جمعرات : 22 نومبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]بریگزٹ: برطانیہ اور یورپی یونین مستقبل کے تعلقات پر متفق[/pullquote]

برطانوی وزیراعظم ٹریزا مَے نے بریگزٹ ڈیل کے بعد برطانوی اور یورپی یونین کے تعلقات کے مشترکہ اعلامیے پر اتفاق رائے پیدا ہونے پر مسرت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب یورپی یونین کی ویک اینڈ پر سمٹ کی راہ ہموار ہو گئی ہے اور اسی سمٹ میں ڈیل کی تصدیق کی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ ڈیل برطانیہ کے بہترین مفاد میں ہے۔ ٹریزا مَے کے مطابق ڈیل برطانوی شہریوں کے لیے بھی بہترین ہو گی اور اس سے ان کا مستقبل روشن ہو گا۔ دوسری جانب یورپی کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹسک نے تصدیق کی ہے کہ اتوار پچیس نومبر کو یورپی یونین کی سمٹ طلب کی گئی ہے، جس میں ڈیل کے مسودے کا جائزہ لیا جائے گا۔

[pullquote]اقوام متحدہ کے ایلچی حدیدہ کا دورہ کریں گے[/pullquote]

خانہ جنگی کے شکار ملک یمن کے لیے مقرر اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب مارٹن گرفتھس اپنے یمنی دورے کے دوران بندرگاہی شہر الحدیدہ کا بھی دورہ کریں گے۔ اس کا قوی امکان ہے کہ وہ جمعہ تیئیس نومبر کو الحدیدہ شہر پہنچیں گے۔ وہ بدھ اکیس نومبر سے یمن کے بڑے شہر صنعاء میں موجود ہیں۔ انہوں نے حوثی ملیشیا کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ وہ اپنے اس دورے کے دوران ایران نواز حوثی ملیشیا کو قائل کر رہے ہیں کہ وہ امن مذاکرات کے نئے دور میں یقینی طور پر شریک ہوں۔ یمن کے لیے مذاکراتی دور سویڈن میں ہو گا۔ فریقین سویڈن مذاکرات پر بظاہر رضامند دکھائی دیتے ہیں۔

[pullquote]روسی خفیہ ایجنسی کے سربراہ کی رحلت[/pullquote]

روس کی فوجی خفیہ ایجنسی جی آر یو کے سربراہ جنرل ایگور کوروبوف طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے ہیں۔ ماسکو حکومت نے انہیں ایک عظیم انسان اور محب وطن قرار دیا ہے۔ روسی وزیر دفاع سیرگئی شائیگو نے بھی جنرل کوروبوف کی رحلت پر گہرے رنج و دکھ کا اظہار کیا ہے۔ جن روسی حکومتی اہلکاروں پر امریکی پابندیاں عائد کی گئی ہیں، ان میں جنرل کوروبوف بھی شامل تھے۔ روسی حکومت نے رحلت پا جانے والے جنرل کے نائب وائس ایڈمرل ایگور کوستی اُوکوف کو ملٹری انٹیلیجنس ادارے کا نیا سربراہ مقرر کر دیا ہے۔ روس کا خفیہ ادارہ جی آر یُو ماسکو میں واقع تین خفیہ ایجنسیوں میں سے ایک ہے۔

[pullquote]ترکی کے حوالے سے یورپ کی ’منافقت‘ بلاک میں بداعتمادی کا باعث ہے، چاؤش آؤلو[/pullquote]

ترک وزیرخارجہ مولود چاؤش آؤلو نے کہا ہے کہ ترک عوام میں یورپی یونین کے حوالے سے بداعتمادی کی وجہ یورپ کا ترکی کے حوالے سے ’منافقانہُ رویہ ہے۔ چاؤش آؤلو نے کہا کہ ترک عوام کی نگاہ میں یورپی یونین ایک قابل اعتبار ساتھی نہیں ہے۔ چاؤش آؤلو نے یہ بات انقرہ میں ایک اعلیٰ یورپی عہدیدار سے ملاقات کے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کے حوالے سے یورپی یونین طے شدہ معاملات پر بھی بغیر کوئی واضح موقف اختیار کیے مختلف امور پر پیش رفت کے لیے تیار نہیں ہے۔

[pullquote]فضا میں ضرر رساں گیسوں کی سطح میں ریکارڈ اضافہ[/pullquote]

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ زمینی کرہٴ ہوائی میں ضرر رساں گیسوں کی سطح میں ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا ہے۔ جمعرات کے روز اقوام متحدہ کی جانب سے کہا گیا ہےکہ فضا میں کاربن ڈائی آکسائیڈ اور دیگر سبز مکانی گیسوں کی شرح اس سے قبل اس حد تک زیادہ نہیں دیکھی گئی۔ اقوام متحدہ کے موسمیات سے متعلق ادارے کی سالانہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فضا میں خطرناک گیسوں کی شرح سن 2015ء میں 400.1 پارٹس پر ملین، 2016 میں 403.3 پی پی ایم اور سن 2018ء میں 405.5 پانچ پی پی ایم ریکارڈ کی گئی۔

[pullquote]میرکل لیبر قوانین میں نرمی کے حق میں[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے کہا ہے کہ وہ ملک میں ملازمت سے متعلق قوانین میں نرمی کی خواہاں ہیں۔ برلن میں یوم ملازمین پر انہوں نے کہا کہ یورپی یونین میں کام کے اوقات کار کے حوالے سے لچک کے حامل ضوابط متعارف کروائے جانا چاہئیں۔ میرکل نے اپنے خطاب میں لیبر قوانین میں تبدیلیوں سے متعلق کئی طرح کی تجاویز بھی دیں۔

[pullquote]اسرائیلی نژاد امریکی کو سامیت مخالف دھمکیاں دینے پر سزا[/pullquote]

ایک اسرائیلی نژاد امریکی کو امریکا میں یہودی مراکز، فضائی کمپنیوں، تھانوں اور حتیٰ کے باسکٹ بال کی ایک ٹیم کے جہاز کو تباہ کرنے سے متعلق دھمکیاں دینے کے جرم میں ایک اسرائیلی عدالت نے دس برس قید سنا دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ بیس برس کی عمر کے اس مجرم کی جانب سے یہودی مراکز کو دی جانے والی دھمکیوں کی وجہ سے امریکا میں سامیت مخالف جذبات میں اضافے کی بحث شروع ہو گئی تھی۔ عدالتی بیان کے مطابق اس مجرم نے بعض جرائم اس وقت کیے، جو وہ بالغ نہیں تھا۔

[pullquote]ڈنمارک نے سعودی عرب کے لیے ہتھیاروں کی برآمد روک دی[/pullquote]

ڈنمارک نے خاشقجی قتل اور یمنی تنازعے کے تناظر میں سعودی عرب کے لیے ہتھیاروں کی برآمد روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈنمارک کے وزیرخارجہ کی جانب سے بتایاگیا کہ یہ فیصلہ یورپی یونین کی وزارئے خارجہ کی کانفرنس میں حالیہ بات چیت کے تناظر میں کیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب کے لیے منظور کردہ عسکری ہتھیار اور فوجی سازوسامان اب فروخت نہیں کیا جائے گا۔ بتایا گیا ہے کہ ڈنمارک اب ایسا مواد بھی سعودی عرب کو نہیں دے گا، جس کا عسکری استعمال ممکن ہو۔

[pullquote]سینائی میں پولیس چھاپے میں 12 مشتبہ جہادی ہلاک[/pullquote]

مصری پولیس کے مطابق جزیرہ نما سینائی میں سکیورٹی فورسز نے ایک چھاپہ مار کارروائی کر کے 12 مشتبہ جہادیوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ مصری حکام کے مطابق یہ عسکریت پسند تین عمارتوں میں چھپے ہوئے تھے۔ پولیس بیان میں کہا گیا ہے کہ جمعرات کے روز یہ کارروائی سینائی کے علاقے العریش میں کی گئی۔ مصری بیان کے مطابق اس کارروائی میں سکیورٹی فورسز کا کوئی اہلکار ہلاک نہیں ہوا ہے۔

[pullquote]چین میں بچوں پر کار چڑھ دوڑی، پانچ بچے ہلاک[/pullquote]

چین میں بچوں پر کار چڑھ دوڑی، پانچ بچے ہلاک
چین میں ایک کار ایلیمنٹری اسکول کے سڑک عبور کرتے بچوں کے ایک گروپ پر چڑھ دوڑی۔ اس واقعے میں پانچ بچے ہلاک جب کہ دیگر اٹھارہ زخمی ہو گئے ہیں۔ یہ واقعہ شمال مشرقی چینی صوبے لیاؤننِگ میں جمعرات کو پیش آیا۔ پولیس نے ڈرائیور کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔

[pullquote]گوئٹے مالا میں سابقہ فوجی کو پانچ ہزار سال قید کی سزا[/pullquote]

گوئٹے مالا کی ایک عدالت نے ایک سابقہ فوجی کو خانہ جنگی کے دور میں قتل عام کے جرم میں پانچ ہزار ایک سو ساٹھ سال قید کی سزا سنائی ہے۔ عدالت میں سانتوس لوپیز نامی فوجی کو ایک سو اکہتر افراد کے قتل کا منصوبہ ساز قرار دیا گیا۔ لوپیز کو ہر قتل کے بدلے تیس برس قید کی سزا سنائی گئی۔ اس فوجی کو ایک زندہ بچ جانے والے بچے کو قتل کرنے کے جرم میں اضافی طور پر تیس برس قید کی سزا کا حکم سنایا گیا۔ تاہم یہ طویل سزا فقط علامتی ہے، کیوں کہ گوئٹے مالا میں زیادہ سے زیادہ سزا کی حد پچاس برس ہے۔

[pullquote]تنظیم برائے اقتصادی تعاون کی جانب سے اہم معیشتوں کی شرح نمو میں تبدیل شدہ پیش گوئی[/pullquote]

بین الاقوامی اقتصادی تعاون تنظیم OECD نے اگلے برس کے لیے دنیا کی اہم اقتصادی طاقتوں کی شرح نمو سے متعلق نظرثانی شدہ اندازے جاری کیے ہیں۔ اس تنظیم کے مطابق اگلے برس عالمی سطح پر جی ڈی پی تین اعشاریہ پانچ فیصد رہے گا۔ مئی میں یہ اندازہ تین اعشاریہ سات فیصد لگایا گیا تھا۔ اس تنظیم کے مطابق امریکی اور چینی معیشتوں کی شرح نمو میں سست روی پیدا ہو گی۔

[pullquote]دسمبر میں سویڈن میں یمن کے موضوع پر اجلاس ہو گا[/pullquote]

سویڈن میں اگلے ماہ اقوام متحدہ کی ثالثی میں یمن کے موضوع پر ایک اجلاس منعقد ہو گا۔ امریکی وزیر دفاع جیمز میٹِس کے مطابق سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے اس اجلاس میں شرکت کی یقین دہانی کرائی ہے۔ میٹس کے بقول توقع ہے کہ حوثی باغی بھی اسٹاک ہولم امن بات چیت میں شرکت کریں گے۔ یمن میں 2014ء سے ایران نواز حوثی باغی صدر منصور ہادی کے دستوں سے لڑ رہے ہیں۔ سعودی عرب اور دیگر عرب ریاستیں منصور ہادی کی پشت پناہی کر رہی ہیں۔ ستمبر میں بھی جنیوا میں یمن کے موضوع پر ہونے والا اجلاس ناکام ہو گیا تھا۔

[pullquote]ڈیزل اسکینڈل، یورپی کمیشن نے اجلاس منسوخ کر دیا[/pullquote]

یورپی کمیشن نے ستائیس نومبر کو ڈیزل گاڑیوں کے موضوع پر ہونے والا اجلاس منسوخ کر دیا ہے۔ یورپی یونین میں صنعتی شعبےکی کمشنر ایلزبیئیٹے بیئن کوفسکا نے اس منسوخی کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ جرمن وزیر ٹرانسپورٹ آندریاس شوئر نے اجلاس میں شرکت سے معزرت کر لی ہے۔ ان کے بقول اس طرح کا کوئی بھی اجلاس ایک ایسے ملک کی غیر موجودگی میں منعقد کرانے کا کوئی جواز نہیں بنتا، جس کا دنیا کے بڑے کار ساز صنعتی ملکوں میں شمار ہوتا ہے۔ اس اجلاس میں کار ساز صنعت کے حوالے سے مشہور تیرہ ممالک کو شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔

[pullquote]بریگزٹ کے موضوع پر مے اور ینکر کی ملاقات[/pullquote]

برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے نے بریگزٹ کے موضوع پر یورپی کمیشن کے سربراہ ژان کلوڈ ینکر سے بیلجیم کے دارالحکومت میں ملاقات کی ہے۔ یورپی کمیشن کے ایک ترجمان نے بتایا کہ گزشتہ شب ہونے والی اس ملاقات کے دوران بریگزٹ معاہدے کے اہم نکات پر بات چیت ہوئی۔ ان کے بقول اس سلسلے میں قدرے پیش رفت ہوئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ مے اور ینکر نے برطانوی انخلاء کے بعد یورپی یونین اور لندن حکومت کے روابط کے موضوع پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ برطانیہ اگلے برس مارچ تک یورپی یونین سے نکل جائے گا۔

[pullquote]ولی عہد پر تنقید سرخ لکیر ہے، سعودی عرب کا انتباہ[/pullquote]

سعودی وزیرخارجہ عادل الجبیر نے خبردار کیا ہے کہ جمال خاشقجی قتل کے معاملے پر ولی عہد محمد بن سلمان پر تنقید ریاض حکومت کے لیے ’سرخ لکیر‘ ہوگی۔ بدھ کے روز ان مطالبات کے بعد کہ جلاوطن صحافی جمال خاشقجی کے قتل میں مبینہ طور پر ملوث ہونے پر محمد بن سلمان کو جواب دہ ہونا چاہیے، الجبیر نے کہا کہ ایسے مطالبات برداشت نہیں کیے جا سکتے۔ اس سے قبل یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کو ایسے واضح شواہد ملے ہیں، جن کے مطابق خاشقجی قتل کے معاملے میں سعودی ولی عہد ملوث تھے۔ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تیل کے قیمتیں کم رکھنے پر سعودی بادشاہ اور ولی عہد کی تعریف کی تھی۔

[pullquote]میرکل کی جانب سے مہاجرین اور تارکین وطن سے متعلق عالمی معاہدے کا پرزور دفاع[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے ملکی پارلیمان میں بدھ کے روز اپنے ایک اہم خطاب میں مہاجرین اور تارکین وطن سے متعلق عالمی معاہدے کا پرزور دفاع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کے تحت دنیا بھر کے لوگوں کو اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر چند ممالک کا رخ کرنے سے روکنے کے لیے ’مناسب حالات‘ فراہم کیے گئے ہیں۔ میرکل نے کہا کہ یہ جرمنی کے قومی مفاد میں ہے کہ وہ اس معاہدے کے تحت مختلف ممالک میں انسانوں کے حالات زندگی کو بہتر بنانے کے عمل میں شرکت کرے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بین الاقوامی معاہدہ ایک درست جہت میں اٹھایا جانے والا پہلا قدم ہے، تاہم عالمی سطح پر کئی اہم مسائل ابھی حل طلب ہیں۔

[pullquote]جرمن صدر بوٹسوانا کے دورے پر[/pullquote]

جرمن صدر فرانک والٹر اشٹائن مائر اپنے سرکاری دورے پر جنوبی افریقہ کے بعد بوٹسوانا پہنچ رہے ہیں۔ ان کے ہم راہ جرمن کاروباری شخصیات کا ایک وفد بھی ہے، جو اس جنوبی افریقی ریاست میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرے گا۔ جرمنی اور بوٹسوانا کے درمیان ماحول، سیاحت، پانی اور توانائی کے شعبوں میں پہلے ہی متعدد مشترکہ منصوبوں پر کام ہو رہا ہے۔ اپنے اس دورے میں اشٹائن مائر بوٹسوانا کے صدر موکگویٹسی ماسیسی سے ملاقات میں شمسی توانائی اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے موضوع پر تبادلہ خیال کریں گے۔ حالیہ کچھ برسوں میں بوٹسوانا شدید خشک سالی کا شکار رہا ہے۔ بوٹسوانا سے قبل اشٹائن مائر جنوبی افریقہ پہنچے۔ وہ گزشتہ بیس برسوں میں جنوبی افریقہ جانے والے پہلے جرمن صدر ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے