شادی کے چند روز بعد ہی اہلیہ کے جھوٹ سامنے آنے لگے تھے: اداکار محسن عباس

لاہور: اداکار و میزبان محسن عباس حیدر نے اہلیہ کے الزامات کے بعد پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ شادی کے چند روز بعد ہی ان کے جھوٹ سامنے آنے لگے تھے اور ایسے جھوٹ بھی سامنے آئے وہ مجھے کہیں کا بتا کر کہیں اور چلی جاتی تھیں۔

اداکار اور میزبان محسن عباس کی اہلیہ فاطمہ سہیل نے شوہر پر تشدد اور بےوفائی کا الزام عائد کرتے ہوئے زخموں والی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی تھیں۔

اس حوالے سے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اداکار محسن عباس کا کہنا تھا کہ میں ایسے گھرانے سے تعلق رکھتا ہوں جہاں خواتین کی عزت کی جاتی ہے۔

انہوں نے اہلیہ کے الزامات سے متعلق کہا کہ شادی کے چند ماہ بعد ہم دونوں کو احساس ہوگیا تھا یہ شادی نہیں ہونی چاہیے تھی، شادی کے چند روز بعد ہی ان کے جھوٹ سامنے آنے لگے تھے، ایسے جھوٹ بھی سامنے آئے وہ مجھے کہیں کا بتا کر کہیں اور چلی جاتی تھیں۔

محسن عباس نے دعویٰ کیا کہ فاطمہ سہیل کے والد بھی اس کے گواہ ہیں اور وہ اپنی بیٹی کا جھوٹ پکڑے جانے پر مجھےکہتے کہ بیٹا ایک گناہ تو خدا بھی معاف کردیتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فاطمہ کو غلط بیانی کرنے اور جھوٹ بولنے کی عادت تھی، میں نے کبھی اپنی ذاتی زندگی کو میڈیا پر نہیں اچھالا، ان کی طرف سے اکثر یہ حرکتیں ہوتی رہتی تھیں۔

محسن عباس نے کہا کہ 4 سال کی شادی میں ہم میاں بیوی ایک سال ہی ساتھ رہے ہیں اور اب ہمارے درمیان تقریباً 6 ماہ سے علیحدگی ہوچکی ہے۔

پیسے مانگنے سے متعلق سوال پر ان کا کہنا ہے کہ انھوں نے الزام لگایا کہ میں نےان کے باپ سے ایک کروڑ لانے کی دھمکی دی، میں نے آج تک کاروبار نہیں کیا تو کاروبار کے لیے پیسے کیوں مانگوں گا؟ اگر انہوں نے مجھے 50 لاکھ روپے دیے تھے تو اس کا کوئی ثبوت ہوگا۔

اداکار کے مطابق انہوں نے الزام لگایا ہے کہ میں اپنے بیٹے کی ذمہ داریوں سے بھاگ رہا ہوں، ایسا نہیں ہے کیوں کہ بچے کی پیدائش پر اسپتال کے تمام اخراجات میں نے ادا کیے جس کے بل بھی میرے پاس ہیں، میں علیحدگی کے بعد فاطمہ کو اور بچوں کے لیے ماہانہ خرچہ دیتا ہوں۔

محسن عباس کا کہنا تھا کہ فاطمہ نے جو تصاویر شیئر کی ہیں وہ 2018 کی ہیں اور یہ تصاویر سیڑھیوں سے پھسل کر گرنے کے بعد کی ہیں، جہاں انہوں درخواست دی ہے وہ تھانہ ان کو بلا رہا ہے لیکن وہ وہاں پیش نہیں ہورہیں، میں تھانے سے ہوکر آرہا ہوں اور اپنا بیان ریکارڈ کرالیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شادی کے 4 سالوں میں سے 3 سال میں نے سارے مسائل کا خود سامنا کیا لیکن میں نے اپنی فیملی سے بات کرکے دوسری شادی کا فیصلہ کیا اور جب میں نے یہ بات فاطمہ سہیل سے کی تو وہ بھڑک گئیں۔

کا کہنا ہے کہ میرا سوشل میڈیا اکاؤنٹ ہیک کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، میرے فیس بک اکاؤنٹ سے جو کچھ بھی ہورہا ہے وہ میں نہیں کررہا، فاطمہ سہیل گزشتہ 6 ماہ سے اپنی والدہ کے گھر ہیں، بچے کی پیدائش کے بعد میں نے طلاق دینے کا فیصلہ واپس لے لیا لیکن اب ساتھ رہنے کا کوئی جواز نہیں بچا اور طلاق ہی آخری حل نظر آتا ہے۔

یاد رہے کہ اداکار کی اہلیہ فاطمہ نے سوشل میڈیا پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ زبانی اور جسمانی تشدد بہت سہہ لیا، طلاق کی دھمکیاں بھی بہت برداشت کر لیں، سچ بتا دیا، ثبوت پیش کر دیئے، اب محسن عباس سے عدالت میں ملاقات ہوگی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے