ہندوستان کی جانب سے سیالکوٹ کے شکرگڑھ میں بلا اشتعال فائرنگ کے باعث 6 پاکستانی زخمی ہو گئے۔
سیالکوٹ کے شکر گڑھ سیکٹر میں اتوار کی صبح بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کے نتیجے میں دو بے گناہ شہری زخمی ہوئے۔
ہندوستانی فورسز نے سیالکوٹ کے مکوال اور بورے چک کو نشانہ بنایا جس سے عبد الجبار اور عبدالستار نامی شہری زخمی ہوئے جبکہ رینجرز کی جانب سے جوابی فائرنگ بھی کی گئی۔
زخمیوں کو طبّی امداد کی غرض سے کمبائنڈ ملٹری اسپتال (سی ایم ایچ) سیالکوٹ منتقل کیا گیا۔
پاکستان کی رینجرز کی فائرنگ سے ہندوستانی فورسز نے شیلنگ بند کر دی البتہ تھورے وقفے کے بعد ایک بار پھر فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ شروع کر دیا۔
ہندوستانی کی بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کی شیلنگ کے نتیجے میں سیالکوٹ کے گاؤں کوٹھے چک کے مزید 4 افراد زخمی ہوئے۔
ان زخمیوں میں سے حید علی نامی زخمی کو تحصیل ہیڈ کوارٹرز اسپتال شکر گڑھ جبکہ 2 خواتین راشدہ اور حمید سمیت اشرف نامی شخص کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز اسپتال ناروال منتقل کیا گیا۔
دوسری جانب انڈیا ٹوڈے نے اپنیرپورٹ میں بتایا کہ ہندوستانی فورسز نے دعویٰ کیا کہ پاکستان رینجرز نے بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کی 14 چوکیوں کو نشانہ بنایا۔
انڈین ایکسپریس نے رپورٹ کیا کہ پاکستانی رینجرز کی گولہ باری اور فائرنگ سے سامبا سیکٹر میں دو افراد زخمی ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق جمعہ سے اتوار کے روز تک 3 دن میں شیلنگ سے 5 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔