منگل : 16 جولائی 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ایران جوہری ذمہ داریوں میں بتدریج کمی لائے گا، خامنہ ای[/pullquote]

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ جوہری ڈیل کے تحت عائد ذمہ داریوں میں بتدریج کمی لانے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ ایرانی سپریم لیڈر نے ڈیل کے یورپی پارٹنرز پر اپنی ذمہ داریاں پوری نہ کرنے کا الزام بھی لگایا۔ خامنہ ای کی ویب سائٹ پر جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ اس ڈیل میں یورپی ممالک نے گیارہ وعدے دیے تھے اور ان میں سے ایک بھی پورا نہیں کیا گیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اب ان پارٹنر ممالک نے اپنی کمٹ منٹس یا ذمہ داریوں میں بھی کمی لانا شروع کر دی ہے۔

[pullquote]یورپی کمیشن کے سربراہ کے انتخاب کے لیے ووٹنگ[/pullquote]

یورپی کمیشن کے نئے سربراہ کے انتخاب کے لیے آج یورپی پارلیمان میں ووٹنگ ہو رہی ہے۔ اس کمیشن کی صدارت کے لیے جرمن وزیر دفاع اُروزلا فان ڈیر لائن اہم امیدوار ہیں۔ اسٹراس برگ میں ووٹنگ سے قبل وہ پارلیمان میں خطاب بھی کریں گی۔ یہ انتخاب خفیہ ووٹنگ کے ذریعے ہو گا جس کے لیے شام چھ بجے کا وقت رکھا گیا ہے۔ یورپی پارلیمان کی کُل 747 نشتیں ہیں اور فان ڈیر لائن کو کامیابی کے لیے کم از کم 374 ووٹ درکار ہیں۔ نتیجہ کا اعلان مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے سات بجے متوقع ہے۔

[pullquote]ممبئی میں پرانی عمارت منہدم، دو ہلاک، درجنوں پھنس کر رہ گئے[/pullquote]

بھارت کے بندرگاہی شہر ممبئی میں ایک قدیمی چار منزلہ عمارت کے گرنے سے ابتدائی اطلاعات کے مطابق دو انسانی جانیں ضائع ہوئی ہیں اور چالیس کے قریب لوگ ملبے تک دب کر رہ گئے ہیں۔ امدادی ورکروں نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ منہدم ہونے والی عمارت ممبئی کے انتہائی گنجان آباد علاقے ڈونگری میں واقع ہے۔ تنگ گلیوں کی وجہ سے ڈونگری میں ملبہ ہٹانے والی بھاری اور بڑی مشینوں کا پہنچنا ناممکن ہے۔ اسی باعث ریسکیو ٹیموں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ عمارت سو سال پرانی تھی اور اس میں پندرہ خاندان آباد تھے۔

[pullquote]ترکی قبرصی علاقے میں تیل و گیس کی تلاش جاری رکھے گا[/pullquote]

ترکی نے کہا ہے کہ یورپی یونین کی فنڈنگ منقطع کرنے اور رابطہ کاری میں کمی لانے کے باوجود قبرصی سمندری علاقے میں تیل اور گیس کی تلاش جاری رکھی جائے گی۔ اس تنازعے کی وجہ سے یورپی یونین کے وزرائے خارجہ نے ترکی کے ساتھ ایئر ٹرانسپورٹ کے جامع معاہدے پر جاری مذاکرات کو معطل کر دیا ہے۔ اس دوران ترکی نے قبرصی سمندر میں تین بحری جہاز روانہ کر دیے ہیں اور چوتھا جلد روانہ کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ ترکی یورپی یونین کی رکن ریاست قبرص کے ساتھ سفارتی تعلقات نہیں رکھتا۔

[pullquote]جرمن حکومت کا فیس بک کی کرنسی پر تشویش[/pullquote]

جرمن حکومت اور مرکزی بینک نے فیس بک کی کرنسی لبرا کے متبادل کرنسی کے طور پر استعمال کے انسداد پر غور کرنا شروع کر دیا ہے۔ جرمن حکومت کے حوالے سے یہ رپورٹ اخبار بلڈ نے جاری کی ہے۔ اخبار کے مطابق وزارت خزانہ نے لبرا ڈیجیٹل کرنسی کے متعارف کرانے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ جرمن وزارت خزانہ نے اخباری رپورٹ پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔ فیس بک کے سربراہ مارک زوکربرگ نے رواں برس جون میں لبرا کرنسی کو متعارف کرایا تھا۔

[pullquote]ایران میں ایرانی نژاد فرانسیسی خاتون اسکالر گرفتار[/pullquote]

ایرانی حکومت نے ایک ایرانی نژاد فرانسیسی خاتون اسکالر فاریبہ عادل خواہ کو گرفتار کر لیا ہے۔ تہران حکومت نے گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے مزید تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔ ایرانی وزارت انصاف کے ترجمان کے مطابق عدالتی کارروائی شروع ہونے کے ساتھ ساتھ مزید معلومات عام کی جائیں گی۔ ساٹھ سالہ خاتون اسکالر انتھروپولوجسٹ یا ماہر بشریات ہیں۔ فرانسیسی صدر ایمانویل ماکروں نے ان کی گرفتاری پر تشویش ظاہر کی ہے۔ فرانسیسی وزارت خارجہ نے فاریبہ عادل خواہ کی گرفتاری کے حوالے سے تہران حکومت سے معلومات بھی طلب کی ہیں۔

[pullquote]تائیوان کو اسلحہ فراہم کرنے والی کمپنیوں پر پابندی لگا دیں گے، چین[/pullquote]

چینی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وہ اُن تمام امریکی کمپنیوں کے ساتھ اپنے کاروباری تعلقات ختم کر دے گا جو تائیوان کو اسلحہ فروخت کریں گی۔ بیجنگ نے اس فیصلے کے حوالے سے تاہم ممکنہ پابندی کا شکار ہونے والی امریکی اسلحہ ساز کمپنیوں کے ناموں کی تفصیل جاری نہیں کی ہے۔ یہ اعلان گزشتہ ہفتے امریکی محکمہٴ دفاع کی طرف سے تائیوان کو اسلحہ اور ہتھیار فروخت کرنے کی منظوری دیے جانے کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔ تائیوان کو اس ڈیل کے تحت میزائل اور ٹینک بھی فراہم کیے جائیں گے۔ چینی فیصلے سے بیجنگ اور واشنگٹن کے تعلقات میں مزید کشیدگی پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

[pullquote]ملائیشیا، یورپی یونین کی طرف سے پام تیل پر پابندی کے خلاف اپیل کرے گا[/pullquote]

ملائیشیائی حکومت نے کہا ہے کہ وہ یورپی یونین کی طرف سے پام تیل کی درآمد بتدریج ختم کرنے کے خلاف ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن میں اپیل دائر کرے گی۔ یورپی یونین نے فیصلہ کیا ہے کہ پام تیل کا بائیو ایندھن میں استعمال سن 2030 میں ختم کر دیا جائے گا۔ کوالالمپور حکومت نے واضح کیا ہے کہ عالمی تجارتی ادارے کے پاس اس پابندی کے خلاف اپیل رواں برس نومبر تک دائر کر دی جائے گی۔ یورپی یونین نے پام تیل کا خوراک اور کاسمیٹکس میں استعمال پہلے ہی ممنوع قرار دے رکھا ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ ملائیشیا دنیا میں انڈونیشیا کے بعد پام تیل کا برآمد کرنے والا دوسرا بڑا ملک ہے۔

[pullquote]ترکی نے جرمنی سے 184 ملین یورو کا اسلحہ خریدا[/pullquote]

ترکی نے رواں برس کے پہلے چار ماہ کے دوران جرمنی سے 184.1 ملین یورو کا اسلحہ درآمد کیا ہے۔ یہ بات جرمنی کی وفاقی وزارت اقتصادیات نے ایک رُکن پارلیمان کے سوال کے جواب میں بتائی۔ ان اعداد وشمار کے مطابق ترکی جرمنی سے ہتھیار خریدنے والا سب سے بڑا ملک ہے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ اس میں وہ ساز وسامان بھی شامل ہے جو ترکی میں تیار کی جانے والی چھ آبدوزوں کے لیے فراہم کیا گیا۔ یہ آبدوزیں جرمن کمپنی تھيسن کُرپ کے ساتھ مل کر تیار کی جا رہی ہیں۔

[pullquote]امریکی محکمہٴ دفاع کا گزشتہ سات ماہ میں تیسرا نگران وزیر[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ میں ایک نئے قائم مقام وزیر دفاع کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ نئے وزیر رچرڈ اسپنسر مقرر کیے گئے ہیں۔ ان سے قبل قائم مقام وزیر دفاع مارک ایسپر کو فارغ کر کے واپس فوج کے شعبے کی نگرانی سونپ دی گئی ہے۔ نئے نگران وزیر پینٹاگون میں بحریہ کے شعبے کے سربراہ ہیں۔ سات ماہ قبل جیمز میٹس نے وزیر دفاع کے منصب سے استعفیٰ دے دیا تھا اور اُن کے بعد ابھی تک ڈونلڈ ٹرمپ محکمہ دفاع کے لیے کوئی مستقل وزیر تعینات نہیں کر سکے ہیں۔ ٹرمپ نے اس منصب کے لیے مارک اسپنسر کا نام تجویز کر رکھا ہے لیکن ان کی توثیق سینٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی نے ابھی تک نہیں کی ہے۔

[pullquote]امریکا کی طرف سے سیاسی پناہ پر پابندیاں، اقوام متحدہ کو شدید تحفظات[/pullquote]

اقوام متحدہ کی مہاجرین سے متعلق ایجنسی نے امریکا کی طرف سے سیاسی پناہ پر پابندیوں اعلان پر اپنے ’شدید تحفظات‘ کا اظہار کیا ہے۔ یو این ایچ سی آر کے مطابق اس فیصلے سے خطرات کے شکار افراد مزید غیر محفوظ ہو جائیں گے۔ اس ایجنسی کی طرف سے یہ بیان ٹرمپ انتظامیہ کے اس اعلان کے بعد سامنے آیا جس میں کہا گیا تھا کہ وہ میکسیکو سرحد سے آنے والے زیادہ تر افراد کو سیاسی پناہ دینے کا سلسلہ ترک کر دے گی۔ امریکا میں یہ ضابطہ آج منگل سے جاری ہونے کا امکان ہے جس کی وجہ سے وسطی امریکا میں تشدد اور غربت سے تنگ آ کر امریکا کا رُخ کرنے والے زیادہ تر افراد متاثر ہوں گے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے