نواز شریف کی جیل سے اے سی اتارنے پر شہباز شریف کا چیف سیکریٹری کو خط

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی جیل سے اے سی اتارنے کے حکومت پنجاب کے فیصلے کو میڈیکل بورڈ کی سفارشات کی خلاف ورزی قرار دیدیا۔

وزیراعظم عمران خان نے دورہ امریکا میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب میں کہا تھا کہ پاکستان واپس جا کر جیلوں سے اے سی اور ٹی وی نکلواؤں گا۔

عمران خان کا کہنا تھاکہ جیلوں سے اے سی اور ٹی وی نکلوانے کے فیصلے پر مریم بی بی بہت شور مچائیں گی مگر جس طرح یہ لوگ جیلوں میں رہ رہے ہیں یہ سزا تو نہ ہوئی کہ آپ اے سی میں رہ رہے ہوں اور آپ کو ٹی وی اور اخبار کی سہولت بھی حاصل ہو۔
وزیراعظم عمران خان کے بیان پر مسلم لیگ ن نے شدید تنقید کی تھی جب کہ سابق صدر آصف زرداری نے کہا تھا کہ وزیراعظم کو بتا دو کہ ہم تو بیرکوں میں رہنے کے عادی ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ جیلوں سے اے سی نکلوانے کا فیصلہ پنجاب حکومت کو کرنا ہے۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے نواز شریف کی جیل سے اے سی اتارے جانے کے معاملے پر چیف سیکریٹری پنجاب کو خط لکھا۔

شہباز شریف نے سیکریٹری پنجاب کو لکھا کہ پنجاب حکومت نے آئی جی جیل خانہ جات کو خط لکھ کر اے سی اتارنے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے خط میں لکھا کہ نواز شریف کی جیل سے اے سی اتارنے کا خط میڈیکل بورڈ کی سفارشات کی خلاف ورزی ہے۔

صدر مسلم لیگ ن نے سیکریٹری پنجاب کو لکھا کہ آپ کی توجہ پنجاب حکومت کے تشکیل کردہ بورڈ کی سفارشات کی جانب مبذول کرانا چاہتا ہوں۔

ان کا خط میں کہنا تھا کہ میڈیکل بورڈ کی سفارش ہے کہ نوازشریف کو مناسب درجہ حرارت والے کمرے میں رکھا جائے۔

شہباز شریف نے لکھا کہ نواز شریف کی جیل سے اے سی اتارنے کا اقدام وزیراعظم کی خواہش کے مطابق کیا گیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے