حکومت سے مذاکرات کامیاب، فلور ملز مالکان نے 3 روزہ ہڑتال کی کال واپس لے لی

لاہور: فلور ملز مالکان نے حکومت سے مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد آٹے پر سیلز ٹیکس کے خلاف ہڑتال کی کال واپس لے لی۔

پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے حکومت سے آٹے اور آٹے کی مصنوعات پر عائد جنرل سیلز ٹیکس کے خاتمے کا مطالبہ کیا تھا لیکن حکومت کی جانب سے سیلز ٹیکس کے خاتمے سے انکار پر ملز مالکان نے آج سے تین روزہ ہڑتال کا اعلان کر رکھا تھا۔

اب حکومت کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد فلوز ملز مالکان نے تین روزہ ہڑتال کی کال واپس لے لی ہے۔

پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے گروپ لیڈر عاصم رضا احمد نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، جہانگیر ترین اور چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے مذاکرات میں مثبت کردار ادا کیا جس پر ان کے شکر گزار ہیں۔

ادھر فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر قانونی وضاحتی خط جاری کیا ہے جس کے مطابق آٹے اور چوکر پر عائد 17 فیصد سیلز ٹیکس کا خاتمہ کر دیا گیا ہے۔

قانونی وضاحت کے مطابق آٹا، میدہ اور فائن کی کسی بھی پیکنگ یا اوپن فروخت پر سیلز ٹیکس عائد نہیں ہو گا تاہم اعلامیے میں چوکر پر سیلز ٹیکس عائد ہونے کے حوالے سے کوئی وضاحت نہیں کی گئی ہے۔

فلور ملز مالکان کی جانب سے چوکر پر عائد سیلز ٹیکس بھی واپس لینے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

فلور ملز مالکان کا کہنا ہے کہ چوکر پر سیلز ٹیکس ختم نہ کیا گیا تو 20 کلو آٹے کا تھیلا 15 روپے تک مہنگا ہو سکتا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے