پیر : 29 اکتوبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]یورپی یونین میں استحکام: میرکل کا کردار انتہائی اہم، پولستانی وزیر خارجہ[/pullquote]

پولینڈ کے وزیر خارجہ یاٹسَیک چاپُوٹووِچ نے کہا ہے کہ یورپی یونین کے استحکام میں جرمن چانسلر انگیلا میرکل کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پولینڈ کی طرف سے اس بات کی مکمل تائید و حمایت کا اظہار کرتے ہیں کہ جرمنی میں انگیلا میرکل کو آئندہ بھی وفاقی چانسلر رہنا چاہیے۔ میرکل نے آج پیر کے روز ہی کہا تھا کہ وہ دوبارہ اپنی پارٹی کی قیادت کے لیے امیدوار نہیں ہوں گی اور چانسلر کے طور پر ان کے عہدے کی موجودہ اور مجموعی طور پر چوتھی مدت بھی آخری ہو گی، جو دو ہزار اکیس میں پوری ہو جائے گی۔ میرکل گ‍زشتہ تیرہ برسوں سے جرمن چانسلر کے عہدے پر فائز ہیں۔

[pullquote]بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم کو مزید سات سال سزائے قید[/pullquote]

بنگلہ دیش کی ایک عدالت نے سابق وزیر اعظم خالدہ ضیا کو مزید سات برس کی سزائے قید سنا دی ہے۔ انہیں یہ سزا اپنی وزارت اعظمیٰ کے دور میں سرکاری عہدے کا غلط استعمال کرتے ہوئے اپنے مرحوم شوہر کے نام پر فنڈز جمع کرنے کے الزام میں سنائی گئی ہے۔ خالدہ ضیا بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کی رہنما اور ملکی اپوزیشن کی لیڈر بھی ہی۔ ان کے حامیوں کا الزام ہے کہ ان کے خلاف متعدد فوجداری مقدمات کا مقصد انہیں دسمبر میں متوقع عام انتخابات سے باہر رکھنا اور ان کی پارٹی بی این پی کی پوزیشن کو کمزور کرنا ہے۔ بی این پی نے اس عدالتی فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے منگل 30 اکتوبر سے ملک گیر مظاہروں کا اعلان کر دیا ہے۔

[pullquote]سری لنکا میں نئے وزیر اعظم راجا پاکشے اب وزیر خزانہ بھی[/pullquote]

سری لنکا کے صدر میتھری پالا سری سینا نے حال ہی میں ملکی وزیر اعظم نامزد کیے گئے سابق صدر مہیندا راجا پاکشے کو وزیر خزانہ بھی نامزد کر دیا ہے۔ یہ بات پیر کے روز کولمبو میں صدارتی دفتر کے میڈیا ڈویژن کی طرف سے بتائی گئی۔ صدر سری سینا نے کئی دیگر ارکان پارلیمان کو بھی ملکی وزیر بنا دیا ہے۔ راجا پاکشے کے پیش رو سربراہ حکومت وکرما سنگھے کی ملکی صدر کے ہاتھوں حالیہ برطرفی کے بعد سے سری لنکا ایک بڑے سیاسی بحران کا شکار ہے۔ برطرف شدہ وزیر اعظم رانیل وکرماسنگھے نے پیر کے روز کہا کہ ملکی پارلیمان کو موقع دیا جانا چاہیے کہ وہ سربراہ حکومت کے طور پر دونوں حریف امیدواروں میں سے کسی ایک کا انتخاب کرے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں موجودہ سیاسی اور آئینی بحران کو خونریز ہوجانے سے اسی طرح روکا جا سکتا ہے۔

[pullquote]غزہ میں تین فلسطینی نوجوانوں کے جنازے میں ہزارہا افراد کی شرکت[/pullquote]

غزہ پٹی کے فلسطینی علاقے میں ایک اسرائیلی فضائی حملے میں ہلاک ہو جانے والے تین فلسطینی نوجوانوں کے جنازے میں پیر کے روز ہزارہا افراد نے شرکت کی۔ غزہ سٹی میں ان تینوں کی آخری رسومات کے موقع پر فلسطینی مظاہرین میں غم و غصہ نمایاں تھا اور وہ اسرائیل کے خلاف نعرے بھی لگا رہے تھے۔ ان میں سے دو لڑکوں کی عمریں صرف تیرہ اور چودہ برس تھیں۔ وہ ایک اور فلسطینی نوجوان کے ہمراہ غزہ اور اسرائیل کے درمیان سرحد کے قریب فلسطینی علاقے میں ایک اسرائیلی فضائی حملے میں ہلاک ہو گئے تھے۔

[pullquote]نائیجیریا میں فوج کی شیعہ مسلم مظاہرین پر فائرنگ[/pullquote]

نائیجیریا کے دارالحکومت آبوجہ میں ملکی فوج نے پیر کے روز شیعہ مسلم مظاہرین کے ایک اجتماع پر فائرنگ کر دی۔ عینی شاہدین نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ اس فائرنگ کے بعد آبوجہ کے ایک مضافاتی علاقے کُوگبو میں کئی افراد زخمی حالت میں زمین پر گرے ہوئے دیکھے گئے۔ ابتدائی رپورٹوں کے مطابق فوجی اہلکاروں کی طرف سے فائرنگ سے قبل ان مظاہرین نے سکیورٹی دستوں پر پتھراؤ شروع کر دیا تھا۔

[pullquote]نیپالی وزیر اعظم شرما اولی ہسپتال میں[/pullquote]

نیپال کے چھیاسٹھ سالہ وزیر اعظم کے پی شرما اولی کو پیر کے روز پھیپھڑوں میں انفیکشن کی وجہ سے کھٹمنڈو کے یونیورسٹی ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق ملکی سربراہ حکومت کو صبح جب ہسپتال لایا گیا، تو پھیپھڑوں میں انفیکشن کے علاوہ انہیں بہت تیز بخار بھی تھا اور ان کا علاج جاری ہے۔ شرما اولی کمیونسٹ پارٹی آف نیپال کے چیئرمین ہیں اور انہوں نے اسی سال وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالا تھا۔

[pullquote]برازیل کے نو منتخب صدر پہلے غیر ملکی دورے پر چلی جائیں گے[/pullquote]

برازیل کے نو منتخب صدر ژیئر بولسونارو اپنے اولین غیر ملکی دورے پر چلی جانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ یہ بات پیر کے روز ان کے چیف آف سٹاف نے بتائی۔ انتہائی دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے بولسونارو نے اتوار کے روز ہونے والے صدارتی الیکشن میں بڑی اکثریت سے کامیابی حاصل کی تھی۔ وہ باقاعدہ طور پر اپنی صدارتی ذمے داریاں یکم جنوری کو سنبھالیں گے۔ برازیل میں اقتدار کی منتقلی تک کے عرصے میں عبوری طور پر مختلف امور کی نگرانی ملکی کانگریس کے رکن اونِکس لورَینزونی کر رہے ہیں۔

[pullquote]بھارتی مرکزی بینک کے ساتھ اختلافات منظر عام پر، حکومت پریشان[/pullquote]

بھارت میں مرکزی بینک اور ملکی حکومت کے مابین شدید اختلافات کے منظر عام پر آ جانے کے بعد حکام واضح طور پر ناخوش اور پریشان ہیں۔ ایک اعلیٰ بھارتی اہلکار نے پیر کے روز کہا کہ ان اختلافات کے بارے میں کھلے عام اظہار رائے کیا جانا اس لیے غلط ہے کہ یوں سرمایہ کاروں میں بھارت کی ساکھ خراب ہو جانے کا خطرہ ہے۔ بھارتی مرکزی بینک کے نائب سربراہ ویرال اچاریہ نے جمعے کی رات کہا تھا کہ ریزرو بینک آف انڈیا کی آزادی اور خود مختاری پر اثر انداز ہونے کا نتیجہ ممکنہ طور پر ’تباہ کن‘ ہو سکتا ہے۔

[pullquote]جواد ظریف کی امریکا میں یہودی عبادت گاہ میں فائرنگ کے متاثرین سے تعزیت[/pullquote]

ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے امریکی شہر پِٹس برگ میں ایک یہودی عبادت گاہ میں فائرنگ سے متاثرہ افراد اور ان کے خاندانوں کے ساتھ اظہار تعزیت کیا ہے۔ ظریف نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا کہ وہ فائرنگ کے اس ہلاکت خیز واقعے میں ہلاک شدگان کے لواحقین کے دکھ میں ان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے مزید لکھا کہ انسانوں کو ہتھیاروں سے پاک دنیا کی ضرورت ہے۔ ہفتے کے روز پٹس برگ میں فائرنگ کے واقعے میں گیارہ یہودی ہلاک ہو گئے تھے۔

[pullquote]میرکل نے پارٹی قیادت سے دست برداری کی پیش کش کر دی[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل کی جانب سے اپنی جماعت کرسچین ڈیموکریٹک یونین کی قیادت چھوڑنے کی پیش کش کر دی گئی ہے۔ جرمن میڈیا کے مطابق ریاستی انتخابات میں سی ڈی یو کی خراب ترین کارکردگی کے بعد میرکل نے اپنی جماعت کی قیادت سے دست برداری کی پیش کش کی، تاہم وہ بہ طور چانسلر اپنے عہدے کی مدت کی تکمیل تک اپنی ذمہ داریاں انجام دیتی رہیں گی۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق میرکل نے اپنی جماعت سے یہ بھی کہا ہے کہ وہ اس پارلیمان کی مدت کی تکمیل کے بعد آئندہ انتخابات میں بھی حصہ نہیں لیں گی۔

[pullquote]فائرنگ کے الزامات کے تحت سری لنکا کے وزیر پٹرولیم گرفتار[/pullquote]

سری لنکا کی پولیس نے وزیر پٹرولیم ارجنا راناٹنگا کو فائرنگ کے ایک واقعے کے بعد گرفتار کر لیا ہے۔ گزشتہ روز ایک مشتعل ہجوم نے ان کے دفتر پر دھاوا بول دیا تھا، جس کے بعد راناٹنگا کے محافظوں نے فائرنگ کی تھی۔ اس واقعے میں تین افراد زخمی ہو گئے تھے، جن میں سے ایک بعد میں ہسپتال میں چل بسا۔ پولیس ترجمان کے مطابق یہ شکایات بھی ملی ہیں کہ محافظوں نے فائرنگ وزیرِ پٹرولیم کے کہنے پر کی تھی۔ ارجنا راناٹنگا ہی کی قیادت میں سری لنکا نے سن 1996 کا کرکٹ کا عالمی کپ جیتا تھا۔ سری لنکا میں صدر سری سینا کے وزیر اعظم وکرماسنگھے کو برطرف کر دینے کے فیصلے کے بعد وہاں ایک شدید سیاسی بحران پیدا ہو چکا ہے۔

[pullquote]انڈونیشیا میں مسافر طیارہ کریش کر گیا[/pullquote]

انڈونیشیا کی ایک نئی ایئرلائن کا ایک طیارہ 189 مسافروں اور عملے کے ارکان کے ساتھ سمندر میں کریش کر گیا۔ حکام کے مطابق پیر کے روز جکارتہ سے پرواز بھرنے کے فقط تیرہ منٹ بعد اس طیارے کا رابطہ کنٹرول ٹاور سے ٹوٹ گیا، جب کہ اس سے چند لمحے قبل اس طیارے کے پائلٹ کی جانب سے دوبارہ جکارتہ واپسی کی اجازت مانگی گئی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ بوئنگ سوین تھری سین میکس طیارہ کریش کے بعد سمندر میں تیس سے چالیس میٹر گہرائی تک گیا۔ انڈونیشی حکام کا کہنا ہے کہ جائے واقعہ پر طیارے کے ٹکڑے اور ایندھن کا نشانات دکھائی دے رہے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس طیارے میں 178 بالغ، ایک لڑکا، دو نو زائدہ بچے، دو پائلٹ اور عملے کے دیگر چھ ارکان سوار تھے۔

[pullquote]جرمن چانسلر انگیلا میرکل کی جماعت کی علاقائی انتخابات میں بری کارکردگی[/pullquote]

جرمن صوبے ہیسے میں گزشتہ روز ہونے والے انتخابات میں چانسلر انگیلا میرکل کی جماعت سی ڈی یو کو ماضی کے مقابلے میں کہیں کم ووٹ ملے ہیں۔ مرکز میں ان کے ساتھ اتحادی حکومت میں شامل جرمنی کی دوسری بڑی جماعت سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کو بھی ایسی ہی صورت حال کا سامنا ہے۔ اتوار کے روز ہونے والے ان انتخابات میں گو کہ چانسلر میرکل کی جماعت سی ڈی یو اب بھی 27 فیصد ووٹوں کے ساتھ سب سے آگے ہے، تاہم گزشتہ انتخابات کے مقابلے میں یہ کم ہیں۔ ان انتخابات میں گرین پارٹی اور سوشل ڈیموکریٹک پارٹی 19.8اور 19.6 ووٹوں کے ساتھ دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔ انتہائی دائیں بازو کی جماعت الٹرنیٹیو فار جرمنی 13.2 فیصد ووٹ حاصل کر کے صوبائی پارلیمان میں داخل ہو گئی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے