیے۔ دریں اثنا یورپی پارلیمنٹ اور آسٹریا کی حکومت نے سعودی عرب کو ہتھیار فراہم کرنے پر پابندی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

[pullquote]جیٹ طیارہ کرپشن، بھارتی اپوزیشن کے مودی کے خلاف مظاہرے[/pullquote]

بھارتی اپوزیشن نے ملکی تفتیشی ادارے سی بی آئی کے سربراہ کو ہٹانے پر وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف ملک بھر میں مظاہرے کیے ہیں۔ اپوزیشن کا الزام ہے کہ مودی نے فرانس کے ساتھ جیٹ طیارہ ڈیل کے تناظر میں سی بی آئی کے سربراہ کو تبدیل کیا ہے۔ کانگریس اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے مطابق سی بی آئی کے فارغ کیے گئے سربراہ الوک ورما سن 2016 میں فرانس کے ساتھے چھتیس رافیل جیٹ طیاروں کے سودے کی تفتیش کرنا چاہتے تھے۔ وزیر اعظم نریندر مودی پر الزام ہے کہ ان طیاروں کی قیمت اصل سے زیادہ ادا کی گئی تھی اور خریداری کے عمل کو شفاف نہیں رکھا گیا تھا۔

[pullquote]ترکی میں قید شہری کو سفارتی خدمات فراہم کی جائے گی، جرمنی[/pullquote]

جرمن وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ وہ ترکی میں اپنے اُس شہری کو قونصل خانے کی خدمات فراہم کرتی رہے گی جسے گزشتہ روز ترکی کی ایک عدالت نے ایک دہشت گرد تنظیم کا رکن ہونے کے الزام میں چھ سال اور تین ماہ قید کی سزا سنائی ہے۔ وزارت خارجہ کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ پیٹرک کے نامی اس جرمن شہری کو ایک فوجی علاقے میں داخل ہونے پر اٹھارہ ماہ قید کی مزید سزا بھی سنائی گئی تھی تاہم بعد میں اسے معطل کر دیا گیا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے