جمعرات 11 جولائی 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]فرانس میں ڈیجیٹل ٹیکس کا قانون منظور[/pullquote]

فرانسیسی سینیٹ نے ڈیجیٹل ٹیکس کے قانون کی منظوری دے دی ہے۔ اس قانون کی رو سے ڈیجیٹل شعبے کی ان تمام کمپنیوں کو اپنی آمدنی پر تین فیصد ٹیکس دینا پڑے گا، جو فرانس میں سالانہ کم از کم 25لین یورو کا کاروبار کر رہی ہیں۔ ساتھ ہی اگر عالمی سطح پر کسی ڈیجیٹل کمپنی کا کاروباری حجم 750لین ڈالر ہے تو اسے بھی فرانس میں ٹیکس دینا پڑے گا۔ امریکا نے اس ٹیکس پر اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اس سے ممکنہ طور پر گوگل، ایمیزوں اور فیس بک جیسی بڑی امریکی کمپنیاں متاثر ہو سکتی ہیں۔

[pullquote]آبنائے ہر مز میں ایران نے ہمارے جہاز کا راستہ روکنے کی کوشش کی، برطانیہ[/pullquote]

لندن حکومت نے ایران پر ایک برطانوی بحری جہاز کا راستہ روکنے کی کوشش کا الزام عائد کیا ہے۔ برطانوی حکومت کے ترجمان نے آج جمعرات کو بتایا کہ تین ایرانی کشتیاں آبنائے ہرمز میں برٹش ہیرٹیج نامی تجارتی بحری جہاز کے راستے میں آئیں۔ ترجمان نے اسے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا۔ بتایا گیا ہے کہ برطانوی بحریہ کے ایک جہاز کے زبانی انتباہ کے بعد ایرانی کشتیاں واپس پلٹ گئیں۔ دوسری جانب پاسداران انقلاب ایران نے کسی برطانوی بحری جہاز کا راستہ روکنے کے الزام کو مسترد کر دیا ہے۔ برطانوی حکام نے تہران حکومت نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

[pullquote]بحیرہ جنوبی چین میں لاپتہ مچھیروں کو بچا لیا گیا[/pullquote]

بحیرہ جنوبی چین میں طوفانی موسم کی وجہ سے لاپتہ ہونے والے 32 مچھیروں کو بچا لیا گیا ہے۔ چینی سرکاری میڈیا کے مطابق تیز ہوا اور بلند لہروں کی وجہ سے مچھیروں کی کشتی نے ہنگامی امداد طلب کی تھی۔ بعد ازاں ان کا سیٹلائٹ رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔ اس موقع پر شک تھا کہ شاید ان کی کشتی ڈوب گئی ہے۔ تاہم چینی حکام کی ایک ہنگامی کارروائی میں انہیں بچا لیا گیا۔

[pullquote]جرمن اسلحہ کی فروخت میں اضافہ[/pullquote]

جرمن حکومت نے 2019ء کی پہلی ششماہی میں اربوں یورو کے اسلحے کی برآمدات کی منظوری دی ہے۔ حزب اختلاف کی گرین پارٹی کے مطابق ان معاہدوں کی مالیت 5.3 ارب بنتی ہے۔ گزشتہ تین برسوں کے دوران اس رجحان میں مسلسل کمی آ رہی تھی اور 2018ء میں یہ شرح 4.8 ارب یورو رہی تھی۔ جرمن عسکری سازو سامان کے اہم ترین خریداروں میں پہلے نمبر پر ہنگری پھر مصر اور جنوبی کوریا کا نمبر آتا ہے۔ جرمنی ہنگری کو اس برس 1.76 ارب یورو کا اسلحہ بیچے گا۔

[pullquote]ایغوروں کے مراکز بند کیے جائیں، بیس ممالک کے سفیروں کا مطالبہ[/pullquote]

بیس ممالک کے سفیروں نے ایک خط کے ذریعے چین سے ایغوروں کے حراستی مراکز فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس خط میں ایغور مسلم اقلیت کے ان مراکز کو تنقید کا نشانہ بنایا اور چین سے ملکی و بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کرنے کے ساتھ ساتھ انسانی حقوق کا احترام کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ بیجنگ حکومت نے صوبہ سنکیانگ میں ایغوروں کے لیے قائم ان مراکز کو تعلیمی اور تربیتی سینٹرز کا نام دیا ہے۔ یہ خط تحریر کرنے والے بیس ممالک میں آسٹریلیا، برطانیہ، کینیڈا، فرانس، جرمنی اور جاپان کے سفیروں کے بھی دستخط ہیں۔

[pullquote]ماسکو میں مظاہرہ کرنے والے تاتاری گرفتار[/pullquote]

روسی پولیس نے ماسکو میں سپریم کورٹ کے باہر مظاہرہ کرنے والے تاتاری مظاہرین کو حراست میں لے لیا ہے۔ مبصر تنظیموں نے بتایا کہ کریمیا سے تعلق رکھنے والے یہ تاتاری اپنے چار ساتھیوں کو دہشت گردی سے جڑے الزامات کے تحت دی جانے والی سزا کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔ ان کا موقف ہے کہ عدالت کی جانب سے دی گئی سزا غلط ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس دوران 40 سے زائد مظاہرین گرفتار کیے گئے ہیں۔ کریمیا میں رہنے والی تاتاری برادری زیادہ تر مسلم ہے اور یہ وہاں کی آبادی کا تقریباً 15 فیصد بنتے ہیں۔

[pullquote]شمالی یونان میں طوفان، کم از کم چھ ہلاکتیں[/pullquote]

یونان کے شمالی حصے میں آنے والے طوفان کے نتیجے میں کم از کم چھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ مقامی حکام کے مطابق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب چلنے والی طوفانی ہواؤں کی وجہ سے کم از کم ساٹھ افراد زخمی بھی ہوئے۔ مرنے والے تمام افراد سیاح تھے، جن کا تعلق چیک جمہوریہ، رومانیہ اور روس سے تھا۔ اس دوران بڑے پیمانے پر مالی نقصان بھی ہوا ہے۔ اس طوفان سے سیاحوں میں مقبول جزیرہ نما خالکیڈیکی سب سے زیادہ متاثر ہوا۔

[pullquote]شکر والے مشروبات سرطان کا خطرہ بڑھا دیتے ہیں[/pullquote]

شکر سے بھرپور مشروبات سے سرطان کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ آج جمعرات کو برطانوی میڈیکل جرنل میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق فرانس کے محققین نے اس جائزے میں شرکاء کو شکر اور مصنوعی مٹھاس والے مشروبات کے علاوہ تازہ پھلوں کے رس پلا کر ان کی طبی جانچ کی۔ نو سال کے عرصے کے بعد یہ نتیجہ نکلا کہ روزانہ ایک سو ملی لیٹر شوگر ڈرنکس پینے سے سرطان کے مرض میں مبتلا ہونے کا خطرہ اٹھارہ فیصد بڑھ جاتا ہے۔ اس جائزےمیں ایک لاکھ سے زائد بالغ افراد کو شامل کیا گیا اور ان میں خواتین بھی شامل تھیں۔

[pullquote]بڑے شہروں کو ماحولیاتی تبدیلیوں سے خود کو ہم آہنگ کرنا ہو گا، جائزہ[/pullquote]

دنیا کے بڑے شہروں کو ماحولیاتی تبدیلیوں سے خود کو ہم آہنگ کرنا ہو گا۔ زیورخ کے محققین کی ایک رپورٹ کے مطابق یورپی میٹروپولیٹن شہروں میں گرمیوں کے دوران موسم 3.5 ڈگری زیادہ ہوتا ہے جبکہ سردیوں میں 4.5 ڈگری زیادہ۔ اس رپورٹ میں مزید واضح کیا گیا کہ مستقل میں لندن کا موسم میڈرڈ جیسا ہو گا اور پیرس کو آسٹریلوی دارالحکومت کینبرا کی طرح کے موسمی حالات کا سامنا ہو گا۔

[pullquote]فرانسیسی ڈیجیٹل ٹیکس کا جائزہ لیا جائے، ڈونلڈ ٹرمپ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فرانس کی جانب سے مجوزہ ڈیجیٹل ٹیکس کا جائزہ لینے کا حکم دیا ہے۔ تجارتی امور کے امریکی نمائندے روبرٹ لائٹہائزر نے بتایا کہ ٹرمپ انتظامیہ بہت تشویش کا شکار ہے کہ اس ٹیکس کے ذریعے امریکی کمپنیوں کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ فرانسیسی پارلیمان نے گزشتہ ہفتے ڈیجیٹل ٹیکس کی منظوری دی تھی۔ اس سے ممکنہ طور پر گوگل، ایمیزوں اور فیس بک جیسی بڑی امریکی کمپنیاں متاثر ہو سکتی ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے