پیر : 15 جولائی 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]روس کی طرف سے ترکی کو S-400 میزائلوں کی فراہمی جاری[/pullquote]

روس کے دو مزید کارگو ہوائی جہاز ایس چار سو میزائل نظام لے کر ترک دارالحکومت انقرہ پہنچے ہیں۔ یہ بات ترک وزارت دفاع کی طرف سے بتائی گئی ہے۔ امریکا کو ترکی کی طرف سے روسی میزائل نظام خریدنے پر شدید تحفظات ہیں اور وہ ترکی کو اسی باعث اپنے جدید لڑاکا طیارے ایف پینتیس کی فروخت کا معاہدہ ختم کرنے کی دھمکی بھی دے چکا ہے۔ آج پیر مسلسل چوتھا دن ہے جب روسی طیارے ایس چار سو نظام ترکی پہنچا رہے ہیں۔

[pullquote]یمنی حریف گروپوں کی ملاقات[/pullquote]

یمن تنازعے کے حریف گزشتہ پانچ ماہ کے دوران پہلی مرتبہ یمنی بندرگاہی شہر الحدیدہ میں ملے ہیں۔ یمن کی بین الاقوامی تسلیم شدہ حکومت کے ایک ترجمان کے مطابق یہ ملاقات گزشتہ روز ایک امریکی بحری جہاز پر ہوئی۔ اس ملاقات کی سربراہی یمن کے لیے اقوام متحدہ کے مشن کے سربراہ نے کی۔ گزشتہ برس دسمبر میں طے پانے والے معاہدے کے مطابق حوثی باغیوں اور حکومت نے الحدیدہ سے اپنی اپنی فورسز نکال لینا تھیں تاہم اس کی راہ میں ابھی تک رکاوٹیں موجود ہیں۔

[pullquote]ترکی میں ناکام فوجی بغاوت کو تین برس[/pullquote]

ترکی میں ناکام فوجی بغاوت کو آج تین برس مکمل ہو گئے ہیں۔ اس موقع پر ترک دارالحکومت انقرہ میں خصوصی تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں۔ 15 جولائی 2016ء کو ہونے والی ناکام فوجی بغاوت کے نیتجے میں 251 افراد مارے گئے تھے جبکہ دو ہزار سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ ترکی اس بغاوت کی ذمہ داری مبلغ فتح اللہ گولن پر عائد کرتی ہے۔ تاہم امریکا میں جلاوطنی اختیار کیے ہوئے گولن اس کی تردید کرتے ہیں۔

[pullquote]فرانس میں ایک ٹرین ایک کار سے ٹکرانے کے نتیجے میں تین بچوں سمیت چار افراد ہلاک[/pullquote]

فرانس کے مشرقی حصے میں ایک ٹرین ایک کار سے ٹکرانے کے نتیجے میں تین بچوں سمیت چار افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ فرانس کے علاقے مارنے میں یہ ٹکر ایک پھاٹک پر ہوئی۔ اس حادثے کے نتیجے میں ٹرین میں سوار چار افراد زخمی بھی ہوئے۔

[pullquote]عمارت گرنے کے سبب 11 فوجی ہلاک[/pullquote]

بھارت کے شمالی حصے میں ایک تین منزلہ عمارت گرنے کے سبب گیارہ فوجیوں سمیت ایک درجن افراد ہلاک ہو گئے۔ بھارت میں قدرتی آفات سے نمٹنے والے محکمے کے مطابق ملبے تلے مزید دو سے تین افراد تک دبے ہو سکتے ہیں۔ بھارتی ریاست ہماچل پردیش میں یہ واقعہ گزشتہ روز پیش آیا۔ جب یہ عمارت گری اس وقت بھارتی فوجی اس کے پہلی منزل پر موجود ایک ریستوران میں پارٹی کر رہے تھے۔

[pullquote]تجارتی پابندیوں سے جاپان کو زیادہ نقصان ہو گا، جنوبی کوریا[/pullquote]

جنوبی کوریا کے صدر نے جاپان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ٹیکنالوجی سے متعلق جنوبی کوریائی اشیاء کی درآمد پر پابندیاں ختم کر دے۔ صدر مون جے اِن کے مطابق ان تجارتی پابندیوں سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعاون کو نقصان پہنچے گا۔ جنوبی کوریائی صدر نے الزام عائد کیا کہ جاپان ایک تاریخی تنازعے کے تناظر میں جنوبی کوریا کو سزا دینے کی کوشش کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان پابندیوں سے جنوبی کوریا کی نسبت جاپان کو زیادہ نقصان ہو گا۔ انہوں نے جاپانی پابندیوں کو ملک کی خود انحصاری بڑھانے کا ایک موقع پر بھی قرار دیا۔

[pullquote]جرمنی، فرانس اور برطانیہ کا ایران کے ساتھ جوہری معاہدے کے حوالے سے انتباہ[/pullquote]

تین اہم یورپی طاقتوں نے اس بات پر زور دیا ہے کہ علاقے میں تناؤ میں کمی لانے اور ایران کے جوہری پروگرام پر بات چیت بحال کرنے کی راہ تلاش کی جائے۔ فرانس کے قومی دن کے موقع پر جاری ہونے والے ایک مشترکہ بیان میں برطانیہ، جرمنی اور فرانس کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ایران کے ساتھ جوہری معاہدے کے خاتمے کو روکنے کے لیے ذمہ داری سے کام کیا جائے۔ ایرانی صدر حسن روحانی نے اتوار کے روز کہا کہ اگر واشنگٹن پابندیوں کا خاتمہ کرتا ہے اور 2015ء کے جوہری معاہدے پر واپس لوٹتا ہے تو تہران بات چیت کے لیے تیار ہے۔

[pullquote]بھارت نے چاند کے لیے بھیجا جانے والے مشن مؤخر کر دیا[/pullquote]

بھارتی خلائی تحقیقی ادارے نے چاند کے لیے بھیجا جانے والا اپنا دوسرا مشن روانگی کے وقت سے محض ایک گھنٹہ قبل مؤخر کر دیا۔ یہ مشن آج پیر کو علی الصبح روانہ ہونا تھا۔ انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن کی طرف سے اپنے ٹوئیٹر پیغام میں کہا گیا ہے کہ انتہائی احتیاط کے سبب چندریان ٹو مشن کو روک لیا گیا ہے۔ اس بارے میں مزید تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔ چندریان ٹو زمین سے نظر نہ آنے والے چاند کے حصے پر لینڈ کرے گا جہاں ایک روبوٹ گاڑی وہاں پانی کے ذخائر کا تجزیہ کرے گا۔

[pullquote]بھارت میں مون سون بارشوں اور سیلاب سے 51 ہلاک[/pullquote]

بھارت میں مون سون بارشوں اور سیلاب کے سبب کم از کم 51 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ حکام کے مطابق بدھ کے روز سے شروع ہونے والی ان بارشوں کے سبب 45 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ ہزارہا افراد بے گھر ہوئے۔ تازہ ترین واقعہ بھارت کی شمالی ریاست ہماچل پردیش میں پیش آیا جہاں ایک عمارت گرنے کے سبب چھ فوجی اور دو سویلین ہلاک ہوئے۔ سب سے زیادہ متاثرہ ریاست آسام ہے جہاں 26 لاکھ افراد متاثر ہوئے اور ہلاکتوں کی تعداد 11 ہے۔

[pullquote]کانگریس کی خواتین کو اپنے ملک واپس چلے جانا چاہیے، ٹرمپ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کانگریس پارٹی سے تعلق رکھنے والی ان چار خواتین کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے جو ٹرمپ کے طرز حکومت کی ناقد ہیں۔ ٹرمپ نے اپنے ایک ٹوئیٹر پیغام میں لکھا ہے کہ یہ خواتین ایسے ممالک سے آئی ہیں جو جرائم کی آماجگاہ ہیں اور جہاں کی حکومتیں نا اہل ہیں، اور یہ خواتین امریکا کو بتا رہی ہیں کہ یہاں کیسے حکومت کی جائے۔ ٹرمپ نے کسی کا نام تو نہیں لیا مگر بظاہر اس کا نشانہ غیر ملکی پس منظر رکھنے والی چار خواتین ہیں۔ ان میں سے محض ایک خاتون ایسی ہیں جو امریکا سے باہر پیدا ہوئیں۔

[pullquote]الجزائر کے میچ کے بعد شروع ہونے والے ہنگاموں کے بعد 282 افراد گرفتار[/pullquote]

فرانس میں ان ہنگاموں کے بعد 282 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے جو الجزائر کی ٹیم کے افریقا کپ فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچنے کے بعد شروع ہوئے۔ یہ بات فرانسیسی وزارت داخلہ کی طرف سے بتائی گئی ہے۔ الجزائر نے سیمی فائنل میں نائجیریا کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرا دیا تھا۔ اس کے بعد فرانس بھر میں جشن منانے کے دوران پرتشدد واقعات رونما ہوئے۔ جمعرات کے روز بھی آئیوری کوسٹ سے الجزائر کی فتح کے بعد شائقین نے پیرس کے مرکز میں کئی دکانوں کو لوٹا اور نقصان پہنچایا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے