ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی نے 12 سال قبل ہندوستان سے ٹرین کے ذریعے غلطی سے پاکستان میں داخل ہونے والی سماعت اور قوت گویائی سے محروم ہندوستانی لڑکی گیتا کی واپسی پر ایدھی فاؤنڈیشن کے لیے ایک کروڑ روپے کا اعلان کردیا۔
مودی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کہا کہ وہ گیتا کا خیال رکھنے پر ایدھی فاؤنڈیشن کا لفظوں میں شکر ادا نہیں کرسکتے، وہ رحم دلی اور ہمدردی کے فرشتے ہیں۔
انہوں گیتا کی بحفاظت واپسی پر وزیراعظم نواز شریف کا بھی شکریہ ادا کیا۔
مودی کا کہنا تھا کہ ایدھی فاؤنڈیشن نے جو کیا اس کی کوئی قیمت نہیں تاہم وہ فاؤنڈیشن کے لیے ایک کروڑ روپے کا اعلان کررہے ہیں۔
خیال رہے کہ آج صبح نئی دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشل ایئرپورٹ پر ہندوستانی اور پاکستانی عہدیداران نے گیتا کا استقبال کیا۔
واضح رہے کہ ہندوستانی لڑکی گیتا 12 سال قبل ہندوستان سے ٹرین کے ذریعے پاکستان میں داخل ہوئی تھی.
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان رینجرز نے 2003 میں سرحد عبور کر کے لاہور پہنچنے والی ایک 11 سالہ لڑکی کو تحویل میں لیا تھا جس کے بعد اسے ایدھی فاؤنڈیشن کے حوالے کر دیا گیا، جہاں بلقیس ایدھی نے اسے گیتا کا نام دیا۔
اس معاملے پر گہری نظر رکھنے والے پاکستان میں انسانی حقوق کے سرگرم کارکن انصار برنی گیتا کی تصاویر لے کر اکتوبر 2012 میں ہندوستان گئے تھے تاہم اس وقت کوئی مثبت پیش رفت نہیں ہو سکی تھی.
تاہم سلمان خان کی فلم "بجرنگی بھائی جان” کی دونوں ممالک میں کامیابی کے بعد گیتا کے معاملے نے ایک بار پھر سر اٹھایا.
رواں سال عید الفطر پر ریلیز ہونے والی بولی وڈ فلم میں سلمان خان قوت گویائی سے محروم ایک پاکستانی بچی کو اس کے والدین تک پہنچانے کی ذمہ داری اٹھاتے ہیں.
انصار برنی کا دعویٰ تھا کہ "بجرنگی بھائی جان” ان کی جانب سے 2012ء میں گیتا کے خاندان کی تلاش میں ہندوستانی کے کیے جانے والے دورے سے متاثر ہو کر بنائی گئی ہے۔