جمعرات : 13 جون 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]خلیج عمان میں دو آئل ٹینکرز پر حملہ[/pullquote]

خلیج عمان میں دو آئل ٹینکرز پر حملہ کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق اس حملے کے بعد دونوں بحری جہازوں سے عملے کو نکال لیا گیا ہے۔ ناروے کی میری ٹائم ایجنسی نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے حملے کا نشانہ بننے والے دو آئل ٹینکرز میں سے ایک ناروے کا جہاز بھی شامل ہے۔ ایجنسی کے مطابق اس بات کی رپورٹس ملی ہیں کہ آئل ٹینکر پر تین دھماکے ہوئے۔ حکام نے بتایا ہے کہ عملے کے ارکان محفوظ ہیں اور انہیں ایک اور بحری جہاز پر منتقل کیا جا چکا ہے۔

[pullquote]جرمنی اور متحدہ عرب امارات کا یمنی جنگ کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق[/pullquote]

جرمنی اور متحدہ عرب امارات دہشت گردی کے خلاف اور یمن میں جاری جنگ کے خاتمے کے لیے مل کر کام کریں گے۔ یہ اعلان جرمن چانسلر انگیلا میرکل اور یو اے ای کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیاں کی گزشتہ روز برلن میں ہونے والی ملاقات کے بعد کیا گیا۔ اس ملاقات کے بعد جاری ہونے والے 46 نکاتی اعلان میں تاہم جرمنی کی طرف سے سعودی عرب کو دفاعی برآمدات کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا۔ سعودی عرب اپنے اتحادیوں کے ساتھ 2015ء سے یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔

[pullquote]ٹرمپ پولینڈ میں اضافی فوجی تعینات کرنے کے خواہاں[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ مزید دو ہزار فوجی پولینڈ میں تعینات کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ واشنگٹن میں پولش صدر آنجے ڈوڈا کے ساتھ ملاقات کے بعد ٹرمپ نے کہا کہ اس مقصد کے لیے جرمنی یا دیگر ممالک سے امریکی فوجی پولینڈ منتقل کیے جا سکتے ہیں۔ تاہم اس بارے میں ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ پولینڈ اپنے اخراجات پر ایک فوجی اڈا قائم کرنے کا خواہاں ہے جس پر ایک ہزار امریکی فوجی تعینات رہ سکیں۔ ڈوڈا کے مطابق قریب 4500 امریکی فوجی اس وقت پولینڈ میں تعینات ہیں۔

[pullquote]ترکی کو ایس 400 میزائل جولائی میں مل جائیں گے[/pullquote]

امریکی انتباہ کے باوجود ترکی روس سے دفاعی میزائل نظام ایس 400 خریدنے کے فیصلے پر قائم ہے۔ ترک صدر رجب طیب ایردوآن کے مطابق یہ میزائل نظام آئندہ ماہ یعنی جولائی میں ترکی کو مل جائے گا۔ دوسری طرف امریکا نے ترک پائلٹوں کی ایف 35 طیارے اڑانے کی تربیت کا سلسلہ روک دیا ہے۔ امریکا کو خدشہ ہے کہ ماسکو کا فراہم کردہ میزائل نظام امریکا کے جدید ایف 35 طیاروں کی معلومات کی روس کو منتقلی کا سبب بن سکتا ہے۔ امریکا متنبہ کر چکا ہے کہ روسی میزائل نظام خریدنے کی صورت میں ترکی کو ایف 35 طیارے فراہم نہیں کیے جائیں گے۔

[pullquote]سعودی ایئرپورٹ پر حوثی باغیوں کے میزائل حملے کے بعد سعودی عرب کا ایران کو انتباہ[/pullquote]

سعودی عرب نے اپنے ایک ایئرپورٹ پر یمنی حوثی باغیوں کے میزائل حملے اور اس کے نتیجے میں 26 افراد کے زخمی ہونے کی ذمہ داری ایران پر عائد کرتے ہوئے ’سنگین نتائج‘ کی دھمکی دی ہے۔ سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بِن سلمان نے اپنی ایک ٹوئیٹ میں لکھا کہ ایرانی حکومت کی طرف سے براہ راست یا اپنی ملیشیا کے ذریعے جارحیت اور اشتعال انگیزی میں اضافے کے سنگین نتائج ہوں گے۔ یمنی باغیوں نے گزشتہ روز سعودی عرب کے معروف پہاڑی مقام ابہا کے ایئرپورٹ کو میزائل سے نشانہ بنایا تھا۔

[pullquote]امریکا کے ساتھ تعلقات، بد سے بد تر ہوتے جا رہے ہیں، پوٹن[/pullquote]

روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے مطابق ماسکو اور واشنگٹن کے تعلقات بد سے بد تر ہوتے جا رہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے ایک انٹرویو میں کہی جو آج جمعرات کو شائع ہوا ہے۔ پوٹن کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ روس کے خلاف درجنوں پابندیاں عائد کر چکی ہے۔ پوٹن کا یہ بیان رواں ماہ جاپان میں ہونے والے جی ٹونٹی سربراہی اجلاس سے قبل سامنے آیا ہے جس میں پوٹن کی اپنے امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ملاقات بھی متوقع ہے۔

[pullquote]سمندری طوفان وایو بھارتی ساحلوں تک پہنچ گیا[/pullquote]

ایک طاقتور سمندری طوفان وایو آج بھات کے مغربی ساحلی علاقے سے ٹکرانے والا ہے۔ رواں برس بھارتی ساحلوں سے ٹکرانے والا یہ دوسرا طاقتور طوفان ہے۔ حکام نے ساحلی علاقوں سے قریب تین لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے۔ بھارتی محکمہ موسمیات کے مطابق یہ طوفان آج سہ پہر کے بعد مغربی ریاست گجرات سے ٹکرائے گا۔ اس طوفان کے ساتھ 180 کلومیٹر فی گھنٹہ تک چلنے والی تیز ہوائیں بھی متوقع ہیں۔

[pullquote]افغانستان میں داعش، امریکا پر حملے کا ارادہ رکھتی ہے، میکنزی[/pullquote]

افغانستان میں امریکی جنگی کارروائیوں کے سربراہ جنرل فرینک میکنزی نے کہا ہے کہ افغانستان میں موجود دہشت گرد گروپ داعش کے حامی امریکا کو نشانہ بنانے کا ہدف رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تاہم امریکا کی طرف سے شمال مشرقی افغانستان میں انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں اس گروپ کے ایسے ارادوں کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔ میکنزی کے مطابق افغانستان میں داعش کے حجم میں تو کمی نہیں لائی جا سکی تاہم ان کے ارادوں کی راہ میں رکاوٹیں ضرور کھڑی کی گئی ہیں۔

[pullquote]اسرائیل کا غزہ پٹی میں فضائی حملہ[/pullquote]

اسرائیل نے غزہ پٹی کے علاقے میں حماس کی ایک زیر زمین سرنگ کو فضائی حملے کا نشانہ بنایا ہے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق یہ حملہ حماس کی طرف سے گزشتہ شب داغے گئے راکٹ حملوں کے جواب میں کیا گیا۔ ان حملوں کے نتیجے میں اطراف کی طرف سے کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

[pullquote]کریملن کے ناقد رہنما کی رہائی[/pullquote]

روسی حکام نے کریملن کے ناقد رہنما الیکسی ناوالنی کو رہا کر دیا ہے۔انہیں اور تقریباً چار سو دیگر مظاہرین کو گزشتہ روز ایک ایسی احتجاجی ریلی کے دوران حراست میں لیا گیا تھا، جو روسی حکام کے مطابق غیر قانونی طور پر منعقد کی گئی تھی۔ گرفتار شدگان میں صحافیوں کی بھی ایک بڑی تعداد تھی۔بتایا گیا ہے کہ اس احتجاجی ریلی کا انعقاد اہم راز افشا کرنے والے صحافی ایوان گولووف سے اظہار یکجہتی کے طور پر کیا گیا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے