[pullquote]افغانستان میں گزشتہ کئی برسوں کے مقابلے میں امن کے امکانات اب زیادہ، نیٹو سربراہ[/pullquote]
مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کےسيکرٹری جنرل ژينس اسٹولٹن برگ نے کہا ہے کہ افغانستان میں گزشتہ کئی برسوں کے مقابلے میں اس وقت امن کے امکانات کہیں زیادہ ہیں۔ افغانستان میں تشدد میں اضافے کے باوجود نیٹو کے سربراہ کا کہنا تھا کہ افغانستان کی سربراہی میں امن عمل کا جاری رہنا ضروری ہے۔ تاہم انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ افغانستان کی مجموعی صورتحال سنگین ہے۔ ژينس اسٹولٹن برگ آج ہی ايک غير اعلانيہ دورے پر افغانستان پہنچے تھے۔ وہ ایک اعلٰی سطحی وفد کے ہمراہ افغان صدر اشرف غنی، چيف ايگزيکٹیو عبداللہ عبداللہ اور وہاں تعينات غير ملکی افواج کے کمانڈر جنرل آسٹن ملر سے بھی ملاقاتيں کر رہے ہیں۔
[pullquote]یورپی یونین میں ممکنہ شمولیت: ’ترکی کے ساتھ مذاکرات ختم کر دینا چاہییں‘[/pullquote]
یورپی یونین میں توسیع کے نگران کمشنر یوہانس ہان نے ترکی کی یورپی یونین میں ممکنہ شمولیت کے حوالے سے جاری بات چیت فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔ یوہانس ہان نے کہا کہ یورپی یونین میں ترکی کی ممکنہ شمولیت سے متعلق مذاکرات 2005ء سے جاری ہیں اور اس سلسلے میں تعطل ’حقیقت پسندانہ اسٹریٹیجک شراکت داری‘ کی راہ میں رکاوٹ بن رہا ہے۔ یورپی یونین میں توسیع کے کمشنر ماضی میں یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ ترکی کے ساتھ قریبی تعاون برقرار رہنا چاہیے۔ تب انہوں نے ترکی کی یورپی یونین کی کسٹمز یونین میں شمولیت کی وکالت بھی کی تھی۔
[pullquote]امریکی انتخابات سے پہلے متعدد فیس بک اکاؤنٹس بند[/pullquote]
فیس بک نے امریکا میں وسط مدتی انتخابات سے پہلے تقریباﹰ تیس مشتبہ اکاؤنٹس بند کر دیے ہیں۔ فیس بک کے مطابق یہ مشتبہ اکاؤنٹس مبینہ طور پر غیرملکی اثر و رسوخ کے تحت کام کر رہے تھے۔ اسی طرح انسٹاگرام پر بھی پچاسی صارفین کے اکاؤنٹس منجمد کر دیے گئے ہیں۔ فیس بک کے مطابق امریکی اداروں نے انہیں ان اکاؤنٹس کے بارے میں معلومات فراہم کی تھیں، جن کے بیرون ملک رابطے تھے۔ بند کیے جانے والے اکاؤنٹس کا اب تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
[pullquote]فرانسيسی صدر پر حملے کی منصوبہ بندی کے شبہ، چھ افراد گرفتار[/pullquote]
فرانسيسی صدر ایمانوئل ماکروں پر حملے کی منصوبہ بندی کے شبے میں ملک بھر سے چھ افراد کو گرفتار کر ليا گيا ہے۔ فرانسيسی سکيورٹی سروسز کے ايک ذرائع کے مطابق مشتبہ افراد ماکروں پر حملے کے کسی منصوبے پر کام کر رہے تھے۔ ايک مقامی ٹيلی وژن چينل نے بتايا ہے کہ امکاناً ان کا تعلق انتہائی دائيں بازو کے گروپ سے ہے تاہم فی الحال اس کی تصديق نہيں ہو سکی ہے۔ يہ گرفتارياں ملک کے مختلف حصوں سے منگل کے روز چھاپہ مار کارروائیوں میں ہوئيں۔
[pullquote]عراق ميں مزید اجتماعی قبریں دريافت[/pullquote]
اقوام متحدہ نے آج منگل کو بتایا ہے کہ عراق کے مختلف علاقوں میں مزید اجتماعی قبریں دریافت ہوئی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ یہ تمام علاقے جہادی تنظیم داعش کے زیر قبضہ رہ چکے ہیں۔ ان اجتماعی قبروں میں ہزاروں افراد کی باقیات موجود ہیں اور شبہ ہے کہ ان میں سے زیادہ تر کو شدت پسند تنظیم داعش کی جانب سے ہلاک کیا گیا تھا۔ اقوام متحدہ کے مطابق اجتماعی قبروں میں خواتین، بچوں، بوڑھوں اور معذور افراد کو دفن کیا گیا تھا۔ مدفون افراد میں سلامتی کے عراقی اداروں کے ارکان بھی شامل ہیں۔
[pullquote]طالبان کے حملے میں افغان سکیورٹی فورسز کے پچيس اہلکار ہلاک[/pullquote]
افغانستان کے مغربی صوبہ فراہ میں قائم ایک فوجی ایئر بیس پر افغان طالبان کے ايک تازہ حملے میں کم از کم پچيس سکیورٹی اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔ فراہ کی صوبائی کونسل کے ارکان داد اللہ قانح اور خیر محمد نورازئی نے بتایا کہ پیر اور منگل کی درمیانی شب طالبان عسکریت پسندوں نے پوشت کوہ نامی ضلعے میں قائم ايک فوجی چھاؤنی پر حملہ کیا۔ حکام کے مطابق طالبان کم از کم بيس فوجیوں کو یرغمال بنا کر ساتھ بھی لے گئے ہیں۔
[pullquote]امريکا ميں ’مڈ ٹرم‘ اليکشن[/pullquote]
امريکا ميں آج ’مڈ ٹرم‘ اليکشن ہو رہے ہيں۔ ان انتخابات ميں ديکھنا يہ ہے کہ کانگريس پر کس کا کنٹرول قائم ہو گا۔ مجموعی طور پر کانگریس کے ایوان نمائندگان کی 435 نشستوں کے ليے مقابلہ ہے اور سياسی مبصرين کی نگاہيں اس پر ہيں کہ ڈيموکريٹس کتنی اضافی سيٹيں حاصل کر سکيں گے۔ رائے عامہ کے تازہ ترين جائزوں کے مطابق تاہم امکان ہے کہ برسر اقتدار ری پبلکن پارٹی پارليمان کے ايوان بالا يا سينيٹ ميں اپنی پوزيشن برقرار رکھے گی۔ اس وقت سينيٹ ميں ری پبلکن پارٹی اکاون نشستوں کی حامل ہے جبکہ ڈيموکريٹس کی انچاس نشستيں ہيں۔ سينيٹ کی پينتيس نشستوں کے ليے رائے دہی ہو رہی ہے۔
[pullquote]ایران پر امریکی پابندیاں ’غیردانشمندانہ اور خطرناک‘ ہیں، ترکی[/pullquote]
ترکی نے ایران کے خلاف نئی امریکی پابندیوں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ یک طرفہ پابندیاں ’غیر دانشمندانہ اور خطرناک‘ ہیں۔ ترک وزیر خارجہ نے معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کا مطالبہ کیا۔ مولود چاؤش اولو جاپانی رہنماؤں سے مذاکرات کے لیے ٹوکیو کے دورے پر ہیں۔ جاپانی دارالحکومت میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ترکی ایران کے خلاف نئی امریکی پابندیوں کے شدید خلاف ہے کیوں کہ پابندیاں عائد کرنے سے مسائل حل نہیں ہو سکتے۔ امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی جوہری معاہدے سے الگ ہونے کے بعد ایران کے خلاف سخت پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا تھا، ان پابندیوں کا اطلاق پیر پانچ نومبر سے ہو چکا ہے۔
[pullquote]گيئرٹ ولڈرز کا ٹوئٹر اکاؤنٹ بند کيا جائے، ہالينڈ کی مساجد[/pullquote]
ہالينڈ ميں 144 مساجد کی نمائندگی کرنے والی ايک تنظيم نے مائیکرو بلاگنگ ويب سائٹ ٹوئٹر سے درخواست کی ہے کہ اسلام مخالف سياست دان گيئرٹ ولڈرز کے اکاؤنٹ کو بلاک کيا جائے۔ ’ترک اسلامک کلچرل فيڈريشن‘ نے يہ درخواست جمعے کے روز بھيجی تھی تاہم اس بارے ميں خبر رواں ہفتے سامنے آئی۔ تنظيم کے مطابق وِلڈرز اپنے اکاؤنٹ سے مسلسل نفرت آميز مواد جاری کرتے رہتے ہيں اور اسی بنياد پر ان کا اکاؤنٹ منسوخ کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ تنظيم کے وکيل نے بتايا ہے کہ انتہائی دائيں بازو کے سياستدان ولڈرز کی متعدد ٹوئيٹس پاکستان، تيونس، مراکش اور انڈونيشيا جيسے کئی ممالک کے قوانين کی خلاف ورزی کرتی ہيں۔
[pullquote]یورپی یونین میں شمولیت کے حوالے سے ترکی کے ساتھ بات چیت ختم[/pullquote]
یورپی یونین میں توسیع کے کمشنر یوہانس ہان نے ترکی کی یورپی یونین میں شمولیت کے لیے بات چیت کے خاتمے کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ جرمن اخبار ڈی ویلٹ سے گفتگو کرتے ہوئے ہان کا کہنا تھا کہ یہ زیادہ بہتر ہو گا کہ ترکی اور یورپی یونین فی الحال یہ مذاکرات روک دیں اور مستقبل میں اس حوالے سے کوئی نیا لائحہ عمل طے کریں۔ ہان کے مطابق یہ یورپی یونین کے رکن ممالک پر منحصر ہو گا کہ وہ کیا راستہ اختیار کرتے ہیں۔ ترکی میں 2016ء کی ناکام فوجی بغاوت کے بعد بڑے پیمانے پر ہونے والی گرفتاریوں کے سبب یورپی یونین میں شمولیت کے لیے مذاکرات کا سلسلہ رُکا ہوا تھا۔
[pullquote]جرمنی نے ڈیجیٹل ٹیکس کی مخالفت کر دی[/pullquote]
جرمنی کے وزیر خزانہ اولاف شُلز نے یورپی یونین کی طرف سے بڑی انٹرنیٹ کمپنیوں پر جلد ہی ٹیکس عائد کرنے کی تجویز مسترد کر دی ہے۔ شُلز کے مطابق جرمنی چاہتا ہے کہ پہلے اس معاملے پر بین الاقوامی اتفاق رائے ہونا چاہیے۔ یورپی کمیشن کی خواہش ہے کہ یہ صورتحال تبدیل ہونی چاہیے کہ گوگل، ایمیزون اور فیس بُک جیسی بڑی انٹرنیٹ کمپنیاں جو یورپ میں اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری کر رہی ہیں، اپنے منافع پر ٹیکس کہیں اور دیتی ہیں۔ یورپی وزرائے خزانہ آج منگل کے روز برسلز میں اس موضوع پر بات کریں گے۔
[pullquote]نيٹو کے سيکرٹری جنرل افغانستان کے غير اعلانيہ دورے پر[/pullquote]
مغربی دفاعی اتحاد نيٹو کے سيکرٹری جنرل ژينس اشٹولٹن برگ ايک غير اعلانيہ دورے پر افغانستان پہنچے ہیں۔ نيٹو نے اس بارے ميں ايک بيان جاری کرتے ہوئے يہ تصديق کر دی ہے کہ اشٹولٹن برگ افغان دارالحکومت کابل پہنچ چکے ہيں۔ نيٹو کے سيکرٹری جنرل ايک اعلٰی سطحی وفد کے ساتھ افغان صدر اشرف غنی، چيف ايگزيکٹیو عبداللہ عبداللہ اور ملک ميں تعينات غير ملکی افواج کے کمانڈر جنرل آسٹن ايس ملر سے ملاقاتيں کريں گے۔ ژينس اشٹولٹن برگ افغانستان کا دورہ ايک ايسے موقع پر کر رہے ہيں جب افغان طالبان نے ملک ميں اپنے حملے بڑھا ديے ہيں۔
[pullquote]طالبان کا وفد ماسکو کانفرنس میں شرکت کرے گا[/pullquote]
طالبان کا وفد ماسکو میں ہونے والے امن مذاکرات میں شرکت کرے گا۔ اس بات کی تصدیق طالبان کے قطر میں قائم دفتر کی طرف سے کر دی گئی ہے۔ ترجمان سہیل شاہین کے مطابق اس کانفرنس میں طالبان کا وفد افغانستان کی صورتحال کے پر امن حل کے لیے اپنا نقطہ نظر پیش کرے گا۔ یاد رہے کہ پیر کے روز افغانستان کی امن کونسل نے بھی جمعہ نو نومبر کو ماسکو میں ہونے والے امن مذاکرات میں اپنا چار رُکنی وفد بھیجنے کی تصدیق کی تھی۔ اس سے قبل اگست میں یہ کانفرنس منعقد کرنے کا کہا گیا تھا تاہم افغان حکومت کے اعتراض کے سبب اسے مؤخر کر دیا گیا تھا۔
[pullquote]’ميانمار ميں تشدد کی روک تھام کے ليے فيس بک کا کردار ناکافی‘[/pullquote]
سماجی رابطوں کی ويب سائٹ فيس بک نے تسليم کيا ہے کہ انسانی حقوق کی ايک تازہ رپورٹ کے نتائج سے يہ ثابت ہوتا ہے کہ اس ويب سائٹ نے ميانمار ميں آن لائن تشدد پر اکسائے جانے کے عمل کے انسداد کے ليے مناسب کارروائی نہيں کی۔ سفارش کی گئی ہے کہ تشدد کی حوصلہ شکنی کے ليے انتظاميہ اپنی پاليسيوں پر عملدرآمد کے ليے زيادہ فعال کردار ادا کرے۔ کمپنی کے ايک اعلٰی اہلکار ايلکس واروفکا نے کہا ہے کہ وہ يہ تسليم کرتے ہيں کہ انتظاميہ کو مزيد کچھ کرنا چاہيے۔ ميانمار ميں روہنگيا مہاجرين کے خلاف مظالم ميں ملکی فوج کو ملوث قرار ديا جاتا ہے۔ فيس بک نے رواں برس اگست ميں چند فوجی اہلکاروں کے فيس بک اکاؤنٹ بند کر ديے تھے۔
[pullquote]کشيدگی کم کرنے کے ليے امريکا اور چين مذاکرات کی ميز پر[/pullquote]
امريکی محکمہ خارجہ نے اعلان کيا ہے کہ کشيدگی ميں کمی کے ليے جمعہ نو نومبر کو امريکی و چينی اہلکار بات چيت کريں گے۔ امريکی وزير خارجہ مائيک پومپيو اور وزير دفاع جيمز ميٹس اپنے چينی ہم منصب کی واشنگٹن ميں ميزبانی کريں گے۔ اس ملاقات کا مقصد علاقائی و تجارتی تنازعات کا حل تلاش کرنا اور کشيدگی کم کرنا ہے۔ امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے چينی برآمدات پر اضافی محصولات عائد کيے جانے کے بعد سے دونوں ملکوں ميں کشيدگی بڑھ گئی ہے۔
[pullquote]’سپر بگ‘ کے سبب يورپ ميں سالانہ تينتيس ہزار اموات[/pullquote]
’سپر بگ‘ کے سبب يورپ ميں سالانہ تينتيس ہزار امواتاینٹی بائیوٹک ادویات غیر موثر، يورپ ميں سالانہ33 ہزار اموات ’سپر بگ‘ انفیکشنز يورپ ميں ہر سال تينتيس ہزار افراد کی اموات کا سبب بنتے ہيں۔ طبی ماہرين نے يہ انکشاف پير کے روز کيا۔ بيماريوں سے بچاؤ کے يورپی سينٹر (ECDC) کے ايک تازہ تجزيہ کے مطابق ايسے انفيکشنز جن پر متعدد ’اينٹی بايوٹک‘ ادويات اثر نہيں کر پاتيں، سن 2007 سے مسلسل بڑھ رہے ہيں۔ سائنسدانوں کا خيال ہے کہ ايسے انفيکشنز کا سبب بننے والے تقريباً ستر فيصد بيکٹريا کے علاج کے ليے عموماً استعمال ہونے والی کم از کم ايک اينٹی بايوٹک دوائی اب بے اثر ثابت ہوتی ہے۔