اتوار : 04 نومبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]یمن بچوں کے لیے جہنم بن چکا ہے، اقوام متحدہ[/pullquote]

اقوام متحدہ کی بہبودِ اطفال کی ایجنسی یونیسیف نے کہا ہے کہ خانہ جنگی کا شکار ملک یمن اب بچوں کے لیے جہنم بن چکا ہے۔ اس ادارے کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یمن میں تقریباً اٹھارہ لاکھ بچوں میں سے نصف شدید کم خوراکی کے باعث مختلف امراض کا شکار ہو رہے ہیں۔ یونیسیف کے مطابق قابل علاج بیماریوں میں مبتلا ہو کر ہر دس منٹ بعد ایک یمنی بچہ موت کے منہ میں جا رہا ہے۔ سالانہ بنیاد پر یہ تعداد تیس ہزار بنتی ہے۔ یہ اعداد و شمار یونیسیف کے مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے لیے علاقائی ڈائریکٹر گیئرٹ کاپیلیئرے نے اردن کے دارالحکومت عَمان میں ایک پریس کانفرنس کے دوران پیش کیے۔

[pullquote]افغانستان میں ہلاک ہونے والا فوجی امریکی ریاست یوٹاہ کے ایک شہر کا میئر تھا[/pullquote]

امریکی ریاست یُوٹاہ کے اخبار سالٹ لیک ٹریبیون نے بتایا ہے کہ ہفتہ تین نومبر کو افغانستان میں ہلاک ہونے والا امریکی فوجی اس ریاست کے ایک شہر نارتھ اوگڈن کا میئر برینٹ ٹیلر تھا۔ انتالیس سالہ ٹیلر ایک داخلی حملے میں ایک افغان فوجی کی فائرنگ میں مارا گیا تھا۔ اُس کے ساتھ زخمی ہونے والے دوسرے امریکی فوجی کا علاج جاری ہے اور اُس کی حالت اب مستحکم بتائی گئی ہے۔ نارتھ اوگڈن کے میئر ٹیلر کو رواں برس جنوری میں بارہ مہینے کی ڈیوٹی پر افغانستان میں تعینات کیا گیا تھا۔ ٹیلر کو نارتھ اوگڈن کے شہریوں نے سن 2013 میں میئر منتخب کیا تھا۔ ٹیلر نے اپنے پسماندگان میں ایک بیوی اور سات بچے چھوڑے ہیں۔

[pullquote]فرانسیسی کالونی نیو کیلیڈونیا نے ریفرنڈم میں آزادی کو مسترد کر دیا[/pullquote]

بحر الکاہل کی جزائر پر مشتمل ریاست نیو کیلیڈونیا کے عوام نے ایک ریفرنڈم میں فرانس سے ممکنہ آزادی کو مسترد کر دیا ہے۔ اس ریفرنڈم میں عوام نے اس ملک کے فرانسیسی نوآبادی رہنے ہی کا فیصلہ کیا۔ آزادی کو مسترد کرنے والے ووٹروں کا تناسب 56.4 فیصد رہا۔ تقریباً پونے دو لاکھ رجسٹرڈ ووٹروں میں سے اسی فیصد نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں نے ریفرنڈم کے نتائج پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک تاریخی قدم ہے اور نیو کیلیڈونیا کے عوام کا پیرس حکومت پر یہ اعتماد پورے فرانس کے لیے باعث فخر ہے۔ فرانس نے اس ملک کو سن 1853 میں اپنی نوآبادی بنایا تھا۔

[pullquote]شام میں داعش کا حملہ، ایک درجن شامی جنگجو ہلاک[/pullquote]

شام کے حالات پر نگاہ رکھنے والے مبصر گروپ سیریئن آبزرویٹری برائے انسانی حقوق نے بتایا ہے کہ عراقی سرحد کے قریب جہادی تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے ایک حملے میں بارہ جنگجو ہلاک اور بیس زخمی ہو گئے۔ مارے جانے والے جنگجوؤں کا تعلق سیریئن ڈیموکریٹک فورسز (SDF) سے تھا۔ آبزرویٹری کے ڈائریکٹر رامی عبدالرحمان کے مطابق داعش نے اس اچانک حملے کی ابتدا ایک کار کے ذریعے کیے گئے خود کش حملے سے کی۔ دوسری جانب سیریئن ڈیموکریٹک فورسز نے اس حملے میں اپنے مسلح کارکنوں کی ہلاکت کی تردید کی ہے۔ ایس ڈی ایف کو امریکا کی عسکری حمایت حاصل ہے اور ان فورسز میں کرد ملیشیا گروپ اور سنی عرب قبائل شامل ہیں۔

[pullquote]ایران میں امریکی سفارت خانے پر قبضے کی سالگرہ، امریکا مخالف مظاہرے[/pullquote]

ایران میں عوام نے مختلف مظاہروں میں شریک ہو کر امریکا کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ یہ مظاہرے سن 1979 کے اسلامی انقلاب کے بعد تہران میں امریکی سفارت خانے پر کیے گئے قبضے کے آغاز کے انتالیس برس مکمل ہونے پر کیے گئے۔ ملکی میڈیا کے مطابق ان مظاہروں میں لاکھوں ایرانی شہریوں نے شرکت کی اور سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی قیادت پر اعتماد کا اظہار بھی کیا۔ امریکی سفارت خانے پر قبضہ چار نومبر سن 1979 کو کیا گیا اور جو 444 ایام تک جاری رہا تھا۔ یہ امر اہم ہے کہ پیر پانچ نومبر سے امریکا کی جانب سے ایران پر ایک بار پھر مکمل اقتصادی پابندیاں نافذ ہو جائیں گی۔

[pullquote]تیونس میں قرطاج فلمی میلے کا آغاز ہو گیا[/pullquote]

شمالی افریقی ملک تیونس میں مشہور فلمی میلے قرطاج یا کارتھیج فلم فیسٹیول کا آغاز ہو گیا ہے۔ یہ اپنی نوعیت کا انتیسواں سالانہ فلمی میلہ ہے۔ میلے کے لیے تیونسی وزارت داخلہ نے غیر معمولی سکیورٹی انتظامات کیے ہیں۔ قرطاج فلم فیسٹیول کی افتتاحی تقریب میں ملکی وزیر اعظم یوسف شاہد نے ملک دشمن قوتوں سے کہا کہ تیونس بھرپور زندگی کا حامل ملک ہے اور ثقافتی تقریبات کا اہتمام بھی انسداد دہشت گردی کی کوششوں کا حصہ ہے۔ یہ فیسٹیول ایسے وقت پر شروع ہوا ہے، جب انتیس اکتوبر کو اسی میلے کی جگہ کے قریب ایک خاتون خود کش حملہ آور کی طرف سے کیے گئے بم دھماکے میں بیس افراد زخمی ہو گئے تھے۔

[pullquote]مصر ميں انيس مشتبہ شدت پسند ہلاک[/pullquote]

مصری پوليس نے ایسے انيس مشتبہ شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کيا ہے، جو مبينہ طور پر قبطی مسيحی زائرین کی ايک بس پر حملے ميں شامل تھے۔ مصری وزارت داخلہ نے اتوار چار نومبر کو بتايا کہ مشتبہ جہادی مِنیا کے پہاڑی علاقے ميں پوليس کی کارروائی ميں مارے گئے ہیں، جہاں انہوں نے پناہ لے رکھی تھی۔ قبل ازيں جمعہ دو نومبر کو قبطی مسيحی زائرین کی ايک بس مِنيا کے سينٹ سيموئل خانقاہ کی طرف روانہ تھی کہ اُس پر مسلح شدت پسندوں نے گھات لگا کر حملہ کیا اور سات افراد کو ہلاک کر دیا۔ اِس حملے کی ذمہ داری اسلامک اسٹيٹ نے قبول کی تھی۔

[pullquote]يمن ميں تازہ جھڑپيں، درجنوں باغی ہلاک[/pullquote]

یمنی بندرگاہی شہر حديدہ ميں تازہ جھڑپوں اور سعودی عرب کی قیادت میں قائم عسکری اتحاد کے فضائی حملوں ميں درجنوں حوثی باغی ہلاک ہو گئے ہيں۔ طبی ذرائع کے مطابق پچھلے چوبيس گھنٹوں ميں کم از کم ترپن باغی مارے گئے ہیں۔ حکومتی ذرائع کے مطابق اس دوران تيرہ فوجی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ تازہ چھڑپيں جمعرات سے جاری ہيں۔ قبل ازيں يمنی حکومت نے ايران نواز حوثی باغيوں کو امن مذاکرات کی بحالی کی پيشکش بھی اکتیس اکتوبر کو کی تھی۔ يمن ميں سن 2015 سے جنگ ميں دس ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہيں۔

[pullquote]پيڈرسن کے ساتھ تعاون ممکن، شام[/pullquote]

شام ميں صدر بشار الاسد کی حکومت کی جانب سے کہا گيا ہے کہ ملک کے ليے اقوام متحدہ کے نئے خصوصی مندوب گيئر پيڈرسن کے ساتھ تعاون اُسی صورت ممکن ہے کہ وہ اپنے پيش رو کی پاليسياں جاری نہ رکھيں۔ دمشق حکومت کے نائب وزير خارجہ فيصل مِقداد کا يہ بيان حکومت نواز اخبار الوطن ميں اتوار چار نومبر کو شائع ہوا ہے۔ مِقداد کے مطابق پيڈرسن اگر شام کی سالميت کا احترام کرنے کے علاوہ دہشت گردوں کی حمايت نہ کريں، تو ان کے ساتھ تعاون کيا جائے گا۔ ناروے سے تعلق رکھنے والے سفارت کار گيئر پيڈرسن کو اسٹيفان ڈے مستورا کی جگہ شام کے ليے اقوام متحدہ کا نيا خصوصی مندوب مقرر کيا گيا ہے۔

[pullquote]بحرين: شيعہ تحريک کے رہنما کو عمر قيد کی سزا[/pullquote]

بحرين ميں شيعہ اپوزيشن تحريک کے سربراہ شيخ علی سلمان کو حريف خليجی رياست قطر کے ليے جاسوسی کے جرم ميں عمر قيد کی سزا سنا دی گئی ہے۔ عدليہ کے ايک ذریعے کے مطابق يہ فيصلہ اپيلز کورٹ نے اتوار کے دن سنايا۔ شيخ علی سلمان الوفاق نامی شيعہ تحريک کے سربراہ ہيں اور انہيں جون ميں ايک عدالت نے الزامات سے بری کر ديا تھا۔ واضح رہے کہ سعودی عرب کے نقش قدم پر چلتے ہوئے بحرين نے بھی سن 2017 سے قطر کے ساتھ تعلقات منقطع کر رکھے ہيں۔

[pullquote]متنازعہ جوہری پاليسی بحال کی جا سکتی ہے، شمالی کوريا[/pullquote]

شمالی کوريا نے دھمکی دی ہے کہ متنازعہ جوہری سرگرمياں بحال کی جا سکتی ہيں۔ اس سلسلے ميں آج جاری کردہ تازہ بيان ميں کہا گيا ہے کہ اگر امريکا اس ملک پر عائد اقتصادی پابندياں ختم نہيں کرتا، تو جوہری ہتھيار تيار کرنے کی پاليسی بحال کرنے پر سنجيدگی سے سوچا جا سکتا ہے۔ يہ بيان شمالی کوريا کی وزارت خارجہ نے جاری کيا ہے۔ بيان ميں مزيد کہا گيا ہے کہ روايتی حريف ملک امريکا کے ساتھ تعلقات ميں بہتری اور پابندياں بيک وقت جاری نہيں رہ سکتے۔

[pullquote]کيوبا کے صدر کا دورہ شمالی کوريا[/pullquote]

کيوبا کے صدر ميگوئل ڈياز کانيل آج اتوار کو شمالی کوريا کا دورہ کر رہے ہيں۔ پيونگ يانگ کے ميڈيا نے اس دورے کو دونوں ممالک کی تاريخی دوستی کی مثال قرار ديا ہے۔ فی الحال اس دورے کے مقاصد و ديگر تفصيلات کے بارے ميں آگاہ نہيں کيا گيا ہے۔ کيوبا کے صدر يہ دورہ ايک ايسے موقع پر کر رہے ہيں جب امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظاميہ کے جوہری پروگرام کے حوالے سے پيونگ يانگ کے ساتھ مذاکرات تعطلی کا شکار ہيں جبکہ واشنگٹن نے حال ہی ميں کيوبا کے خلاف بھی تازہ اقتصادی پابنديوں کا اعلان کيا تھا۔

[pullquote]پاکستان: بد امنی ميں ملوث ڈيڑھ سو ملزمان زير حراست[/pullquote]

پاکستان ميں بد امنی پھيلانے سميت سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانے کے الزام ميں کم از کم ڈيڑھ سو افراد کو حراست ميں لے ليا گيا ہے۔ ملتان ميں سينئر پوليس افسر ناياب حيدر نے بتايا کہ پوليس ويڈيو کلپس اور تصاوير کی مدد سے ملزمان تک پہنچنے کی کوشش کر رہی ہے۔ پاکستان ميں سپريم کورٹ نے اس ہفتے بدھ کے روز آسيہ بی بی کو توہين رسالت کے الزام ميں بری کر ديا تھا، جس کے بعد ملک کے تمام بڑے شہروں ميں احتجاجی مظاہرے شروع ہو گئے تھے۔ مذہبی جماعتوں کے اس احتجاج ميں بڑے پيمانے پر سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچايا گيا۔

[pullquote]افغانستان: داخلی حملے ميں ايک امريکی فوجی ہلاک، ايک زخمی[/pullquote]

افغانستان ميں مبينہ طور پر ايک داخلی حملے ميں ايک امريکی فوجی ہلاک اور ايک دوسرا زخمی ہو گيا ہے۔ نيٹو کے مطابق ابتدائی تفتيش سے پتہ چلا ہے کہ حملہ آور افغان فورسز کا رکن تھا۔ حملہ آور کو بعد ازاں ایک کارروائی ميں ہلاک کر ديا گيا۔ فی الحال اس تازہ حملے کی ذمہ داری کسی نے بھی قبول نہيں کی ہے تاہم پچھلے دو ايسے حملوں ميں طالبان ملوث رہے ہيں۔ يہ تين ہفتوں کے دوران اسی طرز کا تيسرا داخلی حملہ ہے۔ زخمی فوجی کا علاج جاری ہے اور اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ يہ واقعہ کابل ميں پيش آيا۔

[pullquote]چين ميں ايک اور بڑا ٹريفک حادثہ[/pullquote]

چين کے شمال مشرقی حصے ميں ايک ٹريفک حادثے ميں کم از کم پندرہ افراد ہلاک اور چواليس ديگر زخمی ہو گئے ہيں۔ يہ حادثہ لانزہو شہر ميں ہفتے اور اتوار کی درميانی شب پيش آيا۔ اطلاع ہے کہ ايک ٹول پلازے پر گاڑياں گزرنے کے ليے جمع تھيں کہ ايک تيز رفتار ٹرک گاڑيوں پر چڑھ گيا۔ ڈرائيور کو حراست ميں لے ليا گيا ہے اور تفتيش جاری ہے۔ چين ميں ايسے حادثات عام ہيں۔ پچھلے ہفتے بھی جنوب مغربی چين ميں ايک بس کے ڈرائيور اور ايک مسافر کے بيچ ہاتھا پائی کے سبب بس ايک پل سے دريا ميں جا گری، جس کی وجہ سے پندرہ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

[pullquote]ايران: امریکی سفارت خانے پر حملے کے انتاليس برس مکمل ہونے پر ريلی[/pullquote]

ايران ميں امريکی سفارت خانے پر قبضے کے تاريخی واقعے کو آج بروز اتوار انتاليس برس مکمل ہو گئے ہيں۔ اس موقع پر تہران ميں ہزاروں افراد نے ريلی نکالی۔ شرکاء نے امريکا اور اسرائيل مخالف نعرے لگائے۔ ريلی ميں ايرانی لوگ کافی برہم اس ليے بھی دکھائی ديے کيونکہ امريکا نے ايران کے خلاف تمام پابندياں بحال کرنے کا اعلان چند روز قبل کر ديا ہے۔ واضح رہے کہ سن 1979 ميں ايرانی انقلاب کے چند روز بعد مقامی طلباء نے تہران ميں امريکی سفارت خانے پر قبضہ کر ليا تھا۔ اس تاريخی واقعے ميں باون امريکی شہريوں کو سفارت خانے ميں 444 ايام تک يرغمال بنا کر رکھا گيا تھا۔ واشنگٹن نے اس کے ردعمل ميں تہران کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کر ديے تھے۔

[pullquote]ایران نے جنگی طیاروں کی پیداوار شروع کر دی[/pullquote]

ايران نے ملک ميں ڈیزائن کردہ کوثر جنگی طیاروں کی پیداوار شروع کر دی ہے۔ ایک پیداواری یونٹ کا افتتاح کرتے ہوئے ایرانی وزیر دفاع امیر حاتمی کا کہنا تھا کہ جلد ہی ضرورت کے مطابق بنائے جانے والے ان طیاروں کو ملکی فضائیہ کے حوالے کر ديا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ’دشمن کی پابندیوں‘ کے باوجود یہ اقدام ایرانی ماہرین کی صلاحیتوں کی نشاندہی کرتا ہے۔ ایران ابھی تک امریکی اور روسی ساختہ جنگی طیارے استعمال کر رہا ہے لیکن ان میں سے زیادہ تر طیارے پرانی ساخت کے ہیں۔ کوثر جنگی طیارے مختلف اقسام کے ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتے ہيں۔

[pullquote]اٹلی ميں شديد بارشوں اور سيلاب سے تباہ کارياں جاری[/pullquote]

جنوبی اطالوی جزيرے پاليرمو ميں شديد سيلاب کی وجہ سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد ميں دس افراد کا اضافہ ہو گيا ہے۔ تازہ ہلاکتوں ميں ايک ہی اہل خانہ کے نو افراد بھی شامل ہيں۔ ريسکيو حکام نے اس بارے ميں اطلاع اتوار کی صبح دی۔ اٹلی کے اس خطے ميں شديد بارشوں، سيلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے پچھلے ايک ہفتے ميں بيس سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہيں۔ يورپی ملک اٹلی ميں موسمياتی حالات کے سبب ہلاکتيں کم ہی ہوتی ہيں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے