جمعہ المبارک : 19 جولائی 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]بھارت میں گائے کے محافظوں نے تین افراد ہلاک کر دیے[/pullquote]

بھارت کی مشرقی ریاست بہار کے ایک گاؤں میں ’گاؤ ماتا‘ کے محافظین نے تین افراد کو مویشی چوری کے الزام میں تشدد کر کے ہلاک کر دیا جبکہ چوتھے شخحص کی حالت انتہائی نازک ہے۔ ہلاک ہونے والے افراد ایک ٹرک میں مویشی لاد کر جا رہے تھے کہ گاؤں کے لوگوں نے انہیں روک لیا اور گایوں کی چوری کے الزام میں اُن پر حملہ کر دیا۔ پولیس نے تین افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ مقتولین کے گاؤں کے لوگوں نے ہسپتال کے باہر مظاہرہ بھی کیا۔ سن 2015 سے لے کر اب تک چوالیس افراد گائے کے تحفظ کے نام پر ہلاک کیے جا چکے ہیں۔

[pullquote]روس اور یوکرائن کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کی کوششیں[/pullquote]

یوکرائن کے صدر نے اُس تجویز کی حمایت کی ہے، جس کے تحت ایک روسی صحافی کے بدلے میں ماسکو حکومت یوکرائنی فلمی ہدایتکار کو رہائی دے گی۔ اس تجویز کو قابل عمل بنانے کے لیے دونوں ملکوں کے انسانی حقوق کے محتسبوں کے درمیان رابطہ کاری جاری ہے۔ اس معاملے پر یوکرائنی صدرولودومیر ژیلینسکی اور اُن کے روسی ہم منصب ولادیمیر پوٹن کے درمیان بات چیت بھی ہو چکی ہے۔ خیال ہے کہ اگر قیدیوں کی تجویز پر عمل ہو جاتا ہے تو صدر ژیلینسکی کو اتوار کے پارلیمانی الیکشن میں بھاری عوامی تائید حاصل ہو سکتی ہے۔

[pullquote]جرمنی: دہشت گردانہ حملوں کی منصوبہ بندی کے الزام میں تین مشتبہ افراد گرفتار[/pullquote]

جرمن پولیس نے مغربی وفاقی ریاست نارتھ رائن ویسٹ فیلیا میں چھاپے مار کر تین افراد کو دہشت گردانہ حملوں کی منصوبہ بندی کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ہونے والوں میں دو افراد پہلے ہی خطرناک جہادیوں کے طور پر پولیس کی نگرانی میں تھے۔ تیسرا گرفتار ہونے والا جرمن شہری ہے اور اس نے مذہب تبدیل کر رکھا ہے۔ پولیس نے کولون اور نواحی علاقوں کے سات مقامات پر جمعرات اٹھارہ جولائی کو چھاپے مار کر چھ افراد کو پابند کیا تھا۔ تین افراد کو ابتدائی چھان بین کے بعد جانے کی اجازت دے دی گئی تھی۔

[pullquote]سربرینٹسا قتل عام، ہالینڈ پر جزوی ذمہ داری عائد ہوتی ہے، ڈچ سپریم کورٹ[/pullquote]

ہالینڈ کی سپریم کورٹ نے ماتحت عدالت کے اُس فیصلے کو بحال رکھا ہے، جس میں سربرینٹسا قتل عام کی جزوی ذمہ داری ہالینڈ پر عائد کی گئی ہے۔ عدالتی فیصلے کے مطابق اقوام متحدہ کی فوج میں شامل ڈچ فوجیوں نے سن 1995 میں 350 مسلمانوں کو انتہائی خطرناک حالات میں بوسنیئن سرب فورسز کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا تھا۔ ہالینڈ کی عدالت میں سربرینٹسا قتل عام کے حوالے سے ایک اپیل ’دی مدرز آف سربرینٹسا‘ نامی تنظیم کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔ اس اپیل میں ہالینڈ کی حکومت سے ہرجانہ طلب کیا گیا ہے۔ ڈچ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ اپیل کنندگان کو ایک محدود ہرجانہ وصول کرنے کا حق حاصل ہے۔

[pullquote]مون سون کی بارشیں، بنگلہ دیش کے دریاؤں میں شدید طغیانی[/pullquote]

بنگلہ دیش کے دریاؤں میں آئے سیلابوں سے کم از کم چار لاکھ افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔ حکام نے صورت حال کو انتہائی تشویشناک قرار دیا ہے۔ موسلادھار بارشوں کے بعد ندیوں، نالوں اور دریاؤں میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو چکی ہے۔ سیلابی ریلوں کا پھیلاؤ مختلف علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لیتا جا رہا ہے۔ بنگلہ دیش کے شمال اور شمال مغربی حصے کے تیئیس اضلاع کو سیلابی صورت حال کا سامنا ہے۔ اب تک مختلف علاقوں میں 30 انسانی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ ڈھاکا حکومت نے ایک ہزار کے قریب عارضی پناہ گاہیں قائم کر دی ہیں۔ بھارت اور نیپال میں بھی مون سون کی بارشوں نے تباہی پھیلا رکھی ہے۔

[pullquote]ایرانی ٹینکر کو روکے رکھنے میں تیس دن کی توسیع[/pullquote]

جبرالٹر کی سپریم کورٹ نے روکے گئے ایرانی آئل ٹینکر کو مزید 30 دن تک ساحل چھوڑنے سے روک دیا ہے۔ گریس ون نامی آئل ٹینکر اکیس ملین بیرل تیل لے کر جا رہا تھا کہ اُسے برطانوی بحریہ نے روک لیا۔ یہ چار جولائی سے جبرالٹر کی بندرگاہ پر لنگر انداز ہے۔ اس کے عملے کے چاروں افراد کو پولیس نے بغیر کوئی فرد جرم عائد کیے رہا کر دیا تھا۔ جبرالٹر کے چیف منسٹر نے کہا ہے کہ اس معاملے میں ایرانی حکام کے ساتھ رابطہ استوار ہے اور ضروری قانونی پیچیدگیوں کو حل کرنے کے بعد ٹینکر کو آزاد کر دیا جائے گا۔

[pullquote]ایرانی ڈرون مار گرایا، امریکی دعویٰ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق ایک امریکی جنگی بحری جہاز نے ایک ایرانی ڈرون مار گرایا ہے۔ اس بیان میں ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ ایران جارحانہ اقدامات سے گریز نہیں کر رہا۔ امریکی محکمہٴ دفاع کے مطابق ایرانی ڈرون جمعرات کو مقامی وقت کے مطابق دس بجے گرایا گیا تھا۔ دوسری جانب ایران کے نائب وزیر خارجہ عباس عراقچی نے واضح کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں ایران کا کوئی ڈرون نہیں گرایا گیا۔ نیویارک پہنچے ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے بھی ڈرون گرائے جانے سے لاعلمی کا اظہار کیا۔ ایران نے بیس جون کو ایک امریکی ڈرون مار گرایا تھا۔

[pullquote]کابل یونیورسٹی کے باہر زوردار دھماکا، نصف درجن سے زائد ہلاکتیں[/pullquote]

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں واقع یونیورسٹی کے باہر ہونے والے زوردار دھماکے کی وجہ سے کم از کم آٹھ افراد ہلاک اور ستائیس زخمی ہوئے ہیں۔ انتظامی و طبی حلقوں نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ ابھی تک کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ یہ بھی ابھی واضح نہیں کہ یہ خودکش حملہ تھا یا کوئی نصب شدہ بم پھٹا ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ حالیہ مہینوں کے دوران کابل یونیورسٹی کے دو پروفیسروں کو عسکریت پسند گروپ ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے ساتھ رابطوں کے تناظر میں گرفتار کیا جا چکا ہے۔ طالبان کے ترجمان نے اس حملے سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔

[pullquote]ہانگ کانگ کے مظاہرین کو سیاسی پناہ دینے پر غور ہو سکتا ہے، تائیوان[/pullquote]

تائیوانی صدر سائی اِنگ وین نے کہا ہے کہ ہانگ کانگ کے جمہوریت نواز مظاہرین کو انسانی بنیادوں پر سیاسی پناہ دینے پر غور ممکن ہے۔ انہوں نے ہانگ کانگ کی حکومت سے بھی کہا کہ وہ مظاہرین کے خدشات کا ازالہ کرے۔ خاتون صدر نے یہ بیان کیریبیئن جزائر کے دورے کی آخری منزل سینٹ لُوسیا میں دیا۔ دوسری جانب تائیوان کی ملکی امور کی کونسل نے اس مناسبت سے ہانگ کانگ کے مظاہرین کی جانب سے سیاسی پناہ حاصل کرنے کے رابطوں کی تصدیق کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ کونسل نے مزید وضاحت کی کہ اگر کوئی سیاسی پناہ کی درخواست دی گئی تو یہ متعلقہ ادارہ ملکی قانون کے مطابق فیصلہ کرے گا۔

[pullquote]آسٹریلین شہری کی چین میں حراست پریشان کن ہے، آسٹریلیا[/pullquote]

آسٹریلوی حکومت نے اپنے ایک بیان میں اپنے ایک شہری کی چین میں گرفتاری پر شدید مایوسی اور پریشانی کا اظہار کیا ہے۔ کینبرا حکومت کے مطابق آسٹریلوی شہری کو بظاہر فوجداری الزامات کے تحت حراست میں لیا گیا ہے۔ بیان کے مطابق گرفتار ہونے والا چینی نژاد آسٹریلوی مصنف ہے اور اس کی گرفتاری ان کے سیاسی نظریات کے تناظر میں کی گئی ہے۔ آسٹریلیا کی وزیر خارجہ ماریسے پائن نے یانگ ہینجون کی جلد رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ہینجون کو بیجنگ حکومت نے رواں برس جنوری سے قومی سلامتی کے خدشات کے تناظر میں گرفتار کر رکھا ہے۔

[pullquote]خام تیل کی قیمت میں بے پناہ اضافے کا امکان نہیں، انرجی ایجنسی[/pullquote]

انٹرنیشنل انرجی ایجنسی نے واضح کیا ہے کہ عالمی سطح پر آئندہ مہینوں میں خام تیل کی قیمت میں بے پناہ اضافے کا خدشہ موجود نہیں۔ ایجنسی کے مطابق اس وقت خام تیل کی کھپت میں بتدریج کمی واقع ہو رہی ہے اور یہی پہلو خام تیل کی فی بیرل قیمت میں اضافے میں بڑی رکاوٹ ہے۔ انٹرنیشنل انرجی ایجنسی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے یہ بھی کہا کہ بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کے استعمال میں اضافہ بظاہر عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں کمی کا باعث نہیں بن سکتا۔ ایجنسی نے سن 2019 میں عالمی معاشی صورت حال میں سست روی پیدا ہونے کے تناظر میں خام تیل کی طلب میں کمی کا اندازہ لگایا ہے۔

[pullquote]جاپان اور جنوبی کوریا میں تجارتی تنازعہ شدت اختیار کرتا ہوا[/pullquote]

جنوبی کوریائی عوام نے ملک میں جاپانی بیئر کی کمیابی پر ناراضی کا اظہار کیا ہے۔ اس وقت جنوبی کوریا اور جاپان کے مابین تجارتی معاملات پر کشیدگی پائی جاتی ہے اور یہ روز بروز شدید ہوتی جا رہی ہے۔ جنوبی کوریا میں جاپانی بیئر کی دستیابی میں پچیس فیصد تک کمی ہو چکی ہے۔ تجارتی تنازعے میں کمی لانے کے حوالے سے دونوں ملکوں کے اعلیٰ اہلکار بات چیت کا سلسلہ بھی جاری رکھے ہوئے ہیں لیکن تاحال اس میں پیش رفت نہیں ہو سکی ہے۔ چند روز قبل سیئول نے جاپانی کی صنعت پر انحصار کم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے