شہباز شریف کو تاخیر سے لانے پر ن لیگ کا قومی اسمبلی اجلاس کا بائیکاٹ

نیب کی جانب سے قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو تاخیر سے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچانے پر مسلم لیگ ن کی جانب سے قومی اسمبلی اجلاس کا بائیکاٹ کیا گیا۔

قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت شروع ہوا جس میں ضمنی انتخاب میں کامیاب ہونے والے امیدواروں نے حلف اٹھایا۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے نو منتخب اراکین اسمبلی سے حلف لیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی جانب سے پروڈکشن آرڈڑ جاری ہونے کے باوجود شہباز شریف کو ایوان میں تاخیر سے لانے پر مسلم لیگ ن نے قومی اسمبلی اجلاس کا بائیکاٹ کر دیا۔

میرے زور دینے پر نیب والے لوگ مجھے لیکر آئے، شہباز شریف۔ فوٹو: جیو اسکرین گریب
پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنے پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نیب والے تو مجھے لانا ہی نہیں چاہتے تھے، کبھی کہا جہاز دستیاب نہیں کبھی کوئی بہانہ بنایا۔

شہباز شریف پارلیمنٹ ہاؤس سے قومی اسمبلی میں موجود اپنے چیمبر میں چلے گئے جہاں مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کی ان کے ساتھ ملاقات جاری ہے، ملاقات میں خواجہ آصف، خواجہ سعد رفیق، مریم اورنگزیب اور دیگر پارٹی رہنما بھی موجود ہیں۔

دوسری جانب قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہمیں شہباز شریف کے آنے پر کوئی اعتراض نہیں ہے، ن لیگ والوں کو دوبارہ ایوان میں آنا چاہیے اور اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اپوزیشن واپس آئے اور اپنا موقف پیش کرے، ہم ان کا مؤقف سنیں گے، ہو سکتا ہے کہ اس سے ہماری رہنمائی ہو اور ہو سکتا ہے کہ اپوزیشن مکمل طور پر باخبر نہ ہو یا انہیں کوئی غلط فہمی ہوئی ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور اپوزیشن کو مل بیٹھ کر یہ فیصلہ کرنے کی ضرورت ہے کہ پارلیمنٹ کو کس طرح چلانا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے