وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں کامیابی عوام کی حکومتی پالیسیوں پراعتماد کا اظہار ہے۔
اسلام آباد میں منعقدہ پاکستان انویسٹمنٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف کاکہنا تھاکہ دہشت گردی کا خاتمہ ،معیشت کی بحالی ، توانائی ،تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی بنیادی ترجیحات ہیں- جس کے لئے ہم نے کئی مشکل فیصلے کئے ہیں، اسی وجہ سے گزشتہ ڈھائی برس میں حکومت نے اہم اہداف حاصل کیے ہیں۔
حکومت این ایل جی سے بجلی پیدا کرنے والے 3 بڑے پاور پلانٹ تعمیر کررہی ہے،اس کے علاوہ متعدد ہائیڈرل پروجیکٹس پر بھی کام کررہے ہیں۔ 2017 تک ملک سے لوڈشیڈنگ ختم کردیں گے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھاکہ حکومت معاشی بحالی کی پالیسی پرگامزن ہے اور اسے بین الاقوامی طور پر بھی تسلیم کیا جارہا ہے۔ ہماری توجہ صرف توانائی بحران کے خاتمے پر نہیں بلکہ اگلے 20 برس کی ضروریات پر ہے، روس کے ساتھ گیس پائپ لائن کے منصوبے کا معائدہ طے پا چکا ہے، حکومتی اخراجات میں نمایاں کمی لائی گئی ہے۔ بلدیاتی انتخابات میں عوام نے حکومتی پالیسی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے.