بھارت میں پاکستان کے ہائی کمشنر عبدالباسط نے کہاہے کہ پاکستان نے تمام عسکریت پسند گروپوں پرپابندی لگادی ہے اور پاکستان اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف دہشت گردی کیلیے استعمال نہیں کریگا۔
گزشتہ روز بنگلورپریس کلب میں صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے عبدالباسط نے کہا کہ ممبئی حملہ کیس کے 6 ملزم گرفتارکرچکے ہیں، کیس عدالت میں زیرسماعت ہے۔ انھوں نے کہا خطے میں جوہری پروگرام کی دوڑ پاکستان نے نہیں بھارت نے شروع کی، پاکستان اس دوڑمیں نہیں جاناچاہتا تاہم پاکستان اپنے دفاع سے غافل نہیں، اپنا دفاع کرنا جانتا ہے۔
پاکستانی ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان خوددہشت گردی کاشکارہے اوردہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت قربانیاں دی ہیں جس کااعتراف پوری دنیانے کیا۔ بنگلور میں کرناٹک کے وزیراعلیٰ سے ملاقات میں عبدالباسط نے کہاوزیراعظم نوازشریف خطے میں امن اور ترقی کیلئے واضح سوچ رکھتے ہیں، وزیراعظم نوازشریف بھارت کے ساتھ باہمی مفاد اوراحترام کی بنیادپرتعلقات قائم کرنے کے خواہاں ہیں، پاکستان جنوبی اوروسطی ایشیا کے ممالک کے درمیان پل کا کام کر رہا ہے۔